پاکستانی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات تک نئی حکومت کو تسلیم نہ کریں، امریکی اراکینِ کانگرس کا صدر بائیڈن کو خط

امریکہ میں دو درجن سے زائد اراکینِ کانگرس نے صدر بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کو اس وقت تک تسلیم نہ کریں جب تک انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات نہ ہو جائیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے بلوچستان کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے سرفراز بگٹی کے نام کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ن لیگ کے ایاز صادق قومی اسمبلی کے تیسری بار سپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا کا انتخاب آج ہوگا

    خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیرِ اعلٰی کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا۔

    سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کو وزیرِ اعلٰی کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ان کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ ن کے عباداللہ خان سے ہے۔

    X پوسٹ نظرانداز کریں
    X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

    اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

    تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

    X پوسٹ کا اختتام

  2. ڈپٹی کمشنر اسلام آباد توہینِ عدالت کے مرتکب قرار، 6 ماہ قید کی سزا, شہزاد ملک

    ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل داِر کی جائے گی

    ،تصویر کا ذریعہDC ISLAMABAD

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

    عدالت نے اس مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان، ایس ایس پی آپریشن اور ایس ایچ او مارگلہ کو بالترتیب چار ماہ اور دو ماہ قید کی سزا سنائی ہے جبکہ ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ دوسری جانب، ایس پی صدر کو اس مقدمے سے بری کردیا گیا ہے۔

    تاہم، عدالت نے یہ فیصلہ سناتے ہی اس کو معطل بھی کردیا اور کہا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد ایک ماہ کے اندر اندر اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ڈی سی اسلام آباد کی اپیل منظور ہو جاتی ہے تو پھر یہ فیصلہ ختم ہو جائے گا۔ جسٹس ستار کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اگر اپیل منظور نہیں ہوتی تو پھر مجرم کو جیل جانے کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانے کی رقم بھی ادا کرنا ہوگی۔

    یاد رہے کہ ڈی سی اسلام آباد کے خلاف عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کے رہنما شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لینے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔

    عدالت نے فیصلے کی کاپی وزیرِاعظم کو بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔

    فیصلہ کے وقت ڈی سی اسلام آباد عدالت میں موجود تھے۔

    توہینِ عدالت کے مقدمے میں ڈی سی اسلام آباد نے غیر مشروط معافی مانگی تھی جسے عدالت نے منظور نہیں کیا تھا اور ان پر گزشتہ مہینے فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    عدالت کے باہر بات کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل داِر کی جائے گی۔

  3. وزیرِ اعلٰی بلوچستان کے لیے کاغذاتِ نامزدگی آج جمع کروائے جائیں گے

    بلوچستان اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی آج شام پانچ بجے تک جمع کراوئے جاسکتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سنیچر کے روز 11 بجے ہوگا۔

    پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان طے پائے جانے والے حکومت سازی کے فارمولے کے تحت وزیر اعلیٰ کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہوگا۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے نام کا اعلان آج متوقع ہے۔

  4. نگران حکومت نے پیٹرول 4 روپے مہنگا کر دیا

    کستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 دن بعد نظر ثانی کی جاتی ہے

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جمعرات کے روز، نگراں حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 4.13 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 279.75 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

    فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 287.33 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت ایک روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 190 روپے ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب، لائٹ ڈیزل آئل ایک روپے 14 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 170 روپے 30 پیسے ہوگئی ہے۔

    پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 دن بعد نظر ثانی کی جاتی ہے۔

  5. قومی اسمبلی کے سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہو گا

    سپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں، جو منظور کر لیے گئے ہیں

    ،تصویر کا ذریعہNational Assembly of Pakistan

    پاکستان کی قومی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہوگا۔

    جمعرات کے روز، سپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق اور پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے، جنھیں منظور کر لیا گیا۔

    جبکہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ اور پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار جنید اکبر مدِ مقابل ہوں گے۔

  6. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    گذشتہ روز کی کچھ اہم خبروں کا خلاصہ:

    • جمعرات کے روز، قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر 302 نو منتخب ارکانِ قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
    • قومی اسمبلی پاکستان کے نئے وزیرِ اعظم کا انتخاب 3 مارچ کو کرے گی۔ قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ سے جاری نوٹیفیکیشن کے وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے امیدواران کو کاغذات نامزدگی 2 مارچ تک جمع کرواسکتے ہیں۔
    • نگراں حکومت نے جمعرات کو پیٹرول کی قیمت میں 4.13 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا۔ آضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 279.75 روپے ہو گئی ہے۔
    • قومی اسمبلی اجلاس اور حکومت سازی میں پیشرفت کے بعد جمعرات کے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ سٹاک مارکیٹ انڈیکس 1050 پوائنٹس اضافے کے بعد 64756 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
  7. ’29 گھنٹے لگاتار بارش‘ بلوچستان کے ضلع گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا، اس غیر معمولی بارش کی وجہ کیا بنی؟

  8. القادر ٹرسٹ کرپشن کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف چارج شیٹ کی تفصیلات منظرِعام پر, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر جو فردِ جرم عائد کی گئی ہے اس کے نکات سامنے آگئے ہیں اور یہ نکات نیب کی طرف سے اس مقدمے میں کی جانے والی تفتیش کی روشنی میں بنائے گئے ہیں۔

    چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل 2019 میں القادر یونیورسٹی کا کوئی وجود نہیں تھا اور برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پاؤنڈ کا سراغ لگایا۔ لیکن یہ رقم پاکستان منتقل ہونے سے قبل اثاثہ ریکوری یونٹ کے سربراہمرزا شہزاد اکبر نے پراپرٹی ٹائیکون سے خفیہ معاہدہ کیا۔

    ملزمان پر لگائی گئی فردِ جرم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروانے کے بجائے اس مقدمے میں اشتہاری ملزمان اور بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض اور احمد علی ریاض کی ایما سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اکاونٹس میں جمع کروائی گئی۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابقبحریہ ٹاؤن کراچی کے معاملے پر یہ رقم ان پر واجب الاادا تھی اور اس رقم کو اس اکاونٹ میں ایڈجسٹ کروایا گیا۔

    اس چارج شیٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 3 دسمبر 2019 کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یہ معاملہ ایڈشنل ایجنڈے میں شامل کیا گیا اور کابینہ کے ارکان سے مخفی رکھتے ہوئے اس پر ان کیمرہ بریفنگ لی گئی۔

    اس چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہسابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان رولز آف بزنس 1973 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

    اس چارج شیٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہزاد اکبر نے 6 دسمبر 2019 کو نیشنل کرائم ایجنسی کے رازداری ڈیڈ پر دستخط کیے۔

    چارج شیٹ کے مطابق عمران خان نے بطور وزیر اعظمالقادر ٹرسٹ کو اپنے اثر و رسوخ سے کابینہ میں منظور کروایا جبکہ سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 24 مارچ 2021 کو بطور ٹرسٹی دستاویزات پر دستخط کرکے ملزم عمران خان کی مدد کی۔

    اس چارج شیٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس مقدمے میں اشتہاری قرار دیے جانے والے ملک ریاض حسین کو یہ فیور دینے کے بعد ملزم نمبر ایک یعنی عمران خان کوالقادر ٹرسٹ کا بانی مقرر کیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس مقدمے میں 6 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے جن میں مرزا شہزاد اکبر، زلفی بخاری، ملک ریاض حسین، احمد علی ریاض، فرحت شہزادی اور ضیا المصطفی شامل ہیں۔

    ملزمان عمران خان اور بشریٰ بی بی پر 27 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    اس مقدمے میں استغاثہ کی جانب سے 58 گواہان کی فہرست اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کی گئی ہے جس میں سے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 6 مارچ کو پانچ گواہان کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

  9. مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن میں بیٹھنے، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعظم کےانتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

    مولانا فضل الرحمان، جمعیت علما اسلام، قومی اسمبلی

    ،تصویر کا ذریعہJUIF

    جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور ان کے دیگر اراکینِ اسمبلی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھیں گے۔

    جمعرات کو قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ وہ قومی اسمبلی میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیرِ اعظم کے انتخابات کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’جس پارلیمنٹ کا نتیجہ عوام کے ہاتھ میں نہ ہو بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ میں ہو، ہمارا کوئی حق نہیں ہے کہ ہم اس پارلیمنٹ کا حصہ ہوں۔‘

    ’ہم اس پارلیمنٹ کو عوام کا نمائندہ کم اور اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ زیادہ مانتے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ کی اگلی کسی کارروائی کا حصہ نہیں بنے گی۔

  10. قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس’کون بچائے گا پاکستان، چور چور اور قیدی نمبر 804‘ کے نعروں کی نذر

  11. شہباز شریف بمقابلہ عمر ایوب: پاکستان کے نئے وزیرِاعظم کا انتخاب 3 مارچ کو ہوگا

    پاکستان کے نومنتخب اراکینِ اسمبلی اتوار تین مارچ کو ملک کے نئے وزیرِاعظم کا انتخاب کریں گے۔

    جمعرات کو قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ سے جاری نوٹیفیکیشن میں لکھا گیا ہے کہ اتوار کو منعقد ہونے والے اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی ایک مسلمان رُکن کو بطور وزیرِاعظم منتخب کریں گے۔

    قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے امیدواران کو کاغذات نازمزدگی 2 مارچ تک جمع کروانے ہوں گے اور ان کی جانچ پڑتال بھی اسی دن تین بجے ہو گی۔

    خیال رہے پاکستان مسلم لیگ ن نے وزارتِ اعظمیٰ کے منصب کے لیے شہباز شریف کے نام کا اعلان کیا ہے جنھیں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

    دوسری جانب ان کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے عمر ایوب کے نام کا اعلان کیا ہے جو کہ سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار ہوں گے۔

    پاکستان کا وزیرِاعظم بننے کے لیے امیدواروں کو قومی اسمبلی میں کم سے کم 169 ووٹ درکار ہوں گے۔

  12. سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب: قومی اسمبلی میں کاغذاتِ نامزدگی منظور، الیکشن جمعے کو

    پاکستان کی قومی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے ہیں۔

    جمعرات کو سپیکر کے عہدے پر انتخاب لڑنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق اور پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں جنھیں منظور کر لیا ہے۔

    جبکہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ اور پاکستان تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے سُنّی اتحاد کونسل کے امیدوار جنید اکبر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔

    قومی اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب بروز جمعہ یک مارچ کو ہوگا۔

    جمعرات کو قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں 302 اراکین نے حلف اُٹھایا ہے۔

  13. ایف آئی اے کی حراست میں یوٹیوبر اسد علی طور 36 گھنٹوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں: وکلا

    اسد علی طور، پاکستان، ایف آئی اے، صحافی، یوٹیوبر

    ،تصویر کا ذریعہScreenshot: YouTube/Asad Toor Uncensored

    عدالتی حکم پر پانچ روزہ ریمانڈ پر پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی حراست میں موجود یوٹیوبر اسد علی طور کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان کے موکل بھوک ہڑتال پر ہیں۔

    جمعرات کو اسلام آباد میں ایف آئی اے کے دفتر کے باہر بات کرتے ہوئے اسد علی طور کی وکیل ایمان حاضر مزاری کا کہنا تھا کہ ’عدالتی حکم پر ہم آج اسد طور کی والدہ کے ساتھ ان سے ملاقات کرنے گئے تھے اور وہ 36 گھنٹے سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ان کی صحت بہت خراب ہو چکی ہے، کل رات انھیں طبی مدد دینے کے لیے ریسکیو 1122 کو بُلایا گیا تھا۔‘

    یوٹیوبر اسد علی طور کے دوسرے وکیل عبدالہادی نے دعویٰ کیا کہ ان کے موکل سے دورانِ تفتیش عدلیہ کے حوالے سے کوئی سوال نہیں کیا گیا بلکہ ’سارے سوال فوج کے بارے میں کر رہے ہیں، ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں کر رہے ہیں۔‘

    خیال رہے یوٹیوبر اسد علی طور کو 26 جنوری کو ایف آئی اے کی جانب سے باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔ انھیں عدلیہ کے خلاف مبینہ طور پر مہم چلانے پر گرفتار کیا گیا۔

    منگل کو اسلام آباد کی ایک ضلعی عدالت نے انھیں پانچ روز ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔

  14. عمران خان کا آئی ایم ایف کو خط ’سیاسی غلطی‘ ہے یا نئی حکومت پر دباؤ بڑھانے کا مؤثر طریقہ؟

  15. ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر منتخب: چترال سے جنرل نشست پر کامیاب ہونے والی امیدوار جن کی جیت میں خواتین ووٹرز نے اہم کردار ادا کیا

  16. بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب سپیکر کیپٹن (ر) عبد الخالق اچکزئی کون ہیں؟

    بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب سپیکر کیپٹن (ر) عبد الخالق اچکزئی کا تعلق بلوچستان کے سرحدی شہر چمن سے ہے۔ وہ 1970 میں چمن میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی چمن سے حاصل کی جبکہ میٹرک حیدر آباد سندھ سے کیا۔

    انٹرمیڈیٹ کے بعد انھوں نے فوج میں شمولیت اختیار کی اور کیپٹن کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد انھوں نے ریٹائرمنٹ حاصل کی۔

    سیاسی زندگی کا آغاز 2000 سے 2003 میں چمن میں یونین کونسل کے ناظم کے طور پر کیا اس کے بعد 2004 سے 2007 تک بطور ڈسٹرکٹ ناظم چمن خدمات سر انجام دیے۔

    2008 میں ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں چمن سے آزاد حیثیت سے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے اور بعد میں مسلم لیک ن میں شامل ہوئے۔

    وہ بلوچستان کے وزیر کے طور پر بھی فرائض سر انجام دیتے رہے۔ 2018 میں انھوں نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور 2020 تک وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی رہے۔

    8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 51 چمن سے کامیاب ہوئے اور ایک مرتبہ پھرمسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔

    عبدالخالق اچکزئی
  17. بلوچستان اسمبلی کی نو منتخب ڈپٹی سپیکر غزالہ گولہ کون ہیں؟

    بلوچستان اسمبلی کی نو منتخب ڈپٹی سپیکر غزالہ گولہ کا تعلق بلوچستان کے علاقے صحبت پور سے ہے۔ ان کا تعلق نصیرآباد میں بلوچوں کے معروف قبیلے گولہ سے ہے۔

    انھوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ جوزف کانونٹ سکول کوئٹہ سے حاصل کی جبکہ میٹرک، ایف اے اور بی اے کی ڈگری سندھ بورڈ سے حاصل کی۔ غزالہ گولہ پہلی بار 2008 میں مخصوص نشست پر رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئیں اور پہلی منسٹر وویمن ڈویلپمنٹ کے طور پر فرائض سرانجام دیتی رہیں۔

    2024 میں وہ دوسری مرتبہ پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر خصوصی نشست پر رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئیں اور اسمبلی کی تیسری خاتون ڈپٹی سپیکر بن گئیں۔ غزالہ گولہ پیپلز پارٹی کی خواتین ونگ بلوچستان کی صدر بھی ہیں۔

    غزالہ گولا

    ،تصویر کا ذریعہSocial Media

  18. ن لیگ کے کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے بلامقابلہ سپیکر جبکہ پیپلز پارٹی کی غزالہ گولا ڈپٹی سپیکر منتخب

    مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے بلامقابلہ سپیکر جبکہ پیپلز پارٹی کی غزالہ گولا ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئی ہیں۔

    بلوچستان اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب تین بجے شروع ہونے والے اجلاس میں ہونا تھا جس کے لیے کاغذات نامزدگی کے لیے 12 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔

    12 بجے تک عبدالخالق اور غزالا گولا کے مقابلے میں کسی اور نے کاغزات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

    دونوں کی جیت کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان حکومت سازی کے فارمولے کے تحت وزیر اعلیٰ کا عہدہ پیپلز پارٹی جبکہ گورنر کا عہدہ نون لیگ کو ملے گا۔

    اسی طرح بلوچستان اسمبلی کے سپیکر کا عہدہ ن لیگ اور ڈپٹی سپیکر کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دیا گیا۔

    اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ وہ تمام جماعتوں کے مشکور ہیں جنھوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے بلوچستان کے تمام اراکین اسمبلی قابل احترام ہیں اور وہ سب کو اعتماد میں لے کر چلیں گے۔

  19. بریکنگ, قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے تک ملتوی

    قومی اسمبلی کا اجلاس ارکان اسمبلی کے شور شرابے میں جمعہ یکم مارچ صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

  20. قومی اسمبلی اجلاس اور حکومت سازی میں پیشرفت، سٹاک مارکیٹ میں 1000 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے اور سٹاک مارکیٹ انڈیکس میں کاروبار کے دوران 1050 پوائنٹس تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 64756 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔

    سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ پاکستان میں حکومت سازی میں پیشرفت ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب اور سندھ میں حکومت بننے کے بعد کے پی اور بلوچستان میں بھی حکومت بننے کا عمل جاری ہے جبکہ وفاق میں قومی اسمبلی کے سیشن کے انعقاد کے بعد وفاقی حکومت کی تشکیل کی جانب پیشرفت ہوئی ہے جس سے ملک میں سیاسی بے یقینی صورتحال میں کمی واقع ہوئی ہے۔

    ان کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کے ذمے واجب الادا دو ارب ڈالر کے رول اوور معاشی فرنٹ پر ایک اہم پیشرفت ہے جس نے تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں خریداری کے رجحان کو فروغ دیا۔