آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
عام انتخابات کے 30 روز کے اندر صدرِ پاکستان کا انتخاب لازمی، امیدوار کاغذات نامزدگی دو مارچ تک جمع کروا سکتے ہیں: الیکشن کمیشن
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر 190 ملین پاؤنڈ کیس میں فرد جرم عائد کر دی ہے تاہم تاہم دونوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگلے صدر پاکستان کا انتخاب عام انتخابات کے انعقاد کے بعد 30 روز کے اندر کروانا لازم ہے جس کے لیے تمام خواہشمند امیدوار آج سے کاغذات نامزدگی حاصل کر سکتے ہیں۔
لائیو کوریج
ہمیں بھی چند نشستوں پر خدشات ہیں مگر ہم قانونی رستہ اختیار کریں گے، ملکی سالمیت کے ساتھ نہیں کھیلیں گے: نو منتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
سندھ کے نو منتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اسمبلی سے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا ہے کہ ان انتخابات میں کچھ نشستوں پر ہمارے بھی خدشات ہیں مگر ہم قانونی رستہ اختیار کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم ملک کی سلامتی کے ساتھ نہیں کھیلیں گے، ہم کسی کو یہ موقع نہیں دیں گے کہ وہ ہماری کمزوریوں کو فائدہ اٹھائے۔
ان کے مطابق ’ہم کوشش کریں گے کہ جو سیٹیں ہم سے گئی ہیں وہ ہمیں واپس ملیں، مگر اس ملک کے مفاد ہماری ترجیح اول ہیں۔‘
مراد علی شاہ کے مطابق خدشات کے باوجود عوام نے پیپلز پارٹی پر خوب اعتماد کا اظہار کیا اور ہمیں پہلے سے کہیں زیادہ نشستیں دیں۔
بینظیر بھٹو کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے سیاست میں قدم رکھا: نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا افتتاحی خطاب
نو منتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ’آج تیسری بار اس صوبے کی سربراہی کے لیے مجھے چُنا گیا ہے۔‘
نو منتخب وزیر اعلیٰ نے آیت کا حوالہ دے کر یہ دعا مانگی کہ ’اے میرے رب، مجھے سچائی و خوشنودی کے ساتھ داخل فرما اور مجھے سچائی و خوشنودی کے ساتھ باہر لے آ اور مجھے اپنی جانب سے مددگار غلبہ و قوت عطا فرما دے۔‘
مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے سیاست میں نہیں آنا تھا مگر بینظیر بھٹو کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے سیاست میں داخل ہوا ہوں۔ ان کے مطابق وہ پانچ بار اس اسمبلی کے رکن بنے ہیں جبکہ تین بار وزیراعلیٰ بنے ہیں۔
ان کے مطابق ایک وہ وقت تھا کہ ہر وقت ان کی گرفتاری کا ڈر تھا اور پھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر مراد علی شاہ کو گرفتار کیا تو وہ جیل سے ہمارا وزیراعلیٰ ہوں گے۔ ان کے مطابق اس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
ان کے مطابق سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی کو گرفتار کیا گیا اور ان پر مقدمات قائم کیے گئے۔
صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق بھیجی گئی سمری مسترد کر دی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نومنتخب قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متعلق وفاقی حکومت کی طرف سے بھیجی جانے والی سمری کو مسترد کر دیا ہے۔
ایوان صدر کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو سمری مسترد کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صدر مملکت نے اِس بنیاد پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری مسترد کی ہے کیونکہ ابھی تک الیکشن کمیشن کی جانب سے سُنی اتحاد کونسل کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں الاٹ نہیں کی گئیں ہیں چنانچہ یہ ایوان ابھی نامکمل ہے۔
دوسری جانب نگراں وفاقی حکومت کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے اس پیش رفت کے بعد نگراں وزیر اعظم ایک مرتبہ پھر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری صدر مملکت کو بھجوائیں گے اور اگر ایوان صدر سے دوبارہ ایسا ہی ردعمل آتا ہے تو پھر قومی اسمبلی کے سپیکر کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب سُنی اتحاد کونسل کی طرف سے مخصوص نشستوں کے حوالے سے دائر کی جانے والی درخواست پر الیکشن کمیشن میں اجلاس آج ہو گا، جس میں کمیشن کے چاروں ممبران شریک ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے اس اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی سُنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد اس جماعت نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں الاٹ کرنے سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے۔
بریکنگ, مراد علی شاہ تیسری بار سندھ کے وزیر اعلیٰ منتخب
سید مراد علی شاہ نے 112 ووٹ حاصل کر کے سندھ کے تیسری بار وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے علی خورشیدی کو 36 ووٹ مل سکے ہیں۔
بریکنگ, مریم نواز نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا
مریم نواز شریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا ہے۔ ان سے گورنر بلیغ الرحمان نے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں مریم نواز کے والد سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے چچا سابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں مریم نواز کے خاندان کے افراد، میڈیا کے نمائندوں، سفارتکاروں اور ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے تقریب حلف برداری
گورنر ہاؤس پنجاب میں اس وقت نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے تقریب حلف برداری ہو رہی ہے۔ مریم نواز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف بھی اس تقریب میں شریک ہیں۔
گورنر بلیغ الرحمان نے مریم نواز سے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔
’آج سیاہ ترین دن تھا، ہم پنجاب کے وزیراعلیٰ کے اس انتخاب کو جمہوری اور آئینی نہیں مانتے‘: تحریک انصاف
تحریک انصاف کے رہنما رانا آفتاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سیا ترین تھا۔ ان کے مطابق ’ہم پنجاب کے وزیراعلیٰ کے اس انتخاب کو جمہوری اور آئینی نہیں مانتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’میں سپیکر کو یہ بتانا چاہتا تھا کہ ہمارے ارکان گرفتاری کے ڈر سے چھپے ہوئے ہیں، انھیں اندر لایا جائے۔‘
رانا آفتاب سنی اتحاد کونسل کی طرف سے وزیراعلیٰ کے امیدوار تھے مگر آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران حزب اختلاف نے واک آؤٹ کر دیا۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی افتتاحی تقریر، پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی
نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی افتتاحی تقریب کے بعد سپیکر اسمبلی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آج کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوا۔ وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد مریم نواز نے پنجاب کے لیے اپنے وژن اور ترجیحات پر تقریر کی۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع، وزیر اعلیٰ کا انتخاب کچھ ہی دیر میں
سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں اب نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے مراد علی شاہ وزیراعلیٰ کے امیدوار ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے امیدوار علی خورشیدی ہیں۔
پکیاں سڑکاں، سوکھے پینڈے، پنجاب کے عوام کے لیے رستے آسان کریں گے: مریم نواز
مریم نواز نے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ پنجاب کے عوام کے لیے رستے آسان کریں گی اور ہر سڑک پر پبلک ٹرانسپورٹ یقینی بنائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وژن کے مطابق ’پکیاں سڑکاں، سوکھے پینڈے‘ پروگرام کو آگے بڑھاؤں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں شروع کریں گے اور وہاں کے مسائل کا حل ترجیح پر حل کریں گی۔
ان کے مطابق وہ 12 کروڑ پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں اور محفوظ پنجاب ان کا خواب ہے۔
کل سے نہیں بلکہ حلف اٹھانے کے بعد سیدھا آج سے ہی میں اپنے دفتر جاؤں گی اور منشور پر عمل درآمد کا آغاز ہوجائے گا: مریم نواز
’پنجاب کے عوام کے لیے مؤثر صحت کارڈ کا اجرا کیا جائے گا‘: نومنتخب وزیراعلیٰ مریم نواز
پنجاب کی نومنتخب وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کیے جانے والے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ وہ پنجاب کے عوام کے لیے سنہ 2015 میں شہباز شریف کی طرف سے جاری کردہ صحت کارڈ کو ری ڈیزائن کر کے اس کا دوبارہ اجرا کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ موٹر وے پر جلد ائیر ایمبولینس سروس شروع کریں گے۔ ان کے مطابق آبادی میں بیماریوں کی سکریننگ کی جائیں گی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’کسی خاتون کو ہراساں کرنا مریم نواز کی ریڈ لائن ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ٹرانسجینڈر کے لیے بھی خصوصی پیکج بنا رہی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے سروں کا تاج ہیں اور اقلیتوں کے لیے محفوظ پنجاب دیکھنا چاہتی ہوں۔
’میرے دل میں کسی کے لیے انتقام یا بدلے کا کوئی جذبہ نہیں‘: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
مریم نواز نے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’ہم ایک مشکل مرحلے سے گزر کر یہاں پہنچے ہیں اور جب آپ مشکلات سے گزرتے ہیں اور ظلم کا نشانہ بن کر کہیں پہنچتے ہیں تو لوگ ڈرتے ہیں کہ آپ کے دل میں انتقام اور بدلے کا جذبہ ہو گا لیکن میں کہنا چاہتی ہوں کہ میرے دل میں کسی کے لیے انتقام کا کوئی جذبہ نہیں اور نہ بدلے کا جذبہ ہے۔‘
انھوں نے اس موقع پر مخالفین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ڈیتھ سیلز اور قیدِ تنہائی سے گزر کر یہاں تک پہنچی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میرے مخالفین کا شکریہ کہ انھوں نے مجھے ایسی مشکلات سے گزارا جن کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔‘
’اُن کی بھی وزیراعلیٰ ہوں جنھوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا‘: مریم نواز
مریم نواز نے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپوزیشن کی غیر موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں ان سب کی بھی وزیراعلیٰ ہوں جنھوں نے مجھے ووٹ دیا اور ان کی بھی وزیراعلیٰ، بیٹی اور بہن ہوں جنھوں نے مجھے ووٹ نہیں دیا۔‘
انھوں نے اپوزیشن کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’میرے دل، دفتر اور چیمبر کے دروازے ہر وقت اسی طرح کھلے ہیں جیسے میری جماعت کے کارکنوں کے لیے کھلے ہیں۔‘
’ہم پر مشکل وقت آئے لیکن ہم نے میدان کبھی خالی نہیں چھوڑا‘: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اپنے انتخاب کے بعد اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’مجھے امید ہے کہ آپ کی قیادت میں یہ ایوان جمہوری اصولوں اور جمہوریت کے پرچم کو سربلند رکھے گا۔‘
انھوں نے اپوزیشن کی غیرموجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا دل تھا وہ یہاں ہوتے اور جمہوری عمل کا حصہ بنتے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت میں مقابلہ کرنا کتنا ضروری ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا ہے کہ ’ہم پر بھی انتہائی مشکل وقت آئے اور وہ مشکل وقت بڑا لمبا عرصہ رہا جب ہر چیز ہمارے خلاف تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت مشکلات تھیں، مصائب تھے اور ہمیں ظلم اور بربریت کا نشانہ بنایا گیا لیکن اللہ تعالی کا شکر ہے کہ یہاں موجود ہمارے ہر کارکن نے اور بطور جماعت ہم نے میدان کبھی خالی نہیں چھوڑا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آج اگر اپوزیشن موجود ہوتی میری تقریر کے دوران شور شرابا کرتی تو مجھے خوشی ہوتی۔‘
’دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں قائم ہونے والی غیر آئینی حکومت کی عمارت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے گی‘: تحریکِ انصاف کا ردِعمل
وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق پاکستان تحریک انصاف نے اپنا ردِعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ دھاندلی زدہ نتائج کے ذریعے پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر براجمان ہونے والے آج پنجاب کی وزیر اعلیٰ کا 'انتخاب' کررہے ہیں۔
ترجمان تحریک انصاف نے الزام عائد کرتے ہوئے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر کرفیو نافذ کر کے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اورمنتخب اراکین کو اجلاس میں شرکت سے روکنا غیرآئینی اور شرمناک ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے ردِعمل میں یہ بھی کہا ہے کہ عوام کا مینڈیٹ چرانے کے بعد ایوان کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں قائم ہونے والی غیر آئینی حکومت کی عمارت زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے گی اور اپنے ہی بوجھ تلے دب جائے گی۔
بریکنگ, اپوزیشن کا بائیکاٹ: مریم نواز 220 ووٹ لے کر پنجاب کی وزیراعلیٰ منتخب
مریم نواز 220 ووٹ لے کر پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہو گئی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ن لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی ممبران صوبائی اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ لیا جبکہ سنی اتحاد کونسل نے ووٹنگ کے عمل کا مکمل بائیکاٹ کیا۔
ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ وزیراعلی پنجاب کے عہدے کے لیے مریم نواز نے 220 حاصل کیے ہیں اور یوں وہ وزیراعلیٰ منتخب ہو گئی ہیں۔
ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس: ’اگر عدالت غلطی کرے تو اسلام کیا کہتا ہے، ہمیں سمت ٹھیک کرنی چاہیے‘ چیف جسٹس آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سماعت جاری ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بنچ سماعت کررہا ہے۔ جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی 9 رکنی لارجر بنچ کا حصہ ہیں۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عدالت غلطی کرے تو اسلام کیا کہتا ہے، ہمیں سمت ٹھیک کرنی چاہیے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے ججز آزاد نہیں تھے، ہمیں وہ مواد دکھا دیں، ان کا کہنا تھا کہ مارشل لا نافذ تھا، یہ کافی نہیں ہے۔
عدالتی معاون خالد جاوید خان نے دلائل دیے کہ ریفرنس میں یہ پوچھا گیا کہ عدالتی فیصلہ درست تھا یا نہیں، عدالتی معاون ملزم کو نوٹس دیے بغیر ہائیکورٹ کو بھٹو ریفرنس منتقل کر دیا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں نے مختلف ممالک کی مثالیں پیش کی ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمارے ہاں ایسی مثال نہیں ہے، اگر پارلیمنٹ میں کوئی قانون بنانا چاہے تو بنا سکتا ہے۔ ہم پارلیمنٹ کو کوئی قانون بنانے کی ہدایت نہیں دے سکتے۔
عدالتی معاون نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جسٹس اطہر من اللہ کے تحریر کردہ ایک فیصلے میں کہا گیا کہ بھٹو کو پھانسی دینے کا فیصلہ درست نہیں تھا، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ یہ تو پھر ڈیکلریشن آگیا۔
اس کے ساتھ ہی عدالتی معاون خالد جاوید خان کے دلائل مکمل ہو گئے ہیں اور عدالتی معاون بیرسٹر صلاح الدین نے دلائل کا آغاز کردیا ہے۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب: سپیکر نے سنی اتحاد کونسل کے بغیر ہی ووٹنگ کا آغاز کروا دیا
پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے اجلاس جاری ہے جس میں سنی اتحاد کونسل کا بائیکاٹ برقرار ہے تاہم سپیکر ملک محمد احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے بغیر ہی ووٹنگ کا آغاز کروا دیا ہے۔
صرف 65 ارکان کے ووٹ باقی رہ گئے ہیں اور باقی ارکان ووٹ کاسٹ کرکے لابی میں چلے گئے ہیں۔
یاد رہے پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم نواز اور سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب احمد مدمقابل ہیں۔