آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

مچھ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں نو حملہ آور ہلاک: آئی ایس پی آر

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مچھ پر حملہ کرنے والے نو حملہ آور مارے گئے ہیں۔ جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہلکار اور دو شہری بھی ہلاک ہوئے۔

لائیو کوریج

  1. ملک کی ایک بڑی جماعت اور اسٹیبلشمنٹ میں خلیج ایک سازش بھی ہو سکتی ہے: بیرسٹر گوہر

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، ملک کی ایک بڑی جماعت اور اسٹیبلشمنٹ میں خلیج بدقسمتی ہے اور یہ سازش بھی ہو سکتی ہے۔

    نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے پی ٹی آئی منشور کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم کا انتخاب براہ راست ہونا چاہیے کیونکہ عوام کو اپنا وزیراعظم خود منتخب کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ اسی طرح 50 فیصد سینیٹرز کا بھی براہ راست انتخاب ہونا چاہیے، اس سے ہارس ٹریڈنگ کم ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بھی یہی خواہش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی اصلاحات ضروری ہیں، ایک ٹروتھ کمیشن بننا چاہیے اور یہ پاکستان کے لیے اہم ہے۔

    منشور میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مدت میں ایک، ایک سال کمی کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ لوگوں کو اسمبلی کی مدت پانچ سال کچھ زیادہ ہی لگتی ہے اور یہ بہتر ہوتا ہے کہ چار سال کی مدت ہو، اگر چار سال قانون سازی پر توجہ دیتے رہیں اور مقامی حکومتیں بھی ساتھ چلتی رہیں تو چار سال اسمبلی کے لیے مناسب مدت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کا منشور دیکھا ہے اور اس کے لیے پوری ٹیم نے چھ مہینے بہت محنت کی ہے لیکن یہ بہت افسوس کی بات اور غیر آئینی طرز عمل ہے کہ ایک جماعت کو پورے انتخابی عمل سے باہر کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین کے تابع ہونے چاہئیں، چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔

    ’یہ قابل شرم بات ہے کہ بلاول بھٹو آزاد امیدواروں پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں‘

    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قابلِ شرم بات ہے کہ بلاول بھٹو اپنے منشور کی بجائے آزاد امیدواروں پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں، اس طرح تو وہ سیاست دانوں کی خرید و فروخت کی سیاست کو فروغ دینے کی بات کر رہے ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ افسوس کہ الیکشن کمیشن ہمارے خلاف چل رہا ہے، عدالتی فیصلے سے پہلے ہی انتخابی نشان الاٹ کر دییے گئے۔

    انھوں نے کہا کہ آزاد امیدوار ہمارے ہیں، سب کو ٹکٹ جاری کیے اور اگلے انٹرا پارٹی الیکشن میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

  2. اتوار کو پاکستان میں پیش آنے والے اہم واقعات

    • نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اتوار کو وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سربراہ اسحاق جہانگیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ججز کے خلاف توہین آمیز مواد شیئر کرنے والوں کے خلاف حکومت نے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی ہے۔ مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ تقریباً 110 افراد کو نوٹس جاری کیے گئے، ان میں تقریباً 22 سیاسی کارکنان یا سیاستدان اور تقریباً 32 صحافی ہیں،
    • سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی ملک میں بہترین جمہوریت نہیں لیکن یہ آہستہ آہستہ ہی بہتر ہوگی۔ بلوچستان کے علاقے حب میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب میں کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ ’آپ اپنے دوستوں کو سمجھائیں جو ہتھیار اٹھاتے ہیں، جمہوریت ہی بلوچستان کا حل ہے۔
    • پاکستان تحریک انصاف کی ٹانک اور کراچی میں منعقدہ انتخابی ریلیوں پر پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا گیا۔کراچی کے علاقے کلفٹن پر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ہے جبکہ پولیس نے ریلی کے شرکا پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں بھی پی ٹی آئی رہنما شیر افضل خان مروت کی قیادت میں لکی مروت سے ڈیرہ اسماعیل خان تک نکالی جانے والی ریلی پر پولیس نے مبینہ طور پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے ہیں۔
    • پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے اور وقت آگیا ہے کہ یہ فیصلہ کیا جائے کہ کوئی گڈ یا بیڈ طالبان نہیں بلکہ تمام دہشتگردوں کا مقابلہ کیا جائے۔
    • سیالکوٹ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ’کون کہتا ہے یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں۔ یہ سارا جلسہ 30 سال سے کم عمر والوں کا ہے۔ انھوں نے نوجوانوں کو 20، 20 سال کے قرضے دینے اور سالکوٹ موٹر وے دوبارہ بنانے کا ارادہ ظاہر کیا۔
    • سنیچر کو نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے جنوب مشرقی ایران میں پاکستانی سرحد کے قریب نو پاکستانی شہریوں کو ہلاک کیے جانے کے بعد ایران نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع ہوچکی ہیں۔