نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں بحال، عمران خان کی سائفر ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد
اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دی ہیں۔ دوسری طرف ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کو شفاف ٹرائل کا حق دینے کی ہدایت کے ساتھ سائفر کیس سے متعلق درخواست نمٹا دی ہے۔
لائیو کوریج
’اگر ن لیگ کو انتخابات میں جیت کا یقین ہے تو الیکشن کا مطالبہ کیوں نہیں کرتے: فیصل کریم کنڈی

،تصویر کا ذریعہPTV
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ’جو چیز 2018 میں غلط تھی وہ آج بھی غلط ہے۔‘
جیو نیو کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’ہمیں لگتا تھا کہ نواز شریف مینار پاکستان پر الیکشن کا مطالبہ کریں گے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر ن لیگ کو لگتا ہے کہ وہ انتخابات جیت جائے گی تو وہ انتخابات کا مطالبہ کیوں نہیں کرتے۔‘
فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’ہمیں انتخابات میں کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ نواز شریف کو جو پروٹوکول مل رہا ہے وہ دیگر سابق وزرائے اعظم کو بھی ملنا چاہیے۔‘
مسلم لیگ ن ایک نئے بیانیے کی تلاش میں ہے: صدر عارف علوی

،تصویر کا ذریعہscreen grab
صدر عارف علوی نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے جلسے کے تناظر میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ایک بیانیے کی تلاش میں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں اینکر حامد میر کو دیے گئے انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ عوام نے مسلم لیگ ن کو ایک نیا بیانیہ تھما دیا ہے۔ نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے پاس اچھا موقع ہے کہ تاریخی اعتبار سے بیانیہ بنا کر عوام میں اتریں۔
صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک کے مستقبل کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات ہوں جس میں سب کو حصہ لینے کا موقع ملے۔
عمران خان کو مالی معاملات میں ایماندار اور دیانت دار پایا: صدر عارف علوی
صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ ’میں نے عمران خان کو مالی امور میں بہت ایماندار اور دیانت دار پایا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میری پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ وابستگی رہی ہے۔ میں نے ان کو نہ صرف ایماندار پایا بلکہ عمران خان بہت محب وطن ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ عدالتوں پر لوگوں کا بہت اعتماد ہے اور امید ہے کہ وہ ان توقعات پر پورے اتریں گے۔ چیف جسٹس کے بنائے گئے بینچز بھی اچھے ہیں۔
’نو مئی کے واقعات کی مذمت کی تھی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی عدالت اور ان کے کام کو سراہنا چاہتا ہوں‘
صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ ’نو مئی کے واقعات کی بطور صدر میں نے مزمت کی تھی۔‘
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ ایسا کوئی کام نہیں ہونا چاہیے کہ جس میں توڑ پھوڑ ہو۔ نو مئی کی مزمت کی مگر اسی کے ساتھ ساتھ میں کہتا ہوں کہ آگے جانے کا راستہ کھلنا چاہیے۔‘
انھوں نے کہا ’میں کہتا تھا کہ کورٹ اگر اتحاد (یونیٹی) کے ساتھ کام کرے تو لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی عدالت اور ان کے کام کو سراہنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے ساری عدالت کو اکھٹا بٹھایا اور اوپن ہیئرنگ کیں اور تمام بینچز جو انھوں نے بنائے وہ سب شفاف بنائے ۔ ‘
حامد میر نے سوال کیا کہ پھر آپ نے ان کے خلاف ریفرنس کیوں بھیجا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ریفرنس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ وہ میں نے نہیں بھجوایا تھا۔ میرے پاس وزیر اعظم ہاوس سے آیا تھا۔ اس لیے آپ ان سے پوچھیں۔‘
بی بی سی اردو کے لائیو پیج پر خوش آمدید
پاکستان کی تازہ ترین صورتحال پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید۔ اس سے پہلے کی خبروں کے لیے یہاں کلک کریں۔
