پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی اسلام آباد پولیس کی حراست میں نہیں ہیں: پراسیکیوٹر, شہزاد ملک، بی بی سی اُردو ڈاٹ کام
حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے پاکستان تحریک انصاف کے مبینہ طور پر لاپتہ رہنما افتخار درانی پولیس کی حراست میں نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف نے دعویٰ کیا تھا کہ افتخار درانی کو پولیس اور سول کپڑوں میں ملبوس چند افراد نے مبینہ طور پر اسلام آباد میں واقع ان کے گھر سے اغوا کر لیا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ افتخار درانی کا نو مئی کے واقعات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔
ان کی گمشدگی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ منگل کے روز اس درخواست پر ہونے والی سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس نے عدالتی حکم پر اس کیس پر پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔
اس موقع پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ افتخار درانی اسلام آباد پولیس کی حراست میں نہیں ہیں جبکہ ان کے مبینہ اغوا کا مقدمہ اسلام آباد کے متعلقہ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
افتخار درانی کے وکیل شیر افضل مروت راولپنڈی بینچ میں مصروفیات کے باعث کیس میں پیش نہ ہو سکے جس کے باعث عدالت نے فی الحال اس کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا ہے۔