اسلام آباد کی مقامی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دے دیا, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

،تصویر کا ذریعہPTI
اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دے دیا ہے۔
سول جج قدرت اللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بیس جولائی کیلئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے گزشتہ روز درخواست گزار محمد حنیف کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ان کے وکیل رضوان عباسی نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کیساتھ چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح دوران عدت ہوا۔
ان کا موقف تھا کہ نکاح لاہور میں ہوا لیکن دونوں بنی گالا اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے۔
رضوان عباسی نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ قانون کے مطابق اسلام آباد اور لاہور میں سے کسی بھی شہر میں درخواست قابل سماعت قرار دی جا سکتی ہے۔
وکیل رضوان عباسی نے غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔










