آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

چلاس کے قریب سیاحوں کی وین کو حادثہ، پانچ افراد ہلاک، نو زخمی

گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر پولیس کی مطابق سیاحوں کی ایک ہائی روف وین کو چلاس کے علاقے تھلیچی میں حادثہ پیش آیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں دو خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ نو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

لائیو کوریج

  1. صوابی کے مقدمہ میں اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدم پیروی پر خارج, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔

    اسد قیصر کی عدم موجودگی پر عدالت کا برہمی کیا جس پر ان کے معاون وکیل نے کہا کہ اسد قیصر تھوڑی دیر میں آ رہے ہیں۔

    جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ’پہلے بھی کیس کال ہوا اب دوبارہ کال ہوا ہے۔ عدالتیں ملزموں کا انتظار نہیں کرتیں۔ ساڑھے نو بجے کا وقت تھا ملزم کو ساڑھے سات یہاں ہونا چاہیے تھا، عدالت ہائیکورٹ کا کوئی احترام ہے؟‘

    عدالت نے اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی۔

  2. توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی 17 جولائی تک ملتوی

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت کی۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور استدعا کی کہ کیس میں دلائل سینیئر وکیل امجد پرویز صاحب تاہم وہ آج گھریلو مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکیں گے لہذا سماعت کل تک ملتوی کی جائے۔

    جج ہمایوں دلاور نے استدعا کے جواب میں کہا کہ کل کچہری کی شفٹنگ کے باعث سماعت ممکن نہیں۔ صبح یہاں کوئی کیس نہیں ہو سکے گا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے تو جج ہمایوں دلاور نے ان سے مکالمہ کیا کہ ’بیرسٹر صاحب آج کل بہت مصروف ہیں۔ امجد پرویز آج پیش نہیں ہو سکتے وہ بھی سماعت سوموار تک ملتوی کرنے کی استدعا کر رہے ہیں سوموار کو نئی کچہری میں سماعت کریں گے۔‘

    جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کر کے کہا ’نئی کچہری میں نئے ماحول کے ساتھ سماعت ہو گی،بیرسٹر گوہر گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری۔‘

    عدالت نے الیکشن کمیشن کی سماعت سوموار 17 جولائی دن 11 بجے تک ملتوی کر دی۔

  3. پاکستان میں فوجی عدالتوں کی متنازع تاریخ: جب 15 برس کے نوجوان پر بھی ملٹری کورٹ میں مقدمہ چلا

  4. نگران وزیراعظم کون ہوگا اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا: وزیر دفاع

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت قانون کے مطابق 60 سے 90 روز میں انتخابات کروا دے گی۔

    جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں اینکر حامد میر سے بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ نگران وزیراعظم کون ہو گا تاہم نگران حکومت حکومت 60 سے 90 روز میں انتخابات کروا دے گی۔‘

    خواجہ آصف کے مطابق نگران حکومت جو بھی قانونی آپشن اپنائے گی اس کے مطابق انتخابات ہوں گے تاہم الیکشن 90 دن سے آگے نہیں جائیں گے۔

    خواجہ آصف نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی کو جتنا ریلیف عدلیہ سے ملا، آج تک کسی کو نہیں ملا۔ جب ریلیف بلینک چیک کی طرح دیا جائے تو سوال تو اٹھتا ہے۔‘

    انھوں نے عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا ایجنڈا چیئرمین پی ٹی آئی پورا کررہے ہیں اور اسرائیل کو فکر ہے پاکستان میں ان کا ایجنڈا روکا جارہا ہے۔‘

    وزیر دفاع کے مطابق ’سال سوا سال سے چیئرمین پی ٹی آئی پراکسی وار کررہے ہیں۔ یہ اپنے لوگوں سے اداروں کا ردعمل جانچنے کے لیے ٹویٹ کراتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان غیر مستحکم رہے۔ انھوں نے صرف دفاعی اداروں کو ہدف بنایا ہوا ہے اور 9 مئی کو دفاعی اداروں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔‘

  5. ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں: امریکی وزیر خارجہ

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ اس کے معاہدے کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔

    انھوں نے ٹوئٹر پر پیغام میں مزید کہا کہ ’ہم پاکستان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ میکرو اکنامک اصلاحات اور معاشی بحالی و استحکام کے لیے کام جاری رکھے۔‘

  6. بریکنگ, وزیراعظم شہباز شریف کا اگست 2023 میں ملک کا انتظام نگران حکومت کے حوالے کرنے کا اعلان

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ’آپ نے سوا سال پہلے مجھے بطور وزیراعظم جو ذمہ داری سونپی تھی ملک کی بھلائی، آپ کی خیر خواہی اور خدمت کی یہ مقدس امانت اگست 2023 کو ہم نگران حکومت کے سپرد کردیں گے۔‘

    قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے دورِ اقتدار میں پاکستان کے مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سُرنگیں صاف کیں، معیشت، خارجہ تعلقاتئ توانائی اور امن و امان سمیت دیگر شعبوں میں بدترین بدانتظامی، کرپشنئ نالائقی اور سازشوں کی لگی آگ بھی بجھائی ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کی واحد منتخب مخلوط حکومت ہے جو مختصر ترین مدت کے لیے قائم ہوئی اور جس نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس حکومت نے ایک سمت کا تعین کیا اور ثابت کیا کہ کم وقت میں سازشوں کے باوجود ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔

  7. ملکی زرمبادلہ ذخائر میں نو کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے میں نو کروڑ تیس لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اس کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران چھ کروڑ دس لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس کے ذخائر چار ارب 52 کروڑ ڈالر ہو گئے۔

    کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 31 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد ان کے ذخائر پانچ ارب 31 کرو ڈالر ہو گئے ۔

    ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر نو ارب تراسی کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

    سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف سے ملنے والے 1.2 ارب ڈالر، سعودی عرب سے ملنے والے دو ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے ملنے والے ایک ارب ڈالر اگلے ہفتے ذخائر میں ظاہر ہوں گے۔

  8. پاکستان کی صنعتی پیداوار میں دس فیصد کی کمی, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مالی سال 23-2022 کے پہلے گیارہ مہینوں میں دس فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مئی کے مہینے میں صنعتی پیداوار میں 14.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعرات کے روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک کے تقریباً تمام بڑے صنعتی شعبوں کی پیداوار میں منفی گروتھ ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زیر جائزہ مہینوں میں ٹیکسٹائل مصنوعات کے صنعتی شعبے میں 18.6 فیصد، خوردنی اشیا کی پیداواری صنعت میں 7.5 فیصد اور پٹرولیم مصنوعات کی پیداواری صنعت میں 12 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    فارماسیوٹیکل کی صنعت میں 26 فیصد اور گاڑیوں کی پیداواری صنعت میں 48 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بیوریجز کی صنعت میں چار فیصد اور آئرن اور سٹیل کی صنعتوں کی پیداوار پانچ فیصد کمی ہوئی۔

  9. آٹھ رکنی لارجر بینچ 21 جولائی کو سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرے گا, شہزاد ملک، بی بی سی اردو - اسلام آباد

    چیف جسٹس بندیال نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

    سپریم کورٹ کا آٹھ رکنی لارجر بینچ 21 جولائی کو پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

    رجسٹرار آفس نے تمام درخواست گزاروں اور فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

    پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں کو عید الاضحی کے بعد دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

  10. سپریم کورٹ: فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستیں 18 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر, شہزاد ملک، بی بی سی اردو - اسلام آباد

    سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لیے 18 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

    چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بنچ 18 جولائی کو سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی بنچ کا حصہ ہوں گے۔

    عدالت نے اس حوالے سے فریقین کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔

  11. بریکنگ, آئی ایم ایف سے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی: وزیر خزانہ اسحاق ڈار

    وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ شب واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے قرض پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ 9 ماہ کا پروگرام ہے جس کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدے میں یہ طے پایا تھا کہ ابتدائی قسط ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ہوگی اور ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی باقی رقم 2 جائزوں کے بعد ملے گی جو کہ نومبر اور فروری میں ہوں گے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط آئی ایم ایف نے سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی ہے۔‘

    اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ ’اس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی اور جمعہ کو ’کلوزنگ‘ کے وقت مزید بہتری نظر آئے گی۔‘

    انھوں نے کہا کہ رواں ہفتے سٹیٹ بینک کے ذخائر میں خالصتاً 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، توقع ہے کہ جمعہ 14 جولائی کو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 13 سے 14 ارب ڈالر کے درمیان کلوز ہوں گے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ ’ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ طے کیا کہ نویں جائزے کے بجائے ایک چھوٹا سٹینڈ بائی معاہدہ کرلیں، اگر نواں جائزہ ہوتا تو پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر نہیں ملنے تھے۔‘

    اسحاق ڈار نے کہا کہ جون کے آخر میں آئی ایم ایف کے ساتھ یہ معاہدہ طے ہوا جسے 9 ماہ تک محدود کیا گیا ہے تاکہ جو بھی نئی حکومت آئے وہ اپنے فیصلے کرسکے۔

  12. حاجی گلبر خان گلگت بلتستان کے چوتھے وزیر اعلیٰ منتخب, ایم اے جرال، صحافی

    پاکستان تحریک انصاف فاروڈ بلاک اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار حاجی گلبر خان گلگت بلتستان کے چوتھے وزیراعلی منتخب ہو گئے ہیں۔

    حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان اسمبلی کے 33 کے ایوان میں سے کل 19 ووٹ لیے جن میں تحریک انصاف فاروڈ بلاک کے 13 جبکہ پی ڈی ایم اے کے چھ اراکین نے نو منتخب وزیراعلی کو ووٹ دیا۔

    انتخابی عمل کے دوران کل 20 اراکین اسمبلی میں موجود تھے۔ ہم خیال گروپ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین نے انتخاب کے عمل کا بائیکاٹ کیا جبکہ اسمبلی میں موجود آزاد امیدوار نواز خان ناجی نے گلبر کو ووٹ نہیں دیا۔

    حاجی گلبر خان کے مقابلے میں تین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تاہم ان سب نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا۔

    قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد حاجی گلبر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’گلگت بلتستان میں پی ڈی ایم اور فارورڈ بلاک کی مخلوط حکومت بنے گی۔ سب سے اہم ترجیح خطے کا امن اور مذہبی ہم آہنگی کا قیام ہوگا۔‘

    نو منتخب وزیر اعلی حاجی گلبرخان کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کی سب ڈویژن تانگیر سے ہے۔

    نو منتخب وزیراعلی نومبر 2009 کے انتخابات میں جمعیت علما اسلام (ف) کے ٹکٹ پر ممبر اسمبلی منتخب ہوئے اور وزیر صحت بنے

    اس کے بعد 2015 کے انتخاب میں حاجی گلبرخان کو مسلم لیگ ن کے امیدوار سے شکست ہوئی۔

    حاجی گلبر خان 2020 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر دیا مر سے کامیاب ہوئےاور وزیرصحت رہے۔

    گزشتہ دنوں سابق وزیراعلی خالد خورشید کی نااہلی پر حاجی گلبر خان نے پی ٹی آئی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

  13. 9 مئی واقعات: اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسد قیصر کی درخواست ضمانت منظور کر لی

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 مئی واقعات سے متعلق تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں ضمانت کے کیس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت منظور کر لی ہے۔

    عدالت نے اسد قیصر کی ضمانت پانچ لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کی ہے۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ضمانت سیشن کورٹ نے خارج کردی تھی جس کے بعد اسد قیصر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔

  14. 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل اور توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    اسلام آباد کی احتساب عدالت میں عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    جج محمد بشیر نے میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہ ہو سکے اور ان کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

    عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ نو مئی کے کئی کیسز ہیں جن کی وجہ سے عمران خان کی لاہور عدالت میں پیشی تھی۔

    نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عدالت میں پیش ہوئے۔ جج احتساب عدالت نے پی ٹی آئی کی حاضری کی استثنیٰ کی درخواست نیب کو بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    خواجہ حارث نے استدعا کی کہ ہماری پیشی کی اگلی تاریخ 19 جولائی ہے اس روز ہی دلائل رکھ لیں جبکہ بشری بی بی کی بھی ضمانت کا کیس ہے۔

    عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی اور 19 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عبوری ضمانت پر حتمی دلائل طلب کر لیے۔

    دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ حانہ مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی۔

  15. بریکنگ, توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور، آئندہ سماعت سنیچر کے روز ہو گی: عدالت, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کی۔

    عمران خان کی لیگل ٹیم عدالت میں پیش ہوئی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

    بیرسٹر گوہر نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی اور استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کی عدم دستیابی کی بنا پر سماعت نہیں ہوسکی۔

    بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ انصاف کی بنیاد پر عمران خان کو ایک اور موقع دیا جائے۔

    اس موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کی اور کہا کہ کیس کا گواہ اپنا کورس چھوڑ کر اسلام آباد میں موجود ہے۔

    عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ ’ کیس کو ہفتے کے روز سماعت کے لیے مقرر کر رہا ہوں۔‘

    عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ سماعت پیر والے روز مقرر ہو جائے تو بہتر ہوگا۔ بیرسٹر گوہر کی درخواست کی الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے مخالفت کی اور کہا کہ یہ شاید پاکستان کی کریمنل قانون کی تاریخ میں سب سے بڑا کیس ہے تاہم جب سے کیس شروع ہوا، ملزم پیش ہی نہیں ہوا۔

    کیس کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔

  16. بریکنگ, آئی ایم ایف بورڈ کی پاکستان کے لیے قرض منظوری کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تین روپے کی کمی, تنویر ملک ، صحافی

    آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر قرض پروگرام کی گزشتہ رات منظوری کے بعد جمعرات کے روز پاکستانی کرنسی کی قیمت اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں اب تک 2.38 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انٹر بینک میں اس وقت ڈالر کی قیمت 275.10 پر ٹریڈ پوری ہو رہی ہے

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تین روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس وقت ایک ڈالر کی قیمت 279 پر موجود ہے۔

    آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لئے تین ارب ڈالر قرض پروگرام منظور کیا گیا ہے جس کی پہلی قسط 1.2 ارب ڈالر فوری طور پر ریلیز کی جائے گی۔

    واضح رہے پاکستان کے لیے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدے تیس جون 2023 کو طے پایا تھا جس کی منظوری گزشتہ رات آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی ہے۔

  17. بریکنگ, اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے, شہزاد ملک/ بی بی سی اردو، اسلام آباد

    اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ہنگامہ آرائی و دیگر دہشت گردی کے تین مقدمات کے ٹرائل کا آغاز ہو گیا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے مقدمات کی سماعت کی۔

    پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی جانب سے سردار مصروف ،عتیق الرحمن اور مرزا عاصم عدالت پیش ہوئے اورچیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

    عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش ہونا پڑے گا۔ عدالت نے عدم پیشی پر چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جوڈیشل کمپلکس حملہ کیس میں فرخ حبیب ،شبلی فراز،حسان نیازی کے بھی قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے اور عمران خان سمیت دیگر ملزمان کو ذاتی حیثیت میں 19 جولائی کو طلب کر لیا۔

  18. اسلام آباد ہائی کورٹ نے نو مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت منظور کر لی

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نو مئی مقدمات میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

    دوران سماعت سرکاری وکیل کی طرف سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی اور کہا گیا کہ اسد قیصر کی طرف سے بھی ایک درخواست آئی ہوئی ہے تو یہ کیس بھی اس کے ساتھ رکھ لیں۔

    درخواست گزاروں کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ اسد قیصر کی ضمانت کی درخواست ایک اور مقدمے میں ہے جبکہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی درخواستیں مختلف مقدمات میں دائر ہیں۔

    سرکاری وکیل نے دلائل میں کہا کہ اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی درخواستیں دائر کرتے ہوئے ضابطے کو نہیں اپنایا گیا۔

    عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ’درخواست گزار صرف اپنی حد تک ذمہ دار ہیں، شریک ملزمان سے ان کا کیا تعلق ہے؟جو آپ کہہ رہے ہیں اگر ان شرائط کو لاگو کریں تو کوئی درخواست ضمانت دائر ہی نہیں کرسکے گا۔‘

    وکیل علی بخاری نے دلائل میں کہا کہ شاہ محمود قریشی اور اسد عمر پر مقدمہ میں ایماء کا الزام ہے۔

    جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ ’مقدمہ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کا ویڈیو پیغام تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر دونوں رہنماؤں کی ایماء پر احتجاج کا الزام لگایا گیا جبکہ شاہ محمود اور اسد عمر پر کوئی بیان جاری کرنے کا تو الزام ہی نہیں۔‘

    جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نو مئی مقدمات میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت منظور کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

  19. توشہ خانہ فوجداری کیس سمیت عمران خان کے خلاف متعدد کیسز کی سماعت آج اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں ہو گی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف آج اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں متعدد مقدمات کی سماعت مقرر ہے۔

    اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی کمپلیننٹ پر توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت مقرر ہے۔

    مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کریں گے۔ عدالت نے دو گواہوں کو آج بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی استدعا پر دن 11 بجے کیس کی سماعت ہو گی۔ گزشتہ روز عمران خان کے وکیل کی استدعا پر عدالت نے انھیں ایک روز حاضری سے استثنیٰ دیا تھا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت پر احتساب عدالت میں اہم سماعت بھی آج مقرر ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت نے آج فریقین کے دلائل کے لیے دن 12 بجے کا وقت مقرر کر رکھا ہے۔ اس مقدمے میں نیب نے یکم مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کا کیس قابل سماعت نہ ہونے سے متعلق اپیل پر سماعت آج ہوگی۔

    سیشن جج اعظم خان شہری کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

    عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کو آج طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ سول جج نے دائرہ اختیار نہ ہونے پر کیس ناقابل سماعت دیا تھا۔

    کمپلینٹ فائل کرنے والے شہری نے سول جج کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان پر اس کیس میں پہلے ہی فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔

    دوسری جانب عمران خان کے وکلا کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی تھوڑی دیر بعد لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے جائیں گے۔

    لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد وہ اسلام آباد پیشی کے لیے روانہ ہوں گے۔

  20. بلوچستان میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشنز میں 12 سکیورٹی اہلکار اور سات دہشتگرد ہلاک

    پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں شدت پسندوں کے حملوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے دو الگ آپریشنز میں مجموعی طور پر 12 اہلکاروں اور سات دہشتگردوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ضلع ژوب میں کینٹ کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہوچکا ہے جس میں پانچ دہشتگردوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں نو فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ژوب گیریژن میں گھسنے کی کوشش کی جہاں ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کی اس کوشش کو روکا۔

    آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’دہشت گردوں نے علی الصبح ژوب چھاؤنی میں شدید فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کی تنصیبات میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔‘

    روئٹرز کے مطابق ژوب حملے کی ذمہ داری تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی ہے۔

    دوسری طرف آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے جس دوران سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار اور دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

    مقامی حکام کے مطابق یہ آپریشن سوئی ٹاؤن کے قریب عسکریت پسندوں کی موجودگی پر کیا گیا اور اس میں سکیورٹی فورسز اور بھاری اسلحے سے لیس عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ باقی عسکریت پسندوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں کلیئرینس آپریشن جاری ہے۔

    پاکستانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی ایسی تمام گھناؤنی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    درایں اثنا ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر میر سرفراز بگٹی نے فون پر بی بی سی کے نامہ نگار محمد کاظم کو بتایا کہ ڈیرہ بگٹی میں شرپسندوں کی جانب سے بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے واقعات پیش آ رہے تھے جس پر فرنٹیئر کور نے علاقے میں پیٹرولنگ شروع کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف سی کی پیٹرولنگ کے باعث شرپسندوں کا گھیرا تنگ ہو رہا تھا جس پر انھوں نے ایف سی پر حملہ کیا۔

    انھوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کی قربانیوں سے نہ صرف ڈیرہ بگٹی بلکہ پورا بلوچستان امن کا گہوارہ بنے گا۔