پنجاب میں اِن ہاؤس تبدیلی ممکن ہے، انتخابات سے قبل عمران خان گرفتار اور نااہل ہو سکتے ہیں: آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے نجی ٹی وی چینل آج کو ایک خصوصی انٹرویو میں اس امکان کو رد نہیں کیا ہے کہ انتخابات سے قبل نہ صرف سابق وزیراعظم عمران خان گرفتار ہو سکتے ہیں بلکہ وہ توشہ خانہ ریفرنس جیسے کسی کیس میں نااہل بھی ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے پنجاب میں بھی مائنس پرویز الٰہی 'اِن ہاؤس' تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, الیکشن کمیشن کا عمران خان پر 30 ہزار روپے جرمانہ برقرار رکھنے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس میں 30 ہزار روپے جرمانہ برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    اس ضمن میں عمران خان کی اپیل مسترد کر دی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے رانا ثنااللہ کے خلاف اپیل منظور کر لی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’جرمانے کے خلاف تین روز میں اپیل دائر کی جا سکتی تھی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے عمران خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا تھا۔‘

    دوسری جانب این اے 108 میں رانا ثنا اللہ کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے اپیل منظور کر لی۔

    ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے رانا ثنا اللہ کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر رانا ثنا اللہ پر عائد جرمانہ ختم کر دیا تھا۔

  2. اعظم سواتی پر ایک ہی واقعے کے پچاس مقدمات درج ہو چکے ہیں: بابر اعوان کا عدالت میں مؤقف

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے سے متعلق کیس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل کو وزارت داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دے دیا ہے۔

    منگل کے روز سماعت کے دوران بابر اعوان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی پر ایک ہی واقعے کے پچاس مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

    ان کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں زیادہ تر مقدمات درج کیے گئے۔ اعظم سواتی اسلام آباد میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور آئی جیز پر سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول ہوتا ہے۔

    عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دیتے ہوئے استفسار کیا کہ ’کیسے سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول صوبائی آئی جیز پر ہوتا ہے؟‘

  3. پرویز الہٰی اور پرویز خٹک کی اسلام آباد میں ملاقات، اسمبلیوں کے امور کا جائزہ

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

    واضح رہے کہ اب سے چند دن قبل عمران خان نے کہا تھا کہ وہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں توڑ دیں گے اور گذشتہ روز فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اس معاملے پر پارٹی میں اتفاق ہو گیا ہے۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے بھی عمران خان کے بیان کے بعد کہا تھا کہ اگر اُنھیں اسمبلی توڑنے کا کہا گیا تو وہ بلاتردد ایسا کر گزریں گے۔

  4. وزیرِ مملکت حنا ربانی کھر کی افغانستان کے عبوری وزیرِ خارجہ سے ملاقات

    حنا

    ،تصویر کا ذریعہForeign Office, Pakistan

    وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ حنا ربانی کھر آج افغانستان کے دورے پر کابل پہنچی ہیں جہاں اُنھوں نے عبوری افغان حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔

    دفترِ خارجہ کے ایک اعلامیے کے مطابق اس موقع پر تعلیم، صحت، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی رابطوں، عوام کے درمیان تعلقات اور سماجی و اقتصادی پراجیکٹس پر بات کی گئی۔

  5. اعظم سواتی کا مزید چار دن کا ریمانڈ منظور، عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دے دیا گیا, شہزاد ملک، بی بی سی

    اعظم سواتی

    ،تصویر کا ذریعہYouTube

    اسلام آباد کے سینیئر سول جج محمد شبیر کی عدالت میں پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹس کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

    اس موقع پر ایف آئی اے نے سینیٹر کے مزید چھ دن ریمانڈ کی درخواست کی۔ ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ اُنھیں موبائل اور ٹوئٹر اکاؤنٹ کے حوالے سے مزید تفتیش کرنی ہے۔

    ملزم اعظم سواتی کی جانب سے بابر اعوان پیش ہوئے۔

    عدالت نے اعظم سواتی مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

    ملزم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اعظم سواتی کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

    عدالت نے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ حکم تک اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہ کیا جائے۔

  6. جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کر دی

    باجوہ

    ،تصویر کا ذریعہPTV

  7. جنرل قمر جاوید باجوہ کا الوداعی خطاب

    باجوہ

    ،تصویر کا ذریعہPTV

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں آخری خطاب میں پاکستانی فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے محدود وسائل کے باوجود دہشتگردی اور بیرونی خطرات سے پاکستان کو محفوظ رکھا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مزید ترقی کرے گی۔

    جنرل باجوہ نے اس موقع پر نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    اس سے قبل جنرل باجوہ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور اُنھیں ان کی اپنی رجمنٹ 16 بلوچ نے سلامی پیش کی۔