آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز آج وزیر آباد سے ہو گا، عمران خان کا ایک اور فوجی افسر پر بھی قتل کی منصوبہ بندی کا الزام

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان کے حقیقی آزادی مارچ کا دوبارہ آغاز آج وزیر آباد سے ہو گا۔ وزیرآباد پنجاب کا وہ شہر ہے جہاں تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر فائرنگ کی گئی تھی۔ سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ اس دوسرے افسر کا نام بھی لیں گے جو (حملے والے دن) مبینہ طور پر میجر جنرل فیصل کے ساتھ کنٹرول روم میں بیٹھ کر اس منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کر رہے تھے۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, بلا اجازت احتجاج کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہو گی: اسلام آباد پولیس کی تنبیہ

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے کہا ہے کہ شہر میں بلا اجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جن سیاسی کارکنان کی شناخت اور مقدمات درج ہیں ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کررہے ہیں۔

    اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے آنے والے قومی اور بین الاقوامی مہمانوں کے لیے راستے کھلے رکھے جائیں گے، ائیر پورٹ کےلیے بلا رکاوٹ آمد و رفت قومی تشخص کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔ وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے ائیرپورٹ اور موٹروے تک آمد ورفت کے راستوں کی نگرانی کریں گے۔

    سیاسی جماعت ( پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس وجہ سے اسلام آباد کے شہریوں، طلبہ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے تمام سیاسی کارکنوں سے گزارش ہے کہ انتظامیہ سے اجازت کے ساتھ مختص مقام پر احتجاج کریں۔

  2. تحریک انصاف کا لاہور میں دوبارہ احتجاج کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف نے آج (پیر) سے لاہور میں دوبارہ احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس سلسلے میں گورنر ہاؤس کے باہر مرکزی مظاہرہ کیا جائے گا جس کی قیادت پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کریں گے۔

    گورنر ہاؤس کے علاوہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوںپر بھی احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

  3. بریکنگ, کارکن آج رات سے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کریں گے، پرویز خٹک کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن آج رات سے اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کریں گے۔

    مقامی نیوز چینل جیو نیوز سے گفتگو میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ منگل سے خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں لانگ مارچ شروع ہو گا، تمام ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی قیادت نے لانگ مارچ کی ہدایت دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو چار ریجن میں تقسیم کیا گیا ہے، جنوبی اضلاع میں ڈی آئی خان تک لانگ مارچ کی قیادت علی امین گنڈاپور کریں گے، مالاکنڈ ڈویژن میں مراد سعید اور ہزارہ میں لانگ مارچ کی قیادت اسد قیصر اور شاہ فرمان سمیت میں خود کروں گا۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان روزانہ شام ساڑھے چار بجے ویڈیو لنک سے چاروں صوبوں میں کارکنوں سےخطاب کریں گے۔

    پرویز خٹک نے بتایا کہ لانگ مارچ کے تمام جلوس 11 سے 14 دن تک راولپنڈی پہنچیں گے، راولپنڈی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کی قیادت عمران خان کریں گے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نے منگل سے لانگ مارچ وزیرآباد سے ہی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  4. بی بی سی کے لائیو پیچ میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید۔

    ملک کی سیاسی صورتحال اور بدلتے حالات کی تازہ ترین معلومات کے لیے بی بی سی کی خصوصی لائیو پیج کوریج۔

    چھ نومبر تک کی کی نیوز اپ ڈیٹس کے لیےاس لنک پر کلک کریں