آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عمران خان کی وکٹری سپیچ: دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات میں تعاون کریں گے

پاکستان کی متعدد سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلی مرتبہ متعارف کروائے جانے والے نظام میں تکنیکی خرابی نتائج میں تاخیر کی وجہ بنی ہے۔ الیکشن 2018 پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج۔

لائیو کوریج

ذیشان حیدر، حسن زیدی، رضا ہمدانی ذیشان علی، حمیرا کنول

  1. ووٹ ڈالنے نکلیں، پک اینڈ ڈراپ سہولت بھی ہے

    نامہ نگار حمیرا کنول نے بتایا ہے کہ ضلع راولپنڈی کی تحصیل مری کے ووٹرز کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے فری پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ فری پک اینڈ ڈراپ سروس مختلف علاقوں میں ایک دستور کی مانند ہمیشہ سے چلی آرہی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب فراہم کردہ اس بس پر سوار ہونے والوں میں ایک بڑی تعداد خواتین کی ہے۔

  2. لیاری میں صبح سے ہی ووٹنگ زور و شور سے جاری

    این اے 246 لیاری میں کلری کے علاقے میں اس پولنگ سٹیشن میں 1250 مرد اور 906 خواتین ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ نامہ نگار سحر بلوچ نے بتایا کہ امیدوار حسن حبیب ماضی میں پی پی پی سے وابستہ رہے ہیں مگر آج وہ پی ایس 108 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

  3. لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے پولنگ کیمپ کے باہر دھماکہ

    بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق لاڑکانہ کی یو سی 13 میں واقع سرھیا پدھر کے علاقے شاہ محمد پولنگ سٹیشن کے باہر قائم پیپلز پارٹی کے کیمپ میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے تین کارکنان اسداللہ شیخ، اشفاق علی، مرتضی زخمی ہو گئے ہیں۔ ۔

    زخمیوں کو فوری طور پر شعبہ حادثات منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو شعبہ حادثات پہنچ گئے ہیں اور انھوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے پی پی پی کے ووٹروں کو ہراساں نہیں کیا جا سکتا۔

  4. انتخابات اور پرتشدد واقعات

    پاکستان کے شہر کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر ایک پولنگ سٹیشن کے قریب ہونے والے دھماکہ میں 22 افراد ہلاک ہوئے گئے ہیں اور کئی زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔

    انتخابات سے قبل بھی انتخابی مہم کے دوران کئی دہشت گرد حملے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ایک امیدوار کی کارنر میٹنگ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی میں سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جبکہ پشاور میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں ہونے والے دھماکے میں ہارون بلور ہلاک ہو گئے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے بلوچستان سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

  5. بچوں کو ووٹنگ کا عمل دیکھنے کا شوق

    نامہ نگار حمیرا کنول کے مطابق اسلام اباد اور ضلع راولپنڈی کے سنگم پر سترہ میل کے مقام پر حلقہ این اے 53 کے ایک پولنگ سٹیشن میں بچوں کی ایک بڑی تعداد صرف ووٹنگ کا عمل دیکھنے کے شوق میں موجود ہے۔

  6. بریکنگ, کوئٹہ بائی پاس پر پولنگ سٹیشن کے قریب دھماکہ، ’22 افراد ہلاک‘

    کوئٹہ میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کے دوران ایک پولنگ سٹیشن کے نزدیک ہونے والے دھماکے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق یہ دھماکہ مشرقی بائی پاس پر واقع تعمیرِ نو پولنگ سٹیشن کے قریب ہوا۔

    سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان وسیم بیگ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے 22 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    ہلاک شدگان میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ تاحال دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہو سکی ہے

    واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے بلوچستان میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  7. الیکشن 2018: ووٹ ڈالنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

    پاکستان میں بدھ کو عام انتخابات میں دس کروڑ 60 لاکھ کے قریب ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے جا رہے ہیں لیکن پولنگ سٹیشن جانے سے پہلے ووٹ ڈالنے کے بارے میں جاری کیے گئے ہدایت نامے پر ایک نظر لازمی ڈالتے جائیں تاکہ آپ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی آپ کا ووٹ ضائع ہو۔

  8. ’علاقہ آرمی کے کنٹرول میں ہے۔‘

    عوامی نیشنل پارٹی کے افراسیاب خٹک نے ٹویٹ کی ہے کہ ’قبائلی علاقوں میں شمالی وزیرستان کے حلقے این اے 48 میں آزاد امیدوار محسن داوڑ کے پولنگ ایجنٹس کو دتہ خیل کے پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام کے پولنگ ایجنٹس کو داخلہ ملا ہوا ہے۔ محسن کے اپنے گاؤں درپا خیل میں پولنگ بند کر دی گئی ہے۔ علاقہ آرمی کے کنٹرول میں ہے۔‘

  9. 1970 سے ہر الیکشن میں ووٹ

  10. پاکستانی عوام کس بنیاد پر ووٹ ڈالتے ہیں؟

    دھڑے بندی یا برادری کی سیاست، خدمات کی فراہمی، مذہب، پارٹی سے وابستگی کون کون سے عناصر ایسے ہیں جب کی بنیاد پر پاکستانی عوام ووٹ ڈالتے ہیں۔ مزید جانیے کے یہ تحریر پڑھیے

  11. کراچی این اے 246: لیاری کے ڈی ایم سی گرلز سکول میں پولنگ کے مناظر

    ہماری ساتھی سحر بلوچ کراچی کے این اے 246 لیاری کے ڈی ایم سی گرلز سکول میں گئیں جہاں پولنگ جاری ہے۔ اس حلقے میں پی پی پی کے بلاول بھٹو زرداری اور پی ٹی آئی کے عبدالشکور شاد اہم امیدوار ہیں۔

  12. بریکنگ, عمران خان اور خواجہ سعد رفیق میں کانٹے کا مقابلہ

    لاہور کے این اے 131 میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان اور مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق آمنے سامنے ہیں۔ حلقے میں تمام پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے انتظامات پاک فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے سنبھالے ہوئے ہیں۔

    این اے 131 میں ڈیفینس، کیولری، چونگی امر سدھو، قینچی، مریم کالونی، سلطان پارک سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

    دیکھیے حلقے کی صورتحال پر بی بی سی اردو کے عمردارز ننگیانہ کا تجزیہ

  13. دیر: خواتین کا پولنگ سٹیشن پہاڑی پر

    خیبر پختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی نے بتایا ہے کہ منصور آباد نامی اس علاقے میں خواتین کے لیے پولنگ سٹیشن پہاڑی پر بنایا گیا ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

  14. ’سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہدایات کہاں سے آ رہی ہیں؟‘

    پاکستان پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر نے ٹویٹ میں کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹ کو سٹیشن سے باہر نکال دیا گیا اور بتایا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر سے بات کی جائے۔ ان کو پھر سمجھایا کہ قانونی طور پر ان کو اندر جانے کی اجازت ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہدایات کہاں سے آ رہی ہیں؟ اور قانون کی پاسداری کیوں نہیں ہو رہی؟

  15. لاہور میں خواجہ سعد رفیق کے کیمپ میں گہماگہمی

    لاہور سے بی بی سی کے نامہ نگار عمر دراز ننگیانہ کے مطابق حلقہ این اے 131 میں خواجہ سعد رفیق کے کیمپ میں خاصی گہماگہمی نظر آ رہی ہے۔

  16. لاہور کے علاقے کوٹ خواجہ سعید میں ووٹنگ زور و شور سے جاری

    بی بی سی کے وقاص انور کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ خواجہ سعید این اے 127 میں پولنگ زور و شور سے جاری ہے۔

  17. لاہور: این اے 129 میں پولنگ کے مناظر، ووٹرز میں جوش و خروش

    لاہور کے این اے 129 میں مسلم لیگ نون کے ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے علیم خان مدِ مقابل ہیں۔ نامہ نگار فرقان الٰہی نے بتایا کہ حلقے میں ووٹرز میں جوش و خروش بہت زیادہ ہے۔

  18. لوئر دیر میں خواتین کے پولنگ سٹیشن کے مناظر

    بی بی سی کے بلال احمد نے لوئر دیر خال کے منصور آباد کے زنانہ پولنگ سٹیشن میں ہونے ووٹنگ کے عمل کی تصاویر بھیجی ہیں۔

  19. الیکشن اور لو میرج

    آخری بار انھوں نے 1988 میں اپنے ہاتھ سے ووٹ ڈالا تھا۔ اس کے بعد جتنے بھی الیکشن ہوئے ان کا ووٹ خود بخود اڑ کے بیلٹ بکس میں جا کر بیٹھ گیا۔ آج سسپنس اپنے مالک کا ہاتھ پکڑ کے پولنگ بوتھ تک جائے گا ووٹ ڈلوائے گا اور غیر متوقع نتیجہ دکھائے گا۔ پڑھیے وسعت اللہ خان کی تحریر

  20. ’ریسکیو 1122 پولنگ کے درمیان کسی بھی صورتحال کے لیے تیار‘

    ریسکیو 1122 اہلکار راولپنڈی میں پولنگ سٹیشنز میں کسی بھی قسم کی ہنگالی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔