آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاناما کیس: سپریم کورٹ کا مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا حکم

پاناما دستاویزات کے بارے میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سمیت چھ افراد کی نااہلی سے متعلق درخواستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر بی بی سی اردو کی لائیو کوریج۔

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, ’آج سپریم کورٹ نے سازش کو ناکام بنا دیا‘

    احسن اقبال نے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے سازش کو ناکام بنا دیا اور جو لوگ شب خون مارنا چاہتے تھے انھیں منہ کی کھانی پڑی ہے۔ ’عمران خان کے دعوے کہ ان کے پاس نواز شریف کے خلاف ثبوت ہیں انھیں عدالت نے تسلیم نہیں کیا۔ آج پاکستان کے عوام کی فتح ہوئی ہے۔ آج آئین اور قانون کی جیت ہوئی ہے۔‘

  2. بریکنگ, ’نواز شریف چھ ماہ قبل کہتے تھے‘

    پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہ عدالتِ عظمیٰ نے اکثریت کے ساتھ یہ فیصلہ کیا ہے جو نواز شریف نے چھ ماہ قبل کہا تھا کہ پاناما پر کمیشن بنے، تحقیقات ہوں کیونکہ ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

    ’ہمارے مخالفین نے جو شہادیں عدالت میں پیش کیں وہ نا کافی تھیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سرخرو ہوئے ہیں۔ جو لوگ یہ خواہش رکھتے تھے کہ وہ نواز شریف کو وزارتِ عظمیٰ سے ہٹانے چاہتے تھے تو میں انھیں بتانا چاہتا ہوں کہ وزیرِ اعظم سنہ 2018 تک وزیرِ اعظم رہیں گے۔

  3. بریکنگ, دو ججوں کی سفارش: وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا جائے

     جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزاراحمد نے اختلافی نوٹ میں وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی۔ 

  4. بریکنگ, ’حسن اور حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں‘

    حسن نواز اور حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں: حکم

  5. بریکنگ, چھ رکنی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کا حکم

    بی بی سی کے نامہ نگاروں کے مطابق فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 

    • مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے کا ایک نمائندہ ہوگا جو کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے سے کم کا نہیں ہوگا۔
    •  اس کے علاوہ ایک ایک نمائندہ نیب، سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن اور سٹیٹ بینک سے ہوگا۔
    •  ان کے علاوہ آئی ایس آئی اور ایم آئی سے بھی دو تجربہ کار افسران اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ 
    • ’تمام نمائندوں کو ان کے اداروں کے سربراہان نامزد کریں گے۔
    • ان اداروں کے سربراہان سات روز میں نمائندوں کے نام بینچ کے سامنے جمع کروائیں۔
  6. بریکنگ, ’مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم‘

    سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دے دیا

  7. بریکنگ, فیصلہ متفقہ نہیں

     جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کا فیصلہ متفقہ نہیں۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزاراحمد نے اختلافی نوٹ دیا ہے۔ 

    فیصلہ جسٹس اعجاز افضل خان نے اکثریتی فیصلہ تحریر کیا ہے۔ 

  8. بریکنگ, فیصلہ سنایا جا رہا ہے

     جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ پاناما کیس کا فیصلہ سنا رہی ہے۔ 

  9. بریکنگ, جسٹس صاحبان کورٹ روم ون میں

    جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سپریم کورٹ کے کورٹ روم نمبر ون پہنچ گئے۔

  10. ہم آج یومِ تشکر منائیں گے

    مسلم لیگ ن کے عابد شیرعلی کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

  11. بریکنگ, ’مہذب اقوام عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہیں‘

      وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہذب اقوام عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہیں۔

    پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ پاناما پیپرز سے متعلق مقدمے میں عدالت کا فیصلہ تسلیم کریں گے۔ قصور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہذب اقوام عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہیں۔  

  12. بریکنگ, آج پاکستان کی جیت ہوگی: عمران خان

    سپریم کورٹ پہنچنے کے بعد تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی جیت ہوگی۔ میری نہیں پاکستان کی جیت ہو گی۔ میچ سے پہلے ہی مبارکبادیں مل رہی ہیں

  13. رینجرز کے ذریعے مکمل سکیورٹی

    وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد کی انتظامیہ کو سپریم کورٹ اور ملحقہ علاقوں کی رینجرز کے ذریعے مکمل سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی عمارت میں صرف ان افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن کے پاس سپریم کورٹ کے رجسٹرار کی طرف سے جاری پاس یا سکیورٹی کارڈز ہوں گے۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ علاقے میں کسی سیاسی اجتماع یا کسی قسم کی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

  14. وزیر دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف بھی کورٹ روم ون پہنچ گئے۔ ان سے قبل احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق بھی کمرہ عدالت پہنچے۔ 

  15. بریکنگ, عمران خان سپریم کورٹ پہنچ گئے

    پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان پاناما کیس کا فیصلہ سننے کےلیے سپریم کورٹ پہنچ چکے ہیں۔ ان کے ہمراہ لوگوں کی بڑی تعداد آئی ہے تاہم کمرۂ عدالت میں پی ٹی آئی کے صرف انھی افراد کو داخلے کی اجازت ہے جن کے نام پہلے فراہم کیے گئے تھے۔

  16. ’قوم حوصلہ نہ ہارے‘

    پاکستان عوامی لیگ کے صدر شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔ آج کرپشن کا تابوت نکلے گا۔ قوم حوصلہ نہ ہارے کیونکہ ہم یہ جنگ جیتیں گے۔ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے حق میں نہ بھی آیا تو اس صورت میں بھی ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔

  17. بریکنگ, ’کرپشن کے خلاف تحریک جاری تھی، جاری ہے اور جاری رہے گی‘

    پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ میڈیا کے شکر گزار ہیں جس نے پاناما کیس کے دونوں رخ عوام کے سامنے پیش کیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’کرپشن کے خلاف ہماری تحریک جاری تھی، جاری ہے اور جاری رہے گی‘۔

  18. بریکنگ, کورٹ روم ون کے باہر پولیس کی مزید نفری تعینات

    نامہ نگار عبدالہہ فاروقی نے بتایا کہ کورٹ روم ون کے باہر پولیس کی مذید نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ 

    پاکستان تحریک انصاف کی رہنما جب کورٹ روم ون پہنچیں تو ان کو اندر جانے سے روک دیا  جس پر انھوں نے احتجاج کیا کہ جب مریم اورنگزیب اور مصدق ملک عدالت کے اندر ہیں تو وہ کیوں نہیں جا سکتیں۔ ۔ 

    دوسری جانب وزیر برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل بھی عدالت پہنچ گئے ہیں۔ 

  19. بریکنگ, ’انشاء اللہ‘

    وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک سے جب سوال پوچھا گیا کہ کیا پاناما کیس کا فیصلہ وزیر اعظم کے حق میں آئے گا تو ان کا کہنا تھا انشاء اللہ۔

    ایک اور سوال کے جواب میں کہ پی ٹی آئی اس فیصلے کے حوالے سے کافی پراعتماد ہے تو ان کا کہنا تھا ’وہ ہر بات پر پراعتماد ہوتے ہیں‘۔