لعل شہباز درگاہ پر خودکش دھماکہ، کب کیا ہوا

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر جمعرات کی شام ہونے والے خودکش حملے میں 72 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 250 سے زیادہ ہے۔

لائیو کوریج

  1. حیدرآباد رینج اور دادو ڈسٹرکٹ میں ایمرجینسی ڈکلیئر

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق لعل شہباز قلندر مزار کے احاطے میں دھماکے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے حیدرآباد رینج اور دادو ڈسٹرکٹ میں ایمرجینسی ڈکلیئر کردی۔ مذکورہ واقعہ پر ڈی آئی جی حیدراباد سے جامع انکوائری رپورٹ/وضاحت سمیت سیکورٹی ڈپلائمنٹ پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہیں۔

  2. جامشورو ہسپتال میں ہنگامی حالت نافذ

    امر گوریرو نے لکھا کہ صوبائی وزیرِ صحت نے جامشورو ہسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کی ہے جو کہ سیہون سے 135 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

  3. وزیراعظم نواز شریف کی مذمت

    پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سہون شریف میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم میں سے کسی ایک پر حملہ سب پر حملہ ہے۔ 

  4. لال شہباز قلندر کے مزار پر جمعرات کو کافی رش ہوتا ہے۔ ملک بھر سے سینکڑوں لوگ یہاں آتے ہیں۔ 

  5. تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مذمتی ٹویٹ

    عمران خان نے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔

  6. بریکنگ, حیدرآباد سے ایمبولیسنز سیہون روانہ

    صحافی علی حسن کے مطابق حیدرآباد سے ایمبولیسنز سیہون روانہ کی گئی ہیں۔ سیہون میں چونکہ کوئی بڑا ہسپتال نہیں ہے اس لیے زخمیوں کو جامشورو، دادو اور حیدر آباد کے ہسپتالوں میں لے جایا جا رہا ہے۔ قریب ترین شہر جامشورو بھی سیہون سے کم سے کم 100 کلومیٹر دور ہے جہاں پہنچنے میں کم سے کم دو گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔ 

  7. فلاحی و امدادی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ کم سے کم 50 زخمیوں کو جائے وقوعہ سے منتقل کیا گیا ہے تاہم ہلاک شدگان کی تعداد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

  8. سیہون کراچی سے 250 کلومیٹر کے فاصلے پر انڈس ہائی وے پر واقع ہے۔

    سیہون

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

  9. ڈی سی جامشورو کے مطابق دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

  10. ’یہ خود کش دھماکہ تھا‘

     اے ایس پی سیہون کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ خود کش دھماکہ تھا۔ خودکش حملہ آور لعل شہباز قلندر کے مزار کے گولڈن گیٹ سے اندر داخل ہوا۔ جس وقت خود کش حملہ آور اپنے آپ کو اڑایا اس وقت مزار میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔   

  11. منور میسر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مزار کے اندر دھماکہ ہوا ہے تاہم ابھی یہ معلوم نہیں کہ اصل جگہ کیا ہے۔ 

  12. بریکنگ, لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں دھماکہ

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ میں سیہون کے مقام پر صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد زحمی ہوئے ہیں۔ 

  13. سیہون

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images