امریکی دباؤ کے باعث مسقط میں معاہدہ نہ ہو سکا: اسماعیل بقائی

،تصویر کا ذریعہLightRocket via Getty Images
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکی دباؤ کے باعث ایران عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت کے انتظامات پر اتفاقِ رائے تک نہیں پہنچ سکا۔
پیر کے روز پریس کانفرنس میں اسماعیل بقائی نے سنیچر کے روز ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پر بات کی۔ انھوں نے کہا: ’سنیچر کے روز مسقط میں ہونے والے مذاکرات صرف آبنائے ہرمز پر مرکوز تھے، خاص طور پر مفاہمتی یادداشت کی شق نمبر پانچ پر۔ ہمیں افسوس ہے کہ عمان پر امریکہ کے اعلانیہ اور خفیہ دباؤ کے باعث وہ پیش رفت نہ ہو سکی جو مسقط میں ہونی چاہیے تھی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’امریکیوں نے مفاہمتی یادداشت کی 14 شقوں کو مسخ کر دیا‘ اور ’اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ دستاویز بحران کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ایران نے کبھی بھی اپنے وعدوں کی خلاف ورزی میں پہل نہیں کی۔ مسلسل عہد شکنی کرنے والا فریق امریکہ ہے۔‘
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ’وہ (امریکہ) وعدہ خلافی کے لیے اس قدر جلدی میں تھے کہ انھوں نے مفاہمتی یادداشت کی شق پانچ میں درج ایک ماہ کی مدت بھی مکمل نہیں ہونے دی۔‘
اسماعیل بقائی نے یہ بھی کہا کہ ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جوہری تنصیبات تک رسائی کی درخواست سے اتفاق نہیں کرے گا۔












