ایران کی آبنائے ہرمز پر عمان کے ساتھ ’مثبت‘ مذاکرات کی تصدیق، تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ ’مثبت‘ مذاکرات ہوئے ہیں۔ اس سے قبل امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو اور سیکریٹری خزانہ سکاٹ بیسنٹ دونوں نے اعلان کیا تھا کہ مذاکرات میں اتنی پیش رفت ہوئی ہے کہ آبنائے ہرمز پر جہاز رانی کا سلسلہ ممکنہ طور پر اسی ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

خلاصہ

  • علاقائی سالمیت کا دفاع کریں گے تاہم تنازع کو وسعت دینے کا ارادہ نہیں: ایرانی صدر پزشکیان
  • ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تباہ کن کارروائی سے پہلے آخری موقع دینا چاہتا ہوں: ٹرمپ
  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً ایک فیصد اضافہ
  • پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چار اگست کے لیے کمی کا اعلان: پیٹرول چار روپے آٹھ پیسے، ڈیزل دو روپے 45 پیسے سستا
  • نواز شریف نے محسن نقوی کا بیان نظر انداز کرنے کا کہا ہے: رانا ثنا اللہ

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے!

    بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    پانچ اگست کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

  2. پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہ@MoDSomaliya

    پاکستان اور صومالیہ نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور عسکری صلاحیتیں بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔

    صومالیہ کی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے مفاہمتی یادداشت پر دستخط منگل کو اسلام آباد میں ہوئے۔

    صومالیہ کے وزیرِ دفاع احمد معلم فقی اور پاکستانی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

  3. یمنی حدود کے قریب ایک پروجیکٹائل لگنے سے انڈین بحری جہاز ڈوب گیا

    انڈیا کے وزیرِ جہاز رانی کا کہنا ہے کہ ایک پروجیکٹائل (داغے جانے والی شے) کے لگنے سے انڈین جہاز یمن کی سمندری حدود کے قریب ڈوب گیا ہے۔

    اُنھوں نے کہا کہ یمنی کوسٹ گارڈز نے جہاز پر سوار تمام 14 ملاحوں کو بحفاظت بچا لیا ہے۔

    انڈین وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں اس حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم انڈین پرچم بردار تجارتی جہاز ’ایم ایس وی فیضانِ نورِ اولیاء‘ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں، جو چار اگست کو یمن کے ساحل کے قریب بحیرہ احمر میں ڈوب گیا تھا۔ جہاز پر سوار تمام 13 انڈین شہریوں کو بچا لیا گیا ہے۔‘

  4. ایران کی آبنائے ہرمز پر عمان کے ساتھ ’مثبت‘ مذاکرات کی تصدیق، تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کے ساتھ ’مثبت‘ مذاکرات ہوئے ہیں۔

    ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز پر عمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات تکنیکی اور سیاسی طور پر مثبت رہے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

    اسماعیل بقائی کا مزید کہنا تھا کہ ان مذاکرات کا بنیادی مقصد بحری جہازوں کی ’محفوظ واپسی کے راستوں کا تعین‘ کرنا ہے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’ان مذاکرات کے حتمی نتائج کا اعلان اس عمل کے مکمل ہونے اور معاہدوں کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد کیا جائے گا۔‘

    یہ بیانات امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے اس اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں اُنھوں نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کے حوالے سے ایران اور عمان کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم ابھی تک کسی حتمی معاہدے تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

  5. آبنائے ہرمز کے کھلنے کی امید: عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی

    Oil

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    منگل کو تیل کی قیمتیں اس وقت تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں جب جب امریکی حکام کے بیانات نے اس امید کو تقویت دی کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایران کے ساتھ کسی معاہدے پر پہنچا جا سکتا ہے۔

    امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو اور سیکریٹری خزانہ سکاٹ بیسنٹ دونوں نے اعلان کیا کہ مذاکرات میں اتنی پیش رفت ہوئی ہے کہ جہاز رانی کا سلسلہ ممکنہ طور پر اسی ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

    بحری رسد میں خلل کم ہونے کے امکان سے متعلق خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت تقریباً 5 فیصد کم ہو کر 80 ڈالر سے نیچے آ گئی۔

    تاہم، گذشتہ چند ماہ کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات کی ناکامی نے تیل کی منڈی کو غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار رکھا ہے، جس کا نتیجہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی صورت میں نکلا۔

    منگل کو برینٹ خام تیل کی قیمت میں کمی کے ساتھ ساتھ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 5 فیصد سے زیادہ گر کر 76 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔

    امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ایران اور عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز سے مزید جہازوں کی آمد و رفت ممکن بنانے کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔

    انہوں نے محکمۂ خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’ان مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ابھی کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔ ہمیں امید ہے کہ یہ بہت جلد ہو جائے گا۔‘

    دوسری جانب سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق معاہدہ منگل یا بدھ تک طے پا سکتا ہے۔

  6. پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان

    Imran Khan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے پانچ اگست کو سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی قید کو تین برس مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    منگل کو پی ٹی آئی کے ترجمان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ یہ احتجاجی مظاہرے پاکستان بھر میں منعقد کیے جائیں گے، جبکہ مختلف ممالک میں مقیم پارٹی کے حامی بھی احتجاجی سرگرمیوں کا اہتمام کریں گے۔

    پارٹی ترجمان کے مطابق مظاہروں کے اوقات کا اعلان مقامی قیادت کی جانب سے کیا جائے گا۔

  7. آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے ایران اور عمان کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے: امریکی سیکریٹری خارجہ

    امریکہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کے حوالے سے ایران اور عمان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم حتمی معاہدہ ابھی طے نہیں پایا۔

    ایک پریس کانفرنس میں مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ’ان مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ابھی کسی بات کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔ ہمیں امید ہے کہ جلد ہی کوئی نتیجہ سامنے آئے گا۔‘

    اس سے قبل امریکی وزیرِ خزانہ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور امکان ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ایک معاہدہ کل تک طے پا جائے۔

  8. آبنائے ہرمز پر بحری آمد و رفت کی بحالی کے لیے آج یا کل معاہدہ طے پا سکتا ہے: امریکی وزیر خزانہ

    سکاٹ بیسنٹ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ آبنائے ہرمز پر بحری آمد و رفت کی بحالی کے حوالے سے معاہدہ ممکنہ طور پر بدھ کو طے پا سکتا ہے۔

    سکاٹ بیسنٹ نے سی این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کھلنے سے توانائی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

    انھوں نے کہا کہ ’ہم ایرانیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اور میرا خیال ہے کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ آج یا کل ہم آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچ جائیں اور اس تنازع میں زیادہ معمول کی صورتحال کی جانب بڑھیں۔‘

    جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس معاہدے کے تحت ایران کو کسی قسم کی ٹیرف رعایت ملے گی تو بیسنٹ نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ نقل و حرکت کی آزادی ہوگی۔‘

    امریکی وزیر خزانہ کی جانب سے آبنائے ہرمز کے جلد دوبارہ کھلنے کے بارے میں امید کا اظہار ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور عمان ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے آبنائے ہرمز کے انتظام کے طریقۂ کار پر مذاکرات کر رہے ہیں۔ جبکہ ایرانی حکام امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

    روئٹرز نے ایک سینیئر ایرانی عہدیدار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ تہران، مسقط کے ساتھ مذاکرات میں آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے جہازوں پر کنٹرول اور آبی گزرگاہ سے ان کے باہر نکلنے کی معلومات کا مطالبہ کر رہا ہے۔

    عہدیدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم کہا گیا کہ وہ عمان کے ساتھ جاری مذاکرات میں شامل ہیں۔

    ایرانی عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا کہ ’مسقط تہران کو مطلع کرنے کے بعد اجازت نامہ جاری کرے گا۔‘

  9. ایران اور امریکہ کے درمیان براہ راست بات چیت کا کوئی منصوبہ نہیں: قطر

    قطر کا کہنا ہے کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کے سفارتی حل کی تلاش کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم اس کے مطابق آئندہ دنوں میں براہِ راست مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

    قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ تمام فریقین کے ساتھ ثالثوں کی کوششیں جاری ہیں۔‘

    انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ مذاکرات کی توجہ ’ایک مختصر مدتی حل پر ہے جو بات چیت کی بحالی اور مجموعی ثالثی کے عمل میں واپسی میں مدد دے گا۔‘

    قطر پاکستان کے ساتھ مل کر ایران اور امریکہ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

  10. بریکنگ, حوثیوں کا سعودی ایئرپورٹ پر حملے کا دعویٰ

    یمن میں ایرانی حمایت یافتہ گروہ حوثیوں نے سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

    یمنی حوثی تحریک کے فوجی ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا کہ ڈرون کے ذریعے سعودی عرب میں واقع نجران ایئر پورٹ پر حساس ہدف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ جنوبی سعودی عرب میں واقع اس ایئرپورٹ کو اس لیے نشانہ بنایا کیونکہ اس کے ذریعے یمنی علاقوں حجہ اور صعدہ میں ڈرون اڑا کر فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

    تاحال سعودی عرب کی جانب سے اس دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل حوثیوں نے سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا اور سعودی ٹینکروں کو نشانہ بنایا تھا جس سے بحیرہ احمر میں جہاز رانی متاثر ہوئی تھی۔

  11. کریمیا میں روسی سکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے ایک فوجی اور تین شہری ہلاک

    کریمیا

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    روس کے زیرِ تسلط کریمیا میں ایک فوجی اہلکار کی بظاہر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ماسکو کی جانب سے تعینات علاقائی گورنر میخائل رازوژایف کا کہنا ہے کہ مسلح شخص نے اپنے ساتھی فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

    اس کے بعد اس فوجی اہلکار نے خمیلنیتسکے نامی گاؤں میں تین شہریوں کو قتل کر دیا، جن میں 71 اور 59 سالہ دو مرد اور 64 سالہ ایک خاتون شامل ہیں۔ فائرنگ کے اس واقعے میں مزید تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    رازوژایف کے مطابق حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور فائرنگ کے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔

    حملہ آور کی شناخت عوامی طور پر ظاہر نہیں کی گئی ہے اور مقامی حکام نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ روسی مسلح افواج کی کس شاخ میں خدمات انجام دے رہا تھا۔

    یہ واضح نہیں تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے یا نہیں۔ رازوژایف نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم حملے میں زخمی ہونے والوں کی جان بچانے کے لیے ’ہر ممکن کوشش‘ کر رہی ہے۔

  12. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حکومت کا بی بی سی نیوز کی خبر پر ردِعمل

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حکومت نے بی بی سی نیوز کی ایک خبر میں راولاکوٹ میں سکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ اور اس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کے واقعات کو مسترد کیا ہے۔

    حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے فائرنگ کر رکے سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے۔

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ’مسلح عناصر کی فائرنگ سے‘ سات سکیورٹی اہلکار اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

    خیال رہے حکومت اور پولیس ترجمان کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بی بی سی نیوز نے راولاکوٹ کا دورہ کر کے ایسے متعدد افراد سے بات کی ہے، جن کے خاندان کے افراد بدامنی کے حالیہ واقعات میں ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

    بی بی سی نیوز سے بات کرنے والوں میں وہ طبی عملہ بھی شامل ہے، جنھوں نے حالیہ بدامنی کے واقعات میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا ہے۔

    راولاکوٹ سے متعلق بی بی سی کی خبر پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

  13. علاقائی سالمیت کا دفاع کریں گے تاہم تنازع کو وسعت دینے کا ارادہ نہیں: ایرانی صدر پزشکیان

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا، تاہم تنازع کو وسعت دینے کا ارادہ نہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کی جانب سے صدر مسعود پزشکیان کی گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ جاری کیا گیا ہے۔

    ارنا کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کو ایسا معاشرہ قائم کرنے پر کام کرنا چاہیے جو دشمن کو مداخلت، در اندازی یا ملک میں تقسیم پیدا کرنے کا کوئی موقع نہ دے۔

  14. استعفیٰ نہیں دوں گا اور ڈٹا رہوں گا: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان

    ،تصویر کا ذریعہJohn Lamparski/Getty Images

    بی بی سی فارسی کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ نے صدر مسعود پزشکیان کے ایک ویڈیو بیان کے حصے نشر کیے ہیں جن میں ایران کے صدر کہتے ہیں: ’میں استعفیٰ نہیں دوں گا اور ڈٹا رہوں گا۔‘

    اس ویڈیو میں پزشکیان نے کہا کہ ’ہم فوجی دستوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔‘

    ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق موجودہ صورتحال، بشمول جنگ سے متعلق واقعات پر پزشکیان کی گفتگو کی مکمل ویڈیو اور متن جلد جاری کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران ’اپنی حدود اور خود مختاری کا دفاع کرتا ہے، لیکن جنگ کو وسعت دینے کا خواہاں نہیں۔‘

    ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم تہران نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت طے نہیں کی گئی۔

  15. عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

    تیل کی قیمتیں

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    آج کاروبار کے آغاز پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی فراہمی کے تسلسل کے بارے میں خدشات اور امریکہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی حل تک پہنچنے کے امکانات کم دکھائی دینے کو اس اضافے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالر 12 سینٹ (1.3 فیصد) اضافے کے ساتھ 84.89 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت گذشتہ روز سات فیصد گر کر تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی۔

    امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 77 سینٹ (ایک فیصد) اضافے کے ساتھ 81.11 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

    تیل کی قیمتوں میں اس وقت کمی آئی تھی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کے کنٹرول سے متعلق تنازع کے حل کے لیے مذاکرات جاری رہنے تک وہ ایران کے خلاف نئے حملوں سے گریز کریں گے۔

    تاہم ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے گذشتہ روز صدر ٹرمپ کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی مذاکرات جاری نہیں اور نہ ہی کسی ملاقات کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

  16. آبنائے ہرمز کے قریب ایک تجارتی بحری جہاز پر میزائل حملہ

    بحری جہاز

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    برطانوی تنظیم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق اسے اطلاع ملی ہے کہ عمان کے شہر الخصب کے شمال مشرق میں 20 بحری میل کے فاصلے پر ایک واقعہ پیش آیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایک مال بردار بحری جہاز نے ہنگامی مواصلاتی چینل وی ایچ ایف 16 کے ذریعے اطلاع دی کہ اسے ایک نامعلوم میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    بحری حادثات کی نگرانی کرنے والی اس ویب سائٹ نے کہا ہے کہ ’متعلقہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔‘

    گذشتہ روز بھی اسی علاقے میں ایک آئل ٹینکر نے اپنے قریب دھماکے کی اطلاع دی تھی، تاہم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق جہاز کے عملے اور اس کے ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔

  17. یوکرین کے تین مقامات پر حملے کے لیے تیار تھے، لیکن معذرت کے بعد حملہ منسوخ کر دیا: محسن رضائی

    محسن رضائی

    ،تصویر کا ذریعہYJCnews

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر محسن رضائی نے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ بحیرۂ کیسپیئن میں ایک ایرانی تجارتی جہاز پر یوکرین کے حملے کے بعد ایران کی مسلح افواج یوکرین کے تین مقامات پر حملے کے لیے تیار تھیں، تاہم یوکرین کی جانب سے ’معذرت‘ کے بعد یہ فیصلہ روک دیا گیا۔

    رضائی کا اشارہ ایران اور یوکرین کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فون پر گفتگو کی جانب تھا، جس کے بارے میں عباس عراقچی کے مطابق ان کے یوکرینی ہم منصب نے کہا کہ کیئو کا بحیرۂ کیسپیئن میں تجارتی جہاز ’آنا‘ پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور یہ اقدام روس کے ساتھ جنگ کے تناظر میں کیا گیا، نہ کہ تہران کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کے لیے۔

    رضائی، جو ایران کے رہبر کے سینئر فوجی مشیر بھی ہیں، نے اس گفتگو میں دعویٰ کیا کہ 40 روزہ جنگ کے آخری دنوں میں ’امریکی اڈوں پر ایران کے زیادہ درست ڈرون اور میزائل حملوں‘ کے نتیجے میں ’کویت کے اڈے کو شدید نقصان‘ پہنچا، امریکی فوجیوں نے ’عراق کے علاقے اربیل کو چھوڑ دیا‘ اور سینٹکام کے کمانڈروں کو ’اردن سے اسرائیل منتقل کر دیا گیا۔‘ رضاعی کے مطابق یہ وجوہات امریکہ کے زمینی حملے کے لیے ایک رکاوٹ ثابت ہوئیں۔

    ایران عراق جنگ کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی کمان سنبھالنے والے رضائی نے امریکہ کے ساتھ موجودہ کشیدگی میں آبنائے ہرمز کے کردار کے بارے میں کہا: ’ہم کسی صورت یہ نہیں ہونے دیں گے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کے راستے کے علاوہ کوئی اور راستہ کھولا جائے۔ اگر امریکہ آبنائے ہرمز میں اپنا جہاز بھی لے آئے تو ہم اسے نشانہ بنائیں گے۔‘

  18. نواز شریف نے محسن نقوی کا بیان نظر انداز کرنے کا کہا ہے: رانا ثنا اللہ

    رانا ثنا اللہ

    ،تصویر کا ذریعہAPP

    وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور اور سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف نے اپنی جماعت کی قیادت کو محسن نقوی کا بیان نظر انداز کرنے کا کہا ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 30 جولائی کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ’نظام ڈھے چکا ہے۔‘

    اس پر انھیں پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے قائدین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر پیغام میں محسن نقوی کو پارلیمان اور کابینہ کا فورم استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا اور طنزاً لکھا تھا کہ ’سسٹم میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں۔‘

    تاہم گذشتہ روز یہ خبریں آئیں کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی کی سینیئر قیادت کو ہدایت کی ہے کہ محسن نقوی کا نظام تباہ ہونے کا بیان نظر انداز کیا جائے۔

    ایک ٹیلی وژن انٹرویو کے دوران رانا ثنا اللہ نے اس بات کی تصدیق کی۔

    جیو ٹی وی پر پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے رانا ثنا اللہ سے سوال کیا کہ کیا نواز شریف نے پارٹی قیادت کو محسن نقوی کا بیان نظر انداز کرنے کے لیے کہا ہے؟

    وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور کا جواب تھا: ’یہ درست ہے۔‘

    شاہزیب خانزادہ نے سوال کیا: ’اور کیوں منع کیا، کیا کہہ کر منع کیا؟‘

    اس کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’محسن نقوی نے جو گفتگو کی ہے، ہم اس سے بالکل متفق نہیں ہیں اور گفتگو میں انھوں نے جو انداز اختیار کیا، اس پر بھی ہمیں سخت اعتراض ہے۔‘

    رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اس بحث کو مزید الجھانے کے بجائے پارٹی قیادت کی طرف سے یہی ہدایت ہے کہ اسے نظر انداز کیا جائے کیوں کہ یہ بے معنی گفتگو ہے، اس کا کوئی سیاق و سباق نہیں ہے۔‘

  19. ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تباہ کن کارروائی سے پہلے آخری موقع دینا چاہتا ہوں: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہChip Somodevilla/Getty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور وہ تباہ کن کارروائی سے پہلے ایک آخری موقع دینا چاہتے ہیں۔

    ٹرمپ سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے دفتر اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں آبنائے ہرمز کو کھولا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں جوہری معاملے پر بات چیت کی جائے گی، ’اس بارے میں ہمارا مؤقف بہت واضح ہے: انھیں (ایران کو) جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

    ٹرمپ نے کہا کہ گذشتہ رات انھوں نے ایران پر حملے کا فیصلہ کر لیا تھا اور وہ ’دوسری عالمی جنگ کے بعد کسی بھی حملے سے زیادہ سخت‘ ہوتا۔

    امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کے ارادوں کا علم ہونے پر ایران نے خود فون کر کے کہا کہ ’براہِ کرم حملہ نہ کریں، ہم ایک معاہدہ کر لیں گے۔‘

    ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق وہ حملے کے لیے پوری طرح تیار تھے کہ اسی دوران ’ان (ایران) کی کال آئی۔‘

    صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر نے بتایا کہ ایران کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر کئی ممالک نے بھی رابطے کیے۔ ’ایران نہیں چاہتا تھا کہ اسے نشانہ بنایا جائے اور کہا کہ ہم بات کرنا چاہتے ہیں۔‘

    امریکی صدر کے مطابق ایران نے ان سے کہا کہ ’ہم آبنائے (ہرمز) کے بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں۔‘

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے نقطۂ نظر سے آبنائے ہرمز کھلنے سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ایران کی جوہری صلاحیت کے خاتمے پر بات کی جائے۔

    صحافیوں سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے مذاکرات ہو بھی رہے ہوں تو بھی وہ ان کی تردید کرتا رہتا ہے۔

    امریکی صدر کے مطابق: ’ہم اس وقت بات چیت کر رہے ہیں اور یہ بات چیت ایران کی درخواست پر ہو رہی ہے، جس کی حمایت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک کر رہے ہیں۔‘

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تباہ کن کارروائی سے پہلے وہ ایران کو ایک آخری موقع دینا چاہتے ہیں، ’امید ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں گے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ایران ’کے لیے کسی اچھے معاہدے پر دستخط کرنے کا یہ آخری موقع ہے۔‘

  20. پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چار اگست کے لیے کمی کا اعلان

    پیٹرول

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    پاکستان کے پیٹرولیم ڈویژن نے چار اگست کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں چار روپے آٹھ پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں بھی دو روپے 45 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 389 روپے 93 پیسے ہوگئی ہے۔