خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخاب: پاکستان تحریک انصاف 6 اور اپوزیشن جماعتیں 5 نشستوں پر کامیاب

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے 6 اور اپوزیشن جماعتوں نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔

خلاصہ

  • اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کا کہنا ہے کہ اگر علی امین گنڈا پور ڈھائی بجے تک شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں پیش نہ ہوئے تو ان کا 342 کے بیان کا حق ختم کر دیا جائے گا
  • پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں مون سون کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے
  • غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام سول ڈیفنس کے ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے اتوار کے روز امداد کے منتظر 93 افراد مارے گئے
  • بمبئی ہائی کورٹ نے 2006 ممبئی لوکل ٹرین دھماکہ کیس میں سزا پانے والے تمام 12 ملزمان کو بری کر دیا
  • پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے انتخاب آج ہو گا
  • اسرائیلی فوج نے مرکزی غزہ کے ایک گنجان آباد علاقے کے لیے انخلا کے احکامات جاری کر دیے

لائیو کوریج

  1. یوکرین کی روس کو مذاکرات کے نئے دور کی پیشکش: جنگ بندی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی، ولادیمیر زیلنسکی

    زیلنسکی

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے روس کو جنگ بندی کے لیے مذاکرات کے ایک نئے دور کی پیشکش کی ہے۔

    زیلنسکی کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔

    اپنے شام کے خطاب میں، زیلنسکی کا کہنا تھا کہ سینیئر سکیورٹی اہلکار رستم عمروف نے روسی حکام کو اگلے ہفتے ملاقات کی پیشکش کی ہے۔

    زیلنسکی نے ایک بار پھر روسی ہم منصب ولادیمر پوتن سے براہِ راست ملاقات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کو یقینی بنانے کے لیے سربراہوں کی سطح پر ملاقات ضرورت ہے۔

    یوکرین کی جانب سے مذاکرات کے نئے دور کی تجویز ایک یوکرین پر روسی فضائی بمباری کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی ہے۔ ان حملوں میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ نیٹو ممالک کے ذریعے یوکرین کو ’ٹاپ آف دی لائن‘ (بہترین) ہتھیار بھیجے گا۔ انھوں نے روس کو دھمکی بھی دی ہے کہ اگر 50 دن کے اندر جنگ ختم کرنے کا معاہدہ نہ ہوا تو سخت محصولات عائد کیے جائیں گے۔

  2. 20 سال کوما کی حالت میں رہنے والے سعودی ’سلیپنگ پرنس‘ وفات پا گئے

    شہزادہ الولید بن خالد 2005 میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد برین ہیمرج کے نتیجے میں کوما میں چلے گئے تھے

    ،تصویر کا ذریعہSocial Media

    ،تصویر کا کیپشنشہزادہ الولید بن خالد 2005 میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد برین ہیمرج کے نتیجے میں کوما میں چلے گئے تھے

    سعودی عرب کی شاہی عدالت نے 20 سال سے کوما کی حالت میں رہنے والے شہزادہ الولید بن خالد بن طلال کی موت کا اعلان کر دیا۔

    شہزادہ الولید کو ’سلیپنگ پرنس‘ یا ’سوئے ہوئے شہزادے‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ وہ 35 سال کے تھے اور گذشتہ 20 برسوں سے کوما میں تھے۔

    سنیچر کے روز ان کے والد شہزادہ خالد بن طلال نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی۔

    1990 میں پیدا ہونے والے شہزادہ الولید بن خالد 15 برس کے تھے جب 2005 میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد وہ برین ہیمرج کے نتیجے میں کوما میں چلے گئے۔ حادثے کے وقت وہ ایک ملٹری کالج میں زیرِ تعلیم تھے۔

    تقریباً دو دہائی تک شہزادہ الولید طبی نگہداشت میں رہے اور ان کے منفرد کیس نے پورے ملک کو اپنی گرفت میں لیے رکھا۔

    2019 میں ان کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ شہزادہ الولید کا سر اور بایاں بازو حرکت کر رہے ہیں۔ تاہم، وہ کبھی مکمل طور پر بیدار نہیں ہوئے۔

    رواں سال کے آغاز میں ان کے کومے سے باہر آنے کی خبر پھیلی لیکن سعودی شاہی خاندان ان کی موت کے باضابطہ اعلان تک ایسی کسی بھی خبر کی تردید کرتا رہا۔

  3. کوئٹہ میں بم دھماکہ، پاکستانی فوج کا ایک افسر ہلاک

    کوئٹہ

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu Agency via Getty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں پاکستان فوج کا ایک افسر ہلاک ہو گیا ہے۔

    دھماکہ کوئٹہ کے علاقے بروری میں سنیچر کی شام کو ہوا۔

    بروری پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے فوجی افسر کی گاڑی کے ساتھ مقناطیسی بم نصب کیا جو جبلِ نورالقرآن کے قریب پھٹ گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں فوجی افسر شدید زخمی ہوگئے اور موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ دھماکے میں ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

  4. جنگ بندی کے باوجود شام میں فرقہ وارانہ جھڑپیں جاری

    دروز

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    شام کے عبوری صدر احمد الشراع کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود ملک کے جنوبی حصے میں فرقہ وارانہ تصادم جاری ہیں۔

    گذشتہ ایک ہفتے سے شام کے صوبہ سویدا میں اقلیتی دروز فرقے کے جنگجوؤں اور مسلح بدوؤں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

    دونوں فریقین ایک دوسرے پر مظالم کا الزام لگا رہے ہیں۔

    سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شامی ایوان صدر کی جانب سے سنیچر کو ملک کے جنوب میں واقع دروز اکثریتی صوبے سویدا میں فوری جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

    جنگ بندی کا اعلان ایک معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔ امریکی ثالثی کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے کے تحت دروز آبادی کی حفاظت یقینی بنائے جانے کی صورت میں اسرائیل شامی فورسز پر حملے روک دے گا۔

    حکومتی فورسز پر دروز فرقے پر حملوں میں شامل ہونے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔ ان ہلاکت خیز جھڑپوں میں اب تک 900 سے زائد افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

    اس سے قبل اسرائیل نے دروز برادری کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور مداخلت کرتے ہوئے دارالحکومت دمشق میں سرکاری افواج اور وزارت دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا تھا۔

  5. ویتنام میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں 37 سیاح ہلاک

    ویتنامی بارڈر گارڈز اور بحریہ کا کہنا ہے کہ ونڈر سیز نامی کشتی پر 53 افراد سوار تھے۔

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    ،تصویر کا کیپشنویتنامی بارڈر گارڈز اور بحریہ کا کہنا ہے کہ ونڈر سیز نامی کشتی پر 53 افراد سوار تھے۔

    ویتنام میں سیاحوں کی کشتی الٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 37 ہو غئی ہے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

    یہ حادثہ شمالی ویتنام کے مشہور سیاحتی مقام ہا لانگ بے میں پیش آیا۔

    مرنے والوں میں بیشتر ویتنامی شہری ہیں جو دارالحکومت ہنوئی سے سیاحت کی غرض سے آئے تھے۔

    امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث حادثے میں بچ جانے والوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اب تک 11 افراد کو پانی سے زندہ نکالا جا چکا ہے۔

    ویتنامی بارڈر گارڈز اور بحریہ کا کہنا ہے کہ ونڈر سیز نامی کشتی پر 53 افراد سوار تھے جب طوفان کے باعث وہ الٹ گئی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق، زندہ نکالے جانے والوں میں ایک دس سالہ بچہ بھی شامل ہے جو الٹنے والی کشتی کے نیچے بننے والے ایک ایئر پاکٹ میں پھنس گیا تھا۔

    دوسری جانب، مقامی خبر رساں ادارے وی این ایکسپریس کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم آٹھ بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    حکومت کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔

    ویتنام

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    ،تصویر کا کیپشنطوفان کے نتیجے میں سیاحوں کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی تھی۔
  6. اسرائیلی فائرنگ سے امداد کی تقسیم کے متنازع مراکز کے قریب 32 فلسطینی ہلاک، 100 سے زیادہ زخمی

    غزہ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    فلسطینی خبر رساں ادارے (WAFA) کے مطابق سنیچر کی صبح سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری سے 43 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں انسانی امداد کے منتظر 32 افراد بھی شامل ہیں جو امداد کی تقسیم کے متنازع مراکز کے قریب ہلاک ہوئے۔

    شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور کئی بچے شامل ہیں جو انسانی امداد کے منتظر تھے۔

    ان کے مطابق اس دوران 100 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے اور جنوبی غزہ کی پٹی میں ’خان یونس اور یہ واقعہ رفح کے مغرب میں دو امدادی مراکز کے قریب‘ پیش آیا۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ جب سینکڑوں فلسطینی خان یونس کے قریب اسرائیلی اور امریکی حمایت یافتہ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام امداد کی تقسیم کے مرکز کے ارد گرد جمع ہوئے تو اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کر دی۔

    خبر رساں ادارے کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے بارے میں تصدیق کر رہی ہے۔

    یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور حماس کے مذاکرات کار چھ جولائی سے دوحہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کے تازہ ترین دور میں حصہ لے رہے ہیں، جہاں وہ 60 دن کی جنگ بندی کے لیے امریکی حمایت یافتہ تجویز پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

  7. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں ڈی پی او سمیت تین اہلکار زخمی، نو شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

    پاکستان کے صوبے پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے۔

    امریکی ریاست لاس اینجلس میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے واقعے میں کم سے کم 30 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    شامی صدر احمد الشراع کی جانب سے سنیچر کو ملک کے جنوب میں واقع دروز اکثریتی صوبے سویدا میں فوری جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

  8. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔