الیکشن کمیشن نے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت پی ٹی آئی کے نو اراکین اسمبلی اور سینیٹ کو نااہل قرار دے دیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نو مئی کے کیسز میں انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں سے سزائیں پانے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے نو اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ نااہل قرار پانے والوں میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز شبلی فراز اور عمر ایوب خان سمیت زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز، رائے حیدر علی خان، محمد انصر اقبال، جنید افضل ساہی اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال شامل ہیں۔
خلاصہ
الیکشن کمیشن نے عمر ایوب اور شبلی فراز سمیت تحریک انصاف کے نو اراکین اسمبلی اور سینیٹ کو نااہل قرار دے دیا ہے
پاکستان تحریکِ انصاف سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہونے کے موقع پر آج ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے
یوکرین کی جنگ میں پاکستانی جنگجوؤں کی شرکت کا الزام بے بنیاد ہے: دفتر خارجہ
پاکستانی جنگجو روس کی جانب سے لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں: یوکرینی صدر زیلنسکی کا دعویٰ
روسی تیل کی خریداری پر ٹرمپ نے انڈیا پر عائد ٹیرف مزید بڑھانے کی دھمکی دے دی
اسرائیلی انٹیلیجنس کے سابق سربراہوں کا صدر ٹرمپ کو غزہ جنگ رکوانے کے لیے خط
لائیو کوریج
عمران خان کی قید کے دو سال: بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بلوچستان میں احتجاج کا اعلان, محمد کاظم، بی بی سی اردو
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی رہا ئی کے لیے کل احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان آصف ترین نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ عمران خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں پر مبینہ طور دائر جعلی مقدمات کے خلاف اور ان کی رہائی کے لیے کوئٹہ شہر میں ریلی منعقد کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلی کے آغاز اور اختتام کے مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان آصف ترین نے مزید بتایا کہ کوئٹہ شہر کی طرح بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی پارٹی کے سربراہ اور دیگر رہنماؤں کی رہائی کے لیے ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔
مسلسل بارشوں سے خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے: پی ڈی ایم اے
پاکستان کے صوبہ
خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے
میں بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے گلوف الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز اور مسلسل بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے
واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
صوبائی ادارے کی جانب
سے اپر اور لوئر چترال، دیر، سوات اور اپر کوہستان کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے
کہ ان علاقوں میں گلیشیئرز کے پھٹنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا
کہنا ہے کہ اس دوران متعلقہ اضلاع میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں
میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
پاکستان کی اسرائیلی وزیر کی یہودی آبادکاروں کے ہمراہ مسجدِ اقصیٰ پر دھاوا بولنے کی مذمت
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
،تصویر کا کیپشناسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اور انتہائی دائیں بازو کے رہنما ایتامر بین گویر نے اتوار کو مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ کا دورہ کیا۔
پاکستان نے
اسرائیلی وزیر کی آبادکار گروہوں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پر ’دھاوا بولنے کی مذمت‘ کی ہے۔
سرکاری خبر رساں
ادارے اے پی پی کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بے
حرمتی نہ صرف ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کی توہین ہے بلکہ بین الاقوامی
قانون اور انسانی اجتماعی ضمیر پر بھی براہ راست حملہ ہے۔
پیر کو سماجی
رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ قابض
اسرائیلی حکومت کی طرف سے اس طرح کی منظم اشتعال انگیزیوں نے امن کے امکانات کو
خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ
اسرائیل کے جارحانہ اقدامات فلسطین اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں اور مشرق
وسطیٰ کو مزید عدم استحکام اور تنازعات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
اسرائیل کے قومی
سلامتی کے وزیر اور انتہائی دائیں بازو کے رہنما ایتامر بین گویر نے اتوار کو مشرق
وسطیٰ کے سب سے حساس مقامات میں شامل مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ کا نہ صرف دورہ کیا
بلکہ اس دوران وہ دہائیوں پرانے معاہدے کی خلاف ورزی کے مرتکب بھی ہوئے۔
ان کے دورے کی
تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بین گویر یہودی عبادات کرتے ہوئے مسجد
الاقصیٰ کے احاطے میں موجود ہیں۔ اس احاطے کو یہودی ’ٹیمپل ماؤنٹ‘ کے نام سے جانتے
ہیں اور یہ علاقہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں واقع ہے۔
یاد رہے کہ اس
مقام پرعبادت کرنا ایک طویل عرصے سے قائم اس معاہدے کی خلاف ورزی ہے جو یہودیوں کو
صرف اس مقام کی زیارت کی اجازت دیتا ہے، عبادت کی نہیں۔
اردن نے، جو اس
مقام کا نگران ہے، بن گویر کے حالیہ دورے کو ’ناقابلِ قبول اشتعال انگیزی‘ قرار
دیا ہے۔
مقدس اسلامی مقام
کا انتظام سنبھالنے والے وقف کا کہنا ہے کہ بن گویر اُن 1250 یہودیوں میں شامل تھے
جو اتوار کی صبح اس احاطے میں داخل ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی چار اگست سے سات اگست تک پنجاب میں شدید بارشوں کی پیشگوئی
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں قدرتی
آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے نے صوبے میں چار سے سات اگست تک شدید
بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی
جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کا چھٹا سلسلہ سات اگست تک
جاری رہے گا۔ اس دوران راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال،
بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ
ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین، اور ڈی جی خان میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔
بیان میں کہا گیا
ہے کہ پانچ اگست سے ہونے والی بارشوں کے باعث دریائے چناب اور دریائے جہلم میں درمیانے
سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کا
کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے
جبکہ مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں
اور مسافروں کو پیشگوئی کی مدت کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی آئی کی پانچ اگست کو اسلام آباد میں جلسے کی درخواست مسترد، پارٹی کا خیبر پختونخوا میں احتجاج کا اعلان
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
اسلام آباد کی ضلعی
انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پانچ اگست کو ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے
سے متعلق درخواست مسترد کردی ہے دوسری جانب پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں احتجاج
کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے سابق وزیر
اعظم عمران خان کی گرفتار کو دو سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں احتجاجی جلسوں
کا اعلان کر رکھا ہے۔ اسی حوالے سے اسلام آباد کے ایف نائین پارک میں جلسہ کرنے کی
اجازت مانگی تھی۔ جلسے کی درخواست پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی جانب سے دی گئی تھی۔
اسلام آباد پولیس کے
ادارے سپیشل برانچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کا شہر کے
مختلف علاقوں میں چھوٹی چھوٹی ریلیاں نکالنے کا منصوبہ ہے۔ سپیشل برانچ کا دعویٰ
ہے کہ اس منصوبے میں اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کی بندش بھی شامل ہے۔
اسلام آباد پولیس نے
اس رپورٹ کی روشنی میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کر
دیے ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ راولپنڈی میں بھی
پولیس پی ٹی آئی قیادت کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔
پی ٹی آئی کا خیبر
پختونخوا میں احتجاج کے لیے لائحہ عمل کا اعلان
پاکستان تحریکِ
انصاف (پی ٹی آئی) پشاور ریجن کی جانب سے پانچ اگست کے احتجاج کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب
سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور اور خیبر کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان دن ساڑھے تین بجے حیات آباد
ٹول پلازہ، رنگ روڈ سے قلعہ بالا حصار، پشاور تک وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت
میں ریلی میں شرکت کریں گے۔
صوابی، مردان اور چارسدہ
میں احتجاج کے بارے میں پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تینوں اضلاع سے تعلق رکھنے
مظاہرین دن ساڑھے تین بجے امبار انٹر چینج صوابی پر اکٹھے ہوں گے اور عشاء کی نماز
تک عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کریں گے۔
اس کے علاوہ نوشہرہ
اور مہمند سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نوشہرہ میں خیر آباد کے مقام پر احتجاج کریں
گے۔
پی ٹی آئی پشاور ریجن نے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ
ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی قیادت میں آنے والے جلسوں کی ویڈیو بنا کر ضلعی تنظیم
کو جمع کروائیں۔
حماس ریڈ کراس کو اسرائیلی یرغمالیوں تک مشروط رسائی دینے پر راضی
،تصویر کا ذریعہOther
،تصویر کا کیپشنحماس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اسرائیلی یرغمالی ایویاتر ڈیوڈ کو غزہ کی ایک سرنگ میں رکھا ہوا دکھایا گیا ہے۔
حماس کے مسلح ونگ القسام
بریگیڈ کا کہنا ہے کہ اگر غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی کے لیے راہداری کو مستقل
بنیادوں پر کھول دیا جائے اور امداد کی تقسیم کے دوران فضائی حملے روک دیے جائیں تو
وہ اسرائیلی قیدیوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کے لیے ریڈ کراس کو رسائی دینے کے
لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ
ہفتے فلسطینی اسلامک جہاد اور حماس نے غزہ میں قید دو اسرائیلی یرغمالیوں کی ویڈیو
جاری کی تھی جس میں دونوں انتہائی کمزور دکھائی دے رہے تھے۔
ویڈیو کے اجرا کے بعد
اتوار کے روز اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو نے ریڈ کراس کے سربراہ سے بات کی،
اور یرغمالیوں کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے میں مدد کی درخواست کی۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف
ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے یرغمالیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے
کہ یہ ویڈیوز ظاہر کرتی ہیں کہ جن حالات میں یرغمالیوں کو رکھا گیا ہے اس سے ان کی
زندگیوں کو خطرہ ہے۔
ریڈ کراس نے مطالبہ
کیا کہ یرغمالیوں کی حالت کا جائزہ لینے، انہیں طبی امداد دینے اور ان کے اہل خانہ
سے رابطے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے رسائی دی جائے۔
ویڈیوز میں دکھنے
والے 21 سالہ روم براسلاوسکی اور 24 سالہ ایویاتر ڈیوڈ کو سات اکتوبر کو جنوبی
اسرائیل پر حماس کی قیادت میں ہونے والے حملے کے دوران قیدی بنایا گیا تھا۔
ان دونوں کا شمار اُن
49 یرغمالیوں میں ہوتا ہے جن کے بارے میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی غزہ میں
قید ہیں۔ اس میں سے 27 یرغمالیوں کے بارے میں اسرائیل کا خیال ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے
ہیں۔
براسلاوسکی اور ڈیوڈ
کی ویڈیو کے جاری ہونے کے بعد اسرائیلی رہنماؤں نے حماس پر یرغمالیوں کو بھوکا رکھنے
کا الزام لگایا ہے۔
تاہم حماس کے مسلح ونگ نے قیدیوں کو جان بوجھ کر بھوکا رکھنے
کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بھوک کے بحران کے دوران یرغمالی وہی کھا رہے ہیں
جو ان کے جنگجو اور دیگر لوگ کھاتے ہیں۔
یمن کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی کو حادثہ، 68 افراد ہلاک
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنحادثے کا شکار ہونے والی کشتی تقریباً 157 تارکین وطن کو لے کر جا رہی تھی۔
اتوار کے روز خراب موسم
کے باعث یمن کے ساحل کے نزدیک 150 کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانے والی کشتی کو
حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بین الاقوامی ادارہ
برائے مہاجرت (آئی او ایم) کے یمن کے سربراہ
نے بی بی سی کو بتایا کہ یمن کے جنوبی صوبے ابیان کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی الٹنے
کے بعد 68 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 12 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔
آئی او ایم کے مطابق، کشتی پر سوار بیشتر
افراد کا تعلق ایتھوپیا کے سے ہے۔
افریقہ سے کام کی تلاش
میں خلیجی عرب ریاستوں کا سفر کرنے والے تارکین وطن کے لیے یمن ایک مقبول ٹرانزٹ ملک
ہے۔
آئی او ایم کے اندازوں
کے مطابق، حالیہ مہینوں میں بحری جہازوں کے حادثوں میں سینکڑوں افراد ہلاک یا لاپتہ
ہو چکے ہیں۔
آئی او ایم یمن کے سربراہ
عبدالستور ایسویف کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی تقریباً 157 تارکین وطن
کو لے کر جا رہی تھی۔
خبر رساں ادار ایسوسی
ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق، 54 تارکین وطن کی لاشیں جنوبی ضلع خانفر میں ساحل کے
کنارے سے ملی ہیں، اور 14 دیگر کو ابیان کے صوبائی دارالحکومت زنجبار میں ہسپتال کے
مردہ خانے میں لے جایا گیا ہے۔
کسی بھی صورت خیبر پختونخوا میں ایک اور فوجی آپریشن کی اجازت نہ دی جائے: عمران خان کا علی امین گنڈاپور کو پیغام
،تصویر کا ذریعہPTI
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران
خان نے وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے کہا ہے کہ کسی بھی صورت صوبے
میں ایک اور فوجی آپریشن کی اجازت نہ دی جائے۔
اتوار کی شب سابق وزیرِ اعظم کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام
میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا علی امین گنڈاپور کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ کسی بھی صورت قبائلی
علاقوں سمیت خیبر پختونخوا میں ایک اور فوجی آپریشن کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ
جب بھی فوج اور عوام آمنے سامنے آتے ہیں تو اس میں فوج کا بطور ادارہ سب سے زیادہ نقصان
ہوتا ہے۔
’فوجی آپریشن کسی
بھی مسئلے کا حل نہیں۔ مسائل کو مقامی روایات کے مطابق بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا
چاہیے۔‘
عمران خان کا مزید
کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے چاہییں اور تمام معاملات کو
مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
’پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی‘
حال ہی میں الیکشن
کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے رکنِ اسمبلیوں کو نااہل قرار دیے جانے کے
متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ہمارے ممبرانِ
اسمبلی کی ہائی کورٹس میں اپیلوں کی سماعت
کا انتظار کیے بغیر ہی انھیں نااہل کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ
پی ٹی آئی ان خالی ہونے والی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے کوئی بھی
امیدوار نامزد نہیں کرے گی۔
پی ٹی آئی کی جانب
سے منگل کے روز سے اعلان کردہ احتجاجی مہم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک
اس وقت نہیں رکے گی جب تک جمہوریت اپنی حقیقی صورت میں بحال نہ ہو جائے۔
گذشتہ روز کی اہم خبریں
اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری قوت حاصل کرنے کا پورا حق حاصل ہے،
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں فتح خیل پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ جوابی کارروائی میں تین شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
اتوار کی صبح روس میں بحیرہ اسود کے سیاحتی مقام سوچی کے قریب تیل کے ایک بڑے ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی جس کا الزام روسی حکام نے یوکرین کے ڈرون حملے پر عائد کیا ہے۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ انھیں بھی نہیں پتا کہ ایرانی جوہری تنصیبات سے ہٹایا گیا افزوردہ یورینیم کہاں رکھا گیا یے۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔