آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ایران کے معاملے میں چین کی مدد کی ضرورت نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ کو ایران کے معاملے میں چین کی مدد کی ضرورت نہیں۔ بطور ثالث پاکستان کے کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیرِاعظم دونوں نے ہی بہت اچھا کام کیا ہے۔

خلاصہ

  • ایران کے معاملے میں چین کی مدد کی ضرورت نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
  • ایران نے امریکہ کے خلاف بین الاقوامی ثالثی کی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا
  • قطر اور ترکی کا مشترکہ طور پر پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعلان
  • ایران جنگ پر اب تک 29 ارب ڈالر لاگت آ چکی ہے: پینٹاگون
  • عباس عراقچی برکس اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی جائیں گے: انڈیا میں ایرانی سفارت خانے کا بیان
  • ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز کی حدود میں اضافے کا اعلان

لائیو کوریج

  1. لکپاس میں واقع کسٹمز کے ویئر ہاؤس میں آگ بھڑک اٹھی، 35 افراد زخمی, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب ضلع مستونگ کے علاقے لکپاس میں واقع کسٹمز کے ویئر ہاؤس میں آگ بھڑک اٹھنے سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔

    بلوچستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق آگ کی وجہ سے 35 افراد زخمی ہوگئے۔

    پی ڈی ایم اے کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صبح تقریباً 11 بجے کے قریب آگ کی اطلاع موصول ہونے پر ریلیف کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان کی ہدایات پر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موقع پر 30 ریسکیورز، 13 ایمبولینسز، چار فائر ٹرکس اور سات واٹر باؤزرز لگا دیے گئے۔

    امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد شدید زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ اور بی ایم سی برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق فیلڈ اسسمنٹ کے دوران ایک بڑے ایل پی جی باؤزر میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈپٹی کمشنر مستونگ، ونگ کمانڈر ایف سی اور اسسٹنٹ کمشنر سریاب بھی معمولی زخمی ہو گئے۔

    پی ڈی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق ویئر ہاؤس کے اندر بڑی تعداد میں ایل پی جی سلنڈرز، ایندھن اور کیمیکل موجود ہونے کے باعث صورتحال انتہائی خطرناک رہی۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق اس کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے محدود انداز میں کارروائیاں جاری رکھیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ محکمہ کسٹمز کے مطابق ویئر ہائوس میں اربوں روپے مالیت کی پکڑی جانے والی غیر ملکی گاڑیاں اور قیمتی اشیاء موجود تھیں جو کہ آگ کی وجہ سے جل گئی ہیں۔

  2. امریکی تجاویز پر پاکستان کے ذریعے جواب دے دیا ہے: ایران

    ایران نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے ’جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکہ کی تازہ مجوزہ دستاویز‘ پر اپنا جواب آج پاکستان کے ذریعے بھیج دیا ہے۔‘

    دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران امریکہ کی تجاویز پر ایران کا جواب موصول ہونےکی تصدیق کی ہے۔

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آپریشن بنیان المرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ انھیں ’فیلڈ مارشل نے آگاہ کیا ہے کہ ایران کا جواب موصول ہوگیا ہے۔‘

    تاہم ساتھ ہی انھوں نے واضح کیا کہ اس سے متعلق وہ مزید تفصیلات نہیں بتا سکتے۔

    یاد رہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کا اس سے قبل یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ’مکمل جائزہ اور حتمی مشاورت کے بعد‘ امریکی پیشکش کا جواب دے گی۔

    ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ’مجوزہ منصوبے کے تحت اس مرحلے پر مذاکرات کا محور خطے میں جنگ کے خاتمے کے موضوع پر ہوگا۔‘

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ نے ایران کو ایک نئی تجویز پیش کی تھی، جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار کہہ چکے تھے کہ وہ تہران کے جواب کے منتظر ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی حالیہ تجویز ایک صفحے پر مشتمل 14 نکات پر مبنی تھیں۔

  3. پاکستان پر مسلط کی جانے والی جنگ کا جواب مسلح افواج نے بھر پور انداز میں دیا: وزیر اعظم شہباز شریف

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہم سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے ہمیں اس مُشکل وقت میں کامیابی دی اور مُلک کے تحفظ کے لیے جان دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘

    اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔

    تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا بھی شریک ہیں۔ مختلف ممالک کے سفیر، سول اور عسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔

    وزیر اعظم اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ’انڈیا نے پہلگام واقعے کو بنیاد بناکر الزامات لگائے، ہم نے ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا، ہم نے واقعے کی ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، مگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی جو کا افواجِ پاکستان نے تاریخی جواب دیا۔‘

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ایک سال گزرنے کے باوجود انڈیا آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا، میں 10 مئی کو یوم ’معرکہ حق‘ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، ’معرکہ حق‘ ہرسال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائےگا۔‘

    بعدازاں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے خطاب میں کہا کہ ’انڈیا نے پاکستان پر بلااشتعال حملہ کیا اور اس کے دوران انڈین فوج کی جانب سے عام شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا۔‘

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان پر انڈین فوج کے اس حملے کا جواب پاکستان کی مسلح افواج نے بھر پور انداز میں دیا۔‘

  4. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔