باجوڑ میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، ایک سپاہی اور شہری ہلاک

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو مہم کسی صورت متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔

خلاصہ

  • سڈنی کے بونڈائی ساحل پر حملہ کرنے والے نوید اکرم ہوش میں آ گئے، پولیس کی تفتیش جاری: آسٹریلوی میڈیا
  • گھوٹکی میں مسافروں کے اغوا کے بعد پولیس کی کارروائی، حکام کا تمام 14 افراد کی بازیابی کا دعویٰ
  • ایف بی آئی کا نئے سال کے موقع پر جنوبی کیلیفورنیا میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ
  • فلپائن کی پولیس بونڈائی حملہ آوروں کے فلپائن دورے کی تحقیقات کر رہی ہے: وزارتِ دفاع

لائیو کوریج

  1. سڈنی میں 15 افراد کو ہلاک کرنے والے ’باپ، بیٹے‘ کے بارے میں ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟

    بونڈائی

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    آسٹریلیا کے میڈیا نے گذشتہ روز سڈنی کے ساحل بونڈائی پر فائرنگ کر کے 15 افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آوروں کی شناخت 50 سالہ ساجد اکرم اور اس کے 24 سالہ بیٹے نوید اکرم کے طور پر کی ہے۔

    ساجد اکرم جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ نوید تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

    ان دونوں حملہ آوروں کے متعلق اب تک دستیاب معلومات کے مطابق:

    • ساجد اکرم 1998 میں سٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا پہنچے تھے جسے 2001 میں پارٹنر ویزا میں تبدیل کر دیا گیا۔ بعد ازاں انھیں ریزیڈنٹ ریٹرن ویزے جاری کیے گئے۔
    • ساجد اکرم کے پاس شکار کے لیے اسلحہ لائسنس تھا اور وہ ایک گن کلب کے ممبر بھی تھے۔
    • دوسرے حملہ آور نوید اکرم آسٹریلیا میں پیدا ہوئے تھے۔
    • نوید اکرم پہلی مرتبہ 2019 میں آسٹریلوی حکام کی نظروں میں آئے تھے۔ تاہم آسٹریلین وزیرِ اعظم انتھونی البانیز کے مطابق، اس وقت ان کی جانچ پڑتال کرنے والوں کو نہیں لگا کہ ان سے کوئی خطرہ ہے یا وہ کسی پرتشدد کارروائی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
    • آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی کی رپورٹ کے مطابق، نوید اکرم کے سڈنی میں قائم نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے دہشت گرد سیل سے تعلقات کے شبہے میں جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
    • اے بی سی کا کہنا کہ انسداد دہشت گردی پولیس کا خیال ہے کہ حملہ آوروں نے نام نہاد دولتِ اسلامیہ سے وفاداری کا عہد کیا تھا۔
    • پولیس کا خیال ہے کہ حملہ آوروں نے بونڈائی ساحل سے 30 منٹ کی دوری پر ایک پراپرٹی مختصر مدت کے لیے کرایے پر تھی جہاں انھوں نے حملے کی منصوبہ بندی کی۔
    • قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے گذشتہ رات بونڈائی سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع حملہ آوروں کے خاندانی گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔ ان کی ایک ​​پڑوسی نے بی بی سی کو بتایا کہ جب انھوں نے فائرنگ کی خبر دیکھی تو انھوں نے سوچا ’اوہ میرے خدا، یہ وہ نہیں ہو سکتے۔‘
  2. پاکستان کی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں پر حملے میں بنگلہ دیشی فوجیوں کی ہلاکت کی مذمت، فوری تحقیقات کا مطالبہ

    سوڈان

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    پاکستان نے سوڈان کے شہر کدوگلی میں اقوام متحدہ کے امن دستوں پر ہونے والے حملے میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے فوجیوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    سوڈان میں ہونے والے اس حملے میں امن دستوں میں شامل بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے چھ فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    یہ امن دستے اقوام متحدہ کی عبوری سکیورٹی فورس برائے ابیائی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے۔

    پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن دستے تنازعات کو روکنے، شہریوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے پرچم تلے امن قائم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں میں سب سے آگے رہتے ہیں۔

    دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان اس بزدلانہ حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور ذمہ داروں کا احتساب کرنے کے لیے فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا تاکہ اقوام متحدہ کے تمام امن فوجیوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  3. دس سالہ بچی، ہولوکاسٹ میں بچ جانے والا شخص اور راہب: بونڈائی حملے میں مارے جانے والے افراد کون ہیں؟

    بونڈائی

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    اتوار کے روز سڈنی کے ساحل بونڈائی پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 15 افراد میں ایک دس سالہ بچی، ایک ہولوکاسٹ میں بچ جانے والا شخص اور دو راہب شامل ہیں۔

    اس حملے میں مارے والے افراد وہاں یہودیوں کے تہوار ہنوکا کی پہلے دن کی تقریب میں شامل ہونے آئے تھے۔

    10 سالہ مٹلڈا

    حکام نے تصدیق کی ہے مرنے والوں میں ایک 10 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ مقامی میڈیا نے اس کی شناخت مٹلڈا کے نام سے کی ہے۔

    ارینا گڈہیو مٹلڈا کی سابقہ ​​ٹیچر ہیں اور وہ لڑکی کی ماں کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کا کر رہی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ مٹلڈا کو ’ایک خوش مزاج اور پرجوش بچی کے طور پر جانتی تھیں جو اپنے آس پاس ہر کسی کے لیے روشنی کی ایک کرن کی مانند تھی۔

    ہارمونی رشین سکول آف سڈنی نے بھی تصدیق کی کہ مٹلڈا ان کی سکول کی طالبہ تھی۔

    راہب ایلی شلانگر

    41 سالہ ایلی شلانگر بونڈائی کے راہب کے طور پر بھی جانے جاتے تھے،

    شلانگر اتوار کے روز منعقدہ ہنوکا کی تقریب کے منتظمین میں سے ایک تھے۔

    برطانوی نژاد راہب کی موت کی تصدیق ان کے کزن راہب زلمان لوئس نے کی۔ شلانگر کے پانچ بچے تھے۔

    ڈین الکیم

    فرانسیسی شہری ڈین الکیم کی موت کی تصدیق فرانس کے وزیر خارجہ جین نول بیروٹ نے کی ہے،

    الکیم کے لنکڈ ان پروفائل کے مطابق، این بی سی یونیورسل کے لیے آئی ٹی تجزیہ کار کے طور پر کام کر رہے تھے اور گذشتہ سال ہی آسٹریلیا آئے تھے۔

    الیگزینڈر کلیٹ مین

    الیگزینڈر کلیٹ مین ہولوکاسٹ سے بچ جانے والوں میں شامل تھے۔ وہ یوکرین سے آسٹریلیا آئے تھے۔

    الیگزینڈر کی اہلیہ لاریسا کلیٹ مین نے اتوار کو سڈنی کے ایک ہسپتال کے باہر صحافیوں کو بتایا، ’میرا کوئی شوہر نہیں ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ ان کی لاش کہاں ہے۔ کوئی بھی مجھے کوئی جواب نہیں دے سکتا۔‘

    انھوں نے بتایا کہ جب فائرنگ شروع ہوئی تو سب نیچے جھک گئے۔ ان کے مطابق، اس وقت الیگزینڈر ان کے پیچھے تھے۔ ’ایک ہی لمحے میں انھوں نے میرے قریب آنے کا فیصلہ کیا۔ اس نے اپنے جسم کو اوپر کیا کیونکہ وہ میرے قریب رہنا چاہتے تھے۔‘

  4. سڈنی کے بونڈائی ساحل پر فائرنگ کرنے والوں کے نام ساجد اور نوید اکرم ہیں: آسٹریلوی میڈیا

    سڈنی بوڈائی

    ،تصویر کا ذریعہScreenGrab

    آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کر کے 15 افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق، حملہ آوروں کے نام ساجد اور نوید اکرم ہے۔

    اس سے قبل نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے بتایا تھا کہ دونوں حملہ آور باپ بیٹے ہیں۔ پولیس کے مطابق، 50 سالہ حملہ آور مارا کا چکا ہے جبکہ اس کے بیٹے کی حالت تشویش ناک ہے۔

  5. حملہ آور باپ 1998 میں آسٹریلیا آیا تھا جبکہ بیٹا آسٹریلیا میں ہی پیدا ہوا تھا، آسٹریلوی وزیرِ داخلہ

    بونڈی ساحل

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    آسٹریلیا کے وزیرِ داخلہ ٹونی برک کا کہنا ہے کہ مارا جانے والا 50 سالہ حملہ آور 1998 میں بیرونِ ملک سے سٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا آیا تھا۔

    آسٹریلوی وزیر کا کہنا ہے کہ 2001 میں اس نے پارٹنر ویزا حاصل کیا اور بعد ازاں اسے ریزیڈنٹ ریٹرن ویزے ملے۔

    دوسرا حملہ آور جو کہ مارے جانے حملہ آور کا بیٹا ہے زیرِ حراست ہے اور ٹونی برک کے مطابق وہ آسٹریلیا میں ہی پیدا ہوا تھا۔

    لیماناتوا فاتو

    ،تصویر کا ذریعہBBC/Katy Watson

    بی بی سی کی نمائندہ کیٹی واٹسن کے مطابق، دونوں حملہ آور بونڈی ساحل سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع جنوب مغربی سڈنی کے علاقے بونی رگ کے رہائشی ہیں۔

    بونی رگ میں ان کے پڑوسی حیران ہیں۔

    لیماناتوا فاتو اس مکان کے سامنے والے گھر میں رہتی ہیں جہاں دونوں حملہ آور رہائش پذیر تھے۔ انھوں نے بی بی سی کی نمائندہ کیٹی واٹسن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی نے انھیں چیخ کر کہا کہ ’ماں باہر دیکھو‘۔

    فاتو نے بتایا کہ انھیں باہر بہت سارے پولیس اہلکار اور گاڑیاں دکھیں۔ ’وہ لاؤڈ سپیکر پر انھیں باہر آنے کا کہ رہے تھے۔‘

    ’پھر میں نے خبر دیکھی - میں نے سوچا اوہ میرے خدایا، یہ وہ نہیں ہو سکتے۔‘

    فاتو کا کہنا ہے کہ انھوں اکثر نوجوان حملہ آور کو گھر سے باہر آ کر کوڑا پھینکتے دیکھا تھا۔

    ’ہم یہاں عام لوگوں کی طرح رہتے ہیں، یہ ایک اچھا علاقہ ہے۔‘

  6. ایران میں افغانستان کے متعلق اجلاس میں افغان طالبان کی عدم شرکت: دہشت گردی سے متعلق خدشات دور کیے جائیں، پاکستان کا مطالبہ

    افغانستان

    ،تصویر کا ذریعہx/AmbassadorSadiq

    ایران کے دارالحکومت تہران میں اتوار کے روز افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر ایک اجلاس شروع ہوا ہے جس میں افغانستان کے پڑوسی ممالک اور علاقائی ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

    اس اجلاس کا انعقاد ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ اس سطح کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ خطے کے ایک انتہائی اہم مسئلے پر علاقائی ممالک کے درمیان تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے طالبان کے نمائندوں کی عدم شرکت کی جانب حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن انھوں نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

    ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، پاکستان، چین، روس، ازبکستان، تاجکستان اور ترکمانستان کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

    پاکستانی وفد کی سربراہی پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق کر رہے ہیں۔

    اتوار کے روز اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں محمد صادق کا کہنا ہے کہ اس اجلاس کے دوران پاکستان نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا کہ دہشت گردی کے متعلق اسلام آباد کے خدشات کو دور کیا جانا چاہیے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور سلامتی کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

    محمد صادق نے کہا کہ اجلاس کے دوران ’میں نے تمام شریک ممالک کے اس جائزے سے اتفاق کیا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا مسلسل خطرہ خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔‘

  7. براؤن یونیورسٹی حملہ، امریکی پولیس کا ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لینے کا دعویٰ

    براؤن یونیورسٹی حملہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کے واقعے سے تعلق کے شبہے میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    سنیچر کے روز روڈ آئی لینڈ کے شہر پروویڈنس کی براؤن یونیورسٹی میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ نو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

    پولیس نے بتایا ہے کہ حراست میں لیے گئے مشتبہ شخص کی عمر 20 سال ہے۔ بعد ازاں امریکی میڈیا نے اس کی شناخت بینجمن ایرکسن کے نام سے کی ہے۔

    پروویڈنس کے میئر بریٹ سمائلی کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والے سات افراد کی حالت مستحکم ہے، ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک شخص کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

  8. ’بندوقوں سے متعلق قانون میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے‘

    کرس منز

    ،تصویر کا ذریعہWireImage

    نیو ساؤتھ ویلز کے پریمیئر کرس منز کا کہنا ہے کہ نیو ساؤتھ ویلز میں بندوقوں سے متعلق قانون میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ تاہم انھوں نے اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس کا تبدیلی کا اثر دیرپا ہو۔ ’آپ کو جلد اس پر عملدرآمد ہوتا دکھے گا۔‘

    آسٹریلیا کے آتشیں اسلحہ سے متعلق 1996 کے ایکٹ کے تحت، کسی بھی شخص کو بنا لائسنس یا اجازت نامہ کے آتشیں اسلحہ یا پستول رکھنے کی اجازت نہیں۔

    نیو ساؤتھ ویلز پولیس اور حکومت آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود حاصل کرنے کے بارے میں اپنی ویب سائٹ پر کہتے ہیں کہ ایسے تمام افراد جو اجازت نامہ یا لائسنس کے ذریعے آتشیں اسلحہ رکھتے ہیں، انھیں خود کو رجسٹرڈ کروانا ضروری ہے۔

  9. مارے جانے والے 50 سالہ حملہ آور کے پاس شکار کے لیے اسلحے کا لائسنس تھا: آسٹریلوی پولیس

    نیو ساؤتھ ویلز کے پولیس کمشنر میل لینیون کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے 50 سالہ حملہ آور کے پاس شکار کے لیے آتشیں اسلحہ کا لائسنس تھا اور وہ لائسنس رکھنے کی اہلیت پر پورا اترتا تھا۔

    مال لینیون کا کہنا ہے کہ ’وہ ایک گن کلب کا رکن تھا اور آتشیں اسلحے سے متعلق قانون کے مطابق اسے آتشیں اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کا حق تھا۔‘

    کمشنر کینیون کے مطابق، حملہ آور کے پاس 2015 سے اسلحہ لائسنس تھا۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس شخص کے پاس ’کیٹیگری اے بی کا لائسنس تھا، جس کے تحت وہ طویل فاصلے سے مار کرنے والی بندوقیں رکھنے کا اہل تھا۔‘

  10. خضدار میں دستی بم حملے میں ایک بچہ ہلاک، چھ افراد زخمی, محمد کاظم، بی بی سی کوئٹہ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں دستی بم کے حملے میں ایک بچہ ہلاک اور چھ افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی شب ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔

    وڈھ پولیس کے ایس ایچ او عبدالوہاب نے فون پر بتایا کہ جس گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا اس میں دو بھائیوں کا خاندان فیملی رہائش پزیر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں بھائیوں کا تعلق سندھ کے علاقے کشمور سے ہے جو وڈھ میں کھیتوں میں محنت مزدوری کرتے ہیں۔

    ایس ایچ او عبدالوہاب کے مطابق، دستی بم حملے میں ایک بچہ ہلاک ہوا ہے جس کی عمر اندازاً آٹھ سال تھی۔

    حملے میں خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے متعلق تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    ضلع پنجگور سے سی ٹی ڈی اہلکار کی لاش برآمد

    دوسری جانب، بلوچستان کے ضلع پنجگور سے ایک سی ٹی ڈی کے اہلکار کی لاش ملی ہے۔

    پنجگور پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اہلکار خلیل احمد کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا جن کی لاش چکل کلگ کے علاقے سے برآمد ہوئی۔

    لواحقین نے لاش کے ہمراہ ایس ایس پی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا تاہم پولیس حکام سے مذاکرات کے بعد انھوں نے احتجاج ختم کر دیا۔

  11. سڈنی کے ساحل بونڈائی پر فائرنگ سے 15 افراد ہلاک: حملے میں جان بوجھ کر یہودی کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا، آسٹریلوی وزیرِاعظم

    بونڈائی ساحل حملہ

    آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز اور نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی جانب سے سڈنی کے ساحل بونڈائی پر دہشت گردی کے حملے سے متعلق تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ دونوں حملہ آور باپ بیٹا تھے جن میں سے ایک ہلاک ہو گیا ہے جبکہ دوسرا حملہ آور شدید زخمی ہے۔

    پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 15 ہے اور ان کی عمریں 10 سے 87 سال کے درمیان ہیں جبکہ بچوں سمیت 42 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    آسٹریلوی وزیر اعظم نے پولیس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والا حملہ خالصتاً ’شیطانی عمل‘ تھا اور ایک ایسا حملہ تھا جس میں جان بوجھ کر یہودی کمیونٹی کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

    وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ’یہود دشمنی‘ پر مبنی تھا جبکہ ’ہماری سرزمین پر دہشت گردی کا بدترین واقعہ‘ تھا۔

    پریس کانفرنس کے دوران پولیس کمشنر لینیون سے صحافیوں نے سوالات پوچھا کہ کیا دونوں حملہ آوروں کا ریکارڈ پولیس کے پاس تھا اور کیا وہ ان اطلاعات پر تبصرہ کریں گے کہ جائے وقوع پرشدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ کا سیاہ پرچم موجود تھا؟

    اس کے جواب میں پولیس کمشنر لینیون نے بتایا کہ ’وہ تفصیلات یا قیاس آرائیوں میں نہیں جائیں گے تاہم یہ بتایا کہ بڑی عمر والے حملہ آور کے پاس تقریباً دس سال سے اسلحے کا لائسنس تھا۔

    ’ہم اس حملے کے پیچھے محرکات کو دیکھیں گے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ تحقیقات کے حصے کے طور پر اہم ہے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ جائے وقوع کے قریب سے دو فعال دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈیز) ملے ہیں جنھیں پولیس نے ’محفوظ ‘ کر لیا ہے۔

  12. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • سڈنی پولیس کا کہنا ہے کہ بونڈائی کے ساحل پر حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہے اور ان کی عمریں 10 سے 87 سال کے درمیان ہیں جبکہ بچوں سمیت 42 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں
    • امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ کے مرکزی شہر پروویڈنس کی براؤن یونیورسٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور مزید نو افراد زخمی ہوئے ہیں
    • جرمنی میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ کرسمس مارکیٹ میں گاڑی چڑھا کر لوگوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں شامل تھے۔
    • انڈیا کی ریاست آسام کے شہر تیزپور میں انڈین فضائیہ کے ایک ریٹائرڈ افسر کو پاکستانی انٹیلیجنس ایجنٹس کے ساتھ مبینہ روابط اور ملک کے دفاع سے متعلق دستاویزات شیئر کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
    • پاکستان کی وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز میں عالمی ادارے کی جانب سے کوئی نئی بات نہیں کی گئی ہے بلکہ یہ طے شدہ اصلاحاتی ایجنڈے کا تسلسل ہے۔
  13. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔