آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

باجوڑ میں چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی سے حملہ، ’دس اہلکار ہلاک‘: پولیس

پولیس حکام کے مطابق اس حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دس ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ تاہم پاکستان کی فوج کی جانب سے ابھی تک اس واقعے اور ہلاکتوں سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ کے ماموند کے علاقے ملنگی میں ایف سی چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

خلاصہ

  • امن بورڈ کے رُکن ممالک نے غزہ استحکام فورس کے لیے ’ہزاروں اہلکار‘ فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے: صدر ٹرمپ کا دعویٰ
  • ایران کے ساتھ کوئی نتیجہ خیز معاہدہ نہیں ہوا، لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں: امریکہ
  • ایران پابندیاں ہٹانے کے بدلے امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات میں سمجھوتے پر غور کرنے کو تیار ہے: ایرانی نائب وزیرِ خارجہ
  • اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا طبی معائنہ مکمل، رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے گی: حکام
  • عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہم حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ عمران خان کو ہسپتال منتقل کرے: اسد قیصر

لائیو کوریج

  1. امریکی سفیر کی بی این پی کو ’تاریخی کامیابی‘ پر مبارکباد

    بنگلہ دیش میں تعینات امریکی سفیر نے بی این پی اور اس کے رہنما طارق رحمان کو کامیاب انتخابات اور تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

    سفیر برینٹ ٹی کرسٹینسن نے اپنے پیغام میں لکھا کہ امریکہ دونوں ممالک کی خوشحالی اور سلامتی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے آپ کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔

    یاد رہے کہ سرکاری نتائج ابھی جاری نہیں ہوئے، تاہم مقامی میڈیا نے بی این پی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی پیش گوئی کی ہے۔

  2. بنگلہ دیش میں ووٹوں کی گنتی جاری، بی این پی آگے، جماعتِ اسلامی دوسرے نمبر پر

    بنگلہ دیش میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور رجحانات کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) آگے ہے جبکہ جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بی این پی تقریباً دو تہائی نشستیں جیت سکتی ہے۔

    بی این پی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی جماعت ہے۔ ان کی وفات کے بعد ان کے بیٹے طارق رحمان اس کے مرکزی رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

    جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی جاری ہے، پارٹیوں نے ووٹوں میں دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں۔ نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی)، جو نوجوانوں کی تحریک کی نمائندگی کرتی ہے اور جس نے 2024 میں شیخ حسینہ کو ہٹایا تھا، نے الزام لگایا ہے کہ نتائج میں ہیرا پھیری کی گئی ہے۔

    این سی پی نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔

    کم از کم دو دیگر جماعتوں کے امیدواروں نے بھی اسی طرح کے الزامات کے ساتھ الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ بی این پی نے جماعت اسلامی پر فراڈ کا الزام لگایا ہے۔

    بنگلہ دیش میں جمعرات بارہ فروری کو عام انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ ووٹنگ 4:30 بجے تک جاری رہی۔ اس کے بعد گنتی شروع ہو گئی تھی۔

    سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی کے بعد اس بار اصل مقابلہ بی این پی اور جماعت اسلامی کے درمیان ہے۔

  3. بنگلہ دیش میں انتخابات: جماعت اسلامی نتائج میں تاخیر پر نالاں اور بی این پی کا دھاندلی کا الزام

    بنگلہ دیش میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور ایسے میں ملک کی دو بڑی جماعتوں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعت اسلامی کی جانب سے شکایات سامنے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    جمعرات کی رات ایک پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے رہنما نتائج کے اعلان میں ’تاخیر‘ پر نالاں نظر آئے۔

    جماعت کے امیر شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک ہماری معلومات ہے متعدد حلقوں میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے اور ہم آگے ہیں لیکن مقامی ریٹرننگ افسران اعلانات نہیں کر رہے، نتائج کو روک رہے ہیں، ہمیں نہیں معلوم کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟‘

    دوسری جانب بی این پی کے رہنما مہدی امین نے ایک پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی پر ’دھاندلی اور فراڈ‘ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’اس سب کے باوجود غیرسرکاری نتائج دیکھ کر لگ رہا ہے کہ لوگ جس جماعت سے محبت کرتے ہیں وہ عوامی حمایت سے دو تہائی نشستوں کے ساتھ حکومت بنائے گی۔‘

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’دھاندلی کر کے کچھ مخصوص امیدواروں ک کچھ مخصوص نشستوں پر جتوایا جا رہا ہے۔‘

  4. انڈیا کی ڈیفنس کونسل نے مزید رفال طیاروں سمیت فوجی سازو سامان کی خریداری کے لیے 39 ارب ڈالرز کی منظوری دے دی

    انڈین وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کی سربراہی میں ڈیفنس ایکوزیشن کونسل نے دفاعی فورسز کی صلاحیت میں اضافے کے لیے 39 ارب ڈالرز کی منظوری دے دی ہے۔

    جمعرات کو دہلی میں ہونے والے اجلاس میں اس بجٹ کی منظوری دی گئی، جس کے تحت مزید رفال لڑاکا طیارے انڈین فضائیہ میں شامل کیے جائیں گے۔

    خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انڈیا نے 114 رفال طیارے اور دیگر فوجی سازو سامان کی خریداری کے لیے 39 ارب ڈالرز کی منظوری دی ہے۔

    کونسل نے نئے میزائل اور سیٹلائٹ سسٹم خریدنے کے لیے بھی رقم کی منظوری دی ہے۔

    وزارت دفاع نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ اس کا مقصد فضائی قوت میں اضافہ اور نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج اور بحریہ کو بھی اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے جبکہ کوسٹ گارڈز کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔

    وزارت دفاع نے جمعرات کو فرانس کے ساتھ 114 رفال لڑاکا طیاروں کی خریداری کے طویل عرصے سے زیر التوا معاہدے کی منظوری دے دی۔ اسی طرح کی خریداری کو تقریباً 13 سال قبل حتمی شکل دی گئی تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔

  5. عمران خان کو کسی ہسپتال داخل کیا جائے، تمام ملاقاتوں میں حکام سے صوبائی امور پر بات چیت ہوئی: سہیل آفریدی, اعظم خان، بی بی سی اُردو اسلام آباد

    وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ خیبر پختونخوا میں امن کی بحالی اور افغانستان سے متعلق کچھ امور پر اتفاق ہوا ہے۔

    اسلام آباد میں بی بی سی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے واضح کیا کہ تیراہ سے زبردستی لوگوں کو نکالا گیا ہے اور اب میں نے یہ ہدایات دی ہیں کہ ان لوگوں کو معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنا عزت سے گزر بسر کر سکیں۔

    صوبے میں فوجی آپریشنز سے متعلق انھوں نے کہا کہ ’میری پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ صوبے میں امن و امن کی بحالی اور افغانستان سے متعلق کچھ امور پر اتفاق ہوا ہے جن کے بارے میں ابھی تفصیلات سامنے نہ لانے پر اتفاق ہوا ہے۔‘

    وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ حکومت اور عسکری حکام سے ہونے والی ملاقاتوں میں صوبائی امور پر بات چیت ہوئی ہے اور انھوں نے پارٹی امور اور عمران خان سے متعلق بات نہیں کی ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے انھیں یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ این ایف سی سمیت خیبر پختونخوا کا حق اسے دیا جائے گا تاہم حکومت نے اس مجبوری کا بھی ذکر کیا ہے کہ خزانے میں اتنے وسائل نہیں ہیں کہ فوری ادائیگیاں ہو سکیں۔

    آٹھ فروری کے احتجاج سے متعلق سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں پہلے احتجاج سے متعلق کنفیوژن تھی مگر بعد میں یہ اتفاق ہو گیا تھا کہ تحریک تحفظ آئین احتجاج کی کال دینے کی مجاز ہو گی۔

    ایک سوال پر سہیل آفریدی نے کہا کہ میں بطور وزیر اعلیٰ اپنے صوبے میں احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال کی کال نہیں دے سکتا اس وجہ سے کسی بھی ریلی یا مظاہرے سے میں نے خطاب بھی نہیں کیا۔

    ’عمران خان کو کسی ہسپتال میں داخل کیا جائے‘

    سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جو سرکاری میڈیکل رپورٹ سامنے آئی ہے اس میں خود تسلیم کیا گیا ہے کہ عمران خان کی بینائی 10 سے 15 فیصد تک رہ گئی ہے، تاہم اس رپورٹ پر بھی اعتماد نہیں کیا جا سکتا کیونکہ تاحال ان کے ذاتی ڈاکٹروں کو مکمل معائنہ کی اجازت نہیں دی گئی۔

    سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کو ہسپتال منتقل کرتے وقت نہ ان کے اہلخانہ کو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی ان کے ذاتی معالج کو بلایا گیا، جو بدنیتی اور خوف کی عکاسی کرتا ہے۔

  6. ایران جوہری تنصیب کے قریب زیرِ زمین سرنگوں پر مشتمل کمپلیکس مضبوط کر رہا ہے: سیٹلائٹ تصاویر میں انکشاف, بی بی سی ویریفائی

    سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے جوہری مقام کے قریب سرنگوں کے احاطے کو مضبوط کیا ہے۔

    ایران نطنز جوہری تنصیب کے جنوب میں تقریباً ایک میل کے فاصلے پر زیر زمین کمپلیکس کے داخلی راستوں کو مضبوط کر رہا ہے۔

    انسٹی ٹیوٹ فار سائنس اینڈ انٹرنیشنل سکیورٹی (آئی ایس آئی ایس) کے تھنک ٹینک کی طرف سے تجزیہ کردہ سیٹلائٹ امیجز ماؤنٹ کولنگ گاز لا پر واقع کمپلیکس کو دکھاتی ہیں جسے پکیکس ماؤنٹین بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں ایک سرنگ کے دروازے پر نیا کنکریٹ دکھائی دیتا ہے۔

    10 فروری کی تصاویر سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ایک اور سرنگ میں کنکریٹ سے مضبوط ڈھانچہ شامل کیا گیا ہے۔

    آئی ایس آئی ایس کا کہنا ہے کہ جگہ کے ارد گرد بھاری تعمیراتی مشینری اور مواد کی جاری موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کمپلیکس ابھی تک آپریشن کے لیے تیار نہیں ہے۔

    امریکہ اور اسرائیل نے گذشتہ برس ایران پر کیے جانے والے حملوں کو اس جوہری تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا تھا جبکہ اس کے قریب نطنز جوہری پلانٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

    آئی ایس آئی ایس نے اصفہان میں ایک جوہری مقام پر سرنگ کے داخلی راستوں کو مٹی ڈال کر بند کرنے کی سیٹلائٹ تصاویر کا بھی تجزیہ کیا ہے۔ اس مقام کو گذشتہ برس کے حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

  7. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • بنگلہ دیش میں 13 ویں عام انتخابات کے لیے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں اکا دکا بدامنی کے واقعات کے علاوہ مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی۔
    • پاکستان کی سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو حکم دیا ہے کہ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی موجودگی میں 16 فروری سے پہلے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آنکھ کا معائنہ کروایا جائے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے عدالت کی طرف سے مقرر کیے گئے ’فرینڈ آف کورٹ‘ سلمان صفدر کی طرف سے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کی روشنی میں یہ حکم دیا۔
    • ترجمان پاکستان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان نے انڈیا کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ اس کھیل کو ہتھیار نہ بننے کے لیے کیا ہے۔
    • پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت نے کم عمری میں شادیوں کی روک تھام کے لیے شادی کی کم سے کم عمر 18 سال مقرر کرنے کا آرڈیننس جاری کیا ہے۔
    • کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں گذشتہ روز ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں ایک 18 سالہ نوجوان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایک سکول اور گھر میں ہونے والے فائرنگ کے اس واقعے میں آٹھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے جبکہ مبینہ حملہ آور بھی اپنی ہی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
    • موجودہ مالی سال کے پہلے چھ مہینوں میں پاکستان کی وفاقی حکومت کے ذمے ملکی و غیر ملکی قرضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ایک سال میں 6,882 ارب روپے بڑھ گیا۔
    • پاکستان میں بجلی کے شعبے کے نگران ادارے نیپرا نے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ چارجز ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کیے جائیں گے۔ دوسری جانب صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے فی یونٹ نرخ میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
  8. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز کی اہم خبروں کے لیے یہاں کلک کریں۔