جمعے کے روز وسطی میانمار میں 7.7
شدت کے زلزلے کی وجہ سے متعدد علاقوں لرز اُٹھے۔ نا صرف میانمار بلکہ تھائی لینڈ
اور جنوب مغربی چین سمیت دیگر علاقوں میں بھی اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امدادی کارروائیوں میں مصروف
امدادی کارکُنان کی جانب سے سیکڑوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا
ہے، تاہم اب تک ہلاکتوں کے حوالے سے سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق
زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر ساگانگ سے 16 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا اور اس کی
گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
یہ میانمار کے دوسرے سب سے بڑے
شہر منڈلے کے قریب ہے، جس کی آبادی تقریباً 15 لاکھ ہے اور دارالحکومت نی پی تو سے
تقریباً 100 کلومیٹر شمال میں ہے۔
زلزلے سے سب سے زیادہ
کون سے علاقے متاثر ہوئے؟
میانمار بھر میں ہی عمارتوں کو
نقصان پہنچنے کے علاوہ دارالحکومت میں سڑکیں بُری طرح سے ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں اور
زلزلے کی وجہ سے ان میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔
تھائی لینڈ اور جنوب مغربی چین
سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک
میں زلزلے کے مرکز سے سینکڑوں میل دور ایک زیرِ تعمیر عمارت کے گرنے سے اس میں کام
کرنے والے 81 تعمیراتی کارکن لاپتہ ہیں۔
ایک ویڈیو میں بینکاک میں چھت پر
ایک تالاب سے پانی کو گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سرکاری طور پر ہلاکتوں کے اعداد و
شمار سامنے آنے میں کچھ وقت لگے گا لیکن منڈلے میں قائم ایک ریسکیو ٹیم کے ایک رکن
نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد ’کم از کم بھی ہوئی تو سینکڑوں
میں ہوں گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم اس
وقت صرف اتنا ہی کہہ سکتے ہیں کیونکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔‘
میانمار میں تازہ
ترین صورتحال کا پتہ لگانا کتنا مشکل ہے؟
میانمار جسے پہلے برما کے نام سے
جانا جاتا تھا سے معلومات حاصل کرنا اس وقت انتہائی مُشکل کام ہے۔
میانمار میں سنہ 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد سے فوجی حکومت
قائم ہے جس کی وجہ سے معلومات تک رسائی میں مُشکلات کا سامنا ہے۔
ریاست یعنی فوجی حکومت تقریباً
تمام مقامی ریڈیو، ٹیلی ویژن، پرنٹ اور آن لائن میڈیا کو کنٹرول کرتی ہے اور
میانمار میں انٹرنیٹ کا استعمال بھی محدود ہے۔
زلزلے کے بعد سے متاثرہ علاقوں
میں موبائل نیٹ ورک خراب ہیں اور ہزاروں متاثرین بجلی کی بندش کی وجہ سے مُشکلات
کا شکار ہیں۔ اس صورتحال میں بی بی سی کو بھی زمینی حقائق معلوم کرنے میں مُشکلات
کا سامنا ہے۔