آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

اسرائیل میں ہڑتال کی کال، وزیر دفاع کا مغویوں کی رہائی کے لیے نتن یاہو سے معاہدے کا مطالبہ

اسرائیل کی ٹریڈ یونین ’ہستادروت‘ نے پیر کو عام ہڑتال کی کال دے دی ہے جبکہ دوسری طرف اسرائیل کے وزیر دفاع یاہو گیلنٹ نے اپنے وزیر اعظم نتن یاہو سے مغویوں کی رہائی کے لیے معاہدے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انھوں لکھا کہ ’پہلے ہی بہت دیر ہو چکی ہے اور اس دوران بے دردی سے مغویوں کا قتل بھی ہوا ہے۔‘

خلاصہ

  • اسرائیل نے غزہ کی پٹی سے حماس کے زیر حراست چھ یرغمالیوں کی لاشیں بازیاب کرنے کی تصدیق کی ہے جن میں ایک امریکی شہری اور دو خواتین کی لاشیں بھی شامل ہیں۔
  • وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 259 روپے 10 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
  • جنگ سے متاثرہ غزہ کی پٹی پر آج سے پولیو مہم کا آغازہو رہا ہے جہاں چھ لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو کی ویکسین دی جائے گی۔ یاد رہے کہ غزہ میں 25 سالوں میں پولیو کے پہلے تصدیق شدہ کیس کے سامنے آنے کے بعد یہ مہم شروع کی جا رہی ہے۔
  • چین اور فلپائن نے بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ علاقے میں ایک دوسرے پر کوسٹ گارڈ کے جہازوں کو ٹکرانے کا الزام عائد کیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. دیربالا میں مکان پر تودہ گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد ہلاک, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور

    خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا میں مسلسل ہونے والی بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے ایک گھر کے نیچے دب کر 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق گھر مکمل طور پر منہدم ہوا ہے جس سے گھر میں خواتین و بچوں سمیت تمام 12 افراد دب گئے۔

    مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو 1122 نے سرچ آپریشن شروع کیا اور ملبے تلے موجود لاشیں نکالیں ور انھیں ہسپتال منتقل کر دیا۔

    دوسری جانب دیربالا میں مون سون کی شدید بارشوں سے دریائے کوہستان میں سیلابی صورتحال اور کئی رابطہ پل ،سڑکوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

    زمینی رابطہ منقطع ہونے سے شہری اور سیاحوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

  2. کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ، سائیکلون یا سمندری طوفان کیسے بنتا ہے؟

    محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسلا دھار بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا دوسرا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 250 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا کہ ڈیپ ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران انڈیا سے جنوب مغرب کی جانب بڑھ گیا ہے۔

    اس حوالے سے کہا گیا کہ سمندری طوفان تیز ہواؤں کے ساتھ ناہموار رہنے کا امکان ہے اور ڈیپ ڈپریشن صبح تک سندھ کے ساحل کے ساتھ بحیرہ عرب میں ابھرے گا۔

    ادارے نے بیان میں کہا کہ سازگار ماحولیاتی حالات کے باعث سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے اور سائیکلون کے زیر اثر کراچی میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    جمعرات کے روز محکمہ موسمیات نے اپنے الرٹ میں بتایا تھا کہ بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے۔

    ادارے کے خبردار کیا ہے کہ ہواؤں کے اس دباؤ سے سائیکلون طوفان آنے کا خدشہ ہے جب کہ ہواؤں کے اس دباؤ کے وجہ سے سندھ کے علاقوں تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سسٹم اس تمام صورتحال پر نظر رکھ رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کےکئی مقامات پر 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار اور کہیں شدید موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

    سائیکلون یا سمندری طوفان کیسے بنتا ہے؟

    سائیکلون گرم ہوا کی وجہ سے جنم لیتے ہیں اور ایک گول دائرے کی شکل میں آگے بڑھتے ہیں۔ ایسے طوفان اپنے ساتھ کافی تیز ہوائیں اور بارش لاتے ہیں جو سمندروں کے گرم پانی کے اوپر جنم لے کر آگے بڑھتے ہوئے شدت اختیار کرتے جاتے ہیں۔

    جب سمندر کی گرم ہوا اوپر اٹھتی ہے تو اس کی حدت میں کمی آتی ہے اور یہ بادل کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ اسے زیادہ دباؤ کا علاقہ کہا جاتا ہے۔

    جیسے جیسے یہ ہوا بلند ہوتی ہے سمندری سطح کے قریب ہوا میں کمی ہوتی ہے۔ اسے کم دباؤ کا علاقہ کہتے ہیں۔

    اس کم دباؤ والے علاقے کی جانب خلا کو پُر کرنے کے لیے اور ہوا حرکت میں آتی ہے جو گرم ہو کر ایک گول دائرے کی صورت میں گھومتی ہے۔

    ایسے سمندری طوفان جو گھومتے ہیں، ان کا ایک مرکزی نقطہ ضرور ہوتا ہے۔ اسے طوفان کی آنکھ یعنی ’آئی آف دی سٹورم‘ کہا جاتا ہے جو پرسکون حصہ ہوتا ہے۔

    یہاں ہوا کا دباؤ کم ہوتا ہے اور اسی نقطے کے گرد طوفان گھومتا ہے۔

  3. اسرائیل کاغزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم کے دوران حملوں میں تین روز کے وقفے پر اتفاق

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں پولیو مہم کے دوران تین روز کے لیے جنگ میں وقفے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق اسرائیل ان تین روز میں مقامی وقت کے مطابق صبح چھ سے دوپہر تین بجے تک کے وقفے پر راضی ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ غزہ میں پانچ روز پہلے ایک 10 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی تھی، یہ غزہ میں 25 سال بعد رپورٹ ہونے والا پہلا پولیو کیس ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے چھ لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو ویکسینیشن کی ضرورت ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم یکم ستمبر سے شروع کی جائے گی اور پولیو ویکسینیشن کے دوران غزہ جنگ میں انسانی بنیادوں پر وقفہ ہوگا۔

    دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی پولیو ویکسینیشن مہم کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ میں انسانی بنیادوں پر وقفےکی درخواست کا خیر مقدم کیا ہے۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی اجازت دینے کے لیے ’انسانی بنیادوں پر وقفے‘ کے سلسلے پر اتفاق کیا ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے سینئر اہلکار ریک پیپرکورن نے کہا کہ اس مہم کا مقصد غزہ کی پٹی میں تقریباً چھ لاکھ 40 ہزار بچوں کو ویکسین دینا ہے اور یہ اتوار سے شروع ہوگی۔

    ڈبلیو ایچ او کے کا کہنا ہے اس مہم میں تین الگ الگ مراحل میں، پٹی کے وسطی، جنوبی اور شمالی حصوں میں پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    ڈبلیو ایچ او کا مقصد پوری پٹی میں ویکسین کی 90 فیصد کوریج حاصل کرنا ہے، جو غزہ کے اندر وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔

  4. انڈیا کی ریاست گجرات میں شدید بارشوں سے تباہی، کئی علاقے زیر آب،کم از کم 26 افراد ہلاک

    انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں کئی روز سے جاری بارشوں کے سلسلے نے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے اور بارشوں کے سبب ہونے والے مختلف حادثات میں اب تک مجموعی طور پر 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    بارش سے متاثرہ ہونے والے اضلاع، جن میں وڈودرا، موربی اور پوربندر شامل ہیں، نظام زندگی بری طرح متاثر ہو کررہ گیا ہے۔

    دوسری جانب گجرات کے وسطی حصوں میں بارش رک گئی ہے اور تین روز سے سیلابی پانی میں ڈوبے شہر وڈودرا سے اب پانی کم ہونا شروع ہو گیا ہے،تاہم دیگر شہروں میں شدید بارش کی وجہ سے صورتحال تاحال سنگین قرار دی گئی ہے۔

    جمعرات کو دوارکا، جام نگر، جوناگڑھ، پوربندر، امریلی اور سریندر نگر اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

    خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق گجرات میں ان تین دنوں میں 26 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

    بعض علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ جمعرات کو بھی ریاست کے کئی علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیا گیا اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔

    گجرات کے محکمہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات میں 1700 سے زائد شہریوں کو بچایا گیا ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 13 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

  5. عمران خان کے خلاف مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کے لیے وفاق سے نہیں حکومت پنجاب سے رجوع کرنا ہوگا: وزیر قانون, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے مطابق ’فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کو اس مقصد کے لیے پنجاب کی پراسیکیوشن سے رجوع کرنا پڑے گا۔‘

    ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کوئی آئینی ترمیم نہیں ہوسکتی۔

    انھوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں آئینی ترمیم ہوسکتی ہے نہ ہی براہ راست کسی بِل کومتعارف کرایا جا سکتا ہے تاہم پہلے سے زیرغور بل منظور یا اس میں ترمیم کی جا سکتی ہے۔

    کیا عمران خان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے؟

    پاکستان میں سابق وزرائے اعظم کا جیل جانا کوئی نئی بات نہیں۔ ان کے خلاف مقدمات، وہ بھی نئی بات نہیں لیکن جو بات نئی ہے وہ کسی وزیراعظم کا اقتدار سے نکالے جانے کے بعد گلے کی ہڈی بن جانا ہے۔

    ایک سال جیل اور پارٹی کے خلاف بظاہر ایک مستقل مہم بھی اُن کی عوام میں پسندیدگی کو کم نہیں کر سکی۔ اب اس بازی میں ایک اور بڑے کردار، سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی بھی شامل ہو گئی ہے اور جنرل فیض حمید اور عمران خان کے گرد بھی شاید گھیرا تنگ ہوتا نظر آرہا ہے۔

  6. فیض حمید کو نواز شریف کے مطالبے پر ہٹایا گیا تو افغان طالبان سے مذاکرات کا پلان بھی ختم ہوا: عمران خان

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کے مطالبے پر اکتوبر 2021 میں جنرل فیض حمید کو آئی ایس آئی کی سربراہی سے ہٹایا گیا اس کے بعد افغان حکومت سے مذاکرات کا پلان ختم ہوگیا۔

    اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’اگست میں امریکہ افغانستان سے گیا تو ستمبر میں ہم نے تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خاتمے کے لیے افغان حکومت سے بات کی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’افغان حکومت ہمارے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار تھی۔ جنرل فیض حمید نے اپوزیشن کو بریفنگ بھی دی تھی۔‘

    انھوں نے کہا کہ اب آسانی سے ’حکومت یہ کہہ رہی ہے کہ دہشت گردی پی ٹی آئی کی وجہ سے ہو رہی ہے۔‘

    سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی سے ملک تباہ ہو رہا ہے میں ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہوں۔‘

    انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات، کچے میں ڈاکوؤں کے حملے اور سٹریٹ کرائم کا سارا نزلہ اسٹیبلشمنٹ پر گر رہا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے دور میں خفیہ ادارے دہشت گردی روکنے میں مصروف تھے۔ آج یہی خفیہ ادارے پی ٹی آئی کے پیچھے لگے ہیں جس کی وجہ سے اختلافات اور نفرتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘

    ’قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے ہی چار حلقے کھلیں گے تو حکومت اپنے آپ گر جائے گی‘

    سابق وزیر اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے کے لیے حکومت قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ مل کر سازش کررہی ہے۔ قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے ہی چار حلقے کھلیں گے تو حکومت اپنے آپ گر جائے گی۔‘

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے لوگ ساتھ 70 ہزار ووٹوں سے جیتے ہیں، حیرانی ہے عون چوہدری نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے۔‘ عمران خان نے کہا کہ ’ملک کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا ہے، لوگ حکمرانوں پر اعتماد نہیں کرتے۔‘

    عمران خان نے کسی ادارے کا نام لیے بغیر کہا کہ ’آپ نے پتلے بٹھا دیے، ان کی جڑیں ہی نہیں ہیں یہ پیسے بنا رہے ہیں۔ عمران خان نے ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو مینڈیٹ واپس کرنا ہوگا۔‘ انھوں نے کہا کہ ’دنیا میں امن شفاف الیکشن کے ذریعے آتا ہے۔‘

    سابق وزیر اعظم کے مطابق انڈیا میں 70 کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالا، کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ انڈیا میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین تھی، میں بھی پاکستان میں ای وی ایم لانا چاہتا تھا۔ تاہم جنرل باجوہ، الیکشن کمیشن اور پیپلز پارٹی نے ای وی ایم نہیں آنے دی۔‘

    سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا ’8 فروری کو انھوں نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا اب 8 ستمبر کو اسلام آباد میں ہر صورت جلسہ ہوگا۔ پوری قوم کو کہہ رہا ہوں 8 ستمبر کو باہر نکلیں۔‘

    ’روپوش رہنما ابھی باہر نہ نکلیں‘

    عمران خان نے اپنی جماعت کے روپوش رہنماؤں سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کسی روپوش رہنما کو باہر آنے کا نہیں کہا ہے۔ ہمارے جو لوگ روپوش ہیں، باہر آئیں گے تو ان کو اٹھا لیا جائے گا۔

    وپوش رہنماوں کو ہدایت ہے وہ ابھی باہر نہ نکلیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں جیل سے ڈر نہیں لگتا مسئلہ یہ ہے ہمارے لوگوں کو اغوا کر لیا جاتا ہے۔‘ کمرہ عدالت میں موجود صحافی رضوان قاضی کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے لاہور کے صدر سمیت اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کو اغوا کیا گیا۔ جیل سے ڈپٹی سپرینڈنٹ کو بھی اغوا کیا گیا۔‘

  7. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے تاہم یہاں آپ کے لیے گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش کیا جا رہا ہے۔

    • اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ مبارک ثانی کیس میں انھوں نے جب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ایک مذہبی جماعت کی طرف سے قتل سے متعلق فتوے کو غیرآئینی اور غیرشرعی قرار دیا تو اس کے بعد انھیں چار سے پانچ سو دھمکی آمیز پیغامات ملے۔
    • سابق وزیر اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف کے مطالبے پر اکتوبر 2021 میں جنرل فیض حمید کو آئی ایس آئی کی سربراہی سے ہٹایا گیا اس کے بعد افغان حکومت سے مذاکرات کا پلان ختم ہوگیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’افغان حکومت ہمارے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار تھی۔ جنرل فیض حمید نے اپوزیشن کو بریفنگ بھی دی تھی۔‘
    • وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے اور مُلک کے لیے جنھوں نے قربانیاں دی ہیں ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نہ صرف بلوچستان اور خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک میں دہشت گردی نے 2018 کے بعد دوبارہ جو سراٹھایا ہے اس کو کچلا جائے گا۔
    • بنگلہ دیش میں نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں قائم عبوری حکومت نے بدھ کے روز جماعت اسلامی پر عائد پابندی اٹھالی ہے۔ 28 اگست کو بنگلہ دیش کی وزارتِ داخلہ نے اس بارے میں ایک نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’جماعت اسلامی بنگلہ دیش، اس کے طلبہ ونگ اسلامی چھاترا شبیر اور اس سے منسلک دیگر تنظیموں کا دہشت گردی سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا ہے۔‘
    • محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسلا دھار بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعلامیے کے مطابق رن آف کچھ انڈیا اور تھرپارکر کے قریب موجود مون سون کا مضبوط نظام آج کراچی اور حیدرآباد پہنچے گا۔
  8. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

    یہاں ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کی کی سیاسی، سماجی، معاشی حالات سمیت اہم خبریں شامل کرتے ہیں۔

    تاہم اگر آپ 28 اگست یا اس سے پہلے کی خبروں کی تفصیل جاننا چاہیں تویہاں کلک کریں۔