آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

عمران خان کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کے لیے وفاق نہیں پنجاب سے رجوع کرنا ہوگا: وزیر قانون

پاکستان کے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے مطابق ’فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کو اس مقصد کے لیے پنجاب کی پراسیکیوشن سے رجوع کرنا پڑے گا۔‘

خلاصہ

  • وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں جمعرات کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔
  • محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسلا دھار بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
  • افغانستان میں برسرِ اقتدار افغان طالبان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اب تک تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے افغانستان میں موجودگی کے ثبوت فراہم نہیں کیے ہیں۔
  • بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر نے کوئٹہ پریس کلب میں پیشگی اجازت کے بغیر کانفرنسوں اور سیمیناروں کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔

لائیو کوریج

  1. غزہ اسرائیل جنگ: مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کم از کم 11 فلسطینی ہلاک: فلسطینی وزارت صحت, یولیند نیل، بی بی سی نیوز

    فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کم از کم 11 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق الفارع پناہ گزین کیمپ میں ایک فضائی حملے میں پانچ اور جنین میں ڈرون حملے اور مسلح تصادم میں چھ ہلاک ہوئے۔

    تاہم اسرائیلی سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ وہ جنین اور تلکرم میں دہشت گردی کو ناکام بنانے کے لیے آپریشن کر رہے ہیں۔

    بظاہرایسا لگ رہا ہے کہ یہ ایک بڑی اسرائیلی کارروائی ہے جس میں ایک ہی وقت میں کم از کم چار فلسطینی شہروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن میں جنین، تلکرم، نابلس اور توباس شامل ہیں۔

    اسرائیلی فضائی حملے میں صبح کے وقت قریبی گاؤں میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ 2000 سے 2005 کی ایک بڑی فلسطینی بغاوت کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اس طرح متعدد فلسطینی شہروں کو بیک وقت نشانہ بنایا گیا ہو۔

    فلسطینی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شہر کے پناہ گزین کیمپ میں مسلح جھڑپوں کے بعد جنین جانے والی مرکزی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے نابلس کے دو پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنائے جانے پر توجہ مرکوز ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق ٹوباس کے قریب فارع کیمپ میں اسرائیلی ڈرون حملے کے بعد ایمبولینسز کو زخمیوں تک پہنچنے کے لیے دشواری کا سامنا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق رفاع میں ان کے عملے کو زخمیوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اسرائیلی فورسز نے کیمپ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ ایمبولینسز کو وہاں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔۔

    اسرائیل کے وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز ایران کی حمایت یافتہ دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں اور اس سلسلے میں جنین اور تلکرم میں واقع پناہ گزین کیمپوں میں کل رات سے پوری شدت کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔

    اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے مختصر تفصیلات دی ہیں اور اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی ڈی ایف داخلی سلامتی کی ایجنسی شن بیٹ اور اسرائیل کی بارڈر پولیس فورسز اس وقت جنین اور تلکرم میں دہشت گردی کو ناکام بنانے کے لیے انسداد دہشت گردی آپریشن کر رہی ہیں۔

  2. انڈیا: گجرات میں دو روز سے موسلادھار بارشوں سے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال، کم از کم سات افراد ہلاک

    انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں گزشتہ دو روز سے جاری موسلادھار بارشوں کی وجہ سے دریاوں اورندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

    بارشوں کے باعث ریاست گجرات کے 15 دریا، 21 جھیلیں اور متعدد ڈیم زیر آب ہیں۔ کئی نشیبی علاقے سیلابی صورتحال کے باعث زیر آب آ گئے ہیں۔

    انفارمیشن آفس کے پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست میں شدید بارشوں کی وجہ سے دیوار گرنے، ڈوبنے اور درخت گرنے کے واقعات میں کم از کم سات افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔

    27 اگست کو جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بعض مقامات پر 347 ملی میٹرتک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    بی بی سی گجراتی سروس کے مطابق ریاست میں 23 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    ضلع پنچمحل ،وڈودرا اور جام نگر کی حالت سب سے زیادہ خراب بتائی جا رہی ہے۔

    بارشوں سے تباہی والے علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    انڈیا کی فضائیہ نے واڑی کے علاقے میں پھنسے 11 افراد کو بچا لیا ہے۔ ادھر موربی میں اتوار کی رات ٹریکٹر ٹرالی دریا میں گرنے سے کئی لوگ لاپتہ ہیں۔

    مرکزی حکومت نے آفات سے نمٹنے کے لیے فوج کے چھ دستے تعینات کیے ہیں۔ اس کے علاوہ این ڈی آر ایف کی 14 پلاٹون اور ایس ڈی آر ایف کی 22 پلاٹون بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

  3. یوکرین اپنی جیت کے منصوبے کو جلد ہی امریکہ کے سامنے پیش کرے گا: صدر زیلینسکی, لورا گوزی، بی بی سی نیوز

    یوکرین کے صدر ولادیمر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے علاقے کرسک میں ان کے فوجیوں کی دراندازی فتح کے منصوبے کا حصہ ہے اور اس منصوبے کو وہ اگلے ماہ امریکی صدر جو بائیڈن کے سامنے پیش کریں گے۔

    منگل کو ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ صدر بائیڈن اس پر کیا موقف رکھتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ آیا یوکرین کے اس منصوبے پر آزادانہ عملدرآمد کرنے سے امریکہ متفق ہوتا بھی ہے کہ نہیں۔

    ’یہ کچھ لوگوں کو صرف پرجوش محسوس ہو سکتا ہے، لیکن یہ ہمارے لیے ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ روس کے خلاف اپنے اس منصوبے سے امریکی صدارتی امیدواروں کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی آگاہ کریں گے۔

    یاد رہے کہ اگست کے آغاز میں یوکرین کی فوج نے روس کے علاقے کرسک میں دراندازی کی تھی اور روس اب تک بظاہر انھیں پسپا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

    اسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیئو کے اعلیٰ فوجی کمانڈر جنرل اولیکسنڈر سیرسکی نے دعویٰ کیا کہ یوکرین روس کے 1,294 مربع کلومیٹر(500 مربع میل) کے علاقے اور 100 بستیوں پر کنٹرول حاصل کر چکا ہے۔

    یوکرین کے ان اعداد و شمار کی بی بی سی آذادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

    جنرل سرسکی نے کہا کہ یوکرین کا اس علاقے پر قبضہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور دراندازی کا ایک مقصد روس کی افواج کو مشرقی یوکرین میں اپنی جارحیت سے ہٹانا تھا۔

    صدر زیلنسکی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یوکرین نے حال ہی میں مقامی طور پر تیار کردہ بیلسٹک میزائل کا پہلا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

    انھوں نے اپنے ملک کی دفاعی صنعت کو ا کامیاب تجربے کی مبارکباد دی تاہم میزائل کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

    اگرچہ یوکرین اس سے قبل امریکہ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے بیلسٹک میزائل روس کے خلاف استعمال کر چکا ہے تاہم مغربی امداد پر اپنا انحصار کم کرنے کے لیے ملٹری ہارڈویئر کی مقامی پیداوار تیار کرنے کے لیےیوکرین مسلسل کام کر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ اس وقت تک یوکرین روس سے لڑنے اور اس کے حملوں کو پسپا کرنے کے لیے زیادہ تر بیرون ملک سے فراہم کی گئی فوجی رسد پر انحصار کرتا ہے۔

    فورم سے خطاب میں صدر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین نے حالیہ دنوں میں روس کی طرف سے داغے گئے کچھ میزائلوں کو روکنے کے لیے مغربی ممالک کی طرف سے بھیجے گئے کچھ نئے F-16 لڑاکا طیاروں کو استعمال کیا ہے لیکن ملک کو مزید جیٹ طیاروں کی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ دو راتوں سے روس نے یوکرین کو ڈرون اور میزائل حملوں سے کافی پیچھے دھکیل دیا ہے جس سے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں میں بلیک آؤٹ ہونے کا اطلاعات بھی ہیں۔

    صدر زیلنسکی نے کہا کہ ’اس طرح کے حملے روس کی جانب سے جنگ کو نہ روکنے کے ارادے کو ظاہر کرتے ہیں۔ اگر وہ امن مذاکرات چاہتے ہیں تواس صورت میں وہ 230 فضائی حملے نہیں کرتے۔‘

    دوسری جانب کرسک حملے کے بعد سے روس نے یوکرین کے ساتھ امن مذاکرات میں شامل نہیں ہونے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    کریملن کے ترجمان نے اس حوالے سے منگل کو کہا ہے کہ ’اس وقت مذاکرات کی اہمیت کافی حد تک پس پشت جا چکی ہے۔

  4. مہنگی بجلی اور بھاری ٹیکسز کے خلاف تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال آج ، متعدد سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی حمایت کا اعلان

    پاکستان کی تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی تاجر دوست سکیم اور مہنگی بجلی کے خلاف ملک بھر میں بدھ کے روز شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت مخالف اس احتجاج میں جماعت اسلامی، جے یو آئی ف سمیت بعض دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اس ہڑتال کی حمایت کا اعلان سامنے آیا ہے۔

    یاد رہے کہ 16 اگست کو تاجر برادری نے اعلان کیا تھا کہ وہ بھاری ٹیکسز، مہنگی بجلی اور ’تاجر دوست سکیم‘ کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔

    نیشنل پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکز تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے کہا تھا کہ 28 اگست کو ملک بھر کے تاجر مکمل شٹر ڈاؤن کریں گے۔

    تاجر یونینز نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔

    کاشف چوہدری کے مطابق ’تاجر اپنے اثاثے فروخت کر کے بل ادا کر رہے ہیں۔ تاجر دشمن اسکیموں کو مسترد کرتے ہیں۔ دکانوں پر 60 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگانا ظلم ہے۔‘

    آج ہونے والی اس ہڑتال کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے، کارکن پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔

    واضح رہے کہ 22 اگست کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بھی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجلی، گیس کے بلوں میں اضافے اور فیول ایڈجسٹمنٹ جیسے ٹیکسز کے خلاف عوامی مہم چلا رہے ہیں۔

    ان کے مطابق ’یہ اقدامات تاجروں کو تباہ کرنے والے ہیں، پہلے مرحلے میں 28 اگست کو مکمل شٹرداؤن ہڑتال کی جائے گی، اس کی کال تاجروں کی بڑی بڑی تنظیموں نے بھی دی ہے۔‘

    حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ’یہ معاملہ ایسا ہے جس پر پورا پاکستان مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے گا۔‘

    اسی ضمن میں پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور کے صدر عرفان سلیم نے تاجروں کی جانب سے بے جا ٹیکسز ، مہنگی بجلی ، لوڈ شیڈنگ اور آئی پی پی کپیسٹی سرچارج کے خلاف آج پشاور میں ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    اپنے ایک بیان میں عرفان سلیم کا کہنا تھا کہ تاجروں کے مطالبات جائز اور حل طلب ہیں۔ اسی لیے پی ٹی آئی پشاور کے جنرل سیکرٹری ملک شہاب ایڈووکیٹ اور دیگر کارکنوں کے ہمراہ تاجروں کی ہڑتال اور پشاور میں مرکزی اجتماع میں ان کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے بھرپور شرکت کریں گے۔

  5. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے تاہم یہاں آپ کے لیے گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش کیا جا رہا ہے۔

    • پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف 20 اگست سے ضلع خیبر کی وادیِ تیراہ میں جاری سکیورٹی فورسز کی متعدد کارروائیوں میں اب تک 25 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
    • کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات اور ایک اہم اجلاس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چھپ کر حملہ کیا ہے دہشتگردوں کا مکمل بندوبست ہوگا۔ بلوچستان میں جو ہوا اس پر ہمارے دل غمگین ہیں اور یہ ناقابل برداشت ہے۔
    • پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، اس دہشت گردی کو ختم کرنےکا وقت آپہنچا ہے۔ دہشت گرد پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کے لیے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کی فوج کے سربراہ سے بات ہوئی ہے اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے۔
    • روس کی جانب سے یوکرین پر رات گئے کیے جانے والے حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ روس کی جانب سے یہ حملے جنگ کے دوران اب تک کے سب سے بڑے فضائی حملے کے ایک دن بعد کیے گئے ہیں۔
  6. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

    یہاں ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کی کی سیاسی، سماجی، معاشی حالات سمیت اہم خبریں شامل کرتے ہیں۔

    تاہم اگر آپ 27 اگست یا اس سے پہلے کی خبروں کی تفصیل جاننا چاہیں تو یہاں کلک کریں۔