سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جیسے اقدامات اٹھا کر انڈیا پانی پر پہلی ایٹمی جنگ کی بنیاد رکھ رہا ہے: بلاول بھٹو

پاکستان سفارتی وفد کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واشنگٹن میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا، پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے پر اقدامات کر کے پانی پر پہلی ایٹمی جنگ کی بنیاد رکھ رہا ہے۔

خلاصہ

  • خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نا معلوم مسلح افراد کی جانب سے کوئٹہ جانے والے تعمیراتی کمپنی کے 15 اغوا کیے جانے والے ملازمین میں سے پانچ بازیاب ہو کر واپس آ گئے ہیں۔
  • صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر افغانستان اور ایران سمیت 12 ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی کے حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں۔
  • بلوچستان اسمبلی نے انسداد دہشت گردی ترمیمی مسودہ قانون 2025 کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت کسی بھی مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے 90 روز کے لیے زیر حراست رکھا جا سکے گا اور ایسے افراد کے لیے حراستی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
  • جنگ بندی پر عمل جاری ہے، ٹرمپ نے بغیر کسی شبے کے ثابت کر دیا وہ امن کے پیامبر ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
  • فوجی تصادم میں ہونے والے نقصانات آپریشن سندور میں حاصل ہونے والے نتائج سے زیادہ اہم نہیں: جنرل انیل چوہان

لائیو کوریج

پیشکش: اعظم خان

  1. بی بی سی نے غزہ کوریج پر وائٹ ہاؤس کے دعووں کو مسترد کر دیا

    بی بی سی

    ،تصویر کا ذریعہPA Media

    بی بی سی نے اپنی غزہ کوریج پر وائٹ ہاؤس کی غلط تنقید کو مسترد کردیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا تھا کہ بی بی سی نے ایک خبر کو ’مکمل طور پر غلط‘ قرار دے کر اسے اب ہٹا دیا ہے۔

    منگل کو وائٹ ہاؤس کی بریفنگ میں صدر ٹرمپ کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بی بی سی پر الزام عائد کیا کہ وہ اتوار کو امداد کی تقسیم کے مقام کے قریب ہونے والی فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں رپورٹ کرتے ہوئے لفظ ’حماس‘ استعمال کیا تھا۔

    ترجمان نے یہ بھی غلط دعویٰ کیا کہ بی بی سی نے ایک خبر واپس لے لی ہے۔

    بی بی سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ دعویٰ کہ بی بی سی نے فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد خبر ہٹا دی ہے بالکل غلط ہے۔ ہم نے کوئی خبر نہیں ہٹائی اور ہم اپنی صحافت پر قائم ہیں۔‘

    کیرولین لیویٹ نے خبر کی ہیڈلائن یعنی سرخی سے ہلاکتوں کی تعداد کو تبدیل کرنے پر بی بی سی پر تنقید کی تھی۔

    بی بی سی نے کہا ہے کہ اس کی کوریج کو دن بھر نئے اعداد و شمار کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا گیا، جو کہ ’کسی بھی تیز رفتاری سے پیشرفت والی خبروں پر مکمل طور پر معمول کی بات ہے‘۔

  2. فوجی تصادم میں ہونے والے نقصانات آپریشن سندور میں حاصل ہونے والے نتائج سے زیادہ اہم نہیں: جنرل انیل چوہان

    Anil Chohan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے کہا ہے کہ جب سات مئی کو انڈیا نے پاکستان کے اندر حملے کیے تو اس کے پانچ منٹ بعد اسلام آباد کو اس بارے میں مطلع کر دیا تھا۔

    منگل کو پونے کی ایک یونیورسٹی میں مستقبل میں جنگوں کے موضوع پر ایک خصوصی لیکچر میں جنرل انیل چوہان نے کہا کہ فوجی تصادم میں ہونے والے نقصانات آپریشن سے حاصل ہونے والے نتائج سے زیادہ اہم نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ وہ پاکستانی فضائیہ کی طرف سے انڈین طیارے مار گرانے سے متعلق اعتراف سنگاپور میں ہونے والے شنگریلا ڈائیلاگ کے موقع پر بھی کر چکے ہیں۔ جنرل انیل چوہان سے پاکستان کی جانب سے انڈیا کے طیارے گرائے جانے کے دعوؤں کے متعلق دو مختلف انٹرویوز (بلوم برگ اور روئٹرز) میں پوچھا گیا تو ان کے دیے گئے جواب نے بہت سے انڈین صارفین کو بظاہر ناراض بھی کیا۔

    انڈین مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف انیل چوہان نے پاکستان کی جانب سے طیارے گرائے جانے کے دعوؤں کے بارے میں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اہم بات یہ نہیں کہ طیارے گرائے گئے بلکہ یہ کہ وہ کیوں گرائے گئے۔ کیا غلطیاں ہوئیں، یہ باتیں اہم ہیں۔ نمبر اہم نہیں ہوتے۔‘

    یونیورسٹی میں اپنے لیکچر میں جنرل انیل چوہان نے کہا کہ 10 مئی کی صبح تقریباً ایک بجے شروع ہونے والے پاکستان کے آپریشن کا مقصد 48 گھنٹوں میں انڈیا کو گھٹنے ٹیکننے پر مجبور کرنا تھا۔ ان کے مطابق ’پاکستان کی طرف سے کئی حملے کیے گئے۔‘

    ان کے مطابق ’پاکستان نے سوچا کہ ان کی یہ کارروائی 48 گھنٹے تک چلے گی مگر تقریباً آٹھ گھنٹے میں ہی ان کی بس ہو گئی اور پھر انھوں نے ٹیلی فون اٹھایا اور کہا کہ وہ بات کرنا چاہتے ہیں۔‘

    واضح رہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں پہلگام کے سیاحتی مقام بائیسیرن میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 26 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ اس حملے کا الزام انڈیا نے پاکستان پر عائد کیا جسے پاکستان نے مسترد کر دیا۔ اسلام آباد نے نہ صرف اس حملے کی شدید مذمت کی بلکہ غیرجانبدارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

    انڈیا نے 7 مئی کو پاکستان میں مختلف مقامات پر حملے کیے اور یہ دعویٰ کیا کہ اس نے آپریشن سندور کے دوران ’دہشتگردی‘ کے ٹھکانوں کو ہدف بنایا ہے۔

    جنرل چوہان نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کو بتایا تھا کہ ہمارا حملہ صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک ہی محدود تھا، اس میں عسکری تنصیبات یا اہداف شامل نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا ان حملوں میں انڈیا نے یہ بھی یقینی بنایا کہ عام شہریوں کا نقصان نہ ہو۔

  3. پاکستان سے انٹیلیجنس معلومات شیئر کرنے کے الزام میں ایک اور انڈین یوٹیوبر گرفتار

    یوٹیوبر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پنجاب پولیس نے یوٹیوبر جسبیر سنگھ کو پاکستان کو انٹیلیجنس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

    یوٹیوبر جسبیر سنگھ کو جمعرات کو موہالی کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے کہا کہ روپ نگر ضلع کے محلن گاؤں کے رہنے والے جسبیر سنگھ یوٹیوب چینل ’جان محل‘ چلاتے ہیں۔

    پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ان کا تعلق پاکستانی انٹیلیجنس آپریٹو شاکر عرف جٹ رندھاوا سے تھا۔ گورو یادیو نے یہ بھی بتایا کہ ’وہ یوٹیوبر جیوتی ملہوترا اور پاکستانی شہری اور پاکستان ہائی کمیشن کے بے دخل اہلکار احسان الرحیم عرف دانش سے بھی رابطے میں تھے‘۔

    پولیس کی تفتیش کے مطابق جسبیر نے دانش کی دعوت پر دلی میں پاکستان کے قومی دن کے پروگرام میں شرکت کی تھی۔ یہاں جسبیر نے پاکستانی فوج کے افسران اور بلاگرز سے ملاقات کی۔ گورو یادیو نے کہا ہے کہ ’جیوتی ملہوترا کی گرفتاری کے بعد جسبیر نے پاکستانی کارندوں کے ساتھ مل کر مواصلات سے متعلق شواہد کو مٹانے کی کوشش کی۔‘

    پولیس کے مطابق اب اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور اس نیٹ ورک کے دیگر ساتھیوں کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ یوٹیوبر جیوتی ملہوترا کو گذشتہ ماہ ہریانہ پولیس نے پاکستان کو انٹیلیجنس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

  4. غزہ کرہ ارض پر دوزخ سے بھی بدتر جگہ بن چکی ہے: بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس

    ICRC

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کی سربراہ مرجانا سپلولجیرک کا کہنا ہے غزہ اس وقت کرہ ارض پر دوزخ سے بھی بدتر جگہ بن چکی ہے۔

    جینیوا میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے ہیڈکوارٹر میں بی بی سی کو دیے گیے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انسانیت ہار رہی ہے۔ ان کے مطابق فلسطینیوں کو مصائب سے نکالنے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اس جنگ کے خاتمے کے لیے دیگر ممالک کچھ خاص نہیں کر رہے ہیں۔

    Gaza

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں سے انسانی وقار کھویا جا رہا ہے اور بین الاقوامی قوانین کو ردی کی ٹوکری کی نظر کیا جا رہا ہے۔

    وہ کہتی ہیں کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس نے تو تمام قانونی، اخلاقی اور انسانی قدروں کو پامال کر دیا ہے۔

    بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس ایک فلاحی ادارہ جو وار زونز میں فعال طریقے سے کام کرتا ہے۔ غزہ میں اس تنظیم کا 300 سے زیادہ عملہ موجود ہے جو زیادہ تر فلسطینی ہیں۔

  5. بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ماسک پہن کر یا چہرہ ڈھانپ کر سفر کرنے پر پابندی عائد, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    بلوچستان کے بعض علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کے ماسک پہننے یا چہرہ ڈھانپ کر نقل وحمل پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں اب تک دو شہروں نوشکی اور سوراب کے اسسٹنٹ کمشنروں کی جانب سے نوٹیفیکیشنز سامنے آئے ہیں جن میں دس جون تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    جب اسسٹنٹ کمشنر نوشکی احمد یار بلوچ سے فون پر اس نوٹیفیکیشن کی تصدیق کے لیے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام لوگوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

    ضلع سوراب کے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں عوام سے کہا گیا ہے کہ انھیں مطلع کیا جاتا ہے کہ حالیہ شدت پسندی کے واقعے کے پیش نظر عوام کے ماسک پہننے یا چہرہ ڈھانپ کر نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی 10جون تک مکمل پابندی ہوگی۔ ضلع سوراب کے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں اضافی طور پر یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ دور رہیں بصورت دیگر کسی جانی اور مالی نقصان کی صورت میں تمام تر ذمہ داری عوام پر عائد ہو گی۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ سوراب شہر جو کہ ضلع سوراب کا ضلعی ہیڈکوارٹر بھی ہے میں چند روز قبل نامعلوم مسلح افراد کی بڑی تعداد آئی تھی جو کہ شہر کے مختلف علاقوں میں دو گھنٹے سے زائد رکے رہے اور شہر کا نظام مفلوج کر دیا تھا۔

    ان مسلح افراد نے شہر میں اہم سرکاری دفاتر کو نذرآتش کیا تھا جبکہ اس دوران ضلع سوراب کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی مارے گئے۔ سوراب شہر میں ان واقعات کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

    دوسری جانب گذشتہ روز سرکاری حکام کی جانب سے بلوچستان کے دو علاقوں بولان اور قلات میں دو مختلف علاقوں میں سات عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

    سرکاری حکام کے مطابق ان میں سے پانچ ضلع کچھی کے علاقے بولان جبکہ دو ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے لیکن آزاد ذرائع سے تاحال ان لوگوں کے مقابلے میں مارے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

  6. بلوچستان کے ضلع کیچ کے ایک اسسٹنٹ کمشنر کو اغوا کر لیا گیا, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ کے علاقے تُمپ کے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر بڑیچ نے اسسٹنٹ کمشنر کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں بدھ کے روز کیچ سے کوئٹہ کی جانب آتے ہوئے اغوا کرلیا گیا۔

    کیچ میں انتظامیہ کے ایک اور اہلکار نے بھی اس کی تصدیق اور بتایا کہ جس جگہ سے اسسٹنٹ کمشنر کو اغوا کیا گیا ہے اس علاقے کو سرینکن کے نام سے پکارا جاتا ہے جو کہ تربت سے کوئٹہ کی جانب اندازاً پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر عید کی چھٹیاں گزارنے کے لیے کوئٹہ جارہے تھے اور انھوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی اسسٹنٹ کمشنر کے فیملی بھی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کی فیملی کے دیگر افراد، ڈرائیور اور گن مین کو چھوڑ دیا ہے اور صرف اسسٹنٹ کمشنر کو اغوا کرکے نامعلوم مقام کی جانب لے گئے ہیں۔

    اہلکار کا کہنا تھا کہ واقعے کے بارے میں تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے تاہم ابھی تک ضلع کے سینیئر انتظامی آفیسر کے اغوا کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ تاحال کسی گروہ کی جانب سے اغوا کے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

    کیچ ایران سے متصل بلوچستان کا سرحدی ضلع ہے جو کہ کوئٹہ سے اندازاً ساڑھے سات سو کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں واقع ہے۔

    کیچ کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے زیادہ متاثرہ ہیں۔ بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے ضلع کیچ میں ایک تسلسل سے تشدد کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔

  7. امریکہ کی حالیہ تجاویز ایران کے ’قومی مفادات‘ کے منافی ہیں: آیت اللہ علی خامنہ ای

    اسلامی جمہوریہ کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے جوہری مذاکرات کے بارے میں اپنے تازہ ترین موقف میں امریکہ کی حالیہ تجویز کو ایران کے ’قومی مفادات‘ کے منافی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امریکی حکومت کی بے مقصد گفتگو پر ہمارے رد عمل کا سب کو علم ہے۔

    ایرانی رہنما خامنہ ای نے آیت اللہ خمینی کی برسی کے موقع پر کہا ’یورینیم کی افزودگی جوہری صنعت کا ایک بڑا اور کلیدی مسئلہ ہے اور دشمن اس پر انگلی اٹھا رہے ہیں۔

    ’اگر ہمارے پاس سو جوہری پاور پلانٹس ہیں لیکن افزودگی نہیں ہے تو یہ ہمارے کسی کام کا نہیں ہوگا۔ اگر ہم افزودگی کے لیے امریکہ سے رابطہ کریں تو وہ ہمارے لیے کئی شرائط رکھے گا۔‘

    انھوں نے یہ ریمارکس ایسے وقت میں دیے ہیں جب امریکہ نے عمان کے ذریعے ایران کو اپنی تحریری جوہری تجاویز پیش کی ہے۔

    ایران نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے اصولی موقف اور عوام کے مفادات کی بنیاد پر آنے والے دنوں میں امریکی تجویز کا جواب دے گا۔

    یاد رہے کہ حالیہ مذاکرات میں ایران اور امریکہ کے درمیان بنیادی تنازع ایران کے اندر یورینیم کی افزودگی پر ہے جسے واشنگٹن مکمل طور پر روکنا چاہتا ہے اور تہران اس موضوع کو ناقابل گفت و شنید سمجھتا ہے۔

  8. جیل سے احتجاجی تحریک کی سربراہی کروں گا، ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دیں گے، عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہ@ImranKhanPTI

    سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ کی حیثیت سے وہ جیل سے احتجاجی تحریک کی سربراہی کریں گے جس میں ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دی جائے گی۔

    اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ اڈیالہ جیل سے عمران خان کا پیغام ہے اور اس کے مطابق جیل سے باہر عمران خان کی نمائندگی عمر ایوب کریں گے جبکہ سلمان اکرم راجہ ہدایات پر عملدرآمد کروائیں گے۔

    بیان کے مطابق تحریک کا لائحہ عمل چند روز میں قوم کے سامنے پیش کر دیا جائے گا اور اس احتجاجی تحریک کے لیے پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں سمیت تحریک تحفظ آئین، جی ڈی اے اور ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دے گی۔

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہ@ImranKhanPTI

    اس بیان میں اس خدشے کا اظہار بھی کیا گیا کہ عمران خان کی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ اس بیان میں یہ دعوی بھی دہرایا گیا کہ عمران خان کو تین سال خاموش ہو جانے پر آرام سے بنی گالا بیٹھ جانے کا کہا گیا تھا۔

    عمران خان کے اکاؤنٹ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اب تک پارٹی سب کو بنی بنائی مل گئی تھی۔ اب مشکل وقت ہے اور سب کا امتحان ہے۔‘

  9. عمران خان پارٹی کے پیٹرن ان چیف ہو گے، پہلے بھی سارے فیصلے عمران خان کرتے تھے آئندہ بھی وہی کریں گے: بیرسٹر گوہر

    عمران خان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن ان چیف بن گئے ہیں، پہلے بھی سارے فیصلے وہ خود کرتے تھے، آئندہ بھی وہی کرتے رہیں گے۔

    اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ’عمران خان سے توشہ خانہ ٹو کیس کے موقع پر ملاقات ہوئی انھوں نے یہی کہا کہ دیوار کے ساتھ ہمیں لگا دیا گیا ہے اور ہم پر سارے دروازے بند کردیے گئے۔‘

    بیرسٹر گوہر ن

    ،تصویر کا ذریعہScreenGrab/X

    بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ’ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے کہا وہ آج کے بعد پی ٹی آئی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے۔ تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے۔‘

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’بانی پی ٹی آئی پیٹرن چیف ہیں، میں پارٹی کا چیئرمین رہوں گا جب تک خان ضاحب باہر نہیں آ جاتے۔‘

  10. غزہ میں امدادی مراکز ایک روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان

    غزہ میں امدادی تقسیم کے مراکز کی طرف جانے والی سڑکوں کو جنگی زون قرار

    ،تصویر کا ذریعہgett

    اسرائیلی فوج نے غزہ میں امدادی تقسیم کے مراکز کی طرف جانے والی سڑکوں کو جنگی زون قرار دے دیا ہے اور جس کے باعث تمام امدادی مرکز بدھ کو ایک دن کے لیے بند رکھے جائیں گے۔

    غزہ ہیومینیٹرین فاؤنڈیشن (جی ایف ایف) کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مراکز کو ’اپڈیٹ، تنظیم نو اور بہتری کے کاموں‘ کے لیے بند کر رہا ہے اور اب وہ جمعرات سے دوبارہ امداد کی تقسیم شروع کرے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سے امداد کی تقسیم میں متحرک غزہ ہیومینیٹرین فاؤنڈیشن (جی ایف ایف) ایک متنازع امریکی و اسرائیل کی حمایت یافتہ امدادی نیٹ ورک ہے ۔

    دوسری جانب ایک علیحدہ بیان میں اسرائیلی فوج نے لوگوں کو امدادی مراکز میں داخل ہونے یا ان کی طرف جانے والی سڑکوں پر سفر کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    منگل کی رات کو ایک امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 27 فلسطینی مارے گئے۔

    یہ تین دنوں میں تیسرا ہلاکت خیز واقعہ ہے جو جی ایچ ایف کے مرکز کی طرف جانے والے راستے پر پیش آیا۔

    اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ فوجیوں نے مشتبہ افراد کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ’مخصوص‘ راستوں سے ہٹ کر‘ ان کی طرف بڑھنے لگے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس کے فوجی غزہ کے شہریوں کو امدادی مراکز تک پہنچنے سے نہیں روک رہے۔

    منگل کے واقعے کے بعد خان یونس میں ناصر اسپتال کے ڈائریکٹر عاطف الحوت نے کہا کہ زخمی افراد کو گولیوں کے زخموں کے ساتھ لایا گیا اور مغربی رفح میں امداد کے انتظار میں موجود شہریوں کے ہجوم پرمبینہ طور پر اسرائیلی افواج نے فائرنگ کی۔

    منگل کی رات کو ایک امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 27 فلسطینی مارے گئے۔

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بصل کے مطابق شہریوں پر ٹینکوں، کواڈ کاپٹر ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں سے فائرنگ کی گئی۔

    علاقے میں کام کرنے والے ایک بین الاقوامی میڈیکل اہلکار نے منظر کو مکمل تباہی قرار دیا اور کہا کہ زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔

    خبر رساں ادارے رویٹرز کے مطابق امدادی گروپ جی ایچ ایف کے ترجمان نے کہا کہ انھوں نے اسرائیلی فوج سے کہا ہے کہ وہ ’فوجی حدود کے قریب پیدل چلنے والوں کی رہنمائی کرے تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا تصادم سے بچا جا سکے۔

    امدادی ادارے نے مزید کہا کہ وہ شہریوں کے لیے واضح ہدایات تیار کرنے اور ان کی حفاظت کے لیے تربیت کو بہتر بنانے پر بھی کام کر رہا ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہماری اولین ترجیح امداد حاصل کرنے والے شہریوں کی حفاظت اور عزت نفس کو یقینی بنانا ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے واقعات کی فوری اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

  11. مذاکرات ہی امن کا واحد راستہ ہے، انڈیا کے ساتھ امن چاہتے ہیں مگر شرائط پر نہیں: بلاول بھٹو

    بلاول بھٹو زرداری

    ،تصویر کا ذریعہ@BBhuttoZardari

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ امن چاہتے ہیں مگر شرائط پر نہیں، مذاکرات ہی امن کا واحد راستہ ہے، امن کا حصول ڈائیلاگ اور سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کو کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

    نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں نیوز کانفرنس کے دوران پاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انڈیا نے بغیر تحقیقات اور ثبوت کے پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر عائد کیا جب کہ پہلگام واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کو تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی اور جارحیت کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، انڈیا نے مساجد کو نقصان پہنچایا جبکہ انڈیا، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے، پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ متاثر ہے، میری والدہ کو بھی دہشت گردوں نے شہید کیا۔‘

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ’دہشت گردی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے، ہم نے دیکھا حالیہ کشیدگی کتنی تیزی سے آگے بڑھی، دو ایٹمی طاقتیں جنگ کے دہانے پر آگئی تھیں، تاہم امریکی صدر سمیت عالمی برادری نے سیز فائر میں اہم کردار ادا کیا۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ انڈین اقدامات خطے کی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث بنے، خطے میں کشدیگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا ہے جب کہ انڈیا نے جب پاکستان پر حملہ کیا تو اس نے اسرائیلی ڈرون کا بھی استعمال کیا۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی انڈیا کی جانب سے خلاف ورزی قابل مذمت ہے، دنیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کسی کی لائف لائن کاٹ دی جائے تو کیا رد عمل ہوگا؟

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انڈیا اسرائیل کی طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے اور انڈیا کی جانب سے پانی روکنا بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انھوں کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے نہیں دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’مودی حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے، ہمارے پاس انڈیا کے خلاف شکایات کی لمبی فہرست ہے، انڈیا مسلسل پاکستان کے خلاف بیانات دے رہا ہے، انڈیا اب نیا اصول خطے میں نافذ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔‘

    نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میںپاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہی بلاول بھٹو نے کی

    ،تصویر کا ذریعہ@BBhuttoZardari

    ،تصویر کا کیپشننیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میںپاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہی بلاول بھٹو نے کی

    بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی کو دیکھیں وہ لگتا ہے نیتن یاہو کی کاپی ہیں، انڈیا اور اسرائیل کے اقدامات میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق مودی اور نیتن یاہو انتہاپسند ہیں، جو نفرت کو فروغ دیتے ہیں، خطے کے امن میں سب سے بڑی رکاوٹ مودی اور نیتن یاہو کی پالیسیاں ہیں۔

    بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری انڈین جارحیت کا نوٹس لے اور صورت حال بگڑنے سے پہلے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور تعاون ضروری ہے جب کہ انڈین حکومت اپنے ملک میں دہشت گردی کو مسلمانوں کے تشخص کو مسخ کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے، انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں ’ڈیموگرافی‘ تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے امریکا اور چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کے معاہدے ہیں، صدر ٹرمپ اب پاکستان کے ساتھ جامع تجارتی معاہدے چاہتے ہیں۔

  12. غزہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 40 شہری مارے گئے ہیں: وزرات صحت

    غزہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 40 فسلطینی شہری مارے گئے ہیں

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    حماس کے زیرانتطام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 40 فسلطینی شہری مارے گئے ہیں جبکہ اس عرصے کے دوران 208 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

    وزرات کے اعدادوشمار کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے اب تک 54,510 فلسطینی مارے جا چکے ہیں اور اس دوران زخمی افراد کی تعداد 124,901 تک پہنچ چکی ہے۔

    اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ گولیاں چلائی گئی ہیں۔ حالیہ دنوں میں اسی طرح کے ایک واقعے کی اسرائیلی فوج نے یہ کہہ کر تردید کی تھی کہ اس واقعے کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

    غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بی بی سی کو بتایا امدادی سینٹر سے ایک کلومیٹر کے فاصلے سے ٹینکوں، ہیلی کاپٹروں اور کواڈکاپٹر ڈرونز سے گن فائر کیے گئے ہیں۔

    اسرائیلی افواج نے کہا ہے کہ فورسز نے مرکز کے قریب ’مشتبہ افراد‘ کی نشاندہی کرنے کے بعد ابتدائی ’انتباہی فائرنگ‘ کی تھی۔ فوج کے مطابق مزید فائرنگ اس وقت کی گئی جب یہ لوگ ’پیچھے نہیں ہٹنے‘۔

    اتوار کو بھی اسی طرح ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ مگر اس کی تفصیلات پر تنازع پایا جاتا ہے۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق کم از کم 31 لوگ مارے گئے تھے۔

    غزہ میں امداد تقسیم کرنے والی سینٹر کے قریب عام شہریوں کی ہلاکتوں کا واقعہ

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    عام شہریوں پر حملے ایک جنگی جرم ہے: اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق

    اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے خبردار کیا ہے کہ عام شہریوں پر حملے جنگی جرم ہے۔ انھوں نے حالیہ دنوں میں غزہ میں امداد تقسیم کرنے والی سینٹر کے قریب عام شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    وولکر ترک کا کہنا ہے کہ لگاتار تین دنوں سے امریکہ۔اسرائیل کیا طرف سے قائم کردہ ایک امداد تقسیم کرنے والی جگہ کے قریب عام شہریوں کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان ہلاکتوں کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

    انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’غزہ میں غذائی امداد کی معمولی مقدار تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے شہریوں‘ پر حملے ’ناقابل مذمت‘ ہیں۔ وولکر ترک نے مزید کہا کہ ’شہریوں کے خلاف ہونے والے حملے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہیں۔‘

    ان کا کہنا ہے کہ ’فلسطینیوں کو سب سے سنگین صورتحال کا سامنا ہے، بھوک سے مر جائیں یا پھر اسرائیلی عسکری ذرائع کی طرف سے تقسیم کردہ انسانی امداد سے کم خوراک تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مارے جانے کا خطرہ مول لیں۔

    وولکر ترک کا کہنا ہے کہ امداد تک رسائی کی ’جان بوجھ کر رکاوٹ‘ ایک جنگی جرم بن سکتی ہے۔ ’بھوک کے خطرات، 20 ماہ سے شہریوں کے قتل اور بڑے پیمانے پر تباہی، بار بار جبری نقل مکانی، ناقابل برداشت، انتہائی نامناسب الفاظ کا استعمال اور اسرائیل کی قیادت کی طرف سے (غزہ کی) پٹی کو خالی کرنے کی دھمکیاں، بھی بین الاقوامی قانون کے تحت سنگین ترین جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔‘

  13. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم پہلے آپ کے لیے گزشتہ روز کی خبروں کے چییدہ چیدہ نکات شامل کر رہے ہیں۔

    ◀️ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں مالیاتی پائیداری کو مضبوط بنانے اور عوامی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے 80 کروڑ ڈالر کا پروگرام منظور کر لیا ہے۔

    ◀️ انڈیا کے وزیر برائے ہیوی انڈسٹریز ایچ ڈی کماراسوامی کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کی ملکیتی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی ٹیسلا انڈیا میں گاڑیاں تیار کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔

    ◀️ خان یونس کے ناصر ہسپتال کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ رفح میں امداد کے منتظر فلسطینی شہریوں کے ہجوم پر اسرائیلی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ تمام زخمی اور ہلاک افراد ہسپتال لائے گئے ہیں جن میں سے زیادہ تر کو گولیوں کے زخم آئے ہیں۔ دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں جھڑپوں کے دوران متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔

    ◀️ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں یورپ اور دیگر ممالک کے دورے پر موجود پاکستانی پارلیمانی وفد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منتخب رکن ممالک کے نمائندوں سے نیویارک میں ملاقات کی ہے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق وفد نے ڈنمارک، یونان، پاناما، صومالیہ، الجزائر، گیانا، جاپان، جنوبی کوریا، سیرا لیون اور سلووینیا کے نمائندوں سے ملاقات میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

    ◀️کراچی میں ملیر جیل کے سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ گذشتہ رات جیل سے فرار ہونے والے 216 قیدیوں میں سے 78 کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس دوران فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک جبکہ پولیس اور ایف سی کے دو، دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں

  14. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید! اس صفحے پر ہم پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبریں اور تجزیے آپ کے لیے پیش کریں گے۔ تاہم اگر آپ تین جون کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔