پاکستان کا داعش کے ترجمان کی گرفتاری کا دعویٰ، خراسان کی پروپیگنڈا سرگرمیاں بھی معطل: سرکاری میڈیا

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستانی حکام نے داعش خراسان کے خلاف کئی اہم گرفتاریاں کی ہیں، جس میں 16 مئی 2025 کو داعش خراسان کے ترجمان سلطان عزیز عزام کی گرفتاری بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا داعش ترجمان کے بارے میں کیا کہنا ہے؟

خلاصہ

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ جعلی ڈگری کیس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بطور ہائی کورٹ جج تعیناتی غیر قانونی قرار دی ہے۔
  • پاکستان کے صوبے سندھ کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مسافر بس کے اغوا میں ملوث چار ڈاکو ایک پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ علاقے میں آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
  • پاکستانی دفترِ خارجہ نے انڈین ریاست بہار میں وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک سرکاری تقریب میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کا حجاب زبردستی اُتارنے کے معاملے کی مذمت کی ہے۔
  • امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ غزہ میں سلسل بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث غزہ کی پٹی میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے نوے فیصد عارضی مراکز پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
  • اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا: انسداد دہشتگردی عدالت کا 14 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم

لائیو کوریج

  1. پولیس دوا کا اثر ختم ہونے کا انتظار کر رہی ہے تاکہ نوید اکرم سے باقاعدہ پوچھ گچھ شروع کی جا سکے، کمشنر لنیون

    نوید اکرم

    ،تصویر کا ذریعہSOCIAL

    نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے کمشنر کا کہنا ہے پولیس سڈنی کے بونڈائی پر فائرنگ کرنے والے ملزم سے باضابطہ طور پر پوچھ گچھ کرنے کے لیے ان کو دی گئی دوا کا اثر ختم ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ نوید اکرم کو پتا ہونا چاہیے کہ اصل میں کیا ہو رہا ہے۔

    آسٹریلوی میڈیا نے منگل کی دوپہر اطلاع دی تھی کہ نوید اکرم کوما سے باہر آگئے ہیں۔

    تین روز قبل سڈنی کے مشہور بونڈائی ساحل پر منعقد ہونے والی یہودیوں کی تقریب پر ’دہشت گردانہ‘ حملے کے بعد حملہ آوروں کی شناخت 50 سالہ ساجد اکرم اور ان کے 24 سالہ بیٹے نوید اکرم کے نام سے ہوئی تھی۔

    نوید کے والد 50 سالہ ساجد اکرم گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔

  2. صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف دائر کیس سے منشیات کی دفعات خارج کرنے کے متعلق درخواست ہر فیصلہ محفوظ

    صحافی مطیع اللہ جان کی جانب سے اپنے خلاف دائر مقدمے سے منشیات کی دفعات خارج کرنے کے متعلق درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    بدھ کے روز اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے مطیع اللہ جان کے خلاف منشیات و دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی۔

    سماعت کے دوران مطیع اللہ جان کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے مقدمے میں شامل منشیات کے چارجز ختم کرنے کی استدعا کی۔

    بیرسٹر اشفاق علی نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی برامدگی کا کوئی پرائیویٹ گواہ ہے نا ہی کوئی ویڈیو ریکارڈنگ ہے۔

    اس پر عدالت نے بیرسٹر اشفاق علی سے استفسار کیا: کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ منشیات کے کیسز میں ویڈیو ریکارڈنگ ضروری ہے، اگر نہیں ہے تو اس کے مقدمے پر اثرات ہو سکتے ہیں؟

    بیرسٹر اشفاق کا کہنا ٹھا کہ مطیع اللہ جان سینیئر اور مستند صحافی ہیں اور کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر کا اس کیس میں بیان حلفی بھی موجود ہے۔

    دوسری جانب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ منشیات کے الزامات کے حوالے سے عدالت بادی النظر میں رائے دے چکی ہے۔

    جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا کہ اُس وقت چارج فریم کی سٹیج نہیں آئی تھی۔

    پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ویڈیو کیوں نہیں بنائی گئی اس کا جواب میں نہیں دے سکتا، اس کا جواب ٹرائل میں آئے گا۔

    دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد منشیات کے الزامات خارج کیے جانے کی درخواست میں عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  3. عمران خان کو سزائے موت کے قیدیوں والی کوٹھری میں رکھا گیا ہے: سابق وزیرِ اعظم کے بیٹے سلیمان کا دعویٰ

    عمران خان کے بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان

    ،تصویر کا ذریعہX/IMRAN KHAN

    سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو جن حالات میں جیل میں رکھا گیا ہے کہ وہ انتہائی شرمناک ہے۔

    بین الاقوامی نشریاتی ادارے سکائی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قاسم کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو پینے کے لیے گندا پانی دیا جاتا ہے جب کہ کھانے کا معیار بھی انتہائی خراب ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو اپنے ذاتی معالج تک رسائی حاصل نہیں۔

    سلیمان کا دعویٰ ہے کہ ان کا والد کو اس کوٹھری میں رکھا گیا ہے جس میں سزائے موت کے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اِن چھوٹی چھوٹی کوٹھریوں میں بمشکل دن کی روشنی آتی ہے اور اکثر بجلی بھی کاٹ دی جاتی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی تشدد سے متعلق خصوصی نمائندہ ایلس جِل ایڈورڈز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 26 ستمبر 2023 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کے بعد سے عمران خان کو مبینہ طور پر حد سے زیادہ قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں انھیں دن میں 23 گھنٹے ان کے سیل میں رکھا جاتا ہے جبکہ بیرونی دنیا تک ان کی رسائی بھی انتہائی محدود ہے۔

    اقوامِ متحدہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے تحت طویل یا غیر معینہ قید تنہائی ممنوع ہے۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ ’بنا کسی تاخیر کے [عمران] خان کی قید تنہائی ختم کی جائے۔‘

    حکومت عمران خان کے ساتھ کسی بھی قسم کے ناروا سلوک کی تردی کرتی آئی ہے۔ حکومتی نمائندوں کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں دوسرے قیدیوں کی نسبت کہیں زیادہ سہولتیں دستیاب ہیں۔

  4. ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ مزید ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی

    ڈونلڈ ٹرمپ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ مزید ممالک اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات پر سفر کرنے والے افراد کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد امریکہ کی سلامتی کا تحفظ ہے اور یہ پابندیاں یکم جنوری سے نافذ ہوں گی۔

    برکینا فاسو، مالی، نائجر، جنوبی سوڈان اور شام کے لوگوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی کے جاری کردہ پاسپورٹ کے حامل افراد کے امریکہ میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے لاؤس اور سیرا لیون کو بھی مکمل پابندی کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ اس سے قبل ان دونوں ملکوں پر جزوی پابندی عائد تھی۔

    اس کے علاوہ نائیجیریا، تنزانیہ اور زمبابوے سمیت 15 دیگر ممالک پر جزوی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سکریننگ اور جانچ کے نظام میں ناکامیوں کے باعث سفری پابندیوں میں توسیع کی ضرورت تھی۔

    ان ممالک کی فہرست جن کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر مکمل پابندی ہے

    • افغانستان
    • برکینا فاسو
    • برما
    • چاڈ
    • استوائی گنی
    • اریٹیریا
    • ہیٹی
    • ایران
    • لاؤس
    • لیبیا
    • مالی
    • نائجر
    • جمہوریہ کانگو
    • سیرا لیون
    • صومالیہ
    • جنوبی سوڈان
    • سوڈان
    • شام
    • یمن
    • اس کے علاوہ ایسے افراد جن کے پاس فلسطینی اتھارٹی کے جاری کردہ سفری دستاویزات ہیں، ان کے بھی امریکہ میں داخلے پر مکمل پابندی ہے۔

    جزوی پابندی کی فہرست میں شامل ممالک

    • انگولا
    • انٹیگوا اور باربوڈا
    • بینن
    • برونڈی
    • کوٹ ڈی آئیوری
    • کیوبا
    • ڈومینیکا
    • گبون
    • گیمبیا
    • ملاوی
    • موریطانیہ
    • نائیجیریا
    • سینیگال
    • تنزانیہ
    • ٹوگو
    • ٹونگا
    • وینزویلا
    • زیمبیا
    • زمبابوے

    خصوصی کیس:

    ترکمانستان (تارکین وطن کے لیے پابندیاں برقرار ہیں لیکن غیر تارکین وطن کے ویزوں کے لیے ہٹا دی گئی ہیں)

  5. پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے شرکا پر ’بدترین حکومتی تشدد‘ کا دعویٰ

    اڈیالہ

    ،تصویر کا ذریعہBabar Malik

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایکس پر جاری ایک میں بیان میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی فیملی اور وکلا کی ملاقات میں رکاوٹ ڈالنے اور ’اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والی بدترین حکومتی بربریت‘ کی شدید مذمت کی ہے۔

    پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ’یہ واقعات محض انتظامی ناکامی نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدلیہ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔‘

    بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’عمران خان کی بہنوں، علامہ راجہ ناصر عباس، دیگر پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور پرامن دھرنا مظاہرین پر پنجاب پولیس نے حکومتی ایما پر ظلم کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے کیمیکل ملے ہوئے واٹر کینن سے حملہ کیا‘ اور متعدد کارکنوں کو زبردستی گرفتار کر لیا گیا۔

    راولپنڈی میں پولیس نے رات گئے اڈیالہ روڈ پر عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے عمران خان کی ان کی بہنوں سے ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف دیا گیا دھرنا ختم کروا دیا تھا۔

    مقامی پولیس کے مطابق، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا جس کی زد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنیں بھی آئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 15 سے زائد کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

  6. پولیس کا اڈیالہ جیل کے نزدیک پی ٹی آئی کا دھرنا ختم کروانے کے لیے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال

    اڈیالہ روڈ پی ٹی آئی دھرنا

    ،تصویر کا ذریعہBabar Malik

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پولیس نے رات گئے اڈیالہ روڈ پر سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے عمران خان کی ان کی بہنوں سے ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف دیا گیا دھرنا ختم کروا دیا۔

    مقامی پولیس کے مطابق، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا جس کی زد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنیں بھی آئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 15 سے زائد کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

    دھرنے کے مقام سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن استعمال کر رہی ہے۔

    اڈیالہ روڈ پی ٹی آئی دھرنا

    ،تصویر کا ذریعہBabar Malik

    اس کے علاوہ ویڈیوز میں پولیس کو مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ مظاہرین بظاہر پولیس سے بچنے کے لیے گلیوں کی جانب بھاگتے نظر آ رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ منگل کے روز سابق وزیر اعظم کی بہنوں نے اپنے بھائی سے ملاقات نہ کروانے پر اڈیالہ جیل سے کچھ فاصلے پر دھرنا دیا تھا۔

    سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں منگل کے روز بھی ان کے بھائی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

    علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان صحت مند ہیں، اب انھیں ذہنی تشدد کے لیے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے جو غیرآئینی اور غیرقانونی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں قانون کے مطابق عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے دیں تو پھر یہاں احتجاج ختم ہو جائے گا۔‘

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی تشدد سے متعلق خصوصی نمائندہ ایلس جِل ایڈورڈز نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ حراست کے دوران غیر انسانی اور ناروا سلوک کی خبروں کے متعلق فوری اور موثر کارروائی کرے۔

    اقوامِ متحدہ کی نمائندہ خصوصی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 26 ستمبر 2023 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے کے بعد سے عمران خان کو مبینہ طور پر حد سے زیادہ قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں انھیں دن میں 23 گھنٹے ان کے سیل میں رکھا جاتا ہے جبکہ بیرونی دنیا تک ان کی رسائی بھی انتہائی محدود ہے۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ ’بنا کسی تاخیر کے [عمران] خان کی قید تنہائی ختم کی جائے۔‘

  7. اسرائیلی وزیرِ اعظم کا مغربی حکومتوں سے ’یہود مخالفت‘ کے خلاف ’فوری ایکشن‘ کا مطالبہ

    اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو نے مغربی حکومتوں سے مطالبہ کیے ہے کہ وہ ’یہود مخالفت‘ سے نمٹنے کے لیے ’جو ضروری ہے وہ کریں۔‘

    انھوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بونڈائی حملے کا ذکر تو نہیں کیا، تاہم انھوں نے مغربی ممالک سے گزارش کی کہ وہ ’یہودی کمیونٹی کو سکیورٹی اور حفاظت فراہم کریں جس کی انھیں ضرورت ہے۔‘

    ’ان کے لیے ہماری وارننگز پر توجہ دینے بہتر رہے گا۔ میں فوری ایکشن کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘

    بونڈائی بیچ پر حملے کے بعد نتن یاہو نے یہود مخالفت کو ’کینسر‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ’رہنماؤں کی خاموشی کے سبب پھیلتا ہے۔‘

  8. بونڈائی بیچ ’سانحہ نفرت پھیلانے کے لیے نہیں استعمال‘ ہونا چاہیے: آسٹریلیا میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم

    بونڈائی بیچ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    آسٹریلین فیڈریشن آف اسلامک کونسلز (اے ایف آئی سی) کے صدر راعتب جنید نے بونڈائی بیچ پر حملے کو ’تمام آسٹریلوی شہریوں کے لیے ایک سانحہ‘ قرار دیا ہے۔

    انھوں نے بی بی سی ورلڈ سروس کو بتایا کہ پوری مسلم کمیونٹی ’بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اس تشدد کی مذمت‘ کرتی ہے اور وہ درخواست کرتے ہیں کہ ’یہ سانحہ نفرت پھیلانے کے لیے استعمال نہیں‘ ہونا چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’جب کوئی مسلمان (ایسے کسی واقعے کا) ذمہ دار ہوتا ہے تو کمیونٹی کی طرف سے ایسے عمل کے خلاف آواز اٹھائے جانے کے باوجود بھی اکثر فیصلہ سنانے میں جلدی کی جاتی ہے اور پورے گروہ کو موردِ الزام ٹھہرا دیا جاتا ہے۔‘

    راعتب جنید نے مزید کہا کہ کچھ لوگ چند افراد کی سرگرمیوں کا ’الزام اب بھی مسلمانوں پر لگا رہے ہیں۔‘

    ’اس سے نہ صرف کمیونٹیز کی تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ قومی اتحاد کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے، وہ بھی ایسے وقت میں جب ہمیں متحد ہونا چاہیے۔‘

    ’ہم پوری قوم کے ساتھ دکھ منا رہے ہیں۔ یہ ایک نا سمجھ آنے والا پُرتشدد عمل تھا، جس سے پوری کمیونٹی کو دھچکہ پہنچا ہے۔‘

  9. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • َآسٹریلوی پولیس کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد کہ دونوں حملہ آور باپ بیٹا گذشتہ ماہ فلپائن گئے تھے، فلپائنی حکام نے کہا ہے کہ ان کی سرگرمیوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
    • سوشل میڈیا پر ایک جعلی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصویر گردش کر رہی ہے جس میں ایک شخص کو خون آلود چہرے کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ یہ تصویر حملے کو من گھڑت ثابت کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے اور اب تک 10 ملین سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے۔
    • پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہو گئے۔
    • سندھ پولیس نے کہا ہے کہ گھوٹکی گڈو کشمور لنک روڈ پر مسافر بس پر حملے کے بعد اغوا کیے گئے تمام مسافر بازیاب کرا لیے گئے ہیں۔
  10. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔