روس کے ساتھ مذاکرات کا نیا دور بدھ کے روز استنبول میں ہوگا: یوکرینی صدر زیلنسکی
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا نیا دور بدھ کے روز استنبول میں ہوگا۔
پیر کے روز اپنے یومیہ خطاب میں زیلنسکی کا کہنا تھا کہ انھوں نے یوکرین کی سلامتی کونسل کے سربراہ رستم عمروف کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے اور ترکی میں روسی حکام کے ساتھ ایک اور ملاقات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا، ’عمروف نے بتایا کہ بدھ کے روز ملاقات طے ہے۔‘
یاد رہے کہ یوکرینی صدر نے گذشتہ ہفتے کے آخر میں روس کو ایک بار پھر مذاکرات کی تجویز پیش کی تھی۔ اُس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ماسکو اور کئیو کے درمیان 50 دنوں کے اندر جنگ بندی نہ ہوئی تو روس کو ’سخت‘ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ماسکو کی جانب سے فی الحال مذاکرات کے نئے دور کے بارے میں کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
تاہم ترک حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ بدھ کے روز مذاکرات استنبول میں ہوں گے۔ ان کے مطابق، مذاکرات اسی مقام پر ہوں گے جہاں اس سے قبل مئی اور جون جنگ بندی مذاکرات ہوئے تھے جو ناکام رہے تھے۔