آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پاکستان کے راستے ایران داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بنگلہ دیش کے 33 شہری گرفتار

پاکستان کی فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایسے 33 بنگلہ دیشی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جو پاکستان، ایران کی سرحد کو عبور کر کے پاکستان سے ایران داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

خلاصہ

  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین مذہب کے مقدمات کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا
  • گلگت بلتستان کے 80 فیصد علاقے میں سیلابی ریلے آ چکے ہیں، کم از کم 15 لاپتہ سیاحوں کی تلاش کا کام جاری ہے: حکومت
  • حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں 143 افراد ہلاک جبکہ 488 زخمی ہوئے ہیں: پنجاب حکومت
  • امداد اور خوراک حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ایک ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں مارے جا چکے ہیں: اقوام متحدہ
  • غزہ میں خوراک کی کمی کے باعث بڑے پیمانے پر انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں: امدادی ادارے

لائیو کوریج

  1. غزہ میں بھوک کے شکار مزید 10 افراد ہلاک

    حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 کے حملوں کے بعد سے اب تک قحط کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد 111 ہو گئی ہے۔

  2. ’غزہ میں غذائی قلت پھیل رہی ہے‘: 100 سے زیادہ تنظیموں کا اسرائیل پر امداد کے ’محاصرے‘ کا الزام

    115 امدادی اداروں نے ایک دستخط شدہ انتباہی بیان جاری کیا ہے جس میں اس خدشے اظہار کیا گیا ہے کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر غدائی قلت اور بھوک پھیل رہی ہے۔

    اس بیان کے اہم نکات مندرجہ ذیل ہیں۔

    • اسرائیلی حکومت کے محاصرے کی وجہ سے غزہ کے لوگ بھوک کا شکار ہیں۔ امدادی اہلکار اپنے خاندانوں کو خوراک پہنچانے کے لیے قطاروں میں کھڑے ہو کر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ غزہ میں مکمل محاصرے سے افراتفری، بھوک اور موت نے جنم لیا ہے۔
    • امدادی سامان کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے، امدادی کارکن بھوک سے مر رہے ہیں۔
    • غزہ میں موجود گوداموں میں کئی ٹن خوراک، پانی اور ادویات موجود ہیں لیکن انھیں کسی نے چھوا تک نہیں کیونکہ امدادی اداروں کی ان تک رسائی کو روکا گیا ہے۔
    • اقوام متحدہ کا امدادی نظام ناکام نہیں ہوا لیکن اسے کام کرنے سے روکا گیا ہے۔
    • متاثرین شدید غذائی قلت کا شکار ہیں خاص طور پر بچے اور بزرگ۔
    • امدادی اداروں نے اپنے بیان میں مکمل سیز فائر کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جتنی بھی پابندیاں اور رکاوٹیں ہیں انھیں ہٹایا جائے اور تمام زمینی راستوں کو دوبارہ کھولا جایے۔ فوج کے زیر کنٹرول تقسیم کے مراکزکو بند کیا جائے اور اس کے بجائے اقوام متحدہ کی قیادت میں انسانی امداد فراہم کی جائے۔
  3. نور مقدم قتل کیس: ظاہر جعفر نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کر دی

    اسلام آباد میں اپنی اہلیہ نور مقدم کو قتل کرنے کے جرم میں سزا پانے والے مجرم ظاہر جعفر نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کر دی ہے۔

    مجرم کی جانب سے دائر کی جانے والی نظر ثانی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے ملزم کی ذہنی حالت کا تعین نہیں کروایا۔

    درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ملزم نے سپریم کورٹ سے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست کی تھی لیکن عدالت نے اس متفرق درخواست پر فیصلہ نہیں دیا۔

    نظر ثانی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزم کو سزائے موت دینے کے لیے ویڈیو ریکارڈنگ پر انحصار کیا گیا لیکن ٹرائل کے دوران ان کو درست ثابت نہیں کیا گیا اور نہ ہی ملزم کو ان کی ریکارڈنگز فراہم کی گئیں۔

    ظاہر جعفر کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے ٹرائل کے دوران وہ ویڈیوز چلا کر بھی نہیں دیکھی گئیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کیس کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا اور سپریم کورٹ کے 20 مئی کے فیصلے پر نظر ثانی کی ٹھوس وجوہات موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ 20 مئی کو سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی موت کی سزا کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ان کو سزائے موت دیے جانے کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

    تاہم عدالت نے نور مقدم کے ساتھ ریپ کا جرم ثابت ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دی گئی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ اسی طرح سپریم کورٹ نے نور مقدم کو اغوا کرنے کے الزام میں ظاہر جعفر کو دی گئی دس سال قید کی سزا کو کم کر کے ایک سال کر دیا جبکہ عدالت نے نور مقدم کے ورثا کو مالی معاوضہ فراہم کرنے سے متعلق ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

    یاد رہے کہ 27 سالہ نور مقدم کو 20 جولائی 2021 کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون فور کے ایک مکان میں قتل کر دیا گیا تھا اور اسی روز پولیس نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کر لیا تھا۔

    اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے 24 فروری 2022 کو نور مقدم کا قتل ثابت ہونے پر ظاہر جعفر کو سزائے موت جبکہ ریپ کے الزام کے تحت 25 سال قید بامشقت کی سزا سُنائی تھی۔ اُن کے دو ملازمین جان محمد اور افتخار کو اعانت جرم میں دس، دس سال قید کی سزا سُنائی تھی جبکہ ظاہر جعفر کے والدین سمیت دیگر نامزد ملزمان کو بری کر دیا گیا تھا۔

    مقامی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے کے اِس فیصلے کے خلاف ظاہر جعفر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ تاہم مارچ 2023 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ظاہر جعفر کی سزائے موت کے خلاف اپیل ناصرف مسترد کر دی بلکہ ریپ کے جرم میں انھیں دی گئی 25 سال قید کی سزا کو بھی سزائے موت میں تبدیل کر دیا تھا۔

  4. غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری، ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد سمیت 17 ہلاک

    غزہ میں حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس کے ایک ترجمان کے مطابق بدھ کی صبح سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں چار بچوں اور ایک شیر خوار بچے سمیت کم از کم 17 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تین الگ الگ فضائی حملوں میں دو کثیر منزلہ رہائشی عمارتوں میں اور ایک خیمہ بستی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد سمیت 17 افراد ہلاک ہوئے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ان حملوں میں مزید 24 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں اب بھی لاشیں نکال رہی ہیں اور حملوں کے مقام پر زخمیوں کی مدد کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انھوں نے پٹی کے متعدد علاقوں میں ’تقریبا 120 دہشت گردوں کے ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں ’متعدد دہشت گرد‘ جبالیہ میں فضائی حملوں میں تب ہلاک ہوئے کہ جب وہ اسرائیل کی زمینی فوج کے قریب پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    آئی ڈی ایف کا مزید کہنا ہے کہ وہ غزہ شہر میں اپنی زمینی کارروائیوں میں مزید تیزی لا رہے ہیں۔

  5. پنجاب بھر میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری، تیز بارش اور آندھی سے کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے: ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب

    صوبائی سطح پر قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج یعنی بدھ کے روز بھی صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹک میں 125 ملی میٹر، جہلم 120، راولپنڈی 88، منگلا 72، شیخوپورہ 70 اور نارووال میں 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    لاہور میں تقریباً 100 ملی میٹر، گجرانوالہ 40، فیصل آباد 43 اور میانوالی میں 42 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ پی ڈی ایم اے صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ طوفانی بارش سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی متعلقہ اضلاع کو عملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ تیز بارش اور آندھی مخدوش و کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ شہری موسمِ برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

  6. ٹرمپ انتظامیہ کا ایک بار پھر یونیسکو سے علیحدگی کا اعلان

    امریکی انتظامیہ نے اقوام متحدہ کے ثقافتی اور تعلیمی ادارے یونیسکو سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یونیسکو پر ’تفرقہ انگیز ثقافتی اور سماجی مقاصد‘ کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل آڈرے ازولے نے امریکہ کے اس فیصلے کو ’افسوسناک‘ لیکن ایک ’متوقع‘ اقدام قرار دیا ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ کا عالمی ادارہ صحت اور پیرس ماحولیاتی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی امدادی کوششوں کی فنڈنگ میں کٹوتی کے بعد بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کی کوششوں میں تازہ ترین قدم ہے۔

    یاد رہے کہ سنہ 2017 میں اپنی پہلی صدارت کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکہ کو یونیسکو سے پہلی مرتبہ علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بعد میں جو بائیڈن کی انتظامیہ نے یونیسکو کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اوباما انتظامیہ کے دوران سنہ 2011 میں امریکہ نے یونیسکو کے لیے مختص 6 کروڑ ڈالر کے فنڈز کو روک دیا تھا۔

    یونیسکو کے دنیا بھر میں 194 رکن ممالک ہیں اور یہ عالمی ثقافتی ورثے سے متعلق سرگرمیوں کے لیے مشہور ہے۔ واضح رہے کہ یونیسکو سے امریکہ کی علیحدگی کے فیصلے کا اطلاق دسمبر 2026 سے ہوگا۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یونیسکو کا بین الاقوامی ترقی کا عالمی اور نظریاتی ایجنڈا ہماری ’امریکہ فرسٹ خارجہ پالیسی‘ سے متصادم ہے۔

    رپورٹ میں سنہ 2011 میں یونیسکو میں فلسطینیوں کی شمولیت کو امریکی پالیسی کے برعکس انتہائی مسائل سے بھرپور قرار دیا گیا اور اس سے تنظیم کے اندر اسرائیل مخالف بیانات کے پھیلاؤ میں مدد ملی۔

    یونیسکو کے سربراہ آڈرے ازولے نے مزید کہا کہ ’ادارہ واشنگٹن کے اس اقدام کی تیاری کر رہا ہے اور اپنے فنڈز کے ذرائع کو متنوع بنا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت یونیسکو اپنے بجٹ کا تقریباً 8 فیصد امریکہ سے حاصل کر رہا ہے۔

    پیرس میں قائم اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسکو دوسری عالمی جنگ کے فوراً بعد نومبر سنہ 1945 میں قائم کیا گیا تھا تاکہ تعلیم، فنون لطیفہ، سائنس اور ثقافت میں عالمی تعاون کے ذریعے امن اور سلامتی کو فروغ دیا جا سکے۔

  7. نو مئی مقدمے میں سزائیں: اب تک ہم کیا جانتے ہیں؟

    • صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دو سال قبل نو مئی کو لاہور میں شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔
    • عدالت نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو اس مقدمے سے بری کر دیا ہے۔
    • پی ٹی آئی کے دیگر رہنما جن میں خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن اور افضال عظیم پاہٹ شامل ہیں انھیں بھی دس، دس سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
    • اس سے قبل سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف ملک احمد بچھر اور پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی احمد چٹھا دیگر ملزمان کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
  8. نو مئی 2023: احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور کریک ڈاؤن کی پسِ پردہ کہانی

    آج یاسمین راشد سمیت تحریکِ انصاف کے متعدد رہنماؤں کو نو مئی کے مقدمے میں سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    نو مئی، وہ دن جب پاکستانی سیاست ہمیشہ کے لیے بدل گئی۔۔۔

  9. پی ٹی آئی کا نو مئی مقدمات کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کا اعلان: ’یہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو نہیں جمہوریت کو سزا ہوئی‘

    پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے کی گئی ایک پریس کانفرنس میں نو مئی مقدمات میں سزا پانے والوں کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے یہ اعلان انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کی جانب سے یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو دس، دس سال قید کی سزائیں سنائے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    اسلام آباد میں رات گئے ایک پریس کانفرنس جس میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ، ڈاکٹر بابر اعوان، شیخ وقاص اکرم اور عالیہ حمزہ شریک تھے میں اس فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ ’عدلیہ کے متنازع فیصلوں میں ایک نئے فیصلے کا اضافہ ہوا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’پاکستان تحریکِ انصاف نے بطور جماعت نو مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے لیکن پی ٹی آئی اور عمران خان نے خود اڈیالہ جیل میں یہ مطالبہ کیا تھا کہ اس بارے میں منصفانہ تحقیقات کرنا آئین اور قانون کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ٹرائل کرنا یہ ہمارا دو بنیادی مطالبات تھے جو پورے نہیں کیے گئے ہیں۔‘

    تحریکِ انصاف کے رہنما اور وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کے مقدمات میں وہی دو گواہ ہیں جو پیش کیے جار ہے ہیں۔ کہا یہ جا رہا ہے کہ ایک سازش بُنی گئی۔ وہ سازش عمران خان نے بُنی، اور اس کی بنیاد کیا ہے؟ ایک پولیس کا ملازم جو کہتا ہے کہ میں زمان پارک داخل ہو کر صوفے کے پیچھے چھپ گیا، اسی طرح دوسرا ملازم کہتا ہے کہ میں میز کے نیچے چھپ گیا اور وہاں چھپ کر میں نے سنا کہ ایک سازش بُنی جا رہی ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’یہ ہے وہ مضحکہ خیز نوعیت کی گواہی جس کی بنیاد پر استغاثہ کا پورا کیس کھڑا ہے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ گواہی اگر ہمارے خلاف استعمال ہونی ہے تو پاکستانی عوام یہ جان لے کہ عدالتی نظام مکمل طور پر منہدم ہو چکا ہے۔ جھوٹ ہر چیز کی بنیاد میں رچ بس چکا ہے۔ یہ مذاق ہے جو آج پاکستانی عوام کے ساتھ ہوا ہے، یہ جمہوریت پر حملہ ہوا ہے۔ یہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو سزا نہیں ہوئی، یہ جمہوریت کو سزا ہوئی ہے۔‘

    تحریکِ انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ ’ان سزاؤں سے پی ٹی آئی کا راستہ نہیں روکا جا سکتا ہے۔ جو دہشتگر روز ہمارے بچوں کو مارتے ہیں، ان کے ٹرائل کہاں ہو رہے ہیں، ہمیں بتایا جائے کہ ان کے ٹرائل کیوں نہیں ہو رہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’کہاں ہے سی سی ٹی وی فوٹیج، یہ سارے علاقے ایسے تھے جو گارڈڈ تھے، لاہور سیف سٹی ہے اور اس پر 20، 25 ارب روپیہ لگا ہوا ہے کیوں نہیں پیش کی گئی فوٹیج؟‘

  10. بریکنگ, نو مئی مقدمہ: شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا

    صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دو سال قبل نو مئی کو لاہور میں شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔

    دوسری جانب عدالت نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو اس مقدمے سے بری کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ یہ مقدمہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ہی چلایا گیا تھا اور آج رات گئے فیصلہ بھی یہیں سنایا گیا۔

    ان کے علاوہ پی ٹی آئی کے دیگر رہنما جن میں خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن اور افضال عظیم پاہٹ شامل ہیں انھیں بھی دس، دس سال قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف ملک احمد بچھر اور پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی احمد چٹھا دیگر ملزمان کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ دو برس قبل نو مئی 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی رینجرز اہلکاروں کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس میں عسکری املاک پر بھی حملے کیے گئے تھے۔

    اس کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے نتیجے میں متعدد ملک بھر میں گرفتاریاں عمل میں آئی تھیں۔

    یاد رہے کہ اعجاز چوہدری پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کے رکن بھی ہیں اور اس فیصلے کے بعد وہ اپنی سیٹ سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ یہی صورتحال ملک احمد بچھر اور احمد چٹھہ کے کیس میں بھی ہو گی۔

  11. خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے: پی ڈی ایم اے

    پی ڈی ایم اے نے متنبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس سے گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    اس نے چترال اپر اور لوئر، دیر، سوات اور کوہستان اپر کے عوام کو ممکنہ گلیشیئرز کے پھٹنے سے متعلق خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    ایک بیان کے مطابق ’ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی، بروقت وارننگ اور انخلا کی مشقیں یقینی بنانے، ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور گاڑیاں تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

  12. گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلوف الرٹ، پاکستان کے کئی شہروں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی

    پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے 22 جولائی کی شب اور 23 جولائی کو ملک کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ادھر خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں موجودہ موسمی حالات کے باعث گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (گلوف) اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    22 جولائی کو شام ساڑھے پانچ بجے جاری کی گئی تنبیہ کے مطابق:

    • آج رات اور 23 جولائی کو موسلا دھار بارش سے اِن علاقوں کے ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے: چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر
    • اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، نوشہرہ اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے
    • خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے
    • جبکہ آندھی اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے، جیسے کچے گھروں کی چھت/دیوار، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینل گِر سکتے ہیں
  13. غزہ میں غذائی قلت سے 48 گھنٹوں میں 33 ہلاکتیں ہوئی ہیں: وزارت صحت

    غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 12 بچوں سمیت 33 افراد غذائی قلت کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا تھا کہ غزہ میں جانیں بچانے کے آخری وسائل بھی ختم ہو رہے ہیں اور اسرائیلی کارروائی کی رفتار بڑھنے کے ساتھ حالات مزید بگڑنے لگے ہیں۔

    پیر کو برطانیہ سمیت 20 سے زیادہ ملکوں نے غزہ میں اسرائیلی کارروائی کی مذمت کی تھی اور یرغمالیوں کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ مرکزی غزہ میں اسرائیلی کی نئی زمینی کارروائیوں سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ دیر البلاح میں اس کے دستوں پر فائرنگ کی گئی تاہم اس نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے رابطے قائم کیے ہیں۔

  14. میانوالی میں نو مئی کو توڑ پھوڑ کا الزام، پنجاب کے اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر سمیت دیگر کو 10، 10 سال قید کی سزا

    صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دو سال قبل 9 مئی کو میانوالی میں توڑ پھوڑ سے متعلق ایک مقدمے میں صوبائی اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر سمیت دیگر ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔

    میانوالی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں عدالت نے 32 ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ دی تھی۔ ملزمان پر پُرتشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔

    سرگودھا کی انسدادِ دہشتگردی عدالت سے سزا پانے والوں میں سابق ایم این اے بلال اعجاز بھی شامل ہیں۔ ادھر ملک احمد بھچر نے اس فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  15. راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

    صوبہ پنجاب میں ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے دریائے جہلم اور چناب میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔ جبکہ راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب اور جہلم میں بارشوں کے باعث پانی کے اضافے اور سیلاب کا خدشہ ہے۔

    ان کے مطابق راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ’راولپنڈی، اٹک، چکوال، مری، جہلم، گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاوالدین، وزیر آباد، سرگودھا، نارووال، جھنگ، کوٹ ادو اور دیگر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

  16. پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس اہلکاروں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری, نصیر چوہدری، صحافی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف اضلاع میں پولیس کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

    اس دوران پولیس سٹیشنوں اور دیگر اہم مقامات پر فرائض کی ادائیگی روک دی گئی ہے جبکہ پولیس سٹیشنوں کے باہر بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

    گذشتہ روز کشمیر بھر میں پولیس ملازمین نے حکومت کو دس نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا تھا جس کے بعد ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر اور ایس ایس پی نے احتجاجی ملازمین سے مذاکرات کیے۔

    مذاکرات کے نتیجے میں کوارٹر گارڈ کیے گئے پولیس اہلکار یاسر کھوکھر کو رہا کیا گیا اور اس کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں احتجاج کے خاتمے کا اعلان کیا گیا۔

    تاہم حکام کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے بعد احتجاجی ملازمین کی نمائندہ تنظیم جمعیت پولیس نے ہڑتال ختم نہ کرنے کا اعلان کیا۔

    احتجاج کرنے والے پولیس ملازمین کا دعویٰ ہے کہ یاسر کھوکھر سے ویڈیو بیان دباؤ میں لیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جمعیت پولیس اس بیان کو مسترد کرتی ہے اور ہڑتال جاری رہے گی۔

    احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی، اور آج مزید پولیس ملازمین احتجاج میں حصہ لینے کے لیے مظفرآباد پہنچیں گے۔

    جمعیت پولیس کی جانب سے جاری کردہ دس نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ میں کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر مارے جانے والے پولیس اہلکاروں کی تنخواہ فریز کر دی جاتی ہے اور 60 سال تک وہی تنخواہ دی جاتی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اس نظام کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔

    اس کے علاوہ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ فکس ڈیلی الاؤنس 2022 کے ریوائز پے سکیل کے مطابق دیا جائے اور نارمل اور سپیشل اسٹیشن کا نظام ختم کیا جائے۔

    چارٹر آف ڈیمانڈ میں ایک اور مطالبہ یہ ہے کہ رسک الاؤنس 2008 کی بیسک پے کے بجائے 2022 کی شرح کے مطابق دیا جائے۔ اس کے علاوہ، چارٹر آف ڈیمانڈ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو پاکستان اور کشمیر کے بڑے ہسپتالوں میں آرمی طرز پر ان ٹائٹلمنٹ دی جائے۔

    اس کے علاوہ یونیفارم کی خریداری مرکزی پولیس دفتر سے ختم کی جائے اور یہ الاؤنس براہ راست ملازمین کو دیا جائے تاکہ یونیفارم کے معیار میں بہتری آئے۔

    جمعیت پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات کے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے تو احتجاج ختم ہو سکتا ہے۔

    کشمیر کے آئی جی پولیس رانا عبدالجبار نے پولیس دربار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے اور جو پولیس ملازمین ڈسپلن شکنی کر رہے ہیں، وہ خود کو کمزور کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے کسی کے کہے بغیر پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے حکومت کو لکھا تھا جس پر پیش رفت بھی ہوئی۔ تاہم انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خط کو چند پولیس اہلکاروں نے چارٹر آف ڈیمانڈ بنا کر احتجاج شروع کر دیا۔

  17. اسلام آباد میں گاڑی سمیت برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ، بیٹی کی تلاش تاحال جاری

    منگل کے روز پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ سہالہ کی حدود میں دو افراد گاڑی سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے۔

    پولیس کے مطابق، منگل کی صبح 64 سالہ ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ ڈی ایچ اے میں واقع اپنے گھر سے نکلے تھے کہ سڑک پر جمع بارش کے پانی کے باعث ان کی گاڑی بند ہو گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی باعث دونوں افراد گاڑی سمیت پانی میں بہہ گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے باپ بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے جس میں ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں کے علاوہ نیوی اور پولیس کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ برساتی نالہ آگے جا کر دریاے سواں میں گرتا ہے لیکن اس سے قبل نالے کے اوپر 500 میٹر تک کنکریٹ کور ہے۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق، کنکریٹ کے شیڈ کے نیچے اندھیرے اور پانی کے شدید دباؤ کے سبب آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

  18. پاکستان میں مون سون بارشوں کے دوران اب تک 239 افراد ہلاک ہوئے: این ڈی ایم اے

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے وفاقی ادارے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران 26 جون سے اب تک 239 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 18 بتائی گئی ہے۔ ان میں سے 10 ہلاکتیں صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوئیں۔

    این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، 26 جون سے 21 جولائی کے دوران 597 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    اس دوران، سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں 135 افراد مارے گئے۔ پنجاب میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 470 ہے۔ خیبر پختونخوا میں 56 جبکہ سندھ میں 24 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ صوبہ بلوچستان میں مون سون کے دوران 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  19. مون سون بارشوں سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، این ڈی ایم اے کی لوگوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک کے شمالی حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی پیش گوئی کی ہے۔

    این ڈی ایم اے کے قومی ایمرجنسی آپریشن مرکز (این ای او سی) نے مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک کے شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام علاقوں گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف حصوں بشمول گلگت، ہنزہ، سکردو، استور، دیامر، گانچھے، مظفرآباد، وادی نیلم، حویلی، باغ اور پونچھ میں بارشیں متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ بالائی خیبر پختونخوا بالخصوص چترال، دیر، کوہستان اور نزدیکی پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہے۔

    این ای او سی کے مطابق، اس موسمی طرز کی وجہ سے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے، چٹانیں گرنے اور زمین دھنسنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    جو علاقے زیادہ خطرے کا شکار ہیں ان میں کولائی پاس، لوئر کوہستان، اپر کوہستان، تتہ پانی، جگلوٹ، نگر، ہنزہ، روندو، سکردو اور چترال کے متعدد مقامات شامل ہیں۔

    این ڈی ایم اے نے ان علاقوں میں موجود مسافروں اور وہاں کے رہائشیوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں خاص طور پر غیر مستحکم ڈھلوانوں پر نہ جائِں۔

  20. پنجاب کے بیشتر شہروں میں آج بھی بارشیں متوقع، مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ: پی ڈی ایم اے

    پاکستان کے صوبہ پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ منگل کے روز لاہور سمیت صوبے بھر میں دریاؤں کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ مری کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

    پی ڈی ایم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، فیصل آباد ،گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے جبکہ طوفانی بارشوں سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے نے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہے گا۔ انھوں نے سیاحوں اور مسافروں کو اس دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی میں 54 ملی میٹر، مری میں 42 اور نارووال میں 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    ادارے کا کہنا ہے تیز بارش اور آندھی سے مخدوش و کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں اپنی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔