یوکرین کا روسی فضائی اڈوں پر ڈرونز کے ذریعے حملہ، 40 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

یوکرین نے دعوی کیا ہے کہ اس نے روس پر ایک بڑا ڈرون حملہ کیا ہے جس میں اس کے فوجی اڈوں پر 40 جہاز تباہ کر دیے گئے ہیں۔ اس حملے کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرون حملوں کے بعد آگ کے شعلوں نے جہازوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

خلاصہ

  • عمران خان کا جیل سے ملک گیر عوامی احتجاج کی قیادت کرنے کا اعلان
  • جوہری سرگرمیوں سے متعلق عالمی رپورٹ پر ایران کی مذمت، امریکہ نے مجوزہ جوہری معاہدہ بھجوا دیا
  • جنرل ساحر شمشاد مرزا کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں کرائسس مینجمنٹ کا نظام نہ ہونے کے باعث شاید مستقبل میں بین الاقوامی طاقتیں بروقت پاکستان اور انڈیا کے درمیان محاذ آرائی نہ رکوا پائیں
  • جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری اور براہِ راست فائرنگ کے نتیجے میں امدادی مرکز کے قریب کم از کم 26 فلسطینی ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں
  • حماس کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینی قیدیوں کی متفقہ رہائی کے بدلے دس زندہ اسرائیلی یرغمالیوں اور 18 مردہ یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرنے کے لیے تیار ہے

لائیو کوریج

  1. وزیرِاعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

    PMO

    ،تصویر کا ذریعہPMO

    وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

    کوئٹہ پہنچنے پر قائم مقام گورنر و سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی اور وزیرِ اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

    وزیرِ اعظم کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا دورہ کریں گے اور گرینڈ جرگہ میں بھی شرکت کریں گے۔

    وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور رکن قومی اسمبلی عطا اللہ تارڑ بھی کوئٹہ دورے میں وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔

  2. ’ہدایت بلیدی نے بلوچ روایات اور ہمت کی پاسداری کرتے ہوئے جان قربان کر دی‘: سرفراز بگٹی

    @PakSarfrazbugti

    ،تصویر کا ذریعہ@PakSarfrazbugti

    بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے گذشتہ روز سوراب میں مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہونے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہدایت بلیدی نے بلوچ روایات اور ہمت کی پاسداری کرتے ہوئے ریاست پاکستان کے تحفظ کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے جان قربان کر دی۔‘

    انھوں نے ایکس پر لکھا کہ جب سوراب میں فتنہ الہند بی ایل اے کے عسکریت پسندوں نے بازار میں عورتوں اور بچوں پر گولیاں برسانی شروع کیں تو ہدایت اللہ بلیدی نے بلوچ روایات اور ہمت کی پاسداری کرتے ہوئے ریاست پاکستان کے تحفظ کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے جان قربان کر دی۔

    خیال رہے رواں مہینے بلوچستان کے علاقے خضدار میں ایک سکول بس پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) کی جانب سے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل) کے لیے فتنہ الہندوستان کے الفاظ استعمال کیے گئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے خضدار میں سکول کی بس پر حملے کا الزام انڈیا پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کے حکم پر فتنہ الہندوستان نے 21 مئی کو بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ انڈیا جان بوجھ کر معصوم اور بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور اس کے کئی ناقابل تردید اور ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔‘

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ’دہشت گردوں کو پیسہ اور ہتھیار دیے جاتے ہیں۔ فتنہ الہندوستان پاکستان میں کیسے دہشت گردی کرتا ہے اس کا اعتراف پکڑے گئے دہشت گردوں نے کیا ہے۔ وہ اب سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔‘

    خیال رہے حملے کے وقت اس سکول بس میں 40 طلبہ موجود تھے۔ پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ چھ بچوں سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

    تاحال کسی بھی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

  3. ’ہدایت بلوچ بُلیٖدی آپ کے ساتھ کام کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات تھی‘: کمشنر کوئٹہ کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو خراجِ تحسین

    social media

    ،تصویر کا ذریعہsocial media

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر سوراب میں جمعہ کی شب مسلح افراد کے حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ہدایت بلیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔

    کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے ہدایت بلیدی کو خراجِ تحسین پیشِ کرتے ہوئے انھیں ’سرزمین کا سپوت‘ کہا۔

    انھوں نے ایکس پر لکھا ’لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسر (لمز) کے گریجویٹ سوراب کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محترم ہدایت بلوچ بُلیٖدی آپ کے ساتھ کام کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات تھی۔ آپ بہترین اسسٹنٹ کمشنرز میں سے ایک تھے۔‘

    ’آپ نے بہادری سے لڑائی لڑی اور شہادت کو گلے لگایا۔‘

    کمشنر کوئٹہ نے بتایا کہ ہدایت بلیدی کو چند دن پہلے ہی ترقی دی گئی تھی۔حمزہ شفقات نے لکھا ’میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ آپ کے اہل خانہ پر کیا گزرے گی لیکن آپ نے اپنی زندگی ایک ہیرو کی طرح گزاری اور اُسے ملک و قوم کے لیے قربان بھی ایک ہیرو کی طرح کیا۔‘

  4. ایٹمی جنگ گولیوں کے بجائے تجارت سے ختم کی، پاکستان کے نمائندے اگلے ہفتے امریکہ آ رہے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی نمائندے اگلے ہفتے آ رہے ہیں اور ہم انڈیا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بہت قریب ہیں۔‘

    جمعہ کی شب جوائنٹ بیس اینڈریوز پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’جس معاہدے پر مجھے سب سے زیادہ فخر ہے، وہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہے۔ ہم انڈیا سے بات کر رہے تھے، ہم پاکستان سے بات کر رہے تھے اور ہم ممکنہ ایٹمی جنگ کو گولیوں کے بجائے تجارت کے ذریعے روکنے میں کامیاب ہوئے۔‘

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایک خطرناک جنگ چل رہی تھی، صورتحال بہت خراب ہو رہی تھی لیکن اب دونوں ایٹمی طاقتوں کے مابین بہتر حالات ہیں۔

    ٹرمپ نے کہا ’اگر دونوں ممالک جنگ کی حالت میں ہوتے تو مجھے ان میں سے کسی کے ساتھ بھی معاہدہ کرنے میں کوئی دلچسپی نہ ہوتی۔‘

    خیال رہے پاکستانی نمائندوں کے امریکہ جانے کے حوالے سے تاحال پاکستان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور جہاں پاکستان نے کشمیر کے حوالے سے ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا ہے وہیں انڈیا نے کسی تیسرے فریق کے کردار کو تسلیم نہیں کیا اور کہا ہے کہ جنگ بندی دونوں فریقوں کے درمیان باہمی طور پر طے پائی تھی۔

  5. سوراب میں عسکریت پسندوں کے حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہلاک، متعدد سرکاری عمارتیں نذر آتش, محمد کاظم - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر سوراب میں جمعہ کے روز مسلح افراد کے حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ہدایت بلیدی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ عسکریت پسندوں نے متعدد سرکاری عمارات کو بھی نذر آتش کیا ہے۔

    سرکاری حکام کے مطابق 60 سے زائد مسلح افراد شہر میں داخل ہوئے اور دو گھنٹے سے زائد تک شہر کے بعض اہم حصے ان کے کنٹرول میں رہے جن میں سرکاری دفاتر بھی شامل تھے۔

    حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے دوران اے ڈی سی ریونیو مسلح افراد کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے۔

    ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے سوراب بازار میں ایک بینک کو بھی لوٹا ہے جبکہ مختلف سرکاری افسران کے گھروں کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔

    سوراب میں مسلح افراد کا بینک اور انتظامی افسران کی رہائشگاہوں پر حملہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کا مسلح افراد کے خلاف علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    سوراب شہر میں اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

    سوراب میں مسلح افراد کس وقت حملہ آور ہوئے؟

    قلات ڈویژن کے ایک سینیئر انتظامی آفیسر نے بی بی سی کو بتایا کہ 60 سے زائد مسلح افراد مختلف اطراف سے سوراب شہر میں شام کے وقت داخل ہوئے۔ شہر میں داخل ہونے کے بعد انھوں نے اہم علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا جن میں ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، پولیس تھانہ، لیویز فورس کا تھانہ وغیرہ شامل تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد تقریباً دو گھنٹے سے زائد شہر کے مختلف علاقوں میں رہے اور جانے سے قبل انھوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے گھروں کو نذرآتش کرنے کے علاوہ، بینک، پولیس تھانہ اور لیویز فورس کے تھانے کو بھی نذرآتش کیا۔

    سماجی رابطوں کی میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں پولیس تھانہ سوراب سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

    gettyimages

    ،تصویر کا ذریعہgettyimages

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    سوراب کہاں واقع ہے؟

    سوراب شہر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 250 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مغرب میں کوئٹہ کراچی ہائی کے قریب واقع ہے۔

    سوراب شہر سمیت ضلع کی آبادی مختلف بلوچ قبائل پر مشتمل ہے۔ ضلع سوراب انتظامی لحاظ سے بلوچستاں کے قلات ڈویژن کا حصہ ہے۔ قلات ڈویژن کے دیگر اضلاع خضدار، قلات، آواران، لسبیلہ، حب اور مستونگ کی طرح سوراب میں بھی ماضی میں سنگین بدامنی کے واقعات پیش آتے رہے ہیں لیکن دیگر اضلاع کے مقابلے میں سوراب میں ان کی شرح کم رہی ہے۔

    تاہم قلات ڈویژن کے کسی اور علاقے کے مقابلے میں آبادی کے لحاظ سے کسی بڑے شہر میں یہ اپنی نوعیت کی ایک بڑی مسلح کارروائی ہے۔

    اس قبل مسلح افراد نے اس ڈویژن کے ضلع خضدار کے دو شہروں زہری اور اورناچ میں اس نوعیت کی کاروائیاں کی تھیں جبکہ 2024 سے قلات ڈویژن سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں قومی شاہراہوں پر بھی مسلح افراد ناکہ بندی کرتے رہے ہیں جن کے دوران بڑی تعداد میں لوگ ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں سکیورٹی کے انتظامات کو سخت کر دیا گیا ہے۔

  6. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں طلبہ و افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کو شکست دے گا۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ محصولات کی جنگ میں دو ہفتے سے جاری تعطل کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
    • پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کیے جانے سے متعلق سپریم کورٹ کے دو ججز کا تفصیلی اختلافی نوٹ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ’ فوج کا کام ملک کا دفاع ہے نہ کہ عدلیہ کے فرائض سر انجام دینا، اگر فوج عدلیہ کے فرائض سر انجام دینے لگی تو لوگوں کا ان پر اعتماد نہیں رہے گا۔‘
    • انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کو ہدف بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی دھوکے میں نہ رہے کیونکہ ’آپریشن سندور‘ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔
    • پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ پاکستان اور انڈیا اپنی سرحد پر فوجیوں کی تعداد کو رواں ماہ کے اوائل میں شروع ہونے والی کشیدگی سے قبل والی تعداد تک لا رہے ہیں۔
    • بلوچستان کے ضلع کیچ اور لورالائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
    • ایک سینیئر حماس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ فلسطینی عسکریت پسند گروہ نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے مجوزہ منصوبے کو مسترد کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ جمعرات کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اسرائیل نے امریکی مندوب سٹیو وٹکوف کے منصوبے پر ’رضامندی کا اظہار‘ کیا ہے اور اب اسے حماس کے باضابطہ ردِ عمل کا انتظار ہے۔
  7. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج میں خوش آمدید۔ یہاں آپ کو پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تجزیے پڑھنے کو ملیں گے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔