پنجاب سمیت ملک کے بالئی علاقوں میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 20 جون سے شروع ہو گا: پی ڈی ایم اے
پاکستان کے صوبے پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے۔
خلاصہ
شامی صدر کا سینکڑوں ہلاکتوں کے بعد سویدا میں فوری جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔
ضلع ہنگو میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران ڈی پی او ہنگو محمد خالد سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے جبکہ نو دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان کے صوبے پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے۔
امریکی ریاست لاس اینجلس میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے واقعے میں کم سے کم 28 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
لائیو کوریج
راولپنڈی میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ، نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونے لگی
محکمہ موسمیات کا
کہنا ہے کہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 200 ملی میٹر
سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
گوالمنڈی میں 235
ملی میٹر، کٹاریاں کے مقام پر 220 ملی میٹر جبکہ پیر ودھائی میں 202 ملی میٹر بارش
ریکارڈ کی گئی۔
محمکمہ موسمیات کے
مطابق، شدید بارشوں کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کی صورتحال ہے۔ گوالمنڈی کے مقام
پر پانی کی سطح 21 فٹ تک پہنچ گئی جس کے بعد آس پاس کے علاقوں سے انخلا شروع کر
دیا گیا جبکہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 18 فٹ ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی
کی سطح 20 فٹ تک پہنچنے پر انخلا کیا جائے گا۔
تاہم محکمہ
موسمیات کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
جہلم میں فلیش فلڈ میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری
،تصویر کا ذریعہPDMA
ترجمان ریسکیو پنجاب
کا کہنا ہے کہ اس وقت جہلم فلیش فلڈ میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن
جاری ہے۔
ریسکیو پنجاب کے
ترجمان فاروق احمد کے مطابق، 50 سے زائد امدادی کارکن چھ ریسکیو بوٹس کے ساتھ ڈھوک شاہ عارف، سوہاوہ،
ڈھوک بدر، رسول پور، چک محمدہ، بھمپر ولیج میں رسیکیو
آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے
کہ جہلم فلیش فلڈ سے اب تک 57 لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کیا جا چکا ہے جبکہ میانولی،
راولپنڈی، چکوال، اٹک، ڈی جی خان، رحیم یار خان، راجن پور اور لیہ میں بھی ریسکیو ٹیمیں
آپریشن میں مصروف ہیں۔
پنجاب بھر میں 800
سے زائد ریسکیو بوٹس 15000 سے زائد ریسکیورز مون سون اور فلڈ اپریشن کے لیے ہائی الرٹ
پر ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق، موضع ڈھوک بدر اور نکہ کلاں میں اچانک سیلاب کے باعث تقریباً 40 افراد ڈیروں میں پھنس گئے تھے جنھیں ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے رسیکیو کے لیے فوج نے فضائی مدد فراہم کی۔
،تصویر کا ذریعہRescue 1122
راولپنڈی: بارش کے باعث ضلع بھر میں ایک روز کی چھٹی، نالہ لئی کے اطراف سے لوگوں کو انخلا کی ہدایت جاری
راولپنڈی میں بارشوں
کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں
ایک دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے جبکہ
نالہ لئی میں طغیانی کے باعث نالے کے اطراف سے لوگوں کو انخلا کی ہدایت کر دی گئی
ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی
نے عوام سے گذارش کی ہے کہ عوام گھروں میں رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ
نکلیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نالئہ لئی کے اطراف نشیبی علاقوں کے رہائشی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متنبہ کیا ہے کہ نالئہ لئی کے اطراف جمع ہونے اور نہانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
پنجاب میں 24 گھنٹوں میں بارشوں سے 63 افراد ہلاک، چکوال میں سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فوج طلب
،تصویر کا ذریعہPDMA
،تصویر کا کیپشنپی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چکوال میں ریکارڈ بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
قدرتی آفات سے
نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مون سون
بارشوں کے نتیجے میں 63 افراد ہلاک جبکہ 290 زخمی ہو چکے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، رواں سال مون سون بارشوں کے باعث صوبے میں 103 شہری ہلاک اور 393 زخمی
ہوئے ہیں جبکہ 128 مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں 15، فیصل آباد میں 9، اوکاڑہ میں 9، ساہیوال میں 5 جبکہ پاکپتن میں 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں آج بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ڈائیریکٹر جنرل پی
ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی
کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
انھوں نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ پرانے کچے مکانات میں
ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، سب سے زیادہ اموات خستہ حال عمارتوں
اور بوسیدہ مکانات کی چھتیں گرنے کے سبب ہوئی ہیں۔
چکوال میں سیلابی
ریلے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فوج سے مدد طلب
ڈی جی پی ڈی ایم
اے کا کہنا ہے کہ چکوال میں سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن
جاری ہے جس میں فوج سمیت تمام انتظامیہ حصہ لے رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہریوں
کے باحفاظت انخلا تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے کے
سربراہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے لیے فوج کے ہیلی کاپَٹر سمیت تمام ذرائع استعمال
کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چکوال میں ریکارڈ بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔
ان کے مطابق، چکوال میں تقریباً 400 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے۔
اسرائیل کے ساتھ کھلی جنگ کا آپشن موجود تھا: شامی صدر احمد الشراع
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
،تصویر کا کیپشنشام کے عبوری صدر احمد الشراع
شام کے عبوری صدر
احمد الشراع
کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ کھلی جنگ کا آپشن موجود تھا تاہم امریکہ، سعودی عرب
اور ترکی کی ثالثی نے خطے کو نامعلوم قسمت سے بچا لیا۔
جمعرات کی صبح نشر
ہونے والے پہلے سے ریکارڈ شدہ خطاب میں شامی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل شامی عوام کے
اتحاد کو توڑ کر شام کو ایک نہ ختم ہونے والے انتشار کے سلسلے میں دھکیلنا چاہتا
ہے۔
الشراع کا کہنا ہے
کہ شام کی عوام جنگ سے نہیں ڈرتے اور اس صورت حال میں ان کے پاس دو آپشنز تھے۔
’یا تو ہم اقلیتی دروز فرقے کی سلامتی کی قیمت پر
اسرائیل کے ساتھ کھلے تصادم کی طرف جاتے... یا دروز کے معززین اور شیخوں کو ہوش کے ناخن لینے کی اجازت دی جائے اور قومی مفاد کو ان لوگوں پر ترجیح دی جائے جو دوسروں کی ساکھ کو
داغدار بنانا چاہتے ہیں۔‘
شامی صدر کا کہنا
ہے کہ ریاست نے شامیوں کے مفادات کو ترجیح دی۔
الشراع کا مزید
کہنا تھا کہ اسرائیلی مداخلت کے باوجود ان کی فورسز استحکام بحال کرنے اور غیر
قانونی دھڑوں کو سویدا سے نکالنے میں کامیاب رہی ہے۔
بدھ کے روز اسرائیل
نے شام کی وزارت دفاع اور دارالحکومت دمشق میں صدارتی محل کے قریب کے علاقے کو
نشانہ بنایا۔
اسرائیل کا کہنا تھا
کہ اس کی افواج اقلیتی دروز فرقے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ سب کر رہی ہے اور
اس کا مقصد حکومت کی حامی افواج کو ختم کرنا ہے جن پر شام کے جنوب مغربی سویدا
علاقے میں حملہ کرنے کا الزام ہے۔
سویدا میں مسلح
بدو گروپوں اور دروز ملیشیا کے درمیان کئی دنوں کی مہلک جھڑپوں کے بعد اسرائیل نے
یہ حملے شروع کیے۔
بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دعوی
کیا کہ ’ہم نے مخصوص اقدامات پر اتفاق کیا ہے جو آج رات اس پریشان کن اور خوفناک
صورتحال کو ختم کر دیں گے۔‘
مارکو روبیو کا
کہنا تھا کہ امریکہ کو شام میں اسرائیلی حملوں پر تشویش ہے۔
سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام: نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا علیمہ خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی
گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو
17 جولائی کو صبح ساڑھے 11 بجے لاہور میں ایجنسی کے دفتر میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی
ہدایت کی ہے۔
این سی سی آئی اے کا
کہنا ہے کہ علیمہ خان کو رواں سال 27 مئی کو شروع کی جانے والی ایک انکوائری کے تحت طلب
کیا گیا ہے۔
وفاقی ایجنسی کی جانب
سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ طلبی کا مقصد علیمہ خان کا ان کے دفاع میں بیان ریکارڈ
کرنا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا
ہے کہ علیمہ خان پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث
رہی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ماتحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی
نے اپنے نوٹس میں خبردار کیا ہے کہ ’اگر ملزمہ پیش نہ ہوئیں تو یہ تصور
کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ پیش کرنے کو نہیں ہے‘۔
نوٹس میں کہا گیا
ہے کہ عدم حاضری کی صورت میں علیمہ خان کے خلاف دفعہ 174 کے تحت قانونی کارروائی کی
جا سکتی ہے۔
اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، پنجاب میں 33 افراد ہلاک
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
پاکستان کے محکمہ
موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز بھی ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون بارشوں کا
سلسلہ جاری رہے گا جبکہ واسا نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی
جانب سے جاری انتباہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز پاکستان کے زیرِ انتظام
کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ اور گلگت
بلتستان میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ
کہیں کہیں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ دوسری جانب وسطی/جنوبی پنجاب اور شمال مشر قی/جنوبی بلوچستان
میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
بیان میں کہا گیا
ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی،
خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، ڈی جی خان، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ،
مانسہرہ، مری، گلیات، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر، صوابی، نوشہرہ اور مردان میں بر ساتی
ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
محمکہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث
خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک
کی آمدورفت متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔
انتباہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث
گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی
کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
پنجاب بھر میں بارش
اور آندھی سے 33 افراد ہلاک، 176 زخمی
ریسکیو پنجاب کا
کہنا ہے کہ بدھ کے روز صوبے بھر میں بارش اور آندھی سے جڑے واقعات میں اب تک 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ریسکیو پنجاب کے
ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان واقعات میں اب تک 176 افراد
زخمی ہو چکے ہیں۔
بیان میں بتایا
گیا ہے کہ بارش اور آندھی سے جڑے واقعات میں ہلاک ہونے والوں میں سے 13 افراد کا
تعلق لاہور جبکہ آٹھ کا فیصل اباد سے ہے۔ اس کے علاوہ چار افراد پاکپتن، شیخوپورہ اور
اوکاڑہ میں تین تین، جبکہ ننکانہ صاحب اور ساہیوال میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
اس کے علاوہ، محمکہ موسمیات کی جانب سے دریائے جہلم میں
منگلا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
انتباہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ دریائے جہلم سے ملحقہ ندی
نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔
،تصویر کا ذریعہWASA
راولپنڈی، اسلام آباد میں فلڈ وارننگ جاری
واٹر اور سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کے مطابق، راولپنڈی اور اسلام آباد میں مجموعی طور 100 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
واسا کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں فلڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا سلیم اشرف کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 16 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 14 فٹ پانی موجود ہے۔
گذشتہ روز کی اہم خبریں
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع قلات میں ایک مسافر بس پر فائرنگ سے کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل نے شام پر اپنے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، جن میں وزارت دفاع اور دارالحکومت دمشق میں صدارتی محل کے قریب کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کو ’بھاری نقصان‘ پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے حذف کر دیا گیا ہے اور اب پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے اپلائی کر سکتی ہیں۔
پاکستانی حکومت نے زیارات کے لیے ایران، عراق اور شام جانے والوں کی ڈیجیٹل نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔