آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

پانی پاکستان کی ریڈلائن، انڈیا راہِ راست پر نہ آیا تو براہِ راست جواب دیں گے: وزیرِ اعظم شہباز شریف

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیرِ اعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا، جنھوں نے، پاکستانی وزیرِ اعظم کے مطابق، گذشتہ برس انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کر کے لاکھوں جانیں بچائیں۔

خلاصہ

  • جعلی خبروں سے بھی زیادہ بری جعلی انٹیلی جنس ہے، امریکہ محتاط رہے: ایران
  • آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں ہے: سربراہ بسیج فورس کا دعویٰ
  • مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی، متعدد فلسطینی رہائشیوں کو گرفتار کر لیا
  • عراقی وزارتِ داخلہ کا 20 ڈرونز قبضے میں لینے کا دعویٰ
  • عمان کے نزدیک پھنسے ٹینکر سے رسنے والا تیل 40 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کو متاثر کر سکتا ہے: عمانی ماحولیاتی ایجنسی

لائیو کوریج

  1. وینزویلا اور اسرائیل کے درمیان تقریباً 17 سال بعد قونصلر تعلقات بحال

    وینزویلا اور اسرائیل نے تقریباً 17 سال بعد قونصلر تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق اسرائیل کے متعلق وینزویلا کے مؤقف میں یہ نمایاں تبدیلی امریکہ کی جانب سے جنوری میں ملک کے سابق صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔

    نکولس مادورو کی گرفتارے کے بعد سے ڈیلسی روڈریگیز ملک کا انتظام سنبھالے ہوئے ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کاراکاس کی حکومت پر اپنی پالیسیوں کو واشنگٹن کے مؤقف کے زیادہ قریب لانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    جون میں وینزویلا میں آنے والے زلزلوں کے بعد اسرائیل نے وینزویلا کو انسانی امداد بھی فراہم کی تھی۔ ان زلزلوں میں 6,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وینزویلا کی یہودی برادری نے دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے اور پل کا کردار ادا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق کاراکاس نے 17 برس قبل غزہ پر اسرائیلی حملوں کے تناظر میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کر لیے تھے۔

    نکولس مادورو کے دورِ حکومت میں وینزویلا اسرائیل کا سخت مخالف رہا، جبکہ اس نے خطے میں اسرائیل کے حریف ایران کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے تھے۔

  2. پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی پر انتباہ

    پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے کہا ہے کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ کسی قسم کا خطرہ پیدا ہوا تو لاکھوں میل طویل توانائی کی ترسیلی لائنیں، ہزاروں بجلی گھر، تمام امریکی اور غیر امریکی نظام، اور یہاں تک کہ انٹرنیٹ سے منسلک عالمی بنیادی ڈھانچہ بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت خلیج فارس کے پانیوں میں کوئی امریکی بحری جہاز موجود نہیں۔

    پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کے یہ بیانات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آئے ہیں جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ ایران پر بھروسہ نہیں کرتے کیونکہ وہ ’ان سے مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں۔‘

    ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول ہے۔

  3. 2025 کے دوران امریکی فوجی کارروائیوں میں 153 شہری ہلاک، 243 زخمی ہوئے: پینٹاگون

    ایک امریکی عہدیدار نے منگل کو پینٹاگون کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے روئٹرز کو بتایا ہے کہ 2025 کے دوران امریکی فوجی کارروائیوں میں 153 شہری ہلاک اور 243 زخمی ہوئے۔

    یہ تعداد 2024 کی پینٹاگون کی رپورٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں دو شہری ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔

    امریکی کانگریس کو پیش کی گئی اور امریکی میڈیا کی جانب سے شائع کردہ پینٹاگون کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے تمام ریکارڈ شدہ واقعات یمن میں امریکی حملوں کے تین واقعات سے متعلق تھے۔

    رپورٹ کے مطابق فروری 2026 تک امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) یمن میں مزید 15 واقعات کا جائزہ لے رہی ہے جن کی اطلاعات غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے موصول ہوئی تھیں۔

    تاہم پینٹاگون کی رپورٹ میں بحیرہ کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں امریکی حملوں کے نتیجے میں ہونے والی کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کا ذکر شامل نہیں تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ یکم فروری 2026 تک امریکی سدرن کمانڈ کے جائزے کے مطابق 2025 میں اس کے دائرۂ کار میں کوئی ایسا واقعہ سامنے نہیں آیا ہے جس میں غالب امکان کے تحت امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں شہری جانی نقصان ہوا ہو۔

    یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مشرقی بحرالکاہل میں ایسے جہازوں کو نشانہ بنایا تھا جن کے بارے میں اس کا الزام تھا کہ وہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھے۔

    ان حملوں کے بعد جاری کیے جانے والے ہلاکتوں کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2025 سے اب تک ایسے جہازوں پر امریکی حملوں میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    انسانی حقوق کی تنظیمیں ان حملوں کو ماروائے عدالت ہلاکتیں قرار دیتی ہیں۔

  4. پاکستان کا حکومتی قرض ایک سال میں 7.4 فیصد اضافے کے بعد 836 کھرب ہو گیا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان کے مرکزی حکومت کے قرضے میں مالی سال 2025-26 کے دوران 57٫5 کھرب روپے کا اضافہ ہوا ہے اور جون 2026 کے اختتام پر یہ 836.4 کھرب روپے تک پہنچ گیا۔

    پاکستان کے مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اختتام پر مرکزی حکومت کا مجموعی قرض 778.9 کھرب روپے تھا، جس میں ایک سال کے دوران 7.4 فیصد اضافہ ہوا۔

    ماہانہ بنیادوں پر بھی جون میں حکومتی قرض میں 3.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق زیر جائزہ مالی سال میں حکومتی قرض میں اضافے کی بڑی وجہ ملکی قرضوں میں اضافہ تھا۔

    اس عرصے کے دوران ملکی قرض 9.1 فیصد بڑھا، جبکہ بیرونی قرض میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا۔

    جون 2026 کے اختتام پر حکومت کا ملکی قرض 59440 ارب روپے تھا، جو ایک سال پہلے 54470 ارب روپے تھا۔ صرف ایک ماہ کے دوران ملکی قرض میں 3.24 فیصد اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب حکومت کے بیرونی قرضوں میں بھی گذشتہ مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران بیرونی قرض 242 کھرب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ جون 2025 کے اختتام پر یہ 234.20 کھرب روپے تھا۔

  5. کولمبیا میں زلزلے کے 36 گھنٹے بعد ملبے تلے پھنسی خاتون کو زندہ نکال لیا گیا

    بوگوٹا فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق امدادی ٹیموں نے پیریرا شہر میں 36 گھنٹوں سے ملبے تلے پھنسی ایک خاتون کو زندہ نکال لیا ہے۔

    کولمبیا کے وزیر داخلہ روڈریگو لارا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں بتایا کہ 32 سالہ ڈینییلا لارگو سانچیز ایک ہوٹل کے ملبے کے نیچے سے ملیں۔

    انھیں فوری طور پر ایک مقامی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    صدر ابیلارڈو دے لا ایسپرییلا کے مطابق پیریرا میں امدادی کارکن اب بھی 40 سے زیادہ لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

  6. کولمبیا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 180 سے تجاوز کر گئی، 200 سے زائد تاحال لاپتا

    کولمبیا میں آنے والے زلزلے کو 36 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرچکا ہے اور امدادی کارکن اب بھی ملبے تلے اور عمارتوں میں پھنسے زندہ بچ جانے والے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    اب تک 181 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زیادہ تر اموات کیلی اور پیریرا شہر میں ہوئی ہیں۔

    7.4 شدت کا زلزلہ سوموار کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 34 منٹ پر آیا۔ اس کے جھٹکے مغربی کولمبیا کے وسیع علاقے میں سینکڑوں میل تک محسوس کیے گئے، جبکہ منگل کو بھی آفٹر شاکس محسوس کیے جاتے رہے۔

    اگرچہ سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد 181 بتائی گئی ہے، تاہم مقامی حکام سے حاصل کردہ مجموعی اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد اس سے زیادہ اور ممکنہ طور پر 240 سے تجاوز کر سکتی ہے۔

    کولمبیا کے صدر ابیلارڈو دے لا ایسپرییلا نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    منگل کو شدید متاثرہ شہروں میں سے ایک، پیریرا، سے صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے صدر ایسپرییلا نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں کے علاوہ تقریباً 2,600 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ تقریباً 200 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

    انھوں نے یہ بھی بتایا کہ 1,100 سے زیادہ گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ 8,000 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

  7. میں ایران پر بھروسہ نہیں کرتا، انھوں نے مسلسل مجھ سے جھوٹ بولا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ایران پر بھروسہ نہیں کرتے اور آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول ہے۔

    منگل کے روز صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ایران پر بھروسہ نہیں کرتے۔

    ’میں ایران پر بھروسہ کرنے والا آخری شخص ہوں گا، انھوں نے مسلسل مجھ سے جھوٹ بولا ہے۔‘

    انھوں ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا مکمل کنٹرول ہے۔

    اس سے قبل امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایرانی بندرگاہ کی جانب جانے والے ایک بحری جہاز کو روک کر ناکارہ کر دیا ہے۔ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ کا مزید کہنا ہے کہ پاناما کا پرچم بردار جہاز خلیج عمان سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نئے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے کہ ’آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھلے گی جب تک امریکہ اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتا اور ایران کی شرائط کو تسلیم نہیں کر لیتا۔‘

  8. امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایرانی بندرگاہ کی جانب جانے والے بحری جہاز کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ

    امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایرانی بندرگاہ کی جانب جانے والے ایک بحری جہاز کو روک کر ناکارہ کر دیا ہے۔

    ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ کا مزید کہنا ہے کہ پاناما کا پرچم بردار جہاز خلیج عمان سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    بیان کے مطابق، اس جہاز کا مقصد ایرانی بندرگاہ تک پہنچ کر امریکی بحری ناکہ بندی کو توڑنا تھا اور ’جب جہاز کے سویلین عملے نے امریکی افواج کی جانب سے بار بار دی جانے والی تنبیہات کو نظر انداز کیا، تو بحریہ کے ایک MH-60 ہیلی کاپٹر نے ’جہاز کے انجن روم پر دو ہیل فائر (Hellfire) میزائل داغے۔‘

    سینٹ کام نے کہا کہ ’یہ جہاز اب ایران کے راستے پر نہیں ہے۔‘

    سینٹ کام کے مطابق، منگل 11 اگست تک ’55 تجارتی جہازوں‘ کا رخ موڑا گیا ہے، تعاون نہ کرنے والے تین جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا ہے اور دو جہازوں کی تلاشی لی گئی ہے۔

  9. امریکہ کی جانب سے ایران کی شرائط تسلیم کیے جانے تک آبنائے ہرمز نہیں کھلے گی: محسن رضائی

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نئے سیکریٹری نے کہا ہے کہ ’اگر آبنائے ہرمز سے گزرنے کے راستے کے حوالے سے ایران اور عمان کے درمیان کوئی معاہدہ طے پاتا ہے، تو یہ معاہدہ آبنائے ہرمز کی بندش کے معاملے سے الگ حیثیت رکھے گا۔‘

    محسن رضائی نے تہران میں چین کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھلے گی جب تک امریکہ اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتا اور ایران کی شرائط کو تسلیم نہیں کر لیتا۔‘

    میجر جنرل رضائی نے کہا: ’امریکہ کو جنگ ختم کرنی ہوگی، ایران کے منجمد اثاثے واپس کرنے ہوں گے اور لبنان و غزہ سمیت پورے خطے میں جنگ کا خاتمہ کرنا ہو گا۔‘

    اُن کا کہنا تھا کہ ایران نے یہ شرائط ثالثوں کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دی ہیں۔

  10. امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر بلوچستان کے ضلع سوراب میں رات کا کرفیو نافذ, محمد کاظم، بی بی سی اُردو کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع سوراب میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ لسبیلہ کے بعض حصوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    سوراب کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ضلع سوراب میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 15 اگست تک رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روزانہ رات آٹھ بجے سے صبح نو بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔

    ضلعی انتظامیہ نے تمام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت کے لیے جاری کردہ سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

    اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اپنے کسی بھی ممکنہ نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ایک سینئر سرکاری اہلکار نے بتایا کہ لسبیلہ شہر کے بھی بعض حصوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    اس سے قبل ضلع قلات میں شام چھ بجے سے صبح 10 بجے جبکہ خضدار میں رات آٹھ بجے سے صبح 10بجے تک شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

  11. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • یمن کے کوسٹ گارڈ حکام نے تصدیق کی ہے کہ باب المندب کے قریب ایک کارگو جہاز پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
    • ایران کے دورے پر موجود پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے۔
    • راولپنڈی میں مال روڈ پر فائرنگ سے سکیورٹی اہلکار زخمی۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق فائرنگ سکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ ٹیم پر کی گئی، جوابی فائرنگ میں حملہ آور ہلاک ہو گیا۔
    • وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص پاکستان تحریک انصاف کا کارکن تھا۔ تحریک انصاف نے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
    • لیبیا کی فوج نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی انٹیلی جنس کے سربراہ کار بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
    • شام کی عدلیہ نے منگل کے روز سابق صدر بشار الاسد کو قتل، تشدد اور انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے غیر حاضری میں سزائے موت سنا دی۔
  12. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔