آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ایرانی وزیرِ خارجہ کی امریکہ سے مذاکرات کی تردید، ابوظہبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے دو افراد ہلاک

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے امریکہ نے مختلف ثالثوں کے ذریعے پیغامات بھیجنے شروع کیے ہیں تاہم ایران کی پالیسی 'دفاع جاری رکھنے' کی ہے اور ان کا 'فی الحال مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔' ابوظہبی میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق متعدد کاروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

خلاصہ

  • امریکی پیغامات موصول ہوئے، فی الحال مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں: عباس عراقچی
  • اگر امریکہ نے زمینی حملہ کیا تو باب المندب کی آبنائے میں ایک نیا محاذ کھول سکتے ہیں: ایرانی فوجی ذرائع
  • پاکستان میں امریکہ ایران مذاکرات پر قیاس آرائیوں کو سرکاری مؤقف نہ سمجھا جائے: وائٹ ہاؤس
  • ایران کی جانب سے مذاکرات سے انکار کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ
  • حکومتِ پاکستان نے فیول سبسڈی کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کر دی
  • ایران کا ایف-18 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ، امریکہ کی تردید
  • پاکستان نے مارچ اور اپریل کے لیے ملک میں پٹرول کی فراہمی کے لیے درآمدی کارگوز حاصل کر لیے ہیں، جبکہ مزید سپلائیز بھی یقینی بنانے کے اقدامات جاری ہیں
  • صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایران میں ’درست لوگوں‘ سے بات کر رہا ہے اور ایرانی مذاکرات کاروں نے امریکہ کو تیل اور گیس سے متعلق ایک ’بہت اہم تحفہ‘ دیا ہے۔

لائیو کوریج

  1. بدھ کے روز ایشیا میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

    بدھ کے روز ایشیا میں ابتدائی کاروباری اوقات کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُن بیانات کو قرار دیا جا رہا ہے کہ جن میں اُن کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ’ابھی‘ جاری ہیں۔

    برینٹ کروڈ کی قیمت چھ اعشاریہ پانچ فیصد کم ہو کر 97 اعشاریہ 65 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے، جبکہ ایک دن پہلے یہ 100 ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔

    امریکہ میں ٹریڈ ہونے والے تیل کی قیمت چھ فیصد کم ہو کر 86 اعشاریہ 77 ڈالر تک آ گئی ہے۔

    قیمتوں میں کمی کے باوجود یہ اب بھی ایران جنگ کے آغاز سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں کافی زیادہ ہیں۔

  2. فلپائن میں توانائی ایمرجنسی کا اعلان، عوام میں بے چینی بڑھنے لگی, سورنجنا تیواریایشیا بزنس رپورٹر، منیلا

    فلپائین کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کی جانب سے قومی توانائی ایمرجنسی کے اعلان کے اگلے ہی دن منیلا بھر میں فضا بے چینی کا شکار ہے۔

    حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ایندھن کی فراہمی کو ’فوری خطرات‘ لاحق ہیں، کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں تنازع نے عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور ترسیل کو متاثر کیا ہے۔

    فلپائن اس خطے سے درآمد شدہ ایندھن پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، جس کی وجہ سے حالات کا اثر شدید ہو سکتا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ استعمال کے مطابق ملک کے پاس تقریباً 45 دن کا ایندھن موجود ہے اور وہ اضافی سپلائی حاصل کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہے ہیں۔

    یہ ایمرجنسی، جو ایک سال تک جاری رہ سکتی ہے حکام کو زیادہ وقت فراہم کرتی ہے جس میں ایندھن کی درآمدات کو تیز کرنا، پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے معاونت فراہم کرنا اور خوراک جیسی ضروری اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی شامل ہے۔

    بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکنے کے لیے کوئلے پر زیادہ انحصار کرنے کے منصوبے بھی بنائے گئے ہیں۔ وزراء نے عارضی طور پر ایک سستا لیکن زیادہ آلودہ ایندھن محدود پیمانے پر استعمال کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔

    سڑکوں پر دباؤ پہلے ہی واضح ہے۔ جیپنی ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں بڑھنے سے ان کی آمدنی کم ہو گئی ہے، جبکہ مسافر بڑھتے ہوئے کرایوں کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔

    مزدور تنظیم ’کیلسانگ مایو اونو‘ نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے اور خبردار کیا ہے کہ احتجاج پر پابندیاں مزدوروں کی آواز کو دبا سکتی ہیں۔

    ہزاروں ٹرانسپورٹ ورکرز، جن میں رائیڈ ہیلنگ ڈرائیورز بھی شامل ہیں اس ہفتے کے آخر میں ہڑتال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ منصوبے تبدیل نہیں ہوئے۔

  3. ایران کے جوہری بجلی گھر پر دوبارہ حملے کے بعد جوہری نگران ادارے کی ’انتہائی تحمل‘ کی اپیل

    بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایران نے ادارے کو آگاہ کیا کہ ایک اور میزائل نے ایران کے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے احاطے کو ’نشانہ بنایا‘ ہے۔

    ادارے کے مطابق ’ایران کے مطابق پاور پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور عملے کے اراکین بھی اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔ ایرانی انتظامیہ کے مطابق پاور پلانٹ بھی معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔‘

    آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے تنازع کے دوران جوہری تنصابات کے خطرات کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ساری صورتحال میں ’انتہائی تحمل‘ سے کام لینے کی اپنی اپیل کو دہرایا ہے۔

    گزشتہ ہفتے بھی ایران کے اس واحد فعال جوہری بجلی گھر جو جنوبی شہر بوشہر میں نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

  4. ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کے بعد کوئی جانی نقصان نہیں: کویتی حکام

    شہری ہوا بازی کے ادارے کے مطابق ڈرونز نے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا، جس سے ہوایی اڈے کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بیان کے مطابق آگ بجھانے والے عملے کی بروقت کارروائی کی وجہ سے آگ پر کُچھ ہی دیر میں قابو پا لیا گیا۔

  5. اسرائیلی فوج کی تہران میں نئی کارروائیوں کی تصدیق

    اسرائیلی دفاعی افواج کا کہنا ہے کہ انھوں نے تہران میں نئے حملوں کا آغاز کر دیا ہے، جس میں دارالحکومت تہران بھر میں ’ایرانی دہشت گرد حکومت‘ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    بی بی سی نے ابھی شہر کے اندر موجود ذرائع سے سنا ہے جو تہران کے مشرق، شمال اور مرکز میں دھماکوں کی اطلاعات دے رہے ہیں۔

    تہران سے موصول ہونے والی تازہ تصاویر میں شہر کے مرکز سے اُٹھتے دھوئیں کے سیاہ بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔

  6. بریکنگ, تہران میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں, غنچہ حبیب زادہ، بی بی سی فارسی

    تہران کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں موجود ذرائع نے بتایا ہے کہ شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    شہر کے وسطی حصے میں موجود ایک اور ذریعے نے بھی یہی اطلاع دی ہے۔

  7. ایران: آبنائے ہرمز سے صرف غیر جارحانہ جہاز ایرانی حکام کے تعاون سے محفوظ طور پر گزر سکتے ہیں

    نیویارک میں ایران کے مشن برائے اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غیر جارحانہ بحری جہاز، بشمول وہ جو دیگر ممالک کے ہیں یا ان سے وابستہ ہیں، آبنائے ہرمز سے محفوظ طور پر گزر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت میں حصہ نہ لیں اور نہ ہی اس کی حمایت کریں اور ایران کی جانب سے وضع کردہ حفاظتی و سکیورٹی ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔

    ایکس پر جاری بیان میں مشن کا کہنا ہے کہ ایسے جہاز ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں رہ کر اس محفوظ گزرگاہ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

  8. بریکنگ, امریکہ نے پاکستان کے ذریعے ایران کو 15 نکاتی امن منصوبہ پیش کر دیا: امریکی و اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

    نیویارک ٹائمز، روئٹرز اور اسرائیل کے چینل 12 کی رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ایران کو 15 نکاتی منصوبہ پاکستان کے ذریعے پہنچایا ہے۔

    پاکستان نے حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔

    یہ رپورٹس نامعلوم ذرائع کے حوالے سے ہیں۔ بی بی سی نے یہ دستاویز نہیں دیکھیں اور ان دعوؤں کی تصدیق کی کوشش کر رہا ہے۔

    چینل 12 کے مطابق امریکہ نے ایران کے سامنے جو مطالبات رکھے ہیں ان میں یہ شرط بھی شامل ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی رہے اور اسے آزاد بحری گزرگاہ کے طور پر برقرار رکھا جائے۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر ایران اس منصوبے کو قبول کرے تو اسے پابندیوں میں نرمی سمیت کچھ مراعات دی جائیں گی۔

    بی بی سی نے اس حوالے سے وائٹ ہاؤس سے مزید معلومات طلب کی ہیں اور جیسے ہی تفصیلات ملیں گی، ہم آپ تک پہنچائیں گے۔

  9. ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف میزائل داغے گئے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ ’دفاعی نظام خطرے کو روکنے کے لیے فعال ہیں‘ اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موبائل فونز پر موصول ہونے والی وارننگز پر عمل کریں۔

  10. آئی ڈی ایف کا اصفہان میں ایران کی مرکزی دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ ایران کے شہر اصفہان میں واقع مرکزی دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی تنصیب جو ہتھیاروں کے لیے مواد تیار کرنے میں استعمال ہوتی تھی، کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق اس مقام کو اس سے قبل بھی ٹارگٹ کیا جا چکا تھا اور حالیہ ہفتوں میں اس کی صلاحیت بحال کرنے کی ایرانی کوششوں کی نشاندہی ہوئی تھی۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کارروائی کے ساتھ ساتھ درجنوں دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں بیلسٹک میزائل لانچ سائٹس، ہتھیار بنانے کی تنصیبات اور فضائی دفاعی نظام شامل ہیں۔

  11. جنوبی لبنان کے رہائشیوں کو اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلا کی ہدایت

    اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں رہنے والے شہریوں کو ایک بار پھر علاقے خالی کرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے کہا کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) خطے میں حزب اللہ کے ڈھانچے اور تنصیبات کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    ادرعی نے حارت حریک، لیلکی، حداد اور برج البرجنے سمیت کئی محلوں کے نام لیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کے رہائشیوں کو ’فوری طور پر انخلا‘ کرنا چاہیے تاکہ وہ کسی نقصان سے بچ سکیں۔

    اس سے قبل لبنان کی وزارتِ صحت نے بتایا تھا کہ اس تنازع کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,072 ہو چکی ہے۔

  12. عراق نے الحشد الشعبی کو ’جوابی کارروائیوں اور دفاع‘ کی اجازت دے دی

    عراقی سرکاری خبر رساں ادارے (آئی این اے) نے منگل کے روز اعلیٰ حکام کے حوالے سے بتایا کہ عراق کی قومی سلامتی کے وزارتی کونسل نے الحشد الشعبی اور دیگر سکیورٹی اداروں کو اس اصول کے تحت کارروائی کی اجازت دے دی ہے کہ وہ حملوں کی صورت میں جواب دینے اور اپنا دفاع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق، ’وزارتی کونسل برائے قومی سلامتی نے الحشد الشعبی اور دیگر سکیورٹی اداروں کو اختیار دیا ہے کہ وہ اپنی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے فوجی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی اور دفاع کے حق کے تحت عمل کریں۔‘

    مزید کہا گیا کہ ’وزارتی کونسل نے ان افراد کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جو سکیورٹی اداروں، شہری مفادات اور سفارتی مشنز کو نشانہ بنانے میں ملوث ہیں، اور ان گروہوں کی شناخت ظاہر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جن سے وہ تعلق رکھتے ہیں۔‘

  13. اسرائیل کے شہر بنی براک پر حملے میں بچوں سمیت متعدد افراد زخمی

    اسرائیلی ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے نواح میں واقع مرکزی شہر بنی براک میں ہونے والے ایک حملے میں زخمی ہونے والوں میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    میگن ڈیوڈ ایڈوم کے مطابق 23 سالہ ایک مرد کو شارپنل لگنے سے درمیانی نوعیت کے زخم آئے ہیں، جبکہ دیگر آٹھ افراد جن میں چھ بچے شامل ہیں، دھماکے اور شارپنل سے معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

    ایمرجنسی ادارے نے ایکس پر جاری بیان میں یہ بھی بتایا کہ انھوں نے سات سالہ ایک لڑکے کو شیشے کے ٹکڑوں سے ہونے والی چوٹوں کے بعد ریسکیو کیا ہے، اور وہ ان مقامات پر مزید تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں حملے ہوئے ہیں۔

  14. ایران کے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر دوبارہ حملہ, غنچہ حبیب زادہ، بی بی سی فارسی

    ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے (اے ای او آئی) کے پبلک ریلیشنز آفس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بوشہر جوہری پاور پلانٹ کی سائٹ پر آج دوبارہ حملہ کیا گیا۔

    بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے ’جاری سلسلے‘ کا حصہ ہے۔ اس میں کہا گیا کہ واقعے سے ’کوئی مالی یا تکنیکی نقصان نہیں ہوا، اور نہ ہی کسی کے جانی نقصان کا اندیشہ ہے‘، اور ’سہولت کے کسی بھی حصے کو نقصان نہیں پہنچا۔‘

    اے ای او آئی کے مطابق یہی جوہری پاور پلانٹ 17 مارچ کو بھی ہدف بنایا گیا تھا، لیکن اس واقعے میں بھی کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    ادارے نے ان حملوں کی مذمت کی اور انھیں ’پرامن جوہری تنصیبات‘ پر خطرناک حملہ قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات خطے کی سلامتی اور حفاظت کے لیے ’خطرناک اور ناقابلِ تلافی نتائج‘ پیدا کر سکتے ہیں، ’خاص طور پر خلیج کے ساتھ واقع ممالک کے لیے‘۔

    ایران کا واحد فعال جوہری پاور پلانٹ جنوبی شہر بوشہر میں واقع ہے اور اسے روس کی مدد سے مکمل کیا گیا تھا۔

  15. وائٹ ہاؤس: فوجی تعیناتی کی تفصیلات محکمہ دفاع سے آئیں گی, برنڈ ڈیبسمین جونیئر، وائٹ ہاؤس

    ایران میں یا آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے امریکی زمینی افواج کی ممکنہ تعیناتی کا معاملہ ٹرمپ کے اوول آفس کے بیانات میں زیرِ بحث نہیں آیا۔

    بی بی سی نے کئی گھنٹوں تک وائٹ ہاؤس سے اس موضوع پر رابطہ کیا اور ٹرمپ کے ایونٹ ختم ہونے کے صرف چند لمحے بعد ہمیں جواب ملا۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے بیان میں کہا: ’فوجی تعیناتی سے متعلق تمام اعلانات محکمہ دفاع سے ہوں گے۔ جیسا کہ ہم نے کہا ہے، صدر ٹرمپ کے پاس تمام فوجی اختیارات موجود ہیں۔‘

    آج صبح بی بی سی نے پینٹاگون سے ممکنہ فوجی تعیناتیوں پر تبصرہ طلب کیا تھا، لیکن انھیں وائٹ ہاؤس کی طرف رجوع کرنے کو کہا گیا۔

  16. ’ہم بموں کے ذریعے مذاکرات کرتے ہیں‘ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ

    وائٹ ہاؤس ایونٹ کے آخری حصے میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے مائیک کے سامنے آ کر بریفنگ دی۔

    ہیگسیتھ نے کہا، ’ہم بموں کے ذریعے مذاکرات کرتے ہیں‘، انھوں نے یہ تب کہا جب ٹرمپ سے امریکہ اور ایران کے ممکنہ مذاکرات کے بارے میں سوال کیے گئے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا‘ کہ ایران جیسی جدید فوجی قوت اتنی تیزی سے ’تباہ‘ ہوئی ہو۔

  17. ہم جنگ جیت گئے ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ

    وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ سے ایران جنگ کے دوران خلیجی ممالک کے کردار سے متعلق مزید تبصرہ کرنے کو کہا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ’بہترین‘ رہا جبکہ قطر کو ’شاندار‘ قرار دیا۔

    جب ان سے دوبارہ پوچھا گیا کہ وہ ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے کتنے پُرامید ہیں تو ٹرمپ نے جواب دیا: ’یہ جنگ جیت لی گئی ہے۔‘

  18. بریکنگ, ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق امریکہ کو ’بہت اہم تحفہ‘ دیا ہے: ٹرمپ کا دعویٰ

    ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی مذاکرات کاروں نے امریکہ کو تیل اور گیس سے متعلق ایک ’بہت اہم تحفہ‘ دیا ہے۔

    امریکی صدر کے مطابق یہ تحفہ آبنائے ہرمز سے متعلق ہے، تاہم انھوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سے انھیں یہ اشارہ ملا کہ ’ہم درست لوگوں سے بات کر رہے ہیں۔‘

  19. بریکنگ, ٹرمپ: ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں سے حکومت تبدیلی ہوئی، مگر مجھے کسی پر بھروسہ نہیں

    ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکومت اس بات پر متفق ہو گئی ہے کہ ملک کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ یاد رہے یہ دعویٰ وہ اس تنازع کے دوران پہلے بھی کر چکے ہیں۔

    جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی ٹیم ایران میں کن افراد سے مذاکرات کر رہی ہے تو ٹرمپ نے جواب دیا: ’ہم نے ان کی تمام قیادت کو ختم کر دیا، پھر وہ نئے رہنما منتخب کرنے کے لیے جمع ہوئے اور ہم نے انھیں بھی ختم کر دیا۔‘

    انھوں نے مزید کہا: ’اب ہمارے پاس ایک نیا گروپ ہے۔۔۔ دیکھتے ہیں وہ کیسے نکلتے ہیں۔‘

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی-اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ’رجیم تبدیل‘ ہوا ہے، تاہم انھوں نے خبردار کیا: ’میں کسی پر بھروسہ نہیں کرتا۔‘

  20. بریکنگ, نائب صدر جے ڈی وینس اور مارکو روبیو ایران سے مذاکرات میں شامل ہیں: ٹرمپ

    ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے اپنے سینئر مشیر جیرڈ کشنر اور مشرق وسطیٰ کے ایلچی سٹیو وٹکوف کو ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے لیے بھیجا ہے؟

    صدر نے جواب دیا کہ وہ ’اس وقت‘ مذاکرات میں شامل ہیں، اور ان کے ساتھ نائب صدر جے ڈی وینس اور سکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک ہیں۔

    ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران ’معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔۔۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ اگر آپ ان کی جگہ ہوتے تو آپ بھی یہی چاہتے۔

    ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور مواصلاتی نظام ’ختم ہو چکے ہیں‘، اور یہ کہ ان کا آپس میں رابطہ نہ کر پانا ’سب سے بڑا مسئلہ‘ ہے۔