عمران خان نے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی اجازت دے دی ہے: بیرسٹر گوہر

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے منگل کے روز ہونے والی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ ’بانی ٹی پی آئی عمران خان نے اتحاد کی بنیاد پر محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں ڈائیلاگ کرنے کی اجازت دی ہے۔‘

خلاصہ

  • وفاقی حکومت کی قومی اقتصادی کونسل نے اگلے مالی سال کے لیے پاکستانی کی معاشی شرح نمو 3.6 فیصد اور 3500 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی ہے
  • وزیر خارجہ اسحق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر اردن کے دارالحکومت عمان میں موجود ہیں جہاں وہ غزہ میں فوری انسانی امداد کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شرکت کریں گے
  • الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تین حلقوں سے منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی کی کامیابی کے خلاف شکایات کا معاملہ دوسرے ٹربیونلز کو بھیجنے کی درخواست منظور کر لی
  • اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی درخواست نمٹاتے ہوئے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ مغوی کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا اور ریاستی ادارے اپنی مکمل کوشش کے باوجود مغوی کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے
  • سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کر دیا
  • پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاکستانی فوج کی ایک گاڑی ’آئی ای ڈی‘ دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت سات اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
  • پاکستانی یونیورسٹیوں کے ’ٹی ٹی ایس‘ اساتذہ کا مقدمہ اسلام آباد ہائیکورٹ آج سنے گی
  • اے این پی رہنما ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اپوزیشن کی چھ جماعتوں کے اتحاد کا مقصد ’آئین کی بالادستی ہے‘
  • انتشار پھیلانے اور ریاست سے بغاوت کا الزام: شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور علیم عادل شیخ کے خلاف پشین میں مقدمہ درج

لائیو کوریج

  1. فرہاد علی شاہ کو بحفاظت گھر واپس آنے تک جبری گمشدہ فرد قرار دیا جاتا ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکمنامہ

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی بازیابی درخواست نمٹاتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔

    یہ تحریری حکمنامہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جاری کیا ہے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ جبری طور پر لاپتہ فرد سید فرہاد علی شاہ تاحال اپنے گھر نہیں پہنچ سکے۔

    اٹارنی جنرل اور وزیر قانون کی کوششوں سے بتایا گیا کہ فرہاد دو مقدمات میں گرفتار ہے اور ان حالات کے پیش نظر مغوی کو اس عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ مغوی کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا اور ریاستی ادارے اپنی مکمل کوشش کے باوجود مغوی کو بازیاب کرانے میں ناکام رہے۔

    عدالت کا کہنا کہ تھانہ لوئی بھیر کی حدود سے جبری گمشدگی کا سفر تھانہ دیر کوٹ آزاد کشمیر کی حدود میں مضحکہ خیز طور پر قانونی دائرہ اختیار میں داخل ہو گیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فرہاد علی شاہ کی گرفتاری جن حالات میں ریکارڈ پر لائی گئی عدالت اسے غیر قانونی عمل قرار دیتی ہے۔

    تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ فرہاد علی شاہ کو بحفاظت گھر واپس آنے تک جبری گمشدہ فرد قرار دیا جاتا ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فرہاد علی شاہ جب بھی گھر پہنچیں تفتیشی افسر مجسٹریٹ کے سامنے 164 کا بیان قلمبند کرائیں۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے بیان کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔

    تمام مسنگ پرسنز کیسز کی سماعت کے لیے لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ رجسٹرار آفس لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے مسنگ پرسنز کے کیسز یکجا کر کے چیف جسٹس کے سامنے رکھے۔چیف جسٹس انتظامی اختیارات استعمال کرکے لارجر بینچ بنائیں تاکہ مفاد عامہ کے اس مسئلے کو بہتر طور پر نمٹایا جا سکے۔

    عدالت نے کہا ہے کہ کریمنل جسٹس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی کے ڈی جیز اور انچارج سی ٹی ڈی کو مدعو کیا جائے اور وہ اپنی سفارشات اور گزارشات کریمنل جسٹس کمیٹی میں زیر بحث لائیں۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ ایسے مقدمات جن میں قومی سلامتی کے امور پیش نظر ہوں انھیں ان کیمرہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اعلی تحقیقاتی اداروں کے سربراہان سے ان کیمرہ بریفنگ کے بعد میڈیا پر رپورٹنگ نا کرنے کے احکامات جاری کریں۔

  2. جنوبی وزیرستان: انگور اڈہ بارڈر پر آٹھ ماہ بعد بھی تجارتی سرگرمیاں بحال نہ ہو سکیں, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو پشاور

    قبائلی عمائدین کے مطابق جنوبی وزیرستان میں انگور اڈہ بارڈر پر آٹھ ماہ بعد بھی تجارتی سرگرمیاں بحال نہ ہو سکیں۔

    جنوبی وزیرستان میں اس دھرنے کے باعث نہ صرف کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں بلکہ مقامی لوگوں کی پیدل آمدورفت بھی بند ہوگئی ہے۔

    قبائلی عمائدین کے مطابق وانا کے رستم بازار سمیت دیگر کاروباری مراکز میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں جس سے مقامی تاجروں سمیت سرکاری خزانے کو اربوں کے نقصان ہو رہا ہے۔

    یاد رہے آٹھ ماہ سے انگور اڈا بارڈر پر مقامی چار قبیلوں کا دھرنا جاری ہے۔ دھرنے کے شرکا کا مطالبہ ہے کہ جنوبی وزیرستان کے مقامی قبائل کو پاسپورٹ ویزا سے استثنیٰ دیا جائے۔

    اور جنوبی وزیرستان میں کئی سالوں سے غیر فعال سکولوں اور ہسپتالوں کو فنکشنل بنایا جائے۔

    دھرنے کے شرکا کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس، موبائل ٹاور نصب کرنے کے علاوہ بجلی سپلائی بحال کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں جائیں۔

  3. پنجاب حکومت نے ہتک عزت بل 2024 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا

    GETTY IMAGES

    ،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES

    پنجاب حکومت نے ہتک عزت بل 2024 کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    ہتک عزت بل کے تحت ٹرائل سے قبل 30 لاکھ روپے تک ہرجانہ بجھوایا جا سکے گا اور اس گزٹ نوٹیفکیشن کے بعد ہتکِ عزت قانون پنجاب میں فوری نافذ العمل ہو گا۔

    پنجاب حکومت نے پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024 کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

    یاد رہے قائمقام گورنر ملک احمد خان نے چند روز قبل اس بل پر دستخط کیے تھے۔

  4. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی عدالت نے شاعر احمد فرہاد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

    SOCIAL MEDIA

    ،تصویر کا ذریعہSOCIAL MEDIA

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی ایک مقامی عدالت نے کارِ سرکار میں مداخلت کے الزامات کے تحت گرفتار شاعر احمد فرہاد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

    پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف تفتیش مکمل کرلی گئی ہے اس لیے انھیں ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ درکار نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ احمد فرہاد کے خلاف پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے کوہالہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے مطابق احمد فرہاد نے کوہالہ پل پر تفتیش کے دوران پولیس سے تلخ کلامی اور بدتمیزی کی جس کے بعد ان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ باغ پولیس کی مدعیت میں درج اس مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرہاد علی شاہ نے کار سرکار میں مزاحم ہو کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

    یاد رہے احمد فرہاد کی گمشدگی کا معاملہ سامنے آنے پر شاعر احمد فرہاد کی اہلیہ عین نقوی نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک ہفتہ قبل بجلی اور اّٹے کی قیمتوں کے معاملے پر ان کے شوہر نے ذمہ داران کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اس کے بعد 17 مئی کو ان کے شوہر کسی کام کے سلسلے میں باہر گئے ہوئے تھے اور جب وہ گھر لوٹے اور گھنٹی بجائی تو اتنے میں کچھ نامعلوم افراد وہاں پہنچ گئے اور احمد فرہاد کو زبردستی اٹھا کر لے گئے۔

    عین نقوی کے مطابق ان کے شوہر کو گذشتہ دو سالوں سے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور انھیں کہا جا رہا تھا کہ وہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے مفادات کے خلاف لکھنا چھوڑ دیں ورنہ ان کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔

  5. بریکنگ, ’ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو چھوڑ دیا‘: سابق گورنر سندھ و رہنما مسلم لیگ ن محمد زبیر کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

    mohammad Zubair

    سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی سابقہ جماعت نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے کو چھوڑ دیا ہے۔

    اتوار کو پاکستان کے مقامی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کا فیصلہ کافی عرصے پہلے کر لیا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب پارٹی کا مؤقف تبدیل ہو گیا تو اس وقت بہتر یہی تھا کہ آپ الگ ہوجائیں، پارٹی میں اس وقت تک تھا جب تک ان کا سویلین بالادستی کے حوالے سے عوام پر انحصار تھا۔‘

    محمد زبیر 2013 کے انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور صوبہ سندھ کے گورنر جیسے مرکزی عہدوں پر فائر رہے۔

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھی وہ پارٹی کی قیادت کے انتہائی قریب سمجھے جاتے تھے اور بطور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کے ترجمان کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

    پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ’جب سے پارٹی نے طاقت کی سیاست شروع کی ہے اور ہر قیمت میں اقتدار میں رہنا ہے تو ظاہر سی بات ہے کہ بڑا مشکل ہو جاتا ہے کہ ان کے ساتھ چل سکیں۔‘

    جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انھیں نواز شریف سمیت کسی اور سینیئر پارٹی رہنما نے روکنے کی کوشش کی تو ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو چھوڑ کر اس پر تالا لگا دیں گے اور طاقت کی سیاست کریں گے کہ ہر قیمت پر حکومت میں آنا ہے تو کیا بات چیت ہوگی؟‘

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما کا کہنا تھا کہ ان کہ اور ان کی سابقہ جماعت کے درمیان ’اختلافات بہت شدید تھے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ انھیں عمران خان کی سابق حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد اور اس کے بعد بننے والی حکومت کی 16 مہینوں کی کارکردگی پر بھی تحفظات تھے۔

    محمد زبیر نے رواں برس ہونے والے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’جب الیکشن اتنے متنازع ہوں اور اس کے نتیجے میں حکومت لے لی جائے تو یہ کوئی صحیح طریقہ نہیں ہوتا۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی کسی دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کے حوالے سے انھوں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

  6. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاکستانی فوج کی ایک گاڑی ’آئی ای ڈی‘ دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت سات اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی آیس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والوں میں قصور سے تعلق رکھنے والے 26 برس کے کیپٹن محمد فراز الیاس بھی شامل ہیں۔‘ آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت اس علاقے کو ہر خطرے سے پاک کرنے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
    • پاکستان کی مختلف پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں خدمات انجام دینے والے ’ٹینور ٹریک سسٹم‘ (ٹی ٹی ایس) والے اساتذہ نے حکومت کی طرف سے معاہدے کے مطابق تنخواہیں نہ بڑھانے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اپنی درخواست میں انھوں نے ان سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور باقاعدہ سالانہ بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی استدعا کی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز اسحاق اس مقدمے پر سماعت کریں گے۔
    • عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی رہنما اور سینیٹر ایمل ولی خان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں چھ جماعتی اتحاد کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس اتحاد میں نیشنل پارٹی، پی کے نیپ، نیشنل ڈیموکریٹک مومنٹ، جے یو آئی، ایچ ڈی پی اور اے این پی شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ اتحاد نہ حکومت بنانا چاہتا ہے (اور) نہ حکومت گرانا چاہتا ہے۔‘ ایمل ولی خان کے مطابق یہ اتحاد نہ کسی کو سزا دینا چاہتا ہے نہ کسی کو جیل ۔سے نکلوانا چاہتا ہے۔ اس اتحاد کا مقصد آئین کی بالا دستی ہے۔
    • تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور علیم عادل شیخ سمیت تحریک انصاف کے 20 سے زائد مرکزی و صوبائی عہدیداروں کے خلاف ضلع پشین میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ان کے خلاف لیویز تھانہ بوستان میں وال چاکنگ اور ایک جلسے سے خطاب کے حوالے سے درج کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر کے متن کے مطابق نامزد افراد نے اپنے خطاب میں ریاست اور اداروں کے خلاف لاؤڈ سپیکر کے ذریعے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز تقاریر کیں۔
  7. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    Live Page

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بی بی سی اردو کے خصوصی لائیو پیج میں خوش آمدید! اس لائیو کوریج کے دوران ہم آپ کو پاکستان کی سیاست، سکیورٹی، عدلیہ، معیشت اور دیگر امور سے متعلق آگاہ رکھیں گے۔

    گذشتہ دونوں کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔