وقت آگیا ہے کہ کینیڈا میں تیار کردہ مصنوعات کا انتخاب کریں: جسٹن ٹروڈو

ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ’چیزیں خریدتے وقت لیبلز کو چیک کریں اور کینیڈا کا انتخاب کریں۔‘ یا د رہے کہ صدر ٹرمپ نے چین، کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدات پر 25 فیصد اور چین سے درآمدات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف لاگو کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں

خلاصہ

  • کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ 'جہاں تک ہو سکے کینیڈا کا انتخاب کریں۔'
  • وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین، کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدات پر 25 فیصد اور چین سے درآمدات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف لاگو کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔
  • تینوں ممالک نے اس اقدام پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا 155 ارب ڈالر کی امریکی مصنوعات پر 25 فیصد محصولات عائد کر رہا ہے۔
  • چین نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے خلاف ڈبلیو ٹی او میں اس کے ’غلط عمل‘ کے لیے مقدمہ دائر کرے گا۔
  • پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگیچر میں عسکریت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن کے دوران 18 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مختلف آپریشنز میں 23 'دہشتگرد' بھی مارے گئے ہیں۔

لائیو کوریج

  1. حماس نے غزہ میں دو اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا، 183 فلسطینی بھی رہا

    israel

    ،تصویر کا ذریعہFamily handout

    حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سنیچر کے روز یرغمالیوں کی رہائی کے چوتھے مرحلے میں حماس نے غزہ میں ایک تقریب کے دوران مزید 2 اسرائیلی شہریوں کو رہا کر دیا ہے۔ اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ اس نے دو اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 183 فلسطینیوں کو بھی رہا کر دیا ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ آج تین اسرائیلیوں کو رہا کیا جانا تھا تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق حماس کی جانب سے دو کو رہا کیا ہے مگر تیسرے اسرائیلی کی رہائی کُچھ دیر میں متوقع ہے۔

    حماس کی جانب سے ان تین اسرائیلیوں کی آزادی کے بدلے میں اسرائیلی انتظامیہ 180 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گی۔

    حماسی کی جانب سے جن دو اسرائیلی شہریوں کو رہا کیا گیا ہے اُن میں 34 سالہ یارڈن بیبس اور 53 سالہ اوفر کلڈیرون شامل ہیں۔

    تاہم ان کے علاوہ حماس کی جانب سے ابھی امریکی اسرائیلی شہری 65 سالہ کیتھ سیگل کو رہا نہیں کیا گیا ہے۔ کیتھ کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ انھیں غزہ شہر میں ایک علیحدہ تقریب میں ریڈ کراس کے حوالے کیا جائے گا۔

    کیتھ سیگل اور اُن کی اہلیہ ایڈرین کو کبوتز کفار آزا میں ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم بعدازاں نومبر 2023 میں ایڈرین کو جنگ بندی کے پہلے دور میں رہا کر دیا گیا تھا۔

    رہا ہونے والے 34 سالہ یارڈن بیبس اور 53 سالہ اوفر کلدرون

    Israel

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشن53 سالہ اوفر کلدرون
    Israel

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشن34 سالہ یارڈن بیبس
  2. ٹرمپ کینیڈا، میکسیکو اور چین کی مصنوعات پر اضافی درآمدی ٹیکسز عائد کریں گے: وائٹ ہاؤس

    US

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سنیچر کے روز یعنی آج میکسیکو اور کینیڈا پر 25 فیصد جبکہ چین پر 10 فیصد اضافی درآمدی ٹیکسز عائد کریں گے۔

    لیکن اس سے قبل صدر ٹرمپ کی جانب سے جمعے کے روز یہ کہا گیا تھا کہ کینیڈا کے تیل پر 10 فیصد کم محصولات عائد کیے جائیں گے جس کا اطلاق بعد میں 18 فروری سے ہو سکتا ہے۔

    صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں یورپی یونین پر درآمدی محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان مُمالک کی جانب سے امریکہ کے ساتھ اچھا سلوک روا نہیں رکھا گیا۔

    صدر ٹرمپ نے بارہا یہ بھی کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن کو امریکہ سے دور کرنا ہے جو امریکی سرحدوں کے ذریعے آئے ہیں اور ساتھ ہی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی خسارے کو بھی دور کرنا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کارولن لیویٹ نے جمعے کے روز وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ ’یہ صدر کی جانب سے کیے گئے وعدے ہیں جو وہ پورے کر رہے ہیں۔‘

    انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے چینی ساختہ مصنوعات پر 60 فیصد تک درآمدی محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی تھی لیکن وائٹ ہاؤس میں اپنے پہلے ہی دن انھوں نے فوری طور پر کوئی کارروائی نہیں کی اور اس کے بجائے اپنی انتظامیہ کو اس معاملے پر کام کرنے کا حکم دیا تھا۔

    رواں ماہ کے اوائل میں چین کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کی صدارت میں واپسی سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ ژوئیسیانگ نے کہا کہ ’ان کا ملک تجارتی تناؤ کے حل کی تلاش میں ہے اور اپنی درآمدات کو بڑھانا چاہتا ہے۔‘

    کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جمعے کے روز کہا تھا کہ ’یہ وہ نہیں ہے جو ہم چاہتے ہیں، لیکن اگر وہ آگے بڑھتے ہیں تو ہم بھی اس نا مناسب کارروائی کا جواب دیں گے۔‘

    کینیڈا اور میکسیکو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکہ کی جانب سے درآمدی محصولات میں اضافے کا جواب اپنے اقدامات کے ساتھ دیں گے۔ جبکہ واشنگٹن کو یہ یقین دلانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی امریکی سرحدوں کے بارے میں خدشات کو دور کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

  3. فلاڈیلفیا میں ائیر ایمبولینس رہائیشی علاقے میں گر کر تباہ

    حادثہ

    ،تصویر کا ذریعہPennsylvania Representative Jared Solomon

    امریکی شہر فلاڈیلفیا کے شمال مشرقی علاقے میں ایک ائیر ایمبولینس کا چھوٹا طیارہ کئی عمارتوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور زمین پر موجود کئی افراد زخمی ہو گئے۔

    جیٹ ریسکیو ایئر ایمبولینس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ طیارہ جمعہ کی شام کو میڈیکل ٹرانسپورٹ مشن پر تھا اور اس میں عملے کے چار ارکان، ایک مریض بچہ اور اس کے اہلِ خانہ میں سے ایک فرد سوار تھے۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق لیئر جیٹ 55 طیارے نے شمال مشرقی فلاڈیلفیا کے ہوائی اڈے سے مقامی وقت کے مطابق 18:30 بجے اڑان بھری اور چار میل (6.4 کلومیٹر) سے بھی کم فاصلے پر گر کر تباہ ہو گیا۔

    ایف اے اے اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) اس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    ایک بیان میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ ’مکمل طور پر اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں طیارے کو گرتے ہوئے دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔ افسوس کے مزید معصوم جانیں ضائع ہو گئیں۔‘

    پنسلوانیا کے گورنر جوش شپیرو نے جائے حادثہ پر ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ حادثہ کے نتیجے میں نقصان ہوگا اور یہ ایک افسوس ناک حادثہ ہے۔‘

    حادثہ

    ،تصویر کا ذریعہPennsylvania Representative Jared Solomon

    ریسکیو اہلکار حادثے کے کُچھ ہی وست کے بعد جائے حادثہ پر پہنچ گئے، رہائشیوں عمارتوں سے بھرے اس علاقے میں سڑکیں ملبے اور طیارے کے ٹکڑوں سے بھری ہوئی تھیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد ہر جانب افراتفری کے منظر دکھائی دے رہے تھے جن میں متعددد لوگ زخمی اور عمارتوں میں لگی دکھائی دے رہے تھے۔

    جیٹ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے ترجمان شائی گولڈ نے این بی سی کو بتایا کہ طیارے میں سوار بچے کو امریکہ میں طبی امداد کے بعد واپس میکسیکو کے شہر تیجوانا لے جایا جا رہا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ائیر ایمبولینس میں مریض بچی کے ساتھ اس کی والدہ، ایک پائلٹ، ایک کو پائلٹ، ایک ڈاکٹر اور ایک پیرامیڈک سوار تھے۔

    گولڈ نے این بی سی کو بتایا کہ بچی کے علاج کے لیے ایک خیراتی ادارے کی جانب سے انھیں مدد فراہم کی گئی تھی۔

    تاہم فلاڈیلفیا کی میئر چیرل پارکر کی جانب سے اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے لا علمی ظاہر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ ائیر ایمبولینس کا یہ حادثہ واشنگٹن ڈی سی میں ایک کمرشل جیٹ اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کے دو روز بعد پیش آیا ہے، جہاں حکام کو شبہ ہے کہ دونوں طیاروں میں سوار تمام 67 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

  4. بلوچستان کے علاقے منگیچر میں فائرنگ کا واقعہ، دو افراد زخمی, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگیچر میں جمعے کی شب ہونے والے حملے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

    دونوں افراد کراچی جانے والی ایک بس پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے تھے۔

    سرکاری حکام کے مطابق یہ حملہ جمعہ کی شب 8 بجے کے قریب ہوا تھا۔

    حملے کے بعد حملہ آوروں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا تھا جو کہ دیر تک جاری رہا۔

    سکیورٹی ادارے سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار کی جانب سے جو معلومات فراہم کی گئی اس کے مطابق مسلح افراد نے سکیورٹی ادارے کی ایک تنصیب پر حملے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی فورسز نے حملے کو ناکام بنا دیا۔

    اہلکار نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا لیکن تاحال سول انتظامیہ کی جانب سے اس حملے میں ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

    تاہم اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔

    اس حملے کے باعث بعض گاڑیوں کو بھی گولیاں لگی تھیں جن کے دو معمولی زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ میں ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

    ان میں سے ایک زخمی صدیق اللہ نے بتایا کہ وہ ایک مسافر کوچ میں کوئٹہ سے کراچی جارہے تھے کہ بس کو گولیاں لگیں۔

    انھوں نے بتایا کہ وہ پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے جس کے بعد ان کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے واپس کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ چونکہ رات کو اندھیرا تھا جس کی وجہ سے انھیں بہت زیادہ معلوم نہیں ہوا کہ کیا ہورہا ہے۔

    جب رات ایک بجے کے بعد ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر سے فون پر رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فائرنگ تھمنے کے بعد کلیئرینس آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حملے میں نقصان کی اطلاع ہے لیکن اس کا تعین کلیئرینس آپریشن مکمل ہونے کے بعد کیا جاسکے گا۔

    ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ حملہ آوروں نے منگیچر ٹاؤن کے اندر ایک نجی بینک کو بھی دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا ہے۔

    منگیچر میں ہونے والے حملے کے باعث رات کو کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی تھی۔

    تاہم سنیچر کی صبح قلات میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس وقت کوئٹہ کراچی ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔

    منگیچر بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل ہے جو کہ کوئٹہ سے اندازاً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب میں واقع ہے۔

    یہ حملہ منگیچر ٹائون میں کیا گیا ہے جو کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر واقع ہے۔ اس علاقے کی آبادی مختلف بلوچ قبائل پر مشتمل ہے۔ اس علاقے میں ماضی میں بھی بم دھماکوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

    گزشتہ سال نومبر میں منگیچر کے قریب جوہان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی ایک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں 7 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    ماضی میں منگیچر اور ضلع قلات کے دیگر علاقوں میں ایسے واقعات کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہیں۔

  5. ملک ریاض سے ’50 بٹ کوائن کے مطالبے‘ اور ’جان سے مارنے کی دھمکی‘ پر اسلام آباد میں مقدمہ درج, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    ملک ریاض

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کو جان سے مارنے کی دھمکی کا مقدمہ ملک ریاض کے سکیورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ خلیل الرحمان کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ میں درج کر لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس حوالے سے درج ہونے والی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملک ریاض سے بذریعہ ای میل 50 بٹ کوائن بھتہ کے طور پر طلب کیے گئے۔

    ملک ریاض سے مانگے گئے بھتے کی ملکی کرنسی میں 1 ارب 42 کروڑ سے زائد مالیت بنتی ہے۔

    ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملک ریاض کو ای میل کے ذریعے 12 جنوری کو بھتہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ تاہم بھتہ ادا نہ کرنے کی صورت ملک ریاض، ان کے صاحبزادے اور خاندان کے دیگر افراد کو جانی نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی۔

    ایف آئی آر کے متن میں ملک ریاض کے سکیورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ خلیل الرحمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ’دھمکی آمیز ای میل کے بعد ایک شخص ملک ریاض کی بیٹی کے ریذ زون میں موجود گھر کہ جہاں وہ خود بھی قیام کرتے ہیں کی ریکی کے لیے آیا۔ جہاں اس مشکوک شخص نے گھر کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔‘

    ملک ریاض کے ریڈ زون سے ملحقہ گھر کی ریکی اور تصاویر بھی بنائی گئی اور اسی حوالے سے فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ایک شخص کو ملک ریاض کے گھر کی ریکی اور تصاویر بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تاہم اس معاملے سے متعلق درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 21 جنوری کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ملک ریاض ’عدالتی مفرور‘ ہیں اور ساتھ یہ تنبیہ بھی کی گئی کہ بحریہ ٹاؤن کے دبئی پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کو ’منی لانڈرنگ‘ تصور کیا جائے گا۔

    ملک ریاض اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور نیب کا کہنا ہے کہ ’حکومتِ پاکستان قانونی چینلز کے ذریعے ملک ریاض کی حوالگی کے لیے متحدہ عرب امارات سے رابطہ کر رہی ہے۔‘

    ساتھ ہی نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’نیب کے پاس اس بات کے مضبوط شواہد موجود ہیں کہ ملک ریاض اور ان کے ساتھیوں نے بحریہ ٹاؤن کے نام پر کراچی، تخت پڑی راولپنڈی اور نیو مری میں نہ صرف سرکاری بلکہ نجی اراضی پر بھی ناجائز قبضہ کر کے بغیر اجازت نامے کے ہاؤسنگ سوسائیٹیز قائم کی ہیں اور وہ لوگوں سے دھوکہ دہی کے ذریعے بھاری رقم وصول کر رہے ہیں۔‘

    نیب کے بیان میں لکھا ہے کہ ملک ریاض 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عدالت اور نیب دونوں کو مطلوب ہیں اور ان کو مفرور قرار دیا گیا۔

  6. واشنگٹن میں طیارے سے ٹکرنے کے بعد تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس برآمد

    BBC

    امریکی حکام کے جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر مسافر جہاز اور فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے درمیان پیش آنے والے حادثے کے بعد اب ہیلی کاپٹر کا کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی تلاش کر لیا گیا ہے جسے بلیک باکس بھی کہا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل 30 جنوری کو امریکن ایئر لائنز کا طیارہ امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا تھا جس میں 64 مسافر سوار تھے۔ جبکہ فوجی ہیلیکاپٹر میں تین فوجی اہلکار سوار تھے۔

    جمعے تک حادثے میں اب تک ہلاک ہو جانے والے 41 افراد کی لاشین ندی سے نکالی جا چُکی ہیں جن میں سے 28 افراد کی شناخت کا عمل بھی مکمل ہو چُکا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ باقی لاشیں اس وقت تک نہیں نکالی جا سکیں گی کہ جب تک امدادی کارروائیوں میں مصروف حکام طیارے کے ملبے کو ندی سے نکالنے میں کامیاب نہیں ہو جاتے۔

    BBC

    تفتیش کاروں نے حادثے کے ایک روز بعد مسافر طیارے کے ملبے سے بلیک باکس برآمد کیے تھے۔

    نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے رکن ٹوڈ انمان نے جمعے کی شام صحافیوں کو بتایا کہ ان بلیک باکسز سے ’بہت جلد‘ ڈیٹا حاصل کر لیا جائے گا جس کے بعد اس حادثے کی وجوہات کے بارے میں واضح اور تفصیلی یان جاری کیا جائے گا۔

    این ٹی ایس بی کی حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل سے قبل مسافر جہاز اور فوجی ہیلیکاپٹر کے درمیان ہونے والے تصادم کے بارے میں کُچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    ٹوڈ انمان نے کہا کہ امریکی بحریہ کی جانب سے کیے جانے والے ریسکیو آپریشنز کے دوران جہاز کے ملبے کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

  7. دوسری ہائیکورٹ سے جج نہ لایا جائے اور نہ ہی چیف جسٹس بنایا جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط

    SC

    ،تصویر کا ذریعہSUPREME COURT

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھا ہے جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے کی اطلاعات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

    یہ خط جسٹس محسن اختر کیانی سمیت دیگر ججز نے لکھا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے اسلام آباد ہائیکورٹ، لاہور ہائیکورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کو بھی خط لکھا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ دوسری ہائیکورٹ سے جج نہ لایا جائے اورنہ چیف جسٹس بنایا جائے اور اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی تین سینیئر ججز میں سے چیف جسٹس بنایا جائے۔

    ججز کا خط میں کہنا ہے کہ دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے کے لیے بامعنی مشاورت ضروری ہے، دوسری ہائیکورٹ سے جج لانے کے لیے وجوہات دینا بھی ضروری ہے۔

    ججز نے سوال اٹھایا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سینیارٹی کیسے تبدیل ہو سکتی ہے ؟

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے خط میں کہا ہے کہ بار ایسوسی اِیشنز کی جانب سے کہا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ سے ایک جج کو ٹرانسفرکیا جانا ہے، ٹرانسفر کیے گئے جج کو پھراسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر زیرغور لایا جائے گا۔

    سندھ ہائی کورٹ سے بھی ایک جج کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلے کی تجویز زیر غور ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ ایک ہائی کورٹ سے دوسری ہائی کورٹ تبادلے کا عمل آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ہوتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ججزکی جانب سے صدر پاکستان کو بھی خط کی کاپی بھجوا دی گئی ہے۔

  8. واشنگٹن میں طیارے اور ہیلی کاپٹر میں تصادم: ’ہم بلندی کو دیکھ رہے ہیں، کوئی ایک غلط بلندی پر تھا‘: امریکی وزیر دفاع

    DEFENCE SECRETARY

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    جیسا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ہیلی کاپٹر اور طیارے کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں بلیک ہاک کی لوکیشن پر سوالات اٹھائے ہیں، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے بھی ان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہمیں تحقیقات میں مدد ملے گی کہ آخر یہ تصادم کس وجہ سے ہوا ۔

    فوکس نیوز سے گفتگو میں امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ’ہم بلندی کو دیکھ رہے ہیں کہ کوئی ایک غلط بلندی پر تھا۔ تحقیقات ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیں گی کہ کیا بلیک ہاک بہت بلندی پر تھا؟ کیا یہ اپنے راستے پر تھا؟ ابھی ہم اس بارے میں یقینی طور پر نہیں جانتے۔‘

    خیال رہے کہ ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل چکا ہے اور اس کی ابتدائی رپورٹ آنے میں 30 دن لگیں گے۔

    air crash

    ،تصویر کا ذریعہEPA

  9. کرم کے حالات پر گرینڈ جرگہ اور متاثرہ علاقے کا 90 فیصد سروے مکمل

    kurram

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں آج امن معاہدے کا آخری دن ہے اور آج ہی بوشہرہ میں فائرنگ ہوئی ہے جس میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سعید منان زخمی ہوئے ہیں جبکہ ادھر لوئر کرم میں بگن اور قریبی علاقوں کے متاثرین نے مندوری میں دھرنا دیا۔

    جمعے کو کوہاٹ میں کمشنر آفس میں کرم کے حالات پر ایک گرینڈ جرگہ بھی منعقد ہوا، جس میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات کے لیے بات چیت ہوئی۔

    اس جرگے میں صوبائی انتظامیہ، پولیس حکام اور علاقائی عمائدین شریک ہیں۔ اب تک اس بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں گئی۔

    کوہاٹ کے مقامی صحافیوں نے جرگے کے لیے اجازت نہ دینے پر انتظامیہ کے بائکاٹ کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ مقامی صحافیوں کا نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

    لوئر کرم کے علاقے بگن میں 22 نومبر کو حملے میں جہاں 32 افراد ہلاک ہو گئے تھے وہاں بڑے پیمانے پر مکانوں، دکانوں اور مساجد کو نقصان ہوا تھا۔

    Muhammad Rehan

    ،تصویر کا ذریعہMuhammad Rehan

    90 فیصد علاقے کا سروے ہو گیا

    خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ بگن، بادشاہ کوٹ، تلوکنج، نوے کلی، دراز رواز، ،تؤدہ چینہ اور بلیامین میں کوئی 700 کے لگ بھگ مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن میں 666 مکمل تباہ ہیں اور 39 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

    اسی طرح ان دیہات میں کل 455 دکانوں کو نقصان پہنچا، جن میں 243 مکمل تباہ اور 212 کو جزوی نقصان پہنچا ۔ ان واقعات میں 10 مساجد کو بھی نقصان پہنچا ۔

    پی ٹی ایم اے کے مطابق یہ سروے اب تک 90 فیصد علاقے کا ہوا اور 10 فیصد کا ابھی باقی ہے۔

    اس بارے میں کرم کے ایک انتظامی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اس سروے کو دوبارہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس ساری صورتحال کو دوبارہ دیکھنے کی ضرورت ہے۔

    صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ بگن اور دیگر علاقوں میں جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے گا۔

    ادھر مندوری میں بگن اور قریبی علاقوں کے لوگوں کا دھرنا جاری ہے اور آج جمعے کی نماز کے لیے بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کو مدعوکیا گیا تھا۔

    اس دھرنے میں مقررین نے کہا ہے کہ اپر کرم میں بوشہرہ میں امن قائم کیا جائے اور تمام لوگوں اور قبائل کو غیر مسلح کیا جائے۔

    اس دھرنے میں کہا گیا کہ جب تک قبائل اور لوگوں سے اسلحہ نہیں لیا جاتا مکمل امن قائم ہونا مشکل ہے۔

    مقررین نے کہا ہے کہ بگن اور قریبی علاقوں کا نقصان کہیں زیادہ ہوا ہے اور ان کے نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے۔

    کوہاٹ میں 31 دمسبر 2024 کو کمشنر آفس میں گرینڈ جرگہ میں معاہدہ طے پا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ علاقے میں امن کے قیام کے لیے اقدامات پر عمل درآمد ضروری ہے۔

    اس مجوزہ معاہدے میں کہا گیا ہے کہ مری معاہدہ 2008 بشمول سابقہ تمام علاقائی و اجتماعی معاہدات، کاغذات مال، فیصلہ جات اور روایات اپنی جگہ برقرار و بحال رہیں گے جن پر ضلع کرم کے تمام مشران متفق ہیں۔

    مجوزہ معاہدے میں کہا گیا ہے کہ حکومت سرکاری سڑک پر ہر قسم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت ایکشن لے گی جبکہ ضلع کرم کے تمام بے دخل خاندانوں کو اپنے اپنے علاقوں میں آباد کیا جائے گا۔

    ’ان کی آبادکاری میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔‘

    اس معاہدے میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ اسلحے کی 'آزادانہ نمائش و استعمال پر مکمل پابندی ہو گی اور اسلحہ خریدنے کے لیے چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہو گی' جبکہ فریقین تمام بھاری اسلحہ ایک مہینے کے اندر اندر ضلعی پولیس کے پاس جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

    اس معاہدے کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ٹارگٹ آپریشن کیا اور لوئر کرم کے علاقوں میں لوگوں سے اسلحہ لیا گیا ہے۔

    لوئر کرم کے مندوری میں بیٹھے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اپر کرم میں دوسرے فریق سے بھی اسلحہ لیا جائے اور جب تک انھیں غیر مسلح نہیں کیا جاتا امن کا قیام مشکل ہے۔

  10. خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں میں 10 دہشتگرد مارے گئے: آئی ایس پی آر

    پاکستانی فوج کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں میں 10 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰاعیل خان کے علاقے کھلاچی میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فورسز کی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میر علی میں مختلف کارروائیوں میں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

  11. کرم کے اسسٹنٹ کمشنر حملے میں زخمی: حالت خطرے سے باہر، آپریشن کے بعد پشاور منتقل کر دیا گیا, عزیز اللہ خان اور محمد زبیر خان

    saeed manan

    ،تصویر کا ذریعہRasheed Zaman

    ،تصویر کا کیپشنزخمی ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کو طبی امداد کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جائے گا: پولیس

    کرم کے اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو سعید منان ایک حملے میں زخمی ہو گئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انھیں پاڑہ چنار سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منقتل کر دیا گیا ہے۔

    ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر سید میر حسن جان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال پاڑہ چنار میں آپریشن کیا گیا اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    کرم پولیس کے ترجمان کے مطابق کرم کے اسسٹنٹ کمشنر بوشہرہ کے علاقے میں سیز فائر کے دوران پولیس نفری تعنیات کرنے گئے تھے کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔

    بوشہرہ بی ایچ یو کے انچارج اکرام اللہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کو انتہائی زخمی حالت میں لایا گیا تھا۔ جہاں پر ان کو ابتدائی علاج معالجہ کے بعد ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال پاڑہ چنار بھیج دیا گیا۔

    بوشہرہ میں ایک انتظامی عہدے دار کے مطابق بوشہرہ میں فریقوں کے درمیان فائرنگ کے بعد عارضی سیز فائر ہوا تھا۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر ایف سی، فوج اور پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچے تھے کہ اچانک فائرنگ ہوئی اور فائرنگ میں ٹارگٹ اسسٹنٹ کمشنر سعید منان ہی تھے۔ انھیں دو گولیاں ماری گئیں، ایک پیٹ اور ایک ٹانگ میں لگی۔‘

    خیال رہے کہ ضلع کرم میں فرقہ ورانہ فسادات کے بعد کئی ہفتوں سے معمولات زندگی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکے اور دیگر علاقوں سے زمینی رابطے بھی بند ہیں۔

    گذشتہ روز ہی حکومت نے عوام کے لیے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کیا تھا۔

    بوشہرہ میں مختصر وقفے کی سیز فائر کے بعد دوبارہ فریقوں میں شدید فائرنگ شروع ہو چکی ہے۔

  12. عمران خان کا چیف جسٹس کے نام شکایات اور ثبوتوں پر مبنی طویل خط, شہزاد ملک، بی بی سی اردو

    imran khan

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان یحیٰی آفریدی اور آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین کو لکھے گئے خط میں شکوہ کیا ہے کہ گذشتہ 18 ماہ کے دوران انسانی حقوق اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق ان کی اور ان کی جماعت کی جانب سے دائر متعدد درخواستوں میں سے کسی پر بھی سپریم کورٹ میں سماعت نہیں ہوئی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی اور سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین کو لکھے گئے خط میں پی ٹی آئی کے بانی نے اپنی جماعت کو نشانہ بنانے کے لیے قوانین بنانے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اس خط میں مبینہ ریاستی کارروائی کے دوران لاپتہ، زخمی یا جاں بحق ہونے والے پی ٹائئ آئی کارکنوں کی فہرست بھی شامل ہے۔

    300 سے زائد صفحات پر مشتمل خط اور اس کے ضمیمہ میں تصاویر، میڈیکل رپورٹس، عدالتی احکامات اور درخواستیں، پریس کلپنگ اور دیگر متعلقہ دستاویزات شامل ہیں جو پی ٹی آئی رہنما کے خیال میں ان کے دعوؤں کی تصدیق کرتی ہیں۔

    خط میں انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ سال 24 سے 27 نومبر کے درمیان پی ٹی آئی کے 10 ہزار حامیوں کو گرفتار کیا گیا۔

    خط میں اسلام آباد کے ریڈ زون سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے آپریشن کے دوران مبینہ طور پر زخمی یا ہلاک ہونے والے پی ٹی آئی کے 42 کارکنوں کی فہرست بھی منسلک ہے۔

    ساتھ ہی 75 افراد کی فہرست بھی منسلک ہے جو طویل عرصے تک ’لاپتا‘ رہے۔

    مزید برآں پی ٹی آئی کے بانی نے دعویٰ کیا کہ انہیں گذشتہ سال 3 اکتوبر سے 25 اکتوبر تک قید تنہائی میں رکھا گیا تھا اور انہیں ضروری مراعات سے محروم رکھا گیا تھا اور ان کے ساتھ ’توہین آمیز سلوک‘ کیا گیا تھا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی کے بہانے ان کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم کے ساتھ ان کی ملاقاتوں پر پابندی ہے۔

    عمران خان نے طویل عرصے سے قید و بند کا سامنا کرنے والے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کا نام لیا جن میں میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔

    انھوں نے سوشل اور مین اسٹریم میڈیا پر پی ٹی آئی کے حق میں مواد پر مبینہ سنسرشپ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے آئین کے آرٹیکل 19 میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

    پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے گذشتہ سال کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم عدلیہ کو کمزور کرنے کے لیے لائی گئی تھی۔

    انھوں نے 100 سے زائد عام شہریوں کے خلاف فوجی ٹرائل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی اس طرح کے مقدمات کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔

  13. کوئی ملک دشمن جاسوس پکڑا جائے تو اس کا ٹرائل کہاں ہوگا، جسٹس حسن اظہر رضوی

    سپریم کورٹ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    سپریم کورٹ میں آج دورانِ سماعت بینچ میں شامل جسٹس حسن اظہر رضوی نے سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین کے دلائل کے دوران اُس سے سوال کیا کہ ’کیا مستقل میں اگر کوئی ملک دشمن جاسوس پکڑا جائے تو اسکا ٹرائل کہاں ہوگا؟

    خصوصی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی بینچ نے کی۔

    پاکستان کے سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین نے آج اپنے دلائل جاری رکھے۔

    دورانِ سماعت خواجہ احم حسین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ’سویلینز خصوصی ٹرائل میں نہیں آتے۔ پورے آرمی ایکٹ کو چیلینج نہیں کر رہے۔‘

    جس پر جسٹس مسرت ہلالی کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ روز بتایا گیا خصوصی عدالتوں میں فئیر ٹرائل ہوتا ہے۔‘

    عدالت کے ریمارکس اور خواجہ احمد کے دلائل کے دوران جب لطیف کھوسہ نے سیٹ پر بیٹھے بیٹھے بولنے کی کوشش کو تو اس پر عدالت کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔

    جسٹس امین الدین کا کہنا تھا کہ ’کھوسہ صاحب آپ سینیر وکیل ہیں ایسا نہ کیجیے۔‘

    جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ’ٹو ون ڈی 1967 میں ایڈ ہوا ہے؟ گزشتہ روز میں نے مہران بیس سمیت مختلف واقعات کا ذکر کیا۔‘

    جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ’ہمارے سامنے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کی مثال موجود ہے۔ کلبھوشن یادو کیس میں صرف افواج پاکستان ہی متاثرہ نہیں ہے۔‘

    جسٹس محمد علی مظہر نہ کہا کہ ’آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی ٹو کو کالعدم قرار دینے سے تو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو جیسے واقعات میں ملٹری ٹرائل نہیں ہو سکے گا۔‘

    اس پر احمد حسین ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ ’عدالتی فیصلے میں کلبھوشن یادو پر بات نہیں کی گئی۔

    جس پر جسٹس جسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ ’کیا مستقل میں اگر کوئی ملک دشمن جاسوس پکڑا جائے تو اسکا ٹرائل کہاں ہوگا؟‘

    عدالت کے اس سوال پر خواجہ احمد حسین کا کہنا تھا کہ ’اسکا ٹرائل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوگا۔‘

    جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی کا مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ’اچھا جی۔‘

    پھر جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ’یہ عجیب بات ہے قانون کی شق کو کالعدم بھی قرار دیا جائے اور یہ بھی کہا جائے سپیشل ریمیڈی والوں کو استثناء ہے۔ یہ تو عجیب بات ہے۔‘

    جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ ’مستقبل میں کیا افواج پاکستان آرمی ایکٹ کا سیکشن ٹو ون ڈی ٹو استعمال کر سکتی ہے؟‘

    جس پر خواجہ احمد حسین نے جواب دیا کہ ’یہ حقیقت ہے مستقبل میں ٹو ون ڈی ٹو کا استعمال نہیں ہو سکے گا۔ میں اپنے دلائل کو آگے بڑھانا چاہتا ہوں۔‘

    جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ ’عجیب بات ہے, قانون کی شق کالعدم بھی قرار دی جائے اور کہا جائے اسپیشل ریمیڈی والوں کو استثنا ہے۔‘

    جسٹس محمد علی نے سوال کیا کہ کیا ’مستقبل میں کیا افواج پاکستان آرمی ایکٹ کا سیکشن ٹو ون ڈی ٹو استعمال کر سکتی ہے؟‘

    وکیل خواجہ احمد نے جواب دیا کہ ’اس پر مستقبل میں ٹو ون ڈی ٹو کا استعمال نہیں ہو سکے گا۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں اپنی پسند کا وکیل کرنے کی اجازت نہیں۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں وکیل آرمی چیف کی اجازت سے ملتا ہے۔ آرمی چیف اجازت نہ دیں تو پسند کا وکیل نہیں ملتا۔ فیصلہ کوئی کرتا ہے اور فیصلے کو کنفرم دوسری اتھارٹی کرتی ہے۔ ایسے تو کنفرمنگ اتھارٹی ناٹ گلٹی کو گلٹی بھی کر سکتی ہے۔‘

    اس پر جسٹس مسرت ہلالی کی جانب سے ریمارکس دیے گئے کہ ’آپ ملزمان کا کیس یہاں لڑ رہے ہیں جو ہمارے سامنے نہیں۔‘

    عدالت کی جانب سے ریمارکس اور دلائل کے بعد خصوصی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیس سماعت سوموار تک ملتوی کر دی گئی۔ جس کے بعد اب آئندہ سماعت پر سابق چیف جسٹس جسٹس (ر) جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

  14. لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس شاہدرہ کے قریب حادثے کا شکار

    Pakistan Train accident

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر شاہدرہ میں ریلوے سٹیشن کے قریب لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین شالیمار ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اُتر گئی ہیں۔

    ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور کی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

    تاہم اس حادثے کی وجہ سے ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت میں مُشکلات کا سامنا ہے اور ٹریک کو عارضی طور پر بند گر دیا گیا ہے۔

    ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی اطلاعات ملتے ہی ریلوے افسراں اور عملہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کر دیا ہے۔

    سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے شالیمار ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اُتر جانے کے واقع کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

  15. واشنگٹن: حادثے کا شکار ہونے والے امریکن ایئرلائنز کے طیارے کا بلیک باکس مل گیا

    US

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بی بی سی کے امریکی پارٹنر سی بی ایس نیوز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکام نے امریکن ایئرلائنز کے طیارے سے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر برآمد کرلیا ہے جسے بلیک باکس کہا جاتا ہے۔

    بلیک بکس کے مل جانے کے بعد اب حادثے کی تحقیقات کے دوران اس بات کا اندازہ لگایا جائے گیا کہ حادثے کس وجہ سے پیش آیا۔

    سی بی ایس کے مطابق ریکارڈرز کا تجزیہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ لیب میں کیا جائے گا جو حادثے کی جگہ کے قریب ہے۔

    تاہم اب تک امریکی حکام کے مطابق 28 افراد کی لاشیں دریا سے نکالی جا چُکی ہیں مگر انتظامیہ کی جانب سے یہ خیال ظاہر کیا رہا ہے کہ اس حادثے میں کسی کے بھی بچ جانے کی اُمید نہیں ہے اور تمام 67 افراد ہلاک ہوچُکے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکن ایئرلائنز میں عملے سمیت 64 جبکہ امریکی فوجی ہیلی کاپٹر بلیک ہاک میں تین فوجی سوار تھے۔

    نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کا کہنا ہے کہ دریائے پوٹومیک پر مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان پیش آونے والے حادثے کی ابتدائی رپورٹ 30 روز میں جاری کی جائے گی۔

    بی بی سی کے امریکی پارٹنر سی بی ایس نیوز کے مطابق دریائے پوٹومیک میں باقی لاشوں کی تلاش کا کام خطرناک حالات کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔

    امدادی کارکنوں کا ماننا ہے کہ انھوں نے ان تمام باقیات تک رسائی حاصل کر لی ہے جنھیں اب بحفاظت نکال لیا جائے گا۔

    امریکی کوسٹ گارڈ طیارے کے کچھ حصوں کو ہٹانے میں مدد فراہم کریں گے جس کے بعد غوطہ خور حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں نکالنے کا کام شروع کریں گے۔

  16. گزشتہ روز کی اہم خبریں

    آئیے گزشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

    • حماس کے زیر اتنظام میڈیا دفتر نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی کہ آٹھ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بعد 110 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا۔ رملہ میں بسوں کے ذریعے ان قیدیوں کو اسرائیلی جیل سے تقریباً ایک گھنٹے سے زائد کی مسافت طے کر کے پہنچایا گیا۔ رملہ میں اس وقت سخت سکیورٹی ہے اور حماس کا کہنا ہے کہ جشن منانے کو روکے جانے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے تھے۔
    • پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر کرم کے لیے جمعرات کے روز صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس کا فراہم کی گئی۔ خیال رہے کہ کرم میں فرقہ ورانہ فسادات کے بعد حالات کشیدہ ہونے پر زمینی راستے بند ہیں۔ وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو صوبائی حکومت کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی کل دس پروازیں ہوئیں۔ ان پروازوں کے ذریعے 299 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔
    • وفاقی کابینہ نے سابق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے دور میں اس وقت کے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کے پائلٹس کی مبینہ طور پر جعلی ڈگریوں سے متعلق بیان کا جائزہ لینے کے حوالے سے جمعرات کو ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ یہ کمیٹی مذکورہ مبالغہ آرائی پر مبنی بیان کے محرکات کا پتہ چلائے گی اور اس بیان کے نتیجے میں قومی ائیر لائن اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا بھی تخمینہ لگائے گی۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں کون کون ہوگا اس بارے میں ابھی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
    • وفاقی وزارت داخلہ نے جمعرات کے روز نیب کی درخواست پر 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کے مقدمے میں اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ وزارتِ داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق وزارت داخلہ نے چار اشتہاری ملزمان چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض،ان کے صاحبزادے علی ریاض، سابق وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر اور فرح شہزادی کے پاسپورٹ منسوخ کر دیے ہیں۔ نیب حکام کے مطابق اشتہاری ملزمان فرار ہو کر بیرون ملک چلے گئے ہیں۔
  17. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔