وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

،تصویر کا ذریعہPM House
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، سٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارک باد پیش کی اور دنیا بھر کے عازمین حج کی مہمان نوازی اور خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے فعال کردار اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے پختہ عزم کو سراہا۔
انھوں نے انڈیا کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی تحمل کی پالیسی کو اجاگر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔
شہباز شریف نے حج کے محفوظ اور روحانی تجربے کو یقینی بنانے کے لئے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی قابل ذکر کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان غزہ میں سنگین انسانی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کر لیا۔

،تصویر کا ذریعہPTV
شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عمرے کی ادائیگی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب کے دوران وفد کے ہمراہ عمر ہ ادا کیا، اس موقع پران کےلیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عمرہ کی ادائیگی کی۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق پاکستانی وفد کے لیے خانہ کعبہ کے دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے-






