خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں مسلح افراد کے حملے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی, عزیز اللہ خان، بی بی سی اُردو، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں جمعرات کی شب پولیس تھانے پر مسلح افراد کے حملے میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
بنوں کے ریجنل پولیس افسر کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افراد نے چاروں اطراف سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے جس پر تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ڈومیل اور تھانہ ٹاؤن کی نفری اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئے اور مشترکہ طور پر دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
گذشتہ روز تھانہ ہوید کی حدود شیخ لنڈک پولیس چوکی پر نا معلوم افراد نے کواڈ کاپٹر/ڈرون حملہ حملہ کیا تھا جس میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
مسلح افراد نے کواڈ کاپٹر ڈرون سے پولیس چوکی پر دھماکہ خیز مواد گرایا۔
زخمی ہونے والوں میں سپاہی اسلم سپاہی حمید اللہ اور سپاہی اسماعیل شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں تشدد کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
بنوں میں گذشتہ چند ماہ کے دوران پولیس تھانوں پر حملوں کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ اور کواڈ کاپٹر حملے ہوئے ہیں جن میں پولیس اہلکاروں کا جانی نقصان ہوا ہے۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز کے جانب سے مسلح افراد کے خلاف مختلف مقامات پر خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کیے گئے ہیں جن میں عسکریت پسندوں کے جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں۔