ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دیے: ’بہت ہو گیا، مذاکرات کی میز پر واپس آئیں‘: ٹرمپ کا ایران پر زور
اسرائیل نے ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران سے داغے گئے تمام میزائل روک لیے ہیں، دوسری جانب پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ’آئندہ سات دنوں تک چوبیس گھنٹے میزائلوں اور ڈرونز کی لہریں داغی جاتی رہیں گی، یہاں تک کہ دشمن اپنے جرائم بند کر دے۔‘
خلاصہ
إیران نے حملہ کر کے 'سنگین غلطی' کی ہے: اسرائیلی فوج
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا مطالبہ کیا ہے
ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ 'یہ کارروائی عارضی نہیں بلکہ مسلسل حملوں کے ایک مکمل ہفتے کا آغاز ہے۔
پاکستانی ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، لیکن اصل مسئلہ متضاد امریکی بیانات ہیں: ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ میں شدت پسندوں کے مختلف ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران 27 شدت پسند مارے گئے ہیں
لائیو کوریج
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ’مہاجرین مقیم پاکستان‘ کی 12 نشستوں کا تنازع کیا ہے؟
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج کی کال سے محض تین دن پہلے حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی جانے والی جموں و کشمیر جوائنٹ ایکشن کیمیٹی کا موقف ہے کہ مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستیں کئی لحاظ سے ریاست کے مفاد میں نہیں جبکہ مہاجر نشستوں کے نمائندوں کا الزام ہے کہ یہ ایجنڈا کچھ سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی کی وجہ سے مطالبات میں شامل ہوا۔
امریکہ کے ساتھ ایک نئی جنگ کا امکان ہے: ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن وحید احمدی
مجلس کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن وحید احمدی نے کہا ہے کہ ’ایک نئی جنگ کے آغاز کا امکان موجود ہے۔‘
انھوں نے خبر رساں ویب سائٹ فرارو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک حقیقت ہے کہ ہماری امریکہ کے ساتھ کوئی جنگ بندی نہیں ہے۔ درحقیقت ہم صرف جھڑپوں میں ایک وقفے کی حالت میں ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’امریکی اپنے اُس ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جو انھوں نے میدانِ جنگ میں طے کیا تھا، اور اب وہ بحری محاصرے کی طرف آئے ہیں تاکہ شاید اقتصادی طور پر ہم پر دباؤ ڈال سکیں، تاہم وہ اس میدان میں بھی کامیاب نہیں ہوئے۔‘
احمدی نے مزید کہا کہ ’ایک نئی جنگ شروع ہونے کا امکان موجود ہے اور ایران نئے وسائل حاصل کرنے جا رہا ہے۔‘
انھوں نے خلیج فارس کے ساحلی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ برسوں سے ’اپنی تمام سہولیات امریکہ کے حوالے کر چکے ہیں اور امریکہ سے سکیورٹی کی بھیک مانگتے ہیں، لیکن حالیہ جنگ نے دکھا دیا کہ اس طرح سکیورٹی حاصل نہیں کی جا سکتی۔‘
یاد رہے کہ یہ بیان ان حالات میں آیا ہے جو پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی تہران میں جہاں وہ فیلڈ مارشل (عاصم منیر) کی طرف سے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے خاص خط دینے کے لیے گئے ہیں۔ محسن نقوی نے گذشتہ ماہ ایک ہفتے میں دو بار ایران کا دورہ کیا تھا اور ان دوروں کے دوران اُنھوں نے ایران کے صدر، پارلیمنٹ کے سپیکر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقات کی تھی۔
پاکستان، ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے کسی ممکنہ معاہدے کی کوششوں میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اگرچہ بڑے پیمانے پر حملے رکے ہوئے ہیں تاہم ایران اور امریکہ کے درمیان گاہے بگاہے کشیدگی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ تازہ ترین معاملے میں امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے دو ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے جو اس کے مطابق ایران کی طرف سے داغے گئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سینٹکام نے کہا کہ یہ ڈرون آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج اپنی پوزیشن پر برقرار ہیں اور ایرانی جارحیت کے خلاف دفاع جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
اوہائیو میں فیسٹیول کے قریب 12 افراد کو گولی مارنے والے ملزمان کی تلاش
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پولیس
کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ٹولیڈو میں ایک فیسٹیول کے قریب کم از
کم 12 افراد کو گولی مارنے کے بعد وہ ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔
ٹولیڈو
پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 10 افراد کی حالت ’مستحکم‘ ہے جبکہ دو ابھی بھی تشویشناک
حالت میں ہیں۔
پولیس
نے بتایا کہ سنیچر کے روز مقامی وقت کے مطابق تقریباً شام ساڑھے پانچ بجے پر اولڈ ویسٹ اینڈ فیسٹیول کے قریب فائرنگ
کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
ٹولیڈو
کے ڈپٹی پولیس چیف جو ہیفرنن نے کہا کہ بظاہر دو افراد نے اسلحہ استعمال کیا اور
وہ ’شاید ایک دوسرے پر فائر کر رہے تھے‘۔
سوشل
میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز جن کی بی بی سی نے ابھی تک آزادانہ تصدیق نہیں کی میں
دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کی آوازوں کے درمیان لوگ چیختے اور بھاگتے نظر آتے
ہیں۔
متاثرہ
افراد کی عمریں 16 سے 61 سال کے درمیان ہیں۔
عینی
شاہد ٹیٹو ایگیولر نے بی بی سی کے امریکی شراکت دار سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ وہ
کھانا آرڈر کر رہے تھے جب انھوں نے نوجوانوں کے ایک گروہ کو ایک دوسرے نوجوان پر
حملہ کرتے دیکھا۔
ایگیولر
کے مطابق انھوں نے اپنے فون پر ریکارڈنگ شروع کی، اسی دوران فائرنگ کی آواز سنائی
دی۔ وہ موقع سے بھاگ گئے، لیکن بعد میں اپنے دوستوں کو ڈھونڈنے کے لیے واپس آئے،
جہاں انھوں نے کئی افراد کو زخمی حالت میں دیکھا۔
پولیس
لیفٹیننٹ ڈین گرکن نے تشدد کی شدت پر حیرت کا اظہار کیا۔
انھوں
نے صحافیوں سے کہا ’بارہ
لوگوں کو گولی مارے جانا، یہ میری زندگی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔ میں کئی مواقع پر
گیا ہوں، لیکن یہ حد سے زیادہ ہے۔‘
گرکن
نے بتایا کہ پولیس متاثرین اور عینی شاہدین سے بات کر رہی ہے اور کیمرہ فوٹیج کا
جائزہ لے رہی ہے۔ انھوں نے مقامی کمیونٹی سے بھی تعاون کی اپیل کی۔
اولڈ
ویسٹ اینڈ فیسٹیول دو روزہ تقریب ہے جس میں ملک کے بڑے تاریخی علاقوں میں سے ایک
کا جشن منایا جاتا ہے، جس میں لائیو میوزک، مختلف فوڈ مارکیٹس، بیئر گارڈن، گھروں
کے دورے، خریداری اور مزید سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں۔
ہیفرنن
نے صحافیوں سے کہا ’یہ افسوسناک ہے کہ چند لوگ، چاہے ان کے ذہن میں جو بھی وجوہات
ہوں، ایک ایسے ایونٹ کو متاثر کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں جو کئی سالوں سے کمیونٹی کے
لیے اہم رہا ہے۔‘
’یہ واقعی۔۔۔ خوفناک ہے۔‘
پولیس
کے مطابق تحقیقات اس وقت ڈیلاویئر ایونیو اور رابِن ووڈ ایونیو کے علاقے تک پھیلی
ہوئی ہیں۔ فیسٹیول کی ویب سائٹ کے نقشے کے مطابق اس مقام پر موسیقی اور کھانے کا
علاقہ موجود تھا۔
آن
لائن شیئر کی گئی دیگر ویڈیوز میں دو افراد کو سٹریچر پر لے جاتے اور کئی زخمیوں
کو ایک خیمے کے قریب گھاس پر لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مہاجرین کی 12 نشستوں پر فیصلہ آنے والی اسمبلی ہی کر سکتی ہے: صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے رائے دے دی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو
،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سپریم کورٹ نے ’مہاجرین مقیم
پاکستان‘ کی 12 نشستوں پر اپنی رائے دے دی ہے۔
صدارتی ریفرنس پر اپنی رائے دیتے ہوئے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو
رکنی بینچ نے کہا کہ ان 12 نشستوں کے خاتمے یا اس ضمن میں کوئی اور اقدام کرنے کے
لیے آئین کے سیکشن 33 میں ترمیم ناگزیر ہے۔ ریفرنس پر رائے دیتے ہوئے عدالت نے کہا
کہ اس بارے میں ترمیم کا فیصلہ آئندہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی منتخب قانون
ساز اسمبلی ہی کر سکتی ہے۔
یہ معاملہ کشمیر اسمبلی میں مہاجرین کے لیے مخصوص 12 نشستوں کے رکھنے
یا ختم کرنے پر اختلاف کا ہے۔ حکومت انھیں برقرار رکھنا چاہتی ہے، جبکہ دوسری جانب
عوامی ایکشن کمیٹی ان نشستوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس پر رائے کے لیے کشمیر
حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ انتخابات کا انعقاد حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے
اور سیاسی اختلافات انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
اپنی رائے میں عدالت نے کہا کہ آئین میں ترمیم کا فیصلہ سڑکوں پر
نہیں بلکہ منتخب ایوان میں ہونا چاہیے، اور کسی فرد کا اپنے حق کے لیے احتجاج
دوسروں کے حقوق سلب کرنے کا باعث نہیں بننا چاہیے۔ عدالت نے مزید کہا کہ آئین میں
تبدیلی کا راستہ ووٹ اور اس کے نتیجے میں وجود میں آنے والا منتخب ایوان ہے، سڑکوں
پر مظاہروں کے ذریعے آئینی ترامیم نہیں کی جا سکتیں۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ احتجاج ایک جمہوری حق ہے، تاہم اس حق کے
استعمال کے لیے سڑکوں کی بندش، جس سے عام شہری کی زندگی متاثر ہو یا ان کی نقل و
حرکت میں رکاوٹ پیدا ہو، اس کی اجازت نہ قانون دیتا ہے اور نہ آئین۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں
انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
مظفر آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دار الحکومت مظفر آباد میں دفعہ 144 نافذ
کردی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ چار یا چار سے زیادہ افراد کسی ایک مقام پر اکھٹے
نہیں ہو سکتے۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر مظفر آباد کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا
گیا ہے۔
دوسری طرف پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے جبکہ
موبائل فون کام کر رہے ہیں۔
اس وقت راولاکوٹ میں حالات کشیدہ ہیں اور وہاں پر رینجرز کے اہلکاروں
کو حساس مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ایک رکن کے مطابق شاہزیب کی ہلاکت
کے خلاف مظفر آباد اور کشمیر کے دیگر علاقوں میں تاجروں اور ٹرانسپورٹروں نے ہڑتال
کر رکھی ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت میں شامل ایک اہلکار نے بی بی سی
کو بتایا کہ مظفر آباد سمیت کشمیر کے حساس مقامات پر رینجرز اور ایف سی کے اہلکار تعینات
کیے گئے ہیں۔ ان میں سپریم کورٹ کے علاوہ قانون
ساز اسمبلی، ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کی عمارتیں شامل ہیں۔
ثالثی میں کردار ادا کرنے پر ایرانی وزیر داخلہ کی پاکستان کی تعریف
،تصویر کا ذریعہx.com/MohsinnaqviC42
ایران کے خبر
رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ثالثی میں کردار ادا
کرنے پر پاکستان کو سراہا ہے۔
تسنیم کے مطابق
سنیچر کی شب محسن نقوی سے ملاقات کے اختتام پر انھوں نے کہا: ’پاکستانی وزیرِ داخلہ کے دورے کا
ایک حصہ دو طرفہ امور کے لیے مختص ہے، جن میں سرحدی سلامتی، انسدادِ منشیات اور
انسدادِ دہشت گردی شامل ہیں۔‘
تسنیم نے ایرانی وزیر داخلہ کا بیان
رپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران میں سالانہ تجارت تین ارب ڈالرز سے بڑھا
کر 10 ارب ڈالرز کی جائے گی۔
تسنیم کے مطابق اس ملاقات میں
پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا: ’ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ
تعلقات ہیں، اور جب کسی ایک بھائی کو مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو دوسرا بھی اس کا
احساس کرتا ہے۔‘
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق محسن
نقوی نے امید ظاہر کی کہ ’پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم
منیر کی کوششوں سے یہ بحران جلد ختم ہوں گے۔‘
اس سے پہلے محسن نقوی کی میڈیا سے
گفتگو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ ’میں یہاں فیلڈ مارشل (عاصم
منیر) کی طرف سے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے خاص خط دینے کے لیے پہنچا ہوں، اور
وزیر اعظم (شہباز شریف) کی طرف سے پیغام۔‘
جنوبی لبنان میں اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا: حزب اللہ
لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ نے ایک
بیان میں کہا ہے کہ اس نے ابابیل ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے شہر
ناقورہ میں اسرائیلی فوج کے ایک کمانڈ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس
کی فورسز نے حداثا شہر کے جنوبی نواح میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو دو
ڈرونز کے ذریعے اور بیوفورٹ قلعے کے قریب راکٹ اور توپ خانے کی گولہ باری سے نشانہ
بنایا۔
گذشتہ
شب اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے 48 گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان میں 150 حملے
کیے اور ان حملوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر الیکشن آج ہو رہے ہیں
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
گلگت بلتستان میں 10 اضلاع کی 24
نشستوں پر جنرل الیکشن آج ہو رہے ہیں۔ امیدواروں کی تعداد 396 ہے جس میں آٹھ
خواتین بھی بطور امیدوار میدان میں ہیں۔
انتخابات کو پر امن بنانے کے لیے سکیورٹی
کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
گلگت بلتستان پولیس کے سربراہ آئی جی
اکبر ناصر خان نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ انتخابات میں امن و امان برقرار رکھنے
کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 17 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں
گے، جن میں پنجاب اور سندھ پولیس کے علاوہ رینجرز اور ایف سی کے اہلکار بھی شامل
ہیں۔
وفاق میں برسراقتدار پاکستان مسلم
لیگ ن اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے اپنی اپنی جماعت
کے امیدواروں کے لیے یہاں انتخابی مہمات چلائی ہیں۔ نواز شریف اور بلاول بھٹو
زرداری نے بھی انتخابی جلسوں سے خطاب کیے۔
جبکہ
اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ان انتخابات میں بطور پارٹی حصہ لینے
کی اجازت نہیں دی گئی۔ تحریک انصاف کا الزام ہے کہ اس کے چیئرمین سلمان اکرم راجہ
سمیت متعدد سینیئر رہنماؤں کو امیدواروں کی حق میں مہم چلانے کے لیے گلگت بلتستان
داخل ہونے کی اجازت تک نہیں دی گئی، اور جو رہنما وہاں پہنچنے میں کامیاب رہے
انھیں بعد ازاں علاقہ بدر کر دیا گیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے فیلڈ مارشل کا ’خاص خط‘ اور وزیر اعظم کا پیغام لایا ہوں: محسن نقوی
،تصویر کا ذریعہIRNA
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی
تہران پہنچے ہیں۔ وہاں میڈیا سے ان کی گفتگو کا ایک حصہ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم
نے جاری کیا ہے۔
اپنی گفتگو میں محسن نقوی کہتے ہیں
کہ ’میں یہاں فیلڈ مارشل (عاصم منیر) کی طرف سے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے خاص
خط دینے کے لیے پہنچا ہوں، اور وزیر اعظم (شہباز شریف) کی طرف سے پیغام۔‘
محسن نقوی کہتے ہیں کہ مجتبیٰ خامنہ
ای کے لیے جو خط اور پیغام لے کر وہ پہنچے ہیں، وہ ’موجودہ صورتحال‘ کے حوالے سے
ہے۔
محسن نقوی نے گذشتہ ماہ ایک ہفتے میں
دو بار ایران کا دورہ کیا تھا اور ان دوروں کے دوران اُنھوں نے ایران کے صدر،
پارلیمنٹ کے سپیکر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقات کی تھی۔
پاکستان،
ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے کسی ممکنہ معاہدے کی کوششوں میں
اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایران کی طرف سے داغے گئے دو ڈرون مار گرائے: سینٹکام
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
امریکی فوج کی
مرکزی کمان (سینٹکام) نے دو ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے جو اس کے مطابق ایران
کی طرف سے داغے گئے۔
سوشل میڈیا
پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سینٹکام نے کہا: ’مشرقِ وسطیٰ میں امریکی افواج نے ایران کے دو حملہ
آور ڈرون مار گرائے، جو آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری آمد و رفت کے لیے خطرہ
بن رہے تھے۔‘
بیان
میں کہا گیا کہ امریکی افواج اپنی پوزیشن پر برقرار ہیں اور ایرانی جارحیت کے خلاف
دفاع جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دعوت پر لبنانی فوج کے سربراہ پاکستان روانہ
،تصویر کا ذریعہLebanon Army
،تصویر کا کیپشنلبنانی فوج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل
لبنانی فوج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے اپنے پاکستانی ہم منصب کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ لبنانی فوج نے اعلان کیا کہ وہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اور بات چیت کریں گے۔
ایک باخبر ذریعے نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دورہ ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے فریم ورک کے اندر کیا جا رہا ہے۔
اس ذریعے کے مطابق لبنان جنگ اور علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا ایک اہم محور ہے۔
حالیہ مہینوں میں عاصم منیر نے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پاکستان نے سفارتی بات چیت کے ذریعے کشیدگی کو کم کرنے اور دونوں فریقوں کے درمیان معاہدے تک پہنچنے کی بنیاد فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔
ادھر لبنان کے صدر جوزف عون نے گذشتہ روز ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں تاکید کی کہ ایران کو لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ انھوں نے اسرائیل کے ساتھ بیروت کے براہ راست مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’لبنان لبنانی عوام کا ہے اور کسی بھی ملک کو اس کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔‘
صدر جوزف عون نے یہ بھی کہا کہ لبنان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ایران کی ’سودے بازی‘ کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔
اسی دوران لبنانی فوج نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے میں اپنے تین فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا۔
پاکستان کے وزیرِ داخلہ تہران پہنچ گئے، ’محسن نقوی ایران کے رہبر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے پیغام لے کر آئے ہیں‘: ایرانی میڈیا
،تصویر کا ذریعہSocial Media/Mohsin Naqvi/Facebook
ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی تہران پہنچ گئے ہیں۔ خلیج فارس میں تنازع بڑھتے ہی پاکستان کے وزیر داخلہ نے تہران کا دورہ کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں اداروں ارنا اور تسنیم کے مطابق، اپنے دورے کے دوران محسن نقوی کی ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ایران کے بعض ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ محسن نقوی ایران کے رہبر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے پیغام لے کر آئے ہیں۔
محسن نقوی نے گذشتہ ماہ ایک ہفتے میں دو بار ایران کا دورہ کیا تھا اور ان دوروں کے دوران اُنھوں نے ایران کے صدر، پارلیمنٹ کے سپیکر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقات کی تھی۔
ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان اہم ثالث ہے۔
تہران روانگی سے قبل محسن نقوی نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور اپنے تہران کے سفر کے لیے ہدایات حاصل کیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان، ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے کسی ممکنہ معاہدے کی کوششوں میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں ایک صحافی کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات، ٹی وی چینل نے پولیس کو درخواست دے دی
،تصویر کا ذریعہSocial Media
اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل جی این این کے صحافی کے لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ادارے کی جانب سے پولیس کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
چینل کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحافی یاسر ایاز خان گذشتہ روز شام تقریباً پانچ بجے اپنے گھر سے نکلے تھے، تاہم اس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
درخواست کے مطابق، اہلِ خانہ اور ادارے کی جانب سے صحافی سے رابطہ کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں، جن میں موبائل فون کے ذریعے رابطہ بھی شامل ہے، لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ اس صورتحال کے باعث اہلِ خانہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صحافی کے اچانک لاپتہ ہونے سے نہ صرف ان کے گھر والوں بلکہ میڈیا حلقوں میں بھی بے چینی بڑھ رہی ہے۔
چینل نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صحافی کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
درخواست میں عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس یاسر ایاز خان کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ ان تک جلد رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
جی این این چینل میں کام کرنے والے ایک سینیئر عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ آبپارہ پولیس اس واقعے کو دیکھ رہی ہے اور مانسہرہ کے ایک گاؤں میں مقیم یاسر ایاز کے گھر والوں سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
ایران کی لبنانی فوج پر اسرائیلی حملے کی مذمت
،تصویر کا ذریعہFatemeh Bahrami/Anadolu via Getty Images
،تصویر کا کیپشناسماعیل بقائی
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنانی فوج کے دو افسران اور ایک اہلکار کو قتل کرنا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اسرائیل ’لبنان کو اس کے تمام پہلوؤں سمیت اپنا بنانے کا دعویٰ کر رہا ہے‘۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں اسماعیل بقائی نے اس حملے کو ’لبنان، اس کی فوج اور اس کی خودمختاری کے خلاف ایک سنگین جرم‘ قرار دیا، اور کہا کہ یہ کھلی جارحیت کا پیغام ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل لبنان کے لیے نہ سکیورٹی چاہتا ہے، نہ استحکام اور نہ ہی خوشحالی۔
انھوں نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ فوجیوں، مزاحمت کاروں اور عام شہریوں میں کوئی فرق نہیں کرتا، اور سب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں، لبنانی فوج، حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
سی ٹی ڈی کا کوہ سلیمان میں جھڑپ کے دوران ٹی ٹی پی کے ایک اہم کمانڈر سمیت دو شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوہ سلیمان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کے ایک اہم کمانڈر سمیت دو شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے دعوے کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ شدت پسندوں کے ایک گروہ کا سراغ لگا لیا، جس کے نتیجے میں ہونے والی جھڑپ میں ایک اہم کمانڈر سمیت دو شدت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی اپنے دو زخمی ساتھیوں کو لے کر پسپا ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے دعوے کے مطابق مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹی پی کے 12 سے 15 مسلح افراد پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کے راستے تمن قیصرانی کے قبائلی علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کا دعویٰ ہے کہ یہ عناصر تحصیل کوہ سلیمان، وہوا اور تونسہ کے آباد علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اطلاع ملتے ہی جدید ہتھیاروں، نگرانی کے آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئیں۔ اہلکاروں نے جنڈوگا کے قریب کاچی گورو-لکھنی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں رات بھر خفیہ نگرانی جاری رکھی۔
ترجمان کے مطابق دن کے وقت ڈرون اور دیگر جدید ذرائع کی مدد سے مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
ترجمان کے مطابق کراس فائرنگ کے دوران دو نامعلوم دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جانی نقصان کے بعد باقی دہشت گرد ناہموار پہاڑی راستوں اور قدرتی آڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔
روس نے جنگ کی وجہ سے ایران میں تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی تعمیر نو پر آمادگی ظاہر کی ہے: ایرانی عہدے دار کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایران نے دعویٰ کہا ہے کہ روس نے ایران کے جنگ سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
ایران کی وزارت برائے بین الاقوامی اُمور کے سربراہ محمد ولی الادینی نے کہا کہ جنگ کے دوران ملک کے اہم بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کے بعد، روس کے نائب وزیر توانائی مارشاوین نے تعمیر نو میں حصہ لینے کے لیے اپنے ملک کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ توانائی اور بجلی کے شعبوں میں روسی کمپنیوں کی تکنیکی اور اعلیٰ صلاحیت کو دیکھتے ہوئے ماسکو کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو اور تزئین و آرائش اور ضروری آلات کی فراہمی میں حصہ لینے کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کرے۔
الادینی نے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون پانی اور بجلی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی اور انتظامی تعاون کو مضبوط اور وسعت دینے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی تہران روانہ ہو گئے
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی تہران روانہ ہو گئے ہیں۔
ایران کے بعض ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ محسن نقوی اسلامی جمہوریہ کے رہبر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے پیغام لے کر جا رہے ہیں۔
محسن نقوی نے گذشتہ ماہ ایک ہفتے میں دو بار ایران کا دورہ کیا تھا اور ان دوروں کے دوران اُنھوں نے ایران کے صدر، پارلیمنٹ کے سپیکر، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقات کی تھی۔
ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان اہم ثالث ہے۔
تہران روانگی سے قبل محسن نقوی نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور اپنے تہران کے سفر کے لیے ہدایات حاصل کیں۔
متحدہ عرب امارات کی بحرین اور کویت پر ایرانی حملوں کی مذمت،’یہ حملے دہشت گردی کی کارروائیاں ہیں‘
متحدہ عرب امارات نے بحرین اور کویت پر ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’یہ حملے دہشت گردی کی کارروائیاں ہیں۔‘
ایکس پر جاری بیان میں متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ’ہم سخت ترین الفاظ میں برادر ممالک کویت اور مملکتِ بحرین کے خلاف ایران کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، جنھیں میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ حملے دہشت گردی کی کارروائیاں ہیں اور کویت اور مملکتِ بحرین کی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی ہیں، جو ان ممالک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔‘
وزارت نے کویت اور مملکتِ بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات ایسے ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے جو ان ممالک کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں معاون ہو۔
اس سے قبل بحرین اور کویت نے بھی ان حملوں کی سخت مذمت کی تھی۔
مہاجرین کی 12 نشستوں سے متعلق صدارتی ریفرنس: پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
،تصویر کا ذریعہSupreme Court of Pakistan administered Kashmir
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی سپریم کورٹ نے مہاجرین کی 12 نشستوں سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اس صدارتی ریفرنس کی سماعت کی جسٹس خالد یوسف چوہدری بھی بینچ میں شامل ہیں۔
عدالت نے صدارتی ریفرنس میں اٹھائے گئے آئینی سوالات پر عدالتی معاونین اور فریقین کے تفصیلی دلائل سنے۔
سینئر قانون دان راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ آرٹیکل 33 کے تحت اسمبلی کو مکمل قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ارکانِ اسمبلی مہاجرین نشستوں کے معاملے پر اپنی رائے واضح کر چکے ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ مہاجرین نشستوں کا معاملہ ہائی پاور کمیٹی میں زیرِ غور لایا جانا چاہیے تھا، سماعت کے دوران وفاقی کمیٹی اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کا حوالہ بھی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
بیرسٹر ہمایوں نواز، راجہ صداقت حسین اور سردار عبدالرازق نے بھی قانونی نکات پر دلائل دیے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور رکن اسمبلی عبدالماجد خان سماعت کے دوران عدالت میں موجود رہے۔
عدالت نے اس سوال کا جائزہ لیا کہ آیا 12 مہاجرین نشستیں آئینی ترمیم کے بغیر ختم یا تبدیل کی جا سکتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ موجودہ قانون ساز اسمبلی کے آئینی ترمیم کے اختیار اور حدود پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔
انتخابات روکنے یا آئینی ترمیم کے لیے دباؤ ڈالنے کی قانونی حیثیت پر عدالت نے رائے طلب کی۔
صدر سپریم کورٹ بار راجہ افتاب، صدر سینٹرل بار راجہ زیغم افتخار اور صدر ہائی کورٹ بار راجہ جہانگیر اسلم بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق ایڈیشنل سیکریٹری فرحت علی میر، خواجہ منظور قادر اور ایم تنویر چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی اپنے مؤقف عدالت کے سامنے رکھے۔
سپریم کورٹ کے ڈویژن بینچ نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سپریم کورٹ نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے صدر کو اپنی آئینی رائے سے آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
ایرانی حملوں کے بعد کویت کی فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئیں
،تصویر کا ذریعہGetty Images
کویت نے گزشتہ رات ہونے والے حملوں کے بعد اپنی فضائی حدود دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایرانی حملوں کے باعث فضائی ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی تاہم اب پروازوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل کویت نے احتیاطی تدابیر کے تحت اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی تھیں۔ حکام کے مطابق کویت ایئرویز اور الجزیرہ ایئرویز کی 11 پروازوں کا رخ قریبی ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
کویتی حکام کا دعویٰ ہے کہ ملک کے دفاعی نظام نے ’دشمن میزائل اور ڈرون کے خطرات‘ کا مقابلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے کویت میں امریکی فضائی اڈے اور بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی قشم اور سرک میں امریکی ڈرون حملوں کے ’جواب‘ میں کی گئی۔
ادھر امریکی فوج کے مطابق سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے حال ہی میں مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کیا جس کے دوران انھوں نے بحرین، قطر، کویت اور اردن کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔