انڈیا کا سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد معطل کرنے سمیت متعدد اقدامات کا اعلان، ’انڈیا کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے‘: پاکستان

پہلگام حملے کے تناظر میں انڈیا نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کو معطل، واہگہ بارڈر بند اور سفارتی عملہ محدود کرنے سمیت متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ’انڈیا کو ترکی بہ ترکی جواب دیں گے، یہ جواب کم نہیں ہو گا۔‘

خلاصہ

  • گذشتہ روز کے پہلگام حملے کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہونے والے سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد انڈیا نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کو معطل، واہگہ بارڈر بند اور سفارتی عملہ محدود کرنے سمیت متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
  • انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے میں 26 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
  • پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت اور دہشت گردوں کے حملے سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔‘
  • انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد انڈین وزیر داخلہ امت شاہ سری نگر پہنچ گئے ہیں۔ جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی سعودی عرب کے دورہ مختصر کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'کشمیر سے انتہائی پریشان کن خبر ملی ہے۔ امریکہ مضبوطی سے دہشتگردی کے خلاف (جنگ میں) انڈیا کے ساتھ کھڑا ہے۔'

لائیو کوریج

  1. گزشتہ روز کی چند اہم خبریں

    آئیے آج کے دن کے آغاز پر گزشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

    • پاکستان میں ساڑھے چار کروڑ بچوں کو پولیو وائرس کی بیماری سے بچانے کے لیے پیر کے روز سے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا۔ مگر جہاں ایک طرف خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں مقامی قبائل پر مشتمل ایک جرگے نے اس مہم کے بائیکاٹ کا اعلان سامنے آیا، تو وہیں سابقہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا تاہم پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
    • گزشتہ روز پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں ایک قتل کا مقدمہ درج ہوا ہے جس میں ایک نامعلوم شخص نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ مقتولہ ایمان فیروز انٹرنیشنل اسلامک یونویرسٹی میں ففتھ سمسٹر کی طالبہ تھیں۔
    • پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے محکمۂ انسداد دہشتگردی کے ساتھ مل کر میانوالی اور مکڑوال میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران 10 سے زیادہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔ ایک بیان میں پنجاب پولیس نے کہا کہ ’پنجاب پولیس کا میانوالی اور سی ٹی ڈی کا مکڑوال میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن۔‘
    • فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے طبّی کارکنوں پر حملے سے متعلق اسرائیل کی رپورٹ کو ’جھوٹ کا پلندہ‘ قرار دیا ہے۔ اس سے پہلے اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ غزہ میں 15 طبّی کارکنوں کی ہلاکت ایک آپریشنل غلط فہمی اور احکامات کی خلاف ورزی کے باعث ہوئی۔
  2. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔