آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سوئٹزرلینڈ کے سکی ریزورٹ میں شراب خانے میں آتشزدگی سے درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ، 100 سے زائد زخمی

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جو افراد زخمی ہوئے ہیں اُن میں سے متعدد بری طرح سے جھلس گئے ہیں۔ ریسکیو کارروائیوں میں 10 ہیلی کاپٹرز، 40 ایمبولینسز اور 150 ریسکیو ورکرز نے حصہ لیا۔

خلاصہ

  • سعودی سربراہی میں قائم اتحاد نے یمن میں ایک فضائی حملے میں ایسے ہتھیاروں اور کامبیٹ گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے جو کہ متحدہ عرب امارات سے آنے والے جہازوں سے اتاری جا رہی تھیں۔
  • آسٹریلوی پولیس کا کہنا ہے کہ بونڈائی ساحل پر حملے میں ملوث دونوں مسلح افراد شدت پسندوں کے کسی وسیع سیل کا حصہ نہیں تھے اور انھوں نے انفرادی طور پر یہ حملہ کیا تھا۔
  • پاکستان نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی رہائش گاہ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔
  • ڈھاکہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے پیر کو بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کے دوران یہ امید ظاہر کی ہے کہ ڈھاکہ اور کراچی کے درمیان براہِ راست پروازیں جنوری میں شروع ہو جائیں گی۔

لائیو کوریج

  1. یوکرین امن منصوبے پر پیش رفت ہوئی مگر کُچھ اہم مسائل ابھی ’حل طلب‘ ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی سے ہونے والی ملاقات کو ’شاندار‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم نے یوکرین امن منصوبے کے کئی نکات پر بات چیت کی اور مجھے لگتا ہے کہ ہم بہت قریب پہنچ گئے ہیں، شاید بہت زیادہ قریب۔‘

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی وفد کی میزبانی کو اعزاز قرار دیا۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملاقات کو ’اہم پیش رفت‘ قرار دیا۔

    زیلنسکی نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے امن منصوبے کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی۔ ان کے مطابق 20 نکاتی امن منصوبہ 90 فیصد طے پا گیا ہے، جبکہ امریکہ کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی سکیورٹی ضمانتیں 100 فیصد طے ہو چکی ہیں۔

    تاہم ٹرمپ نے ضمانتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سکیورٹی ضمانت ’تقریباً 95 فیصد‘ مکمل ہو چکی ہے،‘ لیکن انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھے اس پر بات کرنا پسند نہیں ہے کہ بات معاملات کتنے ’فیصد‘ تک طے ہو گئے ہیں۔‘

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی ملاقات ’صحیح وقت پر‘ ممکن ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی اس ملاقات کے خواہاں ہیں اور اس کا وہ اظہار کر چُکے ہیں۔

    ٹرمپ نے مزید بتایا کہ انھوں نے روسی صدر سے فون پر دو گھنٹے تیس منٹ تک تفصیلی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوتن نے سہ فریقی ملاقات کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی ہے اور وہ اس پر یقین رکھتے ہیں۔

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین امن منصوبے پر مذاکرات جاری ہیں اور کئی نکات پر پیش رفت کے باوجود کچھ مسائل ابھی تک حل طلب ہیں۔

    جب امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ آیا ڈونباس میں فری ٹریڈ زون پر کوئی معاہدہ ہوا ہے، تو ٹرمپ نے کہا کہ یہ ابھی ’غیر حل شدہ معاملہ ہے لیکن ہم اس کے حل کے بھی بہت قریب پہنچ چُکے ہیں۔‘

    ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ سب سے مشکل اور ابھی تک حل نہ ہونے والے مسائل کون سے ہیں۔

    تو انھوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میرا خیال ہے یہ معاملہ ابھی حل طلب ہے کہ کو کس کی زمین پر کس حد تک قابض ہے اور کسی کہاں ہونا چاہیے، لیکن آنے والے چند مہینوں میں اس پر بات ہوگی۔‘

    ٹرمپ نے کہا کہ ’ابھی معاہدہ کر لینا بہتر ہے۔ یوکرین نے بہت بہادری دکھائی ہے۔۔۔ لیکن اب وقت آچُکا ہے کہ اس تنازع کو ختم کیا جائے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ وہ یوکرین کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ترجیح یہ ہے کہ پہلے معاہدہ طے پا جائے۔

    ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے یوکرینی پارلیمنٹ میں خطاب کی پیشکش کی ہے، اگر زیلنسکی سمجھتے ہیں کہ اس سے مدد ملے گی۔ جس پر یوکرین کے صدر کا جواب تھا کہ ’ہم آپ کو ہمیشہ خوش آمدید کہتے ہیں۔‘

  2. گزشتہ روز کی چند اہم خبریں

    آئیے آج دن میں آگے بڑھنے سے قبل گزشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

    • اٹلی کی پولیس نے نو افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر الزام ہے کہ انھوں نے دو سال سے زائد عرصے کے دوران عسکریت پسند تنظیم حماس کے لیے تقریباً سات ملین یورو جمع کیے۔ پولیس کے مطابق یہ رقم بظاہر فلسطینی شہریوں کے لیے انسانی امداد کے طور پر اکٹھا کی گئی تھی، لیکن درحقیقت اسے ایک پیچیدہ فنڈ ریزنگ نیٹ ورک کے ذریعے عسکریت پسند گروہ تک منتقل کیا گیا۔
    • ایران میں 2025 کے دوران سزائے موت پانے والے افراد کی تعداد میں 2024 کے مقابلے میں تقریبا دو گنا اضافہ سامنے آیا ہے۔ ناروے میں قائم تنظیم ایران ہیومن رائٹس(آئی ایچ آر) نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دسمبر کے شروع تک رواں سال کم ازکم 1500 افراد کو سزائیں موت دی جا چکی ہے جبکہ اب تک اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
    • پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے اتوار کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں ایک خفیہ اطلاع پر آپریشن کرکے چار شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’خفیہ اطلاعات پر مبنی اس آپریشن میں ’انڈین پراکسی‘ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اورچار انڈین حمایت یافتہ شدت پسند ہلاک کر دیے ہیں۔‘
    • پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اتوار کی شب کہا کہ انڈیا کے ساتھ جو بھی ہو گا وہ برابری کی سطح پر ہوگا۔ اگر وہ ہینڈ شیک نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں بھی کوئی شوق نہیں۔ وزیر داخلہ اور چیئرمین بی سی بی محشن نقوی نے یہ بات لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
  3. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں آپ سب کو خوش آمدید۔ اس صفحے پر ہم آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے شامل کرتے ہیں۔

    اگر آپ 25 دسمبر کی خبروں کو تفصیل سے پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔