کرک میں شدت پسندوں کا پولیس چوکی پر حملہ، تین پولیس اہلکار ہلاک, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع کرک میں پولیس چوکی پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مسلح شدت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔
کرک پولیس کے مطابق مسلح شدت پسندوں نے رات گئے پولیس چوکی بہادر خیل پر حملہ کیا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ پولیس کی جانب سے بھر پور جوابی کارروائی کے نتیجے میں شدت پسند فرار ہوگئے پولیس اور مقامی افراد نے قریبی علاقے میں حملہ آوروں کا پیچھا کیا تاہم کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔ حملے کے نتیجے میں زخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے پولیس چوکی پر اس سے قبل بھی حملہ ہوا تھا تاہم بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں شدت پسندوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
چند روز پہلے کرک میں انسداد پولیو مہم کے ساتھ جانے والی پولیس ٹیم پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
کرک میں جس مقام پر حملہ ہوا ہے یہ بنیادی طور پر قراقرم رینج کا حصہ ہیں لیکن یہ بلند پہاڑ نہیں ہیں بلکہ یہ زیادہ علاقے میں پھیلے ہوئے ہیں۔ جو ایک طرف کوہاٹ تک جاتے ہیں۔
کرک کی سرحد ایک طرف پنجاب کے ضلع میانوالی سے ملتی ہے تو دوسری جانب لکی مروت ہے۔ یہ شہر انڈس ہائی وے کے ساتھ واقع ہے اور اس علاقے میں گیس کے وسیع زخائر ہیں۔ ان علاقوں میں گیس کے علاوہ تیل کے کنووں پر بھی کام جاری ہے جبکہ پہاڑی سلسلے میں معدنیات بھی پائی جاتی ہیں۔