لائیو, آج ایک بے بنیاد توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی، عمران خان کی فیملی اور پارٹی توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے: عطا تارڑ

وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے سنیچر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی ہسپتال منتلقی کے معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم پر شفاف طریقے سے عملدرآمد کرایا ہے۔ عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے ہسپتال کے باہر ہجوم جمع کیا گیا، خطرہ پیدا کیا گیا، بیرئیر ہٹائے گئے، ٹک ٹاک بنائی گئی اور صحت کے معاملے پر سیاست کی گئی۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. ہم دشمن کے سامنے ذلت آمیز طور پر نہیں جھکیں گے لیکن بیٹھ کر اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں: ایرانی صدر پزشکیان

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایک بار پھر ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی صورتحال کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای نے بھی اپنے قتل سے قبل اسی مؤقف کا اظہار کیا تھا۔

    صدر پزشکیان نے ڈاکٹروں کے دن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای نے اپنی ملاقاتوں اور تقاریر میں ’عوامی طور پر اعلان کیا تھا کہ ہمیں نہ جنگ، نہ امن کی اس صورتحال سے باہر نکلنا چاہیے۔‘

    ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ’حکمت، تدبر، دانشمندی اور وقار‘ کی بنیاد پر فیصلے کرنا ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ’ہم دشمن کے سامنے ذلت آمیز طور پر نہیں جھکیں گے۔ ہم طاقت کے ساتھ، لیکن منطق کی بنیاد پر بیٹھ کر اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔‘

    صدر پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں متعدد بار اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کے بارے میں مذاکرات اور فیصلہ سازی میں شامل افراد کے نزدیک یہ بہترین مفاہمت کی یادداشت تھی۔

    ان کے یہ تازہ بیانات گزشتہ چند دنوں کے دوران جنگ کے خاتمے اور سیاسی حل کی جانب پیش رفت کی ضرورت سے متعلق ان کے مؤقف کا تسلسلسمجھے جا رہے ہیں۔

  2. مستونگ میں بم حملے میں کم از کم ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

    سکیورٹی

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سینیچر کے روز بم حملے کے ایک واقعے میں کم از کم ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک اور آٹھ اہلکار زخمی ہو گئے۔

    سرکاری حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ کھڈکوچہ میں گرو کے علاقے میں پیش آیا۔

    ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس علاقے میں نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو کہ اس وقت پھٹ گیا جب سکیورٹی فورسز کی گاڑیاں یہاں سے گزررہی تھیں۔

    اہلکار کے مطابق دھماکے کے باعث ایک سکیورٹی اہلکار زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ آٹھ اہلکار زخمی ہوگئے۔

    زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ایک اہلکار کے مارے جانے پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ’اس طرح کے بزدلانہ حملے سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔’

    دو روز کے دوران کھڈکوچہ میں پیش آنے والا تیسرا واقعہ کھڈکوچہ میں دو روز کے دوران تشدد کا یہ تیسرا واقعہ تھا۔

    گزشتہ روز اس علاقے میں دو مختلف واقعات میں چھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔

    کھڈکوچہ سے تعلق رکھنے والے ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان میں سے دو افراد کی لاشیں ملی تھیں جنھیں نامعلوم افراد نے گولی مارکر ہلاک کیا تھا جبکہ باقی چار افراد کی ہلاکت اور تین کے زخمی واقعہ ایک باغ میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔

    انھوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہلاک اور زخمی ہونے والے مزدور تھے جو کہ سیب کے ایک باغ میں کام کررہے تھےـ

    نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اسلم بلوچ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما عبدالرؤف مینگل نے دعویٰ کیا کہ چار مزدور کی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کا واقعہ ڈرون حملے کی وجہ سے پیش آیا ہےـ

    دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے مستونگ میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

  3. اسرائیل کا جنوبی شام میں حملہ، ایک شخص زخمی، دمشق کی شدید مذمت

    شام کا ایک ہسپتال

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    شام نے دمشق کے جنوب میں سنیچر کے روز ہونے والے اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے، جس میں ایک شخص زخمی ہوا ہے

    یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ اس نوعیت کا دوسرا حملہ ہے۔

    شام کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ شامی عرب جمہوریہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے اور شامی سرزمین پر اسرائیل کے بار بار ہونے والے حملوں کے سلسلے کا حصہ ہے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی افواج نے جنوبی شام میں ایک ایسے ’دہشت گرد‘ کو نشانہ بنایا جو مبینہ طور پر حملوں کی تیاری کے آخری مراحل میں تھا۔

    تاہم ااسرائیلی فوج نے نہ تو اس شخص کی شناخت ظاہر کی ہے اور نہ ہی یہ بتایا کہ آیا اس کا تعلق کسی مخصوص گروہ سے تھا۔

    شام کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق زخمی ہونے والا شخص اس وقت نشانہ بنا جب اسرائیلی ڈرون نے دمشق کے جنوب مغرب میں واقع گاؤں میں ایک گاڑی پر حملہ کیا۔ یہ علاقہ اسرائیل کے زیرِ قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے قریب واقع ہے۔

    سرکاری ٹی وی نے حملے کے بعد ایک تباہ شدہ ٹرک کی تصاویر بھی نشر کیں۔

    اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس شخص کی سرگرمیوں سے اسرائیلی فوجیوں کو فوری خطرہ لاحق تھا، تاہم فوج نے اس کی شناخت یا تنظیمی وابستگی کے بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

    دسمبر 2024 میں بشار الاسد کی معزولی کے بعد سے اسرائیل شام میں سیکڑوں حملے کر چکا ہے۔

    اسی عرصے میں اسرائیل نے اپنی افواج کو اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں قائم بفر زون میں بھی منتقل کیا جو کئی دہائیوں سے گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی اور شامی افواج کے درمیان حائل رہا ہے۔

    اسرائیل متعدد بار شامی علاقے کے اندر گہرائی تک کارروائیاں بھی کر چکا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی شام میں ایک نام نہاد سکیورٹی زون میں اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھے گا۔

    اسرائیل جنوبی شام میں ایک وسیع تر غیر فوجی علاقہ قائم کرنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔

  4. قیدی (عمران خان) کی فیملی اور پارٹی توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے: عطااللہ تارڑ

    عطا تارڑ

    ،تصویر کا ذریعہFacebook/TararAttaullah

    وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کے علاج اور طبی معائنے کے حوالے سے انتظامیہ نے عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کیا اور اس ضمن میں تمام اقدامات شفاف انداز میں کیے گئے۔

    اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف اس معاملے پر ’جھوٹا پروپیگنڈا‘ کر رہی ہے، حالانکہ عمران خان کا عدالتی حکم کے مطابق طبی معائنہ کروایا گیا اور معائنے کے وقت ان کی ہمشیرہ بھی موجود تھیں۔ ان کے بقول انتظامیہ نے عدالت کے احکامات کی مکمل پیروی کی اور حقائق لمحہ بہ لمحہ قوم کے سامنے رکھے۔

    وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ان کی جماعت کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ صحت کے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور حکومت آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے طبی معاملات پر حکومت کی جانب سے کوئی سیاسی بیان نہیں دیا گیا۔

    عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ شفا ہسپتال کے باہر لوگوں کو جمع کیا گیا اور پریس کانفرنس کے ذریعے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی۔ ان کے مطابق عدالت کے واضح احکامات تھے کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، تاہم تحریکِ انصاف، عمران خان کی بہن اور پارٹی قیادت نے ان احکامات کی خلاف ورزی کی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نظرِ ثانی اپیل میں تمام قیدیوں کے لیے یکساں سہولیات کا نکتہ اٹھایا تھا اور بانی پی ٹی آئی کا علاج کبھی نہیں روکا گیا۔ ان کے بقول ’پی ٹی آئی اس معاملے پر سیاست کر کے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے۔‘

    وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پنجاب بار کونسل اور پاکستان بار کونسل نے تحریکِ انصاف کے سیاسی مؤقف سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی بھی رکن کا انفرادی بیان کونسلوں کا سرکاری مؤقف نہیں سمجھا جا سکتا۔

    انھوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کی طرف سے ایک ’بے بنیاد توہین عدالت کی پیٹیشن دائر کی گئی۔‘ عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال کے باہر ہجوم جمع کیا گیا، خطرہ پیدا کیا گیا، بیرئیر ہٹائے گئے، ٹک ٹاک بنائی گئی اور یہ سب پی ٹی آئی کر رہی تھی۔

    عدالت نے کہا تھا کہ سیاسی بیان بازی نہیں کی جائے گی مگر انھوں نے اس پر سیاست کی۔

  5. توہین عدالت کی درخواست میں پی ٹی آئی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو فریق کیوں نہیں بنایا؟

    وزیراعظم، وزیر داخلہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنپی ٹی آئی کے وکیل علی عزیر بھنڈاری کے مطابق وزیراعظم کو فریق بنانے کی بنیاد سپریم کورٹ کا یوسف رضا گیلانی کیس کا وہ فیصلہ ہے جس میں قرار دیا گیا تھا کہ اگر حکومت عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرے تو بالآخر اس کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی دائر کردہ درخواست میں وزیر داخلہ محسن نقوی کو فریق نہ بنانے کی وجہ بتا دی ہے۔

    وکیل علی عزیر بھنڈاری نے ایکس پر وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ’اس توہینِ عدالت کی درخواست میں اعظم تارڑ اور عطا اللہ تارڑ کو فریق اس لیے بنایا گیا ہے کیونکہ عمران خان کی منتقلی کے معاملے پر انھوں نے جو بیانات دیے، وہ درخواست کا حصہ بنے ہیں۔‘

    وکیل کے مطابق وزیراعظم کو فریق بنانے کی بنیاد سپریم کورٹ کا یوسف رضا گیلانی کیس کا وہ فیصلہ ہے جس میں قرار دیا گیا تھا کہ اگر حکومت عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرے تو بالآخر اس کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے۔

    پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق محسن نقوی کو فریق نہیں بنایا گیا کیونکہ اس معاملے پر ان کا کوئی ایسا بیان یا مواد سامنے نہیں آیا، جس کی بنیاد پر انھیں درخواست میں شامل کیا جا سکے۔ تاہم اگر ایسا کوئی مواد سامنے آتا ہے یا عدالت یہ سمجھے کہ وہ اس معاملے میں ملوث تھے تو انھیں بعد میں بھی فریق بنایا جا سکتا ہے۔

    ان کے مطابق سیکریٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے کیونکہ رولز آف بزنس 1973 کے تحت وہ وزارتِ داخلہ کے انتظامی سربراہ ہیں۔

  6. امریکہ نے اسرائیل کی خاطر اپنے اتحادیوں کی سلامتی داؤ پر لگا دی، باقر قالیباف

    NurPhoto via Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہNurPhoto via Getty Images

    ایران کے پارلیمانی سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ تہران کو پڑوسی ممالک کی جانب سے خطے میں نئے سکیورٹی انتظامات کی تشکیل اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے ’متعدد پیغامات‘ موصول ہوئے ہیں۔

    انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’امریکہ نے اسرائیل کی خاطر اپنے تمام اتحادی ممالک کی سلامتی کو دھونس اور ان کے مفادات کو مکمل نظرانداز کرتے ہوئے ایسے خطرے میں ڈال دیا کہ انھیں مختصر وقت کے لیے اپنی بقا تک خطرے میں محسوس ہونے لگی۔‘

    قالیباف نے مزید کہا کہ ’امن اور سلامتی کی حقیقی ضمانت ایک مقامی، خودمختار اور آزاد علاقائی نظام ہی فراہم کر سکتا ہے۔‘

  7. عمران خان کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا، صحت کے مسائل تنہائی میں قید کا نتیجہ ہیں: وکیل سلمان صفدر

    پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے اور ان کی صحت سے متعلق مسائل طویل عرصے تک تنہائی میں قید رکھنے کا نتیجہ ہیں۔

    سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان کو جن صحت کے مسائل کا سامنا ہے، وہ براہِ راست مسلسل تنہائی میں رکھے جانے کے باعث پیدا ہوئے ہیں۔ ان کے بقول یہ بات اُن رپورٹوں میں بھی تسلیم کی گئی ہے جو حکام نے عدالت میں جمع کرائی ہیں۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ عدالت میں پیش کی گئی سرکاری رپورٹس سے بھی یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی صحت پر قید کے حالات کے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل کو آئین اور قانون کے تحت حاصل بنیادی حقوق فراہم نہیں کیے جا رہے۔

  8. 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہو گا اور اب 20 نہیں بلکہ 40 لاکھ لوگ وہاں پہنچیں گے: سہیل آفریدی

    Hangu

    ،تصویر کا ذریعہVideograb

    27 تاریخ کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہو گا اور اب 20 نہیں بلکہ 40 لاکھ لوگ وہاں پہنچیں گے۔ یہ اعلان خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ہنگو کے ابوبکر صدیق چوک میں سٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اپنی تقریر میں انھوں نے عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہونے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالت کے تین ججوں کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے نظرانداز کیا۔ ان کے بقول، اگر عدالتیں ان افراد کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لا سکتیں جنھیں وہ ’طاقتور‘ قرار دیتے ہیں تو پھر کمزور اور عام شہریوں کے لیے بھی الگ معیار نہیں ہونا چاہیے۔

    سہیل آفریدی نے کہا کہ ان کے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کسی دوسرے ادارے کی جانب سے کوئی حکم آئے تو اس پر فوری عملدرآمد ہوتا ہے، لیکن عمران خان کے علاج کے لیے عدالتوں کی جانب سے دی گئی مہلت کے باوجود فیصلے پر عمل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہو سکتا اور سب کو یکساں انصاف ملنا چاہیے۔

    Sohail Afridi

    ،تصویر کا ذریعہVideograb

    وزیرِ اعلیٰ نے پی ٹی آئی کی خواتین کے ساتھ مبینہ سلوک پر بھی تنقید کی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی اور پی ٹی آئی خواتین کو ظلم و جبر کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان اور ان کے خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔

    اپنی تقریر میں سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے شروع کی گئی ’حقیقی آزادی‘ کی تحریک کا مقصد قانون کی یکساں حکمرانی اور انصاف کی فراہمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عدالتوں اور دیگر اداروں کو یہ سوچنا ہو گا کہ ملک کس سمت جا رہا ہے، کیونکہ ان کے بقول کسان پریشان ہے اور صنعتکار سرمایہ بیرونِ ملک منتقل کر رہا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اگر ادارے طاقتور حلقوں کو تحفظ دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ اس سوچ سے اتفاق نہیں کرتے۔ وزیرِ اعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کے لیے کھڑے ہوں اور ملکی معاملات میں فعال کردار ادا کریں۔

  9. توہینِ عدالت کی درخواست فوری دائر کرنا ممکن نہیں تھا: سلمان اکرم راجہ

    سلمان اکرم راجا

    ،تصویر کا ذریعہX/Salman Akram Raja

    پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کے معاملے میں توہینِ عدالت کی درخواست فوری طور پر دائر کرنا عملی طور پر ممکن نہیں تھا۔

    ان کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان جب اڈیالہ جیل سے باہر آئیں تو شام ساڑھے آٹھ بج چکے تھے، جس کے بعد تقریباً رات نو بجے وکیل عزیر بھنڈاری سے رابطہ ہوا اور توہینِ عدالت کی درخواست پر کام شروع کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ اگلا دن جمعہ تھا اور جمعے کے روز عدالتوں میں فائلنگ کا وقت محدود ہوتا ہے، جو تقریباً ساڑھے گیارہ بجے تک ہوتا ہے۔ ان کے بقول دو گھنٹوں کے اندر تمام واقعات سے متعلق دستاویزی شواہد اکٹھے کرنا، انھیں مرتب اور بائنڈ کرنا اور پھر درخواست دائر کرنا ممکن نہیں تھا۔

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اگر فرض کیا جائے کہ درخواست مقررہ وقت میں دائر بھی ہو جاتی تو بھی یہ ضروری نہیں تھا کہ اسی روز عدالت میں سماعت شروع ہو جاتی۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانے والی درخواستیں پہلے پڑتال کے عمل سے گزرتی ہیں، جہاں ابتدائی جانچ میں کئی روز لگ سکتے ہیں، جس کے بعد معاملہ عدالت کے سامنے آتا ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر ہونے کے فوراً بعد سماعت مقرر ہونا معمول کی بات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب تحریک انصاف سے اس کا انتخابی نشان ’بلّا‘ واپس لینا تھا تو اس مقدمے میں رات آٹھ بجے درخواست دائر ہوئی اور اگلی صبح نو بجے سماعت مقرر ہو گئی تھی، جسے انھوں نے ایک غیر معمولی مثال قرار دیا۔

  10. راولپنڈی میں حساس سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے پاکستانی فوج کی تین کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری

    Army

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    پاکستان کی وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت راولپنڈی میں حساس سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے پاکستانی فوج کی تین کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

    وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی جانب سے 21 اگست 2026 کو جاری کیے گئے ایک حکم نامے کے مطابق پنجاب حکومت کے محکمہ داخلہ کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں کسی بھی ناخوشگوار صورتِ حال سے بچنے اور غیر متوقع حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی کی جا رہی ہے۔

    دستاویز کے مطابق فوج کی تین کمپنیوں کو فوری طور پر چھ ماہ کی مدت کے لیے تعینات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ تعیناتی ضلعی انتظامیہ کی ضرورت کے مطابق کی جا رہی ہے۔

    وزارتِ داخلہ کے اس حکم نامے کی نقل صدرِ مملکت کے دفتر، وزیرِ اعظم کے دفتر، کابینہ ڈویژن، پنجاب حکومت کے محکمہ داخلہ، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور جی ایچ کیو راولپنڈی سمیت متعلقہ اداروں کو ارسال کی گئی ہے۔

    حکم نامے کے مطابق یہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ کے آئندہ شمارے میں شائع کیا جائے گا۔

  11. سابق وزیرِ اعظم کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ، تحریکِ انصاف نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے معاملے پر حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے حکم کی خلاف ورزی کے خلاف سنیچر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے، جسے باقاعدہ طور پر دائری نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے مطابق اس مقدمے میں عزیر کرامت بھنڈاری ایڈووکیٹ وکیل ہیں جبکہ توہینِ عدالت کی درخواست سے متعلق کارروائی کے ایک ایک پہلو کی سلمان اکرم راجہ نے ذاتی طور پر نگرانی کی۔

    توہینِ عدالت کی درخواست میں عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    درخواست میں حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    درخواست میں توہینِ عدالت کے مرتکب افراد کو شوکاز نوٹس جاری کر کے ذاتی حاضری کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

  12. امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام، کینیڈین اشیا پر نئے امریکی ٹیرف نافذ

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    تجارتی مذاکرات آخری لمحات میں ناکام ہونے کے بعد سنیچر سے کینیڈا کی مختلف اشیا پر نئے امریکی ٹیرف یعنی محصولات نافذ ہوگئے ہیں۔

    کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے جمعے کی رات مذاکرات کی مقررہ ڈیڈ لائن سے کچھ دیر قبل بات چیت معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’کینیڈا امریکی اشیا پر ’ڈالر کے بدلے ڈالر‘ کی بنیاد پر جوابی ٹیرف عائد کرے گا۔

    کارنی کا کہنا تھا کہ ’امریکی تجاویز میں آخری لمحات میں کی جانے والی تبدیلیاں ’غیر منصفانہ اور معاشی طور پر ناقابلِ عمل‘ تھیں اور ان سے کسی بھی ممکنہ معاہدے کی قابلِ اعتماد ہونے پر سوالات اٹھتے ہیں۔‘

    تجارتی مذاکرات کار جولائی سے شدید مذاکرات میں مصروف تھے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 اگست تک کینیڈا سے درآمد کی جانے والی تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کی اشیا پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    ٹرمپ نے رواں ہفتے کے آغاز میں عارضی طور پر ان ٹیرف کو مؤخر کر دیا تھا اور کہا تھا کہ ’دونوں ممالک ایک ایسے تجارتی معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے بہت اچھا ہوگا۔‘

    تاہم معاہدے کی ڈیڈ لائن سے چند منٹ قبل وزیراعظم کارنی نے کہا کہ مذاکرات میں ’اہم پیش رفت‘ ضرور ہوئی، لیکن یہ کینیڈین عوام کے مفادات اور اہداف پورے کرنے کے لیے کافی نہیں تھی۔

    انھوں نے کہا کہ ’اسی لیے میں نے آج شام امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مذاکرات کاروں کو اوٹاوا واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔‘

  13. ڈیزل اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی میں سالانہ بنیاد پر 9.66 کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی رواں ہفتے بھی سالانہ بنیاد پر 9.66 فیصد رہی جس کی وجہ ڈیزل اور پیٹرول قیمتوں میں طویل عرصے سے جاری امریکہ ایران تنازع اور آبنائے ہرمز کے بند ہونے کی وجہ سے اضافہ ہے۔

    ڈیزل اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات ضروری اشیائے خورونوش، خصوصاً پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں پر بھی پڑے ہیں۔

    وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی کا دباؤ بدستور نمایاں رہا۔ پیاز کی قیمت میں 132.52 فیصد، ٹماٹر میں 93.21 فیصد جبکہ گندم کے آٹے کی قیمت میں 62.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    توانائی کی اشیا کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت 51.69 فیصد، ڈیزل 33.08 فیصد اور پیٹرول 27.65 فیصد مہنگا ہوا۔

    موجودہ ہفتے میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں بھی مہنگائی بڑھی جس میں پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد، پیٹرول میں 3.77 فیصد اور مرغی کے گوشت میں 3.35 فیصد اضافے کے باعث ہوا۔ لہسن، چنے کی دال، تیار چائے اور دودھ کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔

    اس کے برعکس انڈوں کی قیمت 5.78 فیصد، ڈیزل 5.15 فیصد، ٹماٹر 4.99 فیصد اور آلو کی قیمت 1.17 فیصد کم ہوئی۔

    مارکیٹ ماہرین کے مطابق توانائی کی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ فروری 2026 کے اواخر میں شروع ہونے والی امریکہ ایران کشیدگی کے اثرات اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل و گیس کی ترسیل میں بار بار آنے والی رکاوٹیں ہیں۔

    گروتھ سکیورٹیز کے مطابق اگست 2026 میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں سالانہ بنیاد پر 11 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد اضافہ متوقع ہے۔ ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد اضافے کی بڑی وجہ خوراک کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا گیا ہے۔

    گروتھ سکیورٹیز کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے خوراک کی بلند قیمتوں کا اثر مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

  14. یوکرین میں روسی ڈرون حملہ، شاپنگ سینٹر میں 16 افراد ہلاک

    Oleksandr Hanzha/Dnipropetrovsk regional administration

    ،تصویر کا ذریعہOleksandr Hanzha/Dnipropetrovsk regional administration

    ،تصویر کا کیپشنیوکرین میں شاپنگ سینٹر پر روسی حملے کے بعد کے مناظر

    یوکرین کے شہر کریوی ریہ میں روسی ڈرون حملے سے تباہ ہونے والے شاپنگ سینٹر کے ملبے میں امدادی کارکنوں نے رات بھر زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھی۔ مقامی حکام کے مطابق حملے میں 16 افراد ہلاک اور 130 زخمی ہوئے، جبکہ نو افراد تاحال لاپتا ہیں۔

    یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حملے کو ’سفاکانہ اور قابلِ مذمت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ دو مرحلوں میں کیا گیا، جس میں دوسرے حملے کا نشانہ جائے وقوعہ پر موجود امدادی کارکن تھے۔‘

    مقامی حکام کے مطابق زخمیوں میں 23 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 29 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ ملبے سے مزید لاش ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 16 تک پہنچ گئی۔

    بی بی سی کی جانب سے تصدیق کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوسرا ڈرون پہلے ہی آگ کی لپیٹ میں آئے شاپنگ سینٹر سے ٹکراتا ہے۔ روسی فوج نے اس حملے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا، جبکہ روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ’اس نے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور گوداموں کو نشانہ بنایا۔‘

    دوسری جانب یوکرین کے مختلف علاقوں میں روسی حملوں کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ دارالحکومت کیئو میں ایک گودام میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ زاپوریژیا میں ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔

  15. ایران میں دفاعی سازوسامان کی پیداوار ایک سال میں دگنی ہوئی ہے: ایرانی وزارتِ دفاع کے ترجمان کا دعویٰ

    IRNA

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    ،تصویر کا کیپشنایرانی وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نیک

    ایرانی وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نیک نے دعویٰ کیا ہے کہ ’گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں دفاعی ہتھیاروں اور سازوسامان کی پیداوار دگنی ہوگئی ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی دفاعی صنعت کے بعض حصوں کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود مقامی سطح پر ہتھیاروں اور گولہ بارود کی پیداوار اور فوری فراہمی جاری رہی، جس نے ایران کی جنگی صلاحیت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘

    ان کے مطابق ایران نے سنہ 1979 کے انقلاب سے قبل صرف 31 بنیادی دفاعی مصنوعات تیار کی تھیں، جبکہ اب ملک میں ایک ہزار سے زائد جدید دفاعی نظام، ہتھیار اور گولہ بارود تیار کیے جا رہے ہیں۔ بعض اہم دفاعی مصنوعات کی پیداوار میں جنگ کے دوران تین گنا سے بھی زیادہ اضافہ ہوا۔

    ایرانی وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نیک نے کہا کہ ’ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی مسلسل اور مستحکم فراہمی برقرار رکھنے کی صلاحیت ایران کی جنگی مزاحمت کے اہم عوامل میں شامل تھی۔ ان کے مطابق یہ صلاحیت مسلح افواج، وزارتِ دفاع، علم پر مبنی کمپنیوں، نجی شعبے کے اداروں اور سائنسی و تحقیقی مراکز کے باہمی تعاون سے ممکن ہوئی۔‘

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
  16. اردن میں امریکی اڈے پر حملہ ایران کی فوجی حکمتِ عملی میں ’جارحانہ‘ تبدیلی کا حصہ ہے: ایرانی فوجی ترجمان

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ ’ملک کی فوجی حکمتِ عملی دفاعی سے جارحانہ انداز میں تبدیل ہو گئی ہے اور حالیہ جنگ کے دوران اس تبدیلی کا اظہار ’تیز اور وسیع ردِعمل‘ اور ’پیشگی کارروائیوں‘ کی صورت میں ہوا۔‘

    محمد اکرمینیا نے ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’اس جنگ کے دوران اردن میں امریکی اڈے پر حملے کے ایک موقع پر ہم نے دراصل پیشگی کارروائی کی حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا۔ دشمن کے جنگ میں داخل ہونے سے پہلے ہی ہم نے اردن میں اس کے اڈے کو نشانہ بنایا۔‘

    رواں سال جولائی میں 17 جولائی کو اردن میں ایک امریکی اڈے پر ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

    ایرانی فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ ’یہ جارحانہ فوجی نظریے کا ایک پہلو ہے، تاہم اس کے دیگر پہلو بھی ہیں۔ ان میں یہ شامل ہے کہ جارحیت کی کسی بھی کارروائی کا فوری طور پر جواب دیا جائے گا اور یہ جواب یقینی طور پر جارحیت سے زیادہ وسیع ہو سکتا ہے۔‘

    اس سے قبل ایرانی فوج کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے اُس وقت کے کمانڈر علی عبداللہی نے بھی کہا تھا کہ ’مسلح افواج کی فوجی حکمتِ عملی دفاعی سے جارحانہ ہو گئی ہے۔‘

    تاہم حالیہ دنوں میں ایرانی فوجی حکام نے ایک بار پھر اس حکمتِ عملی میں تبدیلی پر زور دیا ہے۔

  17. ایران کی بحری ناکہ بندی کے دوران 68 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا گیا: سینٹکام

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ 21 اگست تک امریکی افواج نے ایران کی بحری ناکہ بندی کے تحت 68 تجارتی بحری جہازوں کا رخ موڑا ہے۔

    سینٹکام کے مطابق اس دوران تین جہازوں کو سروس سے ہٹا دیا گیا جبکہ امریکی افواج نے عائد کردہ پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے دو دیگر جہازوں پر سوار ہو کر تلاشی اور معائنہ کیا۔

    سینٹکام کا کہنا ہے کہ ایران کی بحری ناکہ بندی میں 20 سے زائد جنگی بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ یہ اعداد و شمار امریکی بحری جہاز یو ایس ایس راس کی سرگرمیوں سے متعلق جاری کی گئی ایک وضاحتی ویڈیو میں سامنے آئے ہیں۔

  18. ٹرمپ کا جنوبی کیرولائنا کی ریلی میں آبنائے ہرمز کو ’امریکی علاقہ‘ قرار دینے کا اعلان

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیرولائنا میں انتخابی ریلی کے دوران ایک بار پھر ایران اور آبنائے ہرمز کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اب آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دے رہا ہوں۔‘

    ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کو ’کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہیے اور خبردار کیا کہ ایسا ہونے کی صورت میں بہت برے نتائج سامنے آئیں گے۔‘

    ٹرمپ کے یہ نئے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکہ نے حالیہ دنوں میں ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھا دیا ہے، جبکہ خطے میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی موجود ہیں۔

    واشنگٹن پیر کو ایران کے خلاف نئی پابندیوں کی تفصیلات جاری کرنے والا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ان پابندیوں کی زد میں ایران کے بڑے تجارتی شراکت دار، جن میں چین بھی شامل ہے، آ سکتے ہیں۔

    آبنائے ہرمز ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ میں کشیدگی کا ایک اہم مرکز بنی ہوئی ہے اور اس آبی گزرگاہ سے تیل بردار بحری جہازوں اور تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

  19. کینیڈا کے گرودوارے میں چاقو کے حملے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    کینیڈین پولیس کے مطابق ایڈمنٹن میں ایک گرودوارے میں علی الصبح چاقو سے حملہ کرکے دو افراد کو زخمی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں واقع گرودوارہ نانکسَر میں ہونے والے حملے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

    حکام نے بتایا کہ حملہ جمعے کو مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً پانچ بجے گرودوارے کے اندر ہوا۔ پولیس نے مشتبہ شخص کی شناخت یا حملے کے ممکنہ محرک کے بارے میں کوئی معلومات جاری نہیں کیں۔

    یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پولیس نے گزشتہ ہفتے تصدیق کی تھی کہ وہ کیلگری کے دو گرودواروں کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز فون کالز کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کیلگری اس مقام سے تقریباً دو گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے جہاں جمعے کو حملہ ہوا۔

    کینیڈا میں قائم ورلڈ سکھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ ’یہ حملہ انتہائی تشویش ناک ہے اور ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک بھر میں سکھ مخالف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘

    ایڈمنٹن پولیس سروس کے مطابق پولیس کو مقامی وقت کے مطابق صبح چار بج کر 49 منٹ پر پہلی اطلاع ملی کہ ایک شخص ہائی وے پر ٹریفک کے درمیان چل رہا ہے۔ تقریباً 15 منٹ بعد ایک فون کال کے ذریعے پولیس کو گرودوارے کے اندر پیش آنے والے واقعے کی اطلاع ملی۔

    پولیس کے مطابق اطلاعات میں بتایا گیا کہ ایک شخص گرودوارے میں داخل ہوا اور عبادت کے لیے مخصوص حصے میں جانے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر عملے نے اسے روکنے کی کوشش کی۔

    قائم مقام انسپکٹر ایرک سٹیورٹ نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’صورتحال شدت اختیار کر گئی اور گرودوارے میں موجود دو عقیدت مندوں پر چاقو سے وار کیے گئے۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’اچھی بات یہ ہے کہ موقع پر موجود افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو قابو کر لیا۔‘

    پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں افراد کی عمریں 75 اور 51 سال ہیں۔ انھیں شدید نوعیت کے زخم نہیں آئے اور دونوں کی حالت اب بہتر ہے۔ پولیس نے انھیں زائرین قرار دیا ہے، تاہم ان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    پولیس نے بتایا کہ 27 سالہ مشتبہ شخص پہلے ہی پولیس کی حراست میں تھا اور اس کے خلاف 2015 سے تشدد کے متعدد واقعات کا ایک طویل ریکارڈ موجود ہے۔

    حکام کے مطابق حملے سے ایک روز قبل اسے البرٹا کی وفاقی جیل سے رہا کیا گیا تھا، تاہم وہ ایڈمنٹن میں اپنے مقررہ بحالی مرکز میں رپورٹ کرنے میں ناکام رہا۔

  20. ٹرمپ کی ایران کے تجارتی شراکت داروں پر پابندیوں کی دھمکی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی مدد کرنے والے ممالک پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی کے بعد جمعے کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت 61 سینٹ اضافے کے بعد 94.39 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 23 سینٹ بڑھ کر 87 اعشاریہ 60 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں چھ فیصد سے زیادہ جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’امریکہ کی جانب سے ایران اور اس کے تجارتی شراکت داروں پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھانے کی تازہ دھمکی نے آنے والے ہفتوں میں تیل کی رسد محدود ہونے کے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔‘

    دوسری جانب آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی آمدورفت معمول کی سطح سے کہیں کم ہے۔ بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی کمپنی کیپلر کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو صرف سات تجارتی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ اس سے ایک روز قبل یہ تعداد اس سے بھی نصف تھی۔

    فروری کے اواخر میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے شروع ہونے سے قبل دنیا میں مجموعی طور پر فراہم کیے جانے والے تیل اور مائع قدرتی گیس کا تقریباً پانچواں حصہ آبنائے ہرمز سے گزرتا تھا۔

    روئٹرز نے مزید رپورٹ کیا ہے کہ ’چینی خریداروں کو ایرانی تیل کی رسد میں کمی آئی ہے اور اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایرانی تیل کی برآمدات پر امریکی پابندیاں بدستور برقرار ہیں۔‘