تجزیہ: ٹرمپ کی زیلنسکی پر تنقید مگر خصوصی ایلچی انھیں ’جرات مند رہنما‘ قرار دے رہے ہیں, انتھونی زرچر، نمائندہ برائے شمالی امریکہ

،تصویر کا ذریعہReuters
گذشتہ دو دنوں سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی پر شدید تنقید کر رہے ہیں، انھیں ’آمر‘ قرار دے رہے ہیں اور ان پر بدعنوانی کے الزامات بھی لگا چکے ہیں۔
لیکن جمعے کو یوکرینی صدر سے ملاقات کے بعد ٹرمپ کے خصوصی ایلچی برائے یوکرین کیتھ کیلوگ نے زیلنسکی کے لیے اچھے الفاظ کا استعمال کیا اور انھیں ’ایک جنگ زدہ ملک کا جرات مند رہنما‘ قرار دیا۔
زیلنسکی کا کہنا تھا کہ گذشتہ چند دنوں میں انھیں لگ رہا تھا کہ یوکرین اور امریکہ کے تعلقات خراب ہو رہے ہیں لیکن کیتھ کیلوگ سے ملاقات کے بعد ان کی ’امید بحال‘ ہوئی ہے۔
تاہم یوکرینی عوام کے لیے سکون کا سانس لینا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کیتھ کیلوگ کا بطور خصوصی ایلچی برائے یوکرین خود انتخاب کیا تھا لیکن ان کا امریکی انتظامیہ پر زیادہ اثر و رسوخ شاید نہ ہو۔
رواں ہفتے سعودی عرب میں یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں روسی حکام اور امریکی سیکریٹری خارجہ موجود تھے لیکن کیتھ کیلوگ کو وہاں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ کو اقتدار میں آئے چار ہفتے گزر چکے ہیں اور اس دوران انھوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ امریکی خارجہ پالیسی سے متعلق معاملات پر آخری فیصلہ ان ہی کا ہوتا ہے۔







