گزشتہ روز کی چند اہم خبریں
گزشتہ روز کی اہم خبروں پر ایک نظر:
- کراچی میں پولیس نے منگل کے روز نمائش چورنگی پر شیعہ تنظیموں کی جانب سے پاڑہ چنار کے عوام سے یکجہتی اور راستوں کی بندش کے خلاف دیا جانے والا دھرنا ختم کروا دیا۔ نمائش چورنگی پر جمعرات کے روز سے دھرنا جاری تھا۔ پیر کی شب صوبائی وزیر سعید غنی اور معاون خصوصی وقار مہدی نے مظاہرین سے مذاکرات کیے جو کامیاب نہ ہوسکے جس کے بعد منگل کو مغرب کے وقت پولیس کی ایک بڑی تعداد نے نمائش چورنگی پر پہنچ کر دھرنا ختم کروانے کی کوشش کی۔ اس موقع پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس کی جانب سے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ مشتعل مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کی تین موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کردیا۔
- پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کُرم کے صدر مقام پاڑہ چنار جانے والی رابطہ سڑکیں کھلوانے اور دیگر تنازعات کے حل کے لیے ہونے والا گرینڈ جرگہ بدھ کو یعنی آج ہو گا۔ اس سے قبل سوموار کے روز صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا کہ منگل کے روز جرگہ منعقد ہوگا جس میں امن معاہدے پر دستخط کرلیے جائیں گے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے امن جرگے کے رکن ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ صوبائی حکومت سمجھ رہی تھی کہ جرگہ منگل کو ہوگا حالانکہ ہم نے بدھ کا کہا تھا۔ ان کا کہنا ہے فریقین کا ایک نقطے کو چھوڑ کر معاہدے کی تمام شرائط پر اتفاق ہو چکا ہے۔ ’ایک نقطہ جس پر ہم اب بھی کھڑے ہیں وہ یہ ہے کہ اگر مقررہ وقت تک اسلحہ جمع نہ کروایا گیا تو علاقے میں فوجی آپریشن کیا جائے اور اسی پر ڈیڈ لاک ہے۔‘
- پاڑہ چنار کی صورتحال پر کراچی میں مختلف مقامات پر دیے گئے دھرنوں کے متعلق بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ منگل کے روز حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے 12 میں سے آٹھ مقامات سے دھرنے ختم کروا دیے ہیں۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ دھرنا دینے والے چاہیں تو ہم ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں لیکن کسی کو تکلیف نہ پہنچائی جائے۔ حب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہمیں کہا گیا کہ نمائش چورنگی پر پرامن دھرنا دیا جائے گا تاہم بعد میں دھرنوں کی تعداد بڑھائی اور ٹریفک کو بھی روکنا شروع کردیا۔
