آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, تہران کے خلیجی ہمسایہ ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر نئے حملے، پاکستان کا جنگ کے خاتمے اور ایران۔امریکہ مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ

تہران کا کہنا ہے کہ اس نے خطے میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں اردن، کویت اور بحرین بھی شامل ہیں۔ ادھر اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد میں درپیش چیلنجز کے باوجود، پاکستان تمام فریقوں کو تشدد کے خاتمے اور اس یادداشت کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔‘

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود، مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے: وزیر اعظم شہباز شریف

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

    وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کے جائزے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں ایندھن کی فراہمی، کفایت شعاری اقدامات اور ممکنہ معاشی چیلنجز پر غور کیا گیا۔

    بیان میں اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کے لیے بھی ان کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے۔

    یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کو خط میں لکھا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرول کی قلت کا خطرہ بڑھ رہا ہے کیونکہ فروخت کے لیے دستیاب ذخائر کم ہو گئے ہیں۔

    جبکہ روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون نے صنعتی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں صرف 14 دن کا پیٹرول کا ذخیرہ رہ گیا ہے۔

    ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق صنعت سے وابستہ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرول کے ذخائر کم ہو کر تقریباً تین لاکھ 79 ہزار 442 ٹن رہ گئے ہیں، جن میں مقامی ریفائنریوں کی پیداوار بھی شامل ہے۔ موجودہ طلب کے مطابق یہ ذخائر صرف 14 روز کے لیے کافی ہیں۔

    رپورٹ میں صنعتی اعداد و شمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے 13 دنوں کے دوران پیٹرول کی یومیہ فروخت اوسطاً 25 ہزار ٹن رہی، جو اندازوں سے تقریباً 16 فیصد اور گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہے۔

    کھپت میں اضافے کو اس بات سے جوڑا جا رہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک اور ممکنہ اضافے کی توقع کے باعث صارفین اور ڈیلرز نے خریداری بڑھا دی ہے۔

  2. کشیدگی کے دوران ایران کے ساتھ رابطے میں ہیں: روس

    روس نے کہا ہے کہ ’عدم استحکام کے ایک نئے دور‘ کے باعث عالمی معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور وہ ایرانی حکام سے رابطے میں ہے۔

    کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان رابطوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    روس متعدد مواقع پر ایران اور امریکہ دونوں سے کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرنے کی اپیل کر چکا ہے۔

  3. یوکرین میں وزیرِ دفاع کی برطرفی کے خلاف مظاہرے, کیئو سے لورا گوزی، اناستاسیا لیوچینکو اور نامہ نگار برائے مشرقی و جنوبی یورپ سارہ رینزفورڈ

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے مقبول وزیرِ دفاع میخائیلو فیڈوروف کو اچانک برطرف کیے جانے کے خلاف ملک کے کئی شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔

    مظاہرین نے جو بینر اٹھا رکھے ہیں ان پر درج ہے ’فیڈوروف سے دور رہو‘ اور ’فتح کو سبوتاژ کرنا بند کرو۔‘

    زیلنسکی نے تا حال اپنے فیصلے کی وضاحت نہیں کی ہے، جس پر مبصرین، فوجی حلقوں اور سول سوسائٹی کے بعض طبقات میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

    35 سالہ فیڈوروف کو جنوری میں وزیرِ دفاع مقرر کیا گیا تھا۔ انھیں وزارت کو متحرک کرنے، بد عنوانی کے خلاف اقدامات اور محاذِ جنگ پر کارکردگی کا تجزیہ اور بہتری لانے کے لیے ڈیٹا کے استعمال کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔

    افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ میخائیلو فیڈوروف کی برطرفی ان کے اور مسلح افواج کے سربراہ اولیکساندر سرسکی کے درمیان کشیدگی سے جڑی ہے۔

    جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں فیڈوروف نے تقریباً اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے زیلنسکی کو مشورہ دیا تھا کہ سرسکی اور چیف آف جنرل سٹاف آندری ہناتوف کو تبدیل کیا جائے۔

    فیڈوروف نے کہا: ’جب صدر نے کہا کہ ان کا سرسکی کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تو میں نے کہا کہ میں ان کے ساتھ کام کرنا سیکھ لوں گا۔‘

    سرسکی کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ’روس کو غیر روایتی انداز میں شکست دینے کا راستہ تلاش کرنے کے بجائے، جو کہ کمانڈر اِن چیف کی ذمہ داری ہے، انھوں نے ہمارے ملک کو تقسیم کرنے کا راستہ ڈھونڈ لیا ہے۔‘

  4. انڈیا نے اپنے جہاز ران آبنائے ہرمز نہ بھیجنے کی ہدایت کر دی

    امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر انڈیا نے بحری جہازوں کے مالکان اور جہاز ران بھرتی کرنے والی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ آئندہ اطلاع تک انڈین جہاز رانوں کو ان بحری جہازوں پر تعینات نہ کریں جو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہیں۔

    یہ ہدایت انڈین حکام کی اس تصدیق کے بعد جاری کی گئی ہے کہ گذشتہ ہفتے سے خطے میں تجارتی جہازوں پر ہونے والے حملوں میں کم از کم دو بھارتی جہاز ران ہلاک ہو چکے ہیں۔

    انڈیا کا شمار دنیا میں تجارتی جہاز رانی کے لیے افرادی قوت فراہم کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ انڈین وزارتِ جہاز رانی کے اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2025 میں اس صنعت میں تین لاکھ 20 ہزار سے زائد انڈین جہاز ران کام کر رہے تھے۔

    انڈیا کے میری ٹائم ڈائیریکٹوریٹ جنرل نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا: ’اگلے حکم تک کسی بھی انڈین جہاز ران کو ایسے بحری جہاز پر تعینات نہ کیا جائے جس کے سفر کے راستے میں آبنائے ہرمز شامل ہو۔‘

  5. شام نے حزب اللہ کے لیے لبنان سمگل کیے جانے والے اسلحے کی کھیپ ضبط کر لی

    شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے جمعرات کو ملک کی وزارتِ داخلہ کے ایک ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ شامی حکام نے عراق کی سرحد سے شام میں سمگل کیے جانے والے اسلحے اور جدید میزائلوں کی ایک کھیپ پکڑ لی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے یہ کھیپ لبنان کی جماعت حزب اللہ کو بھیجی جانی تھی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جون میں بتایا تھا کہ انھوں نے شامی صدر احمد الشرع کے ساتھ حزب اللہ کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔

    لبنانی صدر جوزف عون کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ احمد الشرع نے انھیں یقین دہانی کرائی ہے کہ شام لبنان کے داخلی معاملات میں کسی فریق کا ساتھ نہیں دے گا۔

  6. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 2800 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا, تنویر ملک ، صحافی

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو تیزی کا رجحان برقرار رہا اور بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس میں 2837 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 178124 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی انڈیکس میں 1767 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔

    مسلسل دو روز کی تیزی سے قبل، رواں ہفتے کے ابتدائی دو کاروباری دنوں کے دوران انڈیکس میں 8000 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان نئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ تھا۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث مارکیٹ میں نمایاں مندی دیکھی گئی، تاہم گذشتہ دو روز کے دوران مارکیٹ نے خاطر خواہ ریکوری کی ہے۔

    تجزیہ کار جبران سرفراز کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ پر موجود کمپنیاں مالیاتی نتائج کا اعلان کرنے والی ہیں اور بہتر نتائج کی توقعات کے باعث حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    ان کے مطابق مارکیٹ میں حالیہ بڑی گراوٹ کے بعد حصص نسبتاً کم قیمتوں پر دستیاب تھے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی دوبارہ بڑھی اور مارکیٹ کی ریکوری میں مدد ملی۔

  7. ڈاکٹر ماہ رنگ اور صبغت اللہ بلوچ کی عمر قید کے خلاف دائر اپیلیں سماعت کے لیے منظور, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان ہائیکورٹ کے ایک ڈویژن بینچ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور مرکزی رہنما صبغت اللہ بلوچ کی عمر قید کے خلاف دائر اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے استغاثہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    یہ اپیلیں انسدادِ دہشت گردی عدالت کوئٹہ ون کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہیں جس میں دونوں رہنماؤں کو سزا سنائی گئی تھی۔

    ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ بلوچ کو فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ایک اہلکار کی ہلاکت کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ استغاثہ کے مطابق سکیورٹی اہلکار جولائی 2024 میں ’بلوچ راجی مچی‘ نامی جلسے میں پتھر لگنے سے ہلاک ہوئے تھے۔

    بی وائی سی کے دونوں رہنماؤں پر الزام تھا کہ ان کے اکسانے پر ایک ہجوم نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جان سے گیا۔

    اپیل میں کیا مؤقف اختیار کیا گیا؟

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کوئٹہ ون کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہائیکورٹ کے جسٹس گل حسن ترین اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے کی۔

    سماعت کے دوران ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی جانب سے خالد خان بلوچ ایڈووکیٹ، شعیب ایڈووکیٹ اور نادیہ بلوچ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

    خالد خان بلوچ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ بلوچ کو بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر سزا سنائی گئی۔

    ان کے مطابق سیشن کورٹ گوادر نے اسی مقدمے میں استغاثہ کی پیش کردہ شہادتوں کو مسترد کرتے ہوئے ایک ملزم کو بری کر دیا تھا، جبکہ انھی شہادتوں کی بنیاد پر بی وائی سی کے رہنماؤں کو سزا سنائی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بی وائی سی رہنماؤں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ہونے والا ٹرائل قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق نہیں تھا، کیونکہ درخواست گزاروں کے اپنے وکلا موجود ہونے کے باوجود عدالت نے ان کے لیے سٹیٹ کونسل مقرر کیا۔

    خالد خان بلوچ کے مطابق مبینہ غیر منصفانہ ٹرائل کے خلاف نہ صرف درخواست گزاروں نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا بلکہ فیصلے سے قبل اس حوالے سے ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔

    انھوں نے بتایا کہ سزا کے خلاف اپیلوں پر ہائیکورٹ کے بینچ نے استغاثہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    ان کے مطابق سزا سنائے جانے سے قبل غیر منصفانہ ٹرائل اور جج کی تبدیلی کے لیے ایک آئینی درخواست بھی ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی، تاہم وہ درخواست تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو سکی ہے۔

  8. میانمار کے ساحل کے قریب پناہ گزینوں کو لے جانے والی کشتیاں ڈوب گئیں، 500 افراد سوار تھے: اقوام متحدہ

    اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ میانمار کے ساحل کے قریب 500 سے زائد افراد کو لے جانے والی دو کشتیاں ممکنہ طور پر ڈوب گئی ہیں۔

    سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے بیان میں کہا گیا کہ کشتیوں پر سوار زیادہ تر مسافر روہنگیا تھے جو تحفظ کی تلاش میں خطرناک سمندری سفر کر رہے تھے۔

  9. تہران کے خلیجی ہمسایہ ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر نئے حملے

    تہران نے خلیجی خطے کے ہمسایہ ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر تازہ حملے شروع کر دیے ہیں، جبکہ واشنگٹن نے رات بھر ایران کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔

    تہران کا کہنا ہے کہ اس نے خطے میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں اردن، کویت اور بحرین بھی شامل ہیں۔ یہ کارروائیاں جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے ابتدائی معاہدے پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی جھڑپوں کے چھٹے روز کی گئیں۔

    دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باعث خطے میں سلامتی کی صورتحال مزید نازک ہو گئی ہے، جبکہ جنگ بندی اور امن مذاکرات کی کوششوں کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

  10. پاکستان کا جنگ کے خاتمے اور ایران۔امریکہ مذاکرات کی بحالی کا مطالبہ

    پاکستان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور ایران کو تشدد روکنے اور گذشتہ ماہ اپنی ثالثی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت، ایم او یو، کی بنیاد پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔

    اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے صحافیوں کو بتایا کہ ’اس مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد میں درپیش چیلنجز کے باوجود، پاکستان تمام فریقوں کو تشدد کے خاتمے اور اس یادداشت کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ آبنائے ہرمز میں صورتحال جلد از جلد معمول پر آجائے گی اور اس اہم بحری گزرگاہ میں مسلسل تحفظ، سلامتی اور جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔‘

  11. ایرانی وزارتِ تعلیم کا جنوبی صوبوں میں حتمی امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان

    ایران کی وزارتِ تعلیم نے ہرمزگان، بوشہر، خوزستان اور سیستان و بلوچستان صوبوں میں حتمی امتحانات منسوخ کر دیے ہیں۔

    اس حوالے سے وزارتِ تعلیم کے سپریم امتحانی ہیڈکوارٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کی موجودہ خصوصی صورتحال کے پیشِ نظر ہرمزگان، بوشہر، خوزستان اور سیستان و بلوچستان صوبوں میں بارہویں جماعت کے تمام تعلیمی شعبوں کے آج ہونے والے حتمی امتحانات اور گیارہویں جماعت کے سنیچر کو ہونے والے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ وزارت تعلیم کے مطابق امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    امریکی حملوں کے ایک نئے سلسلے میں گذشتہ چند روز کے دوران ایران کے جنوبی صوبوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

  12. امریکہ نے سعودی عرب اور کویت کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی

    امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ملک کے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سعودی عرب کو تقریباً 1.96 بلین ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں تنازعات بڑھ رہے ہیں۔

    امریکی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ فروخت ایک اہم غیر نیٹو اتحادی کی سلامتی کو مضبوط بنا کر امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کی حمایت کرتی ہے۔ سعودی عرب خلیج فارس کے علاقے کے سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے‘۔

    وزارت نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کے لیے مجوزہ معاہدے میں لانچرز، وار ہیڈز، سپیئر پارٹس، ٹریننگ اور لاجسٹک سپورٹ کے ساتھ ساتھ فضا سے فضا اور ہوا سے زمینی آپریشنز میں استعمال کے لیے ’جدید درستگی کے ہتھیاروں کے نظام‘ کے لیے 20,000 رہنمائی یونٹ شامل ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے کویت کو طیاروں کی تکنیکی مدد کے لیے 484 ملین ڈالر کے علیحدہ پیکج کی بھی منظوری دی ہے۔

    کویت کو ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے میں C-17 طیاروں کے لیے تکنیکی معاونت اور متعلقہ سامان بھی شامل ہے، جس میں پُرزے، دیکھ بھال کی خدمات، سافٹ ویئر، تربیت اور لاجسٹک خدمات شامل ہیں۔ ان ہتھیاروں کی فروخت کو حتمی شکل دی جائے گی اور کانگریس کے جائزے کے بعد لاگو کیا جائے گا۔

  13. ہم نے آٹھ ایرانی میزائل حملوں کو ناکام بنایا: اردن

    اردن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق ملک کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ اردن کی جانب داغے گئے آٹھ ایرانی میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے کامیابی سے تباہ کر دیا گیا۔

    پیٹرا کے مطابق ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ میزائلوں کو راستے میں ہی روک لیا گیا، جس کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    اس سے قبل ایرانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے حملہ آور ڈرونز نے اردن کے الازرق ایئر بیس میں موجود مواصلاتی نظام، ایک مستقل ریڈار تنصیب اور امریکی فوج کے ایندھن ذخیرہ کرنے کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔

    تاہم اردنی حکام کا مؤقف ہے کہ ان کی فضائی دفاعی صلاحیتوں نے ایرانی حملے کو ناکام بنا دیا اور ملک کے اندر کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

  14. ایران نے ایک امریکی خاتون کو رہا کر دیا، ٹرمپ کا ٹروتھ سوشل پر بیان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے ایک ایسی امریکی خاتون کو رہا کر دیا ہے جنھیں ٹرمپ کے بقول، دسمبر 2024 میں بلاوجہ حراست میں لیا گیا تھا۔

    ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ایران نے خاتون امریکی شہری کو ملک چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے۔

    امریکی صدر نے زیرِ حراست فرد کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم انھوں نے بتایا کہ ’یہ خاتون اب محفوظ ہیں، مکمل صحت مند ہیں اور ایران سے باہر جا چکی ہیں۔‘

    ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ خاتون کو دسمبر 2024 میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب جو بائیڈن امریکی صدر تھے۔ تاہم انھوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

  15. بریکنگ, ایرانی شہر سیمنان کا ایئرپورٹ امریکی حملوں کا نشانہ بنا، تاحال نقصان کی اطلاعات نہیں: ارنا

    ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے رپورٹ کیا ہے کہ رات کے وقت ہونے والے امریکی حملوں میں سیمنان ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    بی بی سی فارسی نے ارنا کا حوالہ دے کر رپورٹ کیا ہے کہ سیمنان کے حکام نے اس حملے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ متعدد پروجیکٹائل سیمنان ایئرپورٹ کے احاطے میں آ کر گرے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

    سرکاری اہلکار کے مطابق ’سیمنان ایئرپورٹ سے ٹکرانے والے کئی پروجیکٹائل ہی شہر میں دھماکوں کی آوازوں کی وجہ بنے۔‘

    ارنا کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے تحت اس حملے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

    یاد رہے کہ سیمنان ایران کے شمالی حصے میں واقع ایک اہم صوبہ ہے تاہم تاحال حملے کی نوعیت یا نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

  16. اقوام متحدہ کا امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

    اپنے بیان میں انھوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال دوبارہ مکمل جنگ کی طرف جاتی ہے تو اس کی قیمت عام شہریوں کو ادا کرنا پڑے گی۔

    سٹیفن ڈوجارک کے مطابق ’مکمل اور بڑے پیمانے کی جنگ شہری آبادی کے لیے ناقابل برداشت نتائج لائے گی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ایسے کسی بھی تنازع کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ بین الاقوامی امن و سلامتی اور عالمی معیشت پر بھی تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

  17. امریکہ کے ایران پر نئے حملے، ٹرمپ کی تہران کو ’بہتر رویہ اختیار کرنے‘ کی تنبیہ

    امریکہ نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کے روز ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر شروع کی ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کو خبردار کیا ہے کہ وہ ’بہتر رویہ اختیار کرے‘۔

    امریکی فوج کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال ہونے والی ’ایرانی فوجی صلاحیتوں‘ کو نشانہ بنایا گیا۔ فوج نے یہ بھی کہا کہ اس نے ایک ایسے جہاز پر فائرنگ کی جو ایران کی بندرگاہوں پر عائد کردہ نئی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایران نے دعویٰ کیا کہ اس نے بحرین اور کویت سمیت خطے میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے ہونے والے ابتدائی معاہدے کے باوجود پانچویں روز بھی کشیدگی برقرار رہی۔

    ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاہدے سے ایران کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا تو تہران کے پاس اس کی پابندی کرنے کی ’کوئی وجہ نہیں‘۔

    منگل کی شب ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایران اگلے ہفتے مذاکرات کی میز پر واپس نہ آیا تو پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    بدھ کی شام صحافیوں نے جب ان سے پوچھا کہ کیا وہ کارروائی سے قبل کوئی حتمی مہلت دیں گے تو ٹرمپ نے جواب دیا: ’مجھے ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں، لیکن وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ معاملہ کیا ہے۔۔۔ انھیں بہتر رویہ اختیار کرنا ہوگا۔‘

    بعد ازاں ایک دفاعی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران ’اس وقت خوش نہیں ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت شدت سے تصفیہ چاہتے ہیں۔ انھیں ہماری کارروائیاں پسند نہیں آ رہیں۔ ہم دیکھیں گے کہ ہم ان کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں یا معاملے کو مکمل طور پر ختم کر دیتے ہیں۔‘

    تاہم محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران کی قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز میں ’ایرانی انتظامات‘ برقرار رکھے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مذاکرات اور جنگ، دونوں ایران کی مزاحمتی حکمت عملی کا حصہ ہیں کیونکہ ایران امریکہ کے ساتھ ایک ’وجودی‘ نوعیت کے تنازع میں مصروف ہے۔

    ٹرمپ کے سخت بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے جب انھوں نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر عائد کیے جانے والے 20 فیصد ٹول ٹیکس کی بجائے خلیجی ممالک کے ساتھ ’بہت بڑے‘ تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ اپریل میں ٹرمپ کی جانب سے ایران کے شہری بنیادی ڈھانچے پر بمباری کی دھمکی پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں اور شہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا جنگی جرم ہے۔‘

    امریکی فوج کے مطابق بدھ کے روز یہ حملوں کی دوسری لہر تھی۔

    فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایران کی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملہ کرنے کی صلاحیت کو مزید کمزور کیا ہے۔

    امریکی مرکزی کمان (سینٹ کام) کے مطابق 90 منٹ تک جاری رہنے والے حملوں میں گریٹر تنب جزیرے پر ایران کے ساحلی دفاعی نظام، کروز میزائلوں کے ذخائر اور لانچنگ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔

    بدھ کو رات 9 بجے سینٹ کام نے اعلان کیا کہ امریکی حملوں کی دوسری لہر مکمل ہو چکی ہے۔

    سینٹ کام کے بیان کے مطابق امریکہ نے بندر عباس سمیت مختلف مقامات پر ایرانی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاعی تنصیبات، میزائل اور ڈرون صلاحیتوں اور ساحلی نگرانی کی سہولیات کو نشانہ بنایا۔ بندر عباس آبنائے ہرمز پر واقع ایران کا اہم شہر ہے۔

    امریکی فوج نے یہ بھی کہا کہ منگل کی شام ایرانی بندرگاہوں پر دوبارہ ناکہ بندی نافذ کیے جانے کے بعد دو تجارتی جہازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ اس ناکہ بندی کے تحت ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی جانب یا وہاں سے آنے جانے والے بحری جہازوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    یہ ناکہ بندی گذشتہ ماہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت ختم کر دی گئی تھی، جس کا مقصد کئی ماہ سے جاری تنازع کا خاتمہ تھا۔

    تاہم آبنائے ہرمز کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم تنازع کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

    امریکی ناکہ بندی کی بحالی کے جواب میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکہ کو خبردار کیا کہ اسے ’تیل اور گیس کی دیگر برآمدی گزرگاہوں کی بندش‘ کے لیے تیار رہنا چاہیے، جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔ تاہم اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ کون سی گزرگاہیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

    امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی نے عالمی معیشت کے لیے آبنائے ہرمز کی تزویراتی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے، جبکہ اہم بحری گزرگاہ سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت تقریباً رک جانے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

  18. اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم جمعرات کے روز خبروں اور اہم تجزیوں کو شامل کرنے سے پہلے گزشتہ روز کی اہم خبروں کے خلاصے پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

    • خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے پہاڑی علاقے میں مسلح افراد کے حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
    • امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج نے ایران میں اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے نئے حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ امریکی فوج کی جانب سے حملوں کے مقام، ممکنہ اہداف یا نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
    • ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اس وقت امریکہ کے ساتھ ’حقیقی جنگ‘ کی صورتحال میں ہے۔ اگر مفاہمتی یادداشت سے ایران کو فائدہ نہیں تو اس کی کوئی ضرورت نہیں
    • بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شعبان سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ان میں سے دو لاشیں حاضر سروس اور دو ریٹائرڈ سکیورٹی اہلکاروں کی تھیں۔
    • امریکہ کی جانب سے ایران کے فوجی اہداف پر حملوں کی نئی لہر شروع کیے جانے کے بعد ایران نے خطے کی دیگر اہم بحری تجارتی گزرگاوں کو بھی بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
    • اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس نے ایک حاضر سروس فوجی اہلکار کو ایک ایرانی ایجنٹ کو میزائل حملوں کو روکنے کی ویڈیوز بھیجنے کے جرم میں پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔
    • ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ جنوبی ایران پر حالیہ امریکی حملوں میں 30 سے زائد شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
  19. امریکی فوج کا ایران پر حملوں کی نئی لہر کا آغاز

    امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج نے ایران میں اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے نئے حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔

    امریکی فوج کی جانب سے حملوں کے مقام، ممکنہ اہداف یا نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ساتھ ہی ایرانی حکام کی جانب سے تاحال اس اعلان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    تاہم اب سے کُچھ دیر قبل امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے ایکس پر یہ بیان جاری کیا گیا ہے کہ ’امریکی افواج نے ایران پر حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔

    امریکی فوج کے مطابق ان حملوں میں ایرانی فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جنھیں آبنائے ہرمز سے آزادانہ طور پر گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے ایک اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے۔

  20. خیبر پختونخوا میں دو مختلف مقامات پر شدت پسندوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ، تین پولیس اہلکار ہلاک, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو پشاور

    خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے پہاڑی علاقے میں مسلح افراد کے حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

    لوئر دیر پولیس کے مطابق یہ حملہ حیدر ٹاپ کے علاقے میں اس وقت ہوا جب پولیس کی ایک ٹیم سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔ پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ چار زخمی ہوئے۔

    ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ حملہ ایسے مقام پر کیا گیا جہاں سڑک کی مرمت کا کام جاری تھا۔ ان کے مطابق مسلح افراد پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے اور انھوں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم بھی پھینکے۔

    ضلع پولیس افسر (ڈی پی او) طلال احمد شاہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا اور انھیں جانی نقصان پہنچایا۔ بیان کے مطابق ڈی پی او بھی موقع پر موجود تھے اور کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ایلیٹ فورس کے اہلکار بھی شریک تھے۔ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حملے میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے لواحقین سے تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

    ادھر ضلع بنوں میں بھی پولیس کے مطابق مسلح افراد نے تھانہ مریان پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کیا، جس سے زور دار دھماکہ ہوا۔

    مقامی رہائشیوں کے مطابق دھماکے سے تھانے کی عمارت کے علاوہ قریبی دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد چار زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    تاحال کسی گروہ نے ان دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔