اب تک کی اہم خبروں کا خلاصہ
بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم آگے بڑھنے سے پہلے،جن لوگوں نے ابھی ابھی ہمارا ساتھ دینا شروع کیا ہے ان کے لیے، جمعے کے روز کی اہم خبروں کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
- پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ سنہ 2022 میں فوج کے سربراہ کی تعیناتی کے وقت ان کی جماعت میں ’کوئی ذاتی طور پر عاصم منیر صاحب کو جانتا نہیں تھا‘ اور ان کی ’حکومت میرٹ کو یقینی بنا رہی تھی۔‘
- بنوں میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے میں پانچ اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہویدکی چوکی شیخ لنڈک پر شدت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے تاہم پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کاروائی کی جس میں شدت پسندوں کو بھی جانی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
- سندھ کے ضلع سجاول میں صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کی کھلی کچہری کے دوران ایک معمر شخص پر تشدد کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
- آسٹریا نے سکولوں میں چودہ سال سے کم عمر لڑکیوں کے سر پر سکارف پہننے پر پابندی کا قانون منظور کیا ہے۔
- جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق، جاپان کے شمال مشرقی علاقے میں 6.7 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔ ایجنسی نے جاپان کے مشرقی ساحل کے کچھ حصوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی ہے، جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ لہریں ایک میٹر یعنی 3.3 فٹ تک پہنچ سکتی ہیں۔
- میکسیکو کی پارلیمنٹ نے ان ممالک کے خلاف ٹیرف کو 50 فیصد تک بڑھا دیا ہے جن کے ساتھ اس کا آزادانہ تجارتی معاہدہ (FTA) نہیں ہے۔ میکسیکو کی طرف سے یہ ٹیرف انڈیا، چین، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا سمیت کئی ایشیائی ممالک کی برآمدات کو متاثر کرے گا۔ ان ممالک سے برآمدات اب میکسیکو کے لیے مہنگی ہو جائیں گی
- مغربی فوجی اتحاد کے سربراہ نے ایک سخت نئی وارننگ میں کہا ہے کہ روس اگلے پانچ سالوں میں نیٹو کے کسی ملک پر حملہ کر سکتا ہے۔ مارک روٹے نے جرمنی میں ایک تقریر میں کہا کہ ’روس پہلے ہی ہمارے خلاف اپنی خفیہ مہم بڑھا رہا ہے۔ ہمیں اس جنگ کے لیے تیار رہنا ہوگا جو ہمارے اباؤ اجداد نے برداشت کی۔‘