کشمیر سمیت تمام تنازعات پر انڈیا کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں: شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مسئلہ کشمیر اور پانی جیسے تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں اور تجارت اور انسداد دہشت گردی پر بھی اپنے ہمسائے سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

خلاصہ

  • پاکستان کی سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے زیر سماعت نظر ثانی کیس میں جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں کیسے مل سکتی ہیں؟ جو سیاسی جماعت پارلیمنٹ میں نہ ہو اس میں کیسے آزاد امیدوار شامل ہو سکتے ہیں؟
  • انڈیا کی جنوبی ریاست کیرالہ میں حکام نے تیل اور خطرناک مواد لے جانے والے بحری جہاز کے ساحل کے قریب ڈوبنے اور اس کے کارگو سے رساؤ کے بعد الرٹ جاری کر دیا ہے۔ یہ رساؤ لائبیریا کے جہاز سے ہو رہا ہے جو اتوار کے روز کیرالہ کے ساحلی شہر کوچی کے قریب ڈوبا تھا۔ یہ کارگو جہاز وزِنجم بندرگاہ سے کوچی کی طرف جا رہا تھا۔
  • غزہ میں وزارتِ صحت اور سول ڈیفنس کے حکام کا کہنا ہے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہونے والے دو اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حماس کے تحت چلنے والے سول ڈیفنس کے محکمے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے فہمی الجرگاوی سکول پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد بچوں سمیت 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ان میں سے کئی لاشیں جھلسی ہوئی تھیں۔
  • وزیراعظم شہباز شریف کی ترکی کے صدر رجب طیب اُردوغان سے ملاقات، حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا
  • 'پوتن بالکل پاگل ہو گئے ہیں،' یوکرین پر روس کے بڑے فضائی حملے کے بعد صدر ٹرمپ کی ولادیمر پوتن پر تنقید
  • غزہ کا 77 فیصد علاقہ اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں ہے: غزہ کے دفترِ اطلاعات کا دعویٰ

لائیو کوریج

  1. پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں بدستور موجود ہیں: ششی تھرور کا الزام

    ششی تھرور

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا کی سیاسی جماعت کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی قیادت میں انڈیا کے ارکان پارلیمنٹ کا ایک وفد پہلگام حملے اور اس کے بعد انڈیا کی طرف سے کی گئی کارروائی کے بارے میں اپنا موقف بتانے کے لیے امریکہ پہنچ گیا ہے۔

    پہلگام حملے کے بارے میں، انھوں نے کہا، ’حملے کے ایک گھنٹے کے اندر، ٹی آر ایف نامی ایک گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی۔ اسے ایک دہشت گرد گروپ کے طور پر جانا جاتا ہے۔‘

    ششی تھرور نے اس موقعے پر کہا ہے کہ ’اب ہم اس معاملے میں ایک نیا راستہ تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم نے ہر چیز کی کوشش کی۔۔۔ ڈوزیئر، شکایات اور پاکستان انکار کرتا رہا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’پاکستان نے نہ تو کسی کو مجرم ٹھہرایا ہے اور نہ ہی کسی کے خلاف سنگین فوجداری مقدمات شروع کیے ہیں۔ اس نے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی اور وہاں محفوظ پناہ گاہیں بدستور موجود ہیں۔‘

    ششی تھرور نے کہا، 'اگر پاکستان ایسا کرتا ہے تو ہم اس آپریشن کی طرح مزید کارروائیاں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو سزا ملنے چاہیے اور ہم ان کی تلاش جاری رکھیں گے۔ لیکن ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ یہ لوگ کہاں رہتے ہیں اور انہیں اس طرح کی کارروائیوں کو انجام دینے کے لیے تربیت، ہتھیار اور پیسہ کہاں سے ملتا ہے۔ ‘

    یاد رہے کہ پاکستان انڈیا کی جانب سے ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ نہ تو اس کا پہلگام حملے کے ساتھ کوئی تعلق ہے اور نہ ہی پاکستان میں شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانے موجود ہیں۔

    نیویارک میں نائن الیون کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا، ’یہ ایک ایسا شہر ہے جس میں دہشت گردوں کے وحشیانہ حملوں کے نشانات ہیں اور ہم حال ہی میں اپنے ملک میں ایک دہشت گردانہ حملے کا شکار ہوئے ہیں۔‘

    انہوں نے کہا، ’ہم یہاں یہ یاد دلانے آئے ہیں کہ یہ ایک مشترکہ اور عالمی مسئلہ ہے۔ ہمیں متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہم متاثرین کے ساتھ ہیں، جس میں انڈین بھی شامل ہیں۔‘

  2. غزہ میں خاتون ڈاکٹر کے گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں نو بچے ہلاک

    ڈاکٹر آلاء النجار

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنڈاکٹر آلاء النجار اپنے زخمی شوہر کے ساتھ

    غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ڈاکٹر کے گھر کو نشانہ بنایا گیا اور اس کے 10 میں سے نو بچے ہلاک ہو گئے۔

    نصر ہسپتال کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر آلاء النجار کا ایک بچہ اور ان کے شوہر زخمی ہوئے ہیں تاہم وہ زندہ بچ گئے ہیں۔

    ہسپتال میں کام کرنے والے برطانوی سرجن گریم گروم، جنھوں نے اسے زندہ بچ جانے والے 11 سالہ بچے کا آپریشن کیا، نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ ’ناقابل برداشت ظلم‘ہے کہ ان کی والدہ نے، جنہوں نے بچوں کی دیکھ بھال میں کئی سال گزارے، ایک ہی میزائل حملے میں اپنا سب کچھ کھو دیا۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے طیاروں نے جمعے کے روز خان یونس میں’متعدد مشتبہ افراد‘ کو نشانہ بنایا تھا اور ’غیر ملوث شہریوں کو نقصان پہنچانے کے دعوے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘

    حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے ڈائریکٹر کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو اور بی بی سی نے تصدیق کی ہے کہ خان یونس میں ہونے والے حملے کے ملبے سے چھوٹی جلی ہوئی لاشیں نکالی گئی ہیں۔

    خان یونس کا علاقہ ایک خطرناک جنگی علاقہ ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہاں کارروائیاں شروع کرنے سے قبل آئی ڈی ایف نے اپنی حفاظت کے لیے شہریوں کو اس علاقے سے نکال لیا تھا۔ ’

    سنیچر کے روز ایک عام بیان میں آئی ڈی ایف نے کہا کہ اس نے گذشتہ روز غزہ بھر میں 100 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 74 افراد کو ہلاک کیا ہے۔

    وزارت صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منیر البرش نے ایکس پر بتایا کہ ڈاکٹر آلا النجار کے شوہر حمدی اپنی بیوی کو کام پر چھوڑ کر گھر واپس آئے تھے کہ چند منٹ بعد النجار میں ان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔

    ڈاکٹر البرش نے بتایا کہ ڈاکٹر النجار کے بچوں میں سب سے بڑے بچے کی عمر 12 سال تھی۔

    ناصر اسپتال وکٹوریہ روز میں کام کرنے والے ایک اور برطانوی سرجن کی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں گروم کہہ رہے ہیں کہ بچوں کے والد 'بہت بری طرح زخمی' ہیں۔

    انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے والد کے سر پر شدید چوٹ لگی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے والد جو خود بھی ہسپتال میں ڈاکٹر ہیں اور ان کا کوئی سیاسی اور فوجی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ سوشل میڈیا پر نمایاں ہیں۔

    انھوں نے اسے ڈاکٹر آلا النجار کے لیے ناقابل تصور صورتحال قرار دیا۔

    گروم کا کہنا تھا کہ زندہ بچ جانے والا 11 سالہ لڑکا آدم اپنی عمر کے لحاظ سے ’کافی چھوٹا‘ تھا۔

    انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ان کا بائیاں بازو لٹکا ہوا تھا، اور جسم زخموں سے بھرا تھا۔‘

    ’شاید یہ لڑکا زندہ بچ سکتا تھا، لیکن ہم اس کے والد کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔‘

    یہ بھی پڑھیے

    غزہ

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ’ہم نقل مکانی اور بھوک سے تھک چکے ہیں‘

    غزہ میں حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے جمعہ کی سہ پہر ٹیلی گرام پر بتایا کہ ان کی ٹیموں نے خان یونس میں ایک پٹرول پمپ کے قریب النجار کے گھر سے آٹھ لاشیں اور متعدد زخمی برآمد کیے ہیں۔

    ہسپتال نے ابتدائی طور پر فیس بک پر پوسٹ کیا کہ آٹھ بچے ہلاک ہوئے ہیں، پھر دو گھنٹے بعد اس تعداد کو اپ ڈیٹ کرکے نو کر دیا گیا۔

    ایک اور ڈاکٹر یوسف ابو الرش نے وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ وہ آپریشن روم میں پہنچے تو ڈاکٹر النجار اپنے زندہ بیٹے کے بارے میں معلومات کا انتظار کر رہی تھیں انھوں نے انھیں دینے کی کوشش کی۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کے رشتہ دار یوسف النجار نے کہا ’بہت ہو گیا! ہم پر رحم کریں! ہم تمام ممالک، بین الاقوامی برادری، عوام، حماس اور تمام دھڑوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ہم پر رحم کریں۔ ہم نقل مکانی اور بھوک سے تھک چکے ہیں، بس!‘

    جمعے کے روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا تھا کہ غزہ کے لوگ جنگ کے ’ظالمانہ ترین مرحلے‘ کا سامنا کر رہے ہیں اور انھوں نے مارچ میں انسانی امداد پر اسرائیل کی ناکہ بندی کی مذمت کی۔

    اسرائیل نے اس ہفتے کے اوائل میں ناکہ بندی کو جزوی طور پر ختم کر دیا تھا۔

    اسرائیلی فوج کے ادارے کوگاٹ کا کہنا ہے کہ آٹا، خوراک، ادویات سے لدے مزید 83 ٹرک جمعے کے روز غزہ میں داخل ہوئے۔

    اقوام متحدہ نے بارہا کہا ہے کہ علاقے میں داخل ہونے والی امداد کی مقدار علاقے کے 21 لاکھ لوگوں کے لیے کافی نہیں ہے۔ اس کے مطابق ایک دن میں 500 سے 600 ٹرکوں کی ضرورت ہوتی ہے اور اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زیادہ امداد جانے کی اجازت دے۔

  3. 24 مئی کی خبروں کا خلاصہ

    • بلوچستان کے شورش سے متاثرہ ضلع آواران میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک سینئیر صحافی لطیف بلوچ ہلاک ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آواران انجنیئر عائشہ زہری نے فائرنگ کے واقعے میں لطیف بلوچ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کو مشکے کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ لطیف بلوچ طویل عرصے سے بلوچستان کے معروف روزنامہ انتخاب سے وابستہ تھے تاہم ان کی محکمہ لیویز فورس میں ملازمت بھی تھی۔
    • پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی، طوفان، شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ابتدائی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد میں راولپنڈی، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ اور میانوالی سے ایک ایک ہلاکت شامل ہے جبکہ جہلم میں تین افراد ہلاک ہوئِے۔ سب سے جانی زیادہ نقصان جہلم میں ہوا جہاں دو مردوں اور ایک خاتون سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے۔
    • یوکرین کے دارالحکومت کیئو کی انتظامیہ کے مطابق شہر پر روس کے بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے میں کم از کم 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یوکرینی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ روس نے کیئو پر 250 ڈرونز اور 14 بیلسٹک میزائل داغے جن کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ حملہ جنگ کے آغاز کے بعد شہر پر ہونے والے سب سے بڑے فضائی حملوں میں سے ایک تھا۔یوکرینی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ چھ میزائل اور 245 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
    • انڈیا کی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے جمعہ 23 مئی کی رات سرحد پار کرکے پاکستان سے انڈیا میں داخل ہونے والے ایک پاکستانی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
    • بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے اگلے مالی سال میں مہنگائی کی شرح کو پانچ سے سات فیصد رکھنے پر زور دیا ہے جبکہ پاکستانی حکام کی جانب سے اگلے مالی سال میں پرائمری بجٹ کو سرپلس 1.6 فیصد پر رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
  4. بی بی سی اردو کے لائیو پیج پر خوش آمدید۔

    24 مئی تک کی خبروں کے لیے یہاں کلک کریں