آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

اسرائیل لبنان میں امن فوج کے دستوں کی حفاطت یقینی بنائے: امریکہ

امریکہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان میں امن دستوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ اس سے قبل فرانس، اٹلی اور سپین کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ایسے حملے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 اور انسانی حقوق کے تحت ’سنگین خلاف ورزی‘ ہیں اور یہ ’غیر منصفانہ ہیں اور انھیں فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔‘

خلاصہ

  • اسرائیلی فوج نے حملے کے دوران اقوام متحدہ کے دو امن فوجی زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی افواج نے فوری خطرے کا جواب فائر سے دیا جس دوران امن فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔
  • 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کو ان رپورٹس پر شدید حیرانگی ہے کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی ایک چوکی پر فائرنگ کی ہے۔
  • لبنان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ رات گئے اسرائیلی حملوں میں آج 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں جو تمام کے تمام عام شہری ہیں دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 61 افراد ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
  • پی ٹی ایم کا نماز جمعہ کے بعد شروع ہونے والا جرگہ تاحال شروع نہ ہو سکا تاہم جرگے کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔
  • ججوں کی تقرری اور آئینی عدالتوں کے قیام سے متعلق 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں حکومت نے مجوزہ ترمیم کا ڈرافٹ پیش کردیا ہے۔
  • بلوچستان کے ضلع دکی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 20 مزدور ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق چار مزدوروں کا تعلق افغانستان جبکہ باقی کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

لائیو کوریج

  1. اسرائیلی فوج کا ڈرون کا تعاقب کرنے اور حزب اللہ کے راکٹ لانچرز کو تباہ کرنے کا دعویٰ

    اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی ایف نے لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال اُس راکٹ لانچر کو نشانہ بنایا ہے کہ جہاں سے بدھ کے روز اسرائیل کے سرحدی قصبے شلومی پر راکٹ داغے گئے تھے۔

    دوسری جانب آئی ڈی ایف کا ہی ایک اور بیان میں کہنا ہے کہ انھوں نے لبنان کی جانب سے اسرائیلی حدود میں داخل ہونے والے ایک ڈرون کا تعقب کرنے کے بعد اُسے نشانہ بنایا ہے۔

    اسرائیلی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر کے بعد سے لبنان کے خلاف شروع ہونے والی زمینی کارروائی میں اب تک ایک ہزار سے زائد فضائی حملے کیے جا چُکے ہیں۔ حزب اللہ کے لبنان میں ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا گیا۔

  2. اسرائیل لبنان کشیدگی: آج دن بھر میں کیا ہوا؟

    بدھ کے روز بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ اور فلسطین میں حماس کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں اور حملے جاری ہیں۔

    بدھ کے روز پیش آنے والے اہم واقعات پر ایک نظر

    • حزب اللہ نے اسرائیل کے ایک سرحدی قصبے کریت شمونا پر راکٹ حملہ کیا جس میں دو اسرائیلی ہلاک ہوئے۔
    • اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سرحد پر لڑائی کی بھی اطلاع ملی ہے۔ ان جھڑپوں میں حزب اللہ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مغربی لبنان میں انھوں نے آئی ڈی ایف کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا ہے۔
    • آئی ڈی ایف کی جانب سے بدھ کی صبح جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ انھوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں حزب اللہ کے 185 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
    • اقوام متحدہ کی جانب سے ایک حالیہ بیان میں کہا گیا کہ لبنان کے ایک چوتھائی علاقے کو انخلا کا حکم جاری کیا گیا ہے، بے گھر افراد بیروت کی سڑکوں اور ساحلوں پر سخت حالات میں رہنے پر مجبور ہیں۔
    • امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو متوقع ہے۔
    • غزہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے جبلیا میں زمینی کارروائیاں جاری ہیں تاہم حماس کے زیرِ انتظام وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس جنگ کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
  3. جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں چار افراد ہلاک

    لبنان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے شہر سیڈون کے شمال مشرق میں واقع گاؤں وردانیہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔

    لبنان کی قومی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس حملے میں اسرائیلی فضائیہ نے ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا جہاں مُلک میں جنگی حالات کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد رہائش پذیر تھے۔

  4. پی ٹی ایم کا جو ساتھ دے گا ان کا بھی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ ہوگا: محسن نقوی

    وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’جرگہ کرنے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں، ہم کسی صورت کسی اور جوڈیشل سسٹم کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ہزاروں کی تعداد کے ساتھ لوگوں کو لانا اس کو جرگہ نہیں کچھ اور کہا جاتا ہے، حکومتِ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں متوازی عدالتی نظام کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔‘

    محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ’پی ٹی ایم پر پابندی لگانے کی اہم وجہ اس جماعت کی طرف سے ریاستی اداروں، پولیس کے خلاف نا مناسب زبان کا استعمال اور نسلی امتیاز کے ذریعے قوم میں تفریق پیدا کرنا ہے۔‘

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’اگر کسی کو سیاسی چیزوں اور لوگوں کے حقوق کی بات کرنی ہے تو اس کی اجازت ہے لیکن اداروں کے خلاف لوگوں کو کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔‘

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے علم میں یہ بات ہے کہ ایک دو سیاسی جماعتوں کے لوگ جب پی ٹی ایم کے رہنماؤں کے ساتھ ملے تو انھوں نے حقوق کی بات پر ان کی حمایت کی لیکن انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسا نہیں ہو سکتا ہے آپ حقوق کی بات بھی کریں اور ساتھ بندوق بھی اٹھائیں۔‘

    پی ٹی ایم کو بین کرنے سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ان کے دفاتر سیل کیے گئے، ان کے پاسپورٹ کینسل کیے گئے، اور جو بھی ان کی مدد کرے گا جو بھی ان کو سپورٹ کرے گا اُن کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی منسوخ کیے جائیں گے۔‘

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’سیاسی سرگرمیاں کریں لیکن جو بھی ان کے ساتھ ملوث ہوا اس کے ساتھ بھی بینڈ آرگنائزیشن والا سلوک کیا جائے گا۔‘

    وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ان کی ڈاکومینٹرز بین الاقوامی کمپنیز نے بنوائیں۔ ان کے جو بھی ماسٹرز ہیں ان کو پیغام ہے کہ وہ جو بھی ہمارے ملک میں کروا رہے ہیں اس کا جواب دیا جائے گا۔‘

  5. شمال مشرقی اسرائیل میں راکٹ حملہ، دو اسرائیلی ہلاک

    اسرائیل کی ایمرجنسی سروس ایم ڈی اے کے مطابق اسرائیل کے شمال مشرق میں واقع سرحدی قصبے کیریت شمونا میں ہونے والے راکٹ حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے اس علاقے میں 20 راکٹ داغے گئے تھے۔

    اسرائیل کے شمال مشرق میں واقع یہ قصبہ لبنان میں حزب اللہ کے راکٹ حملوں کا نشانہ بنتا رہتا ہے جس کی وجہ سے اس علاقے کے زیادہ تر رہائشی جنگ کے ابتدائی دنوں میں یہاں سے نکل گئے تھے۔

    کیریات شمونا اسرائیل پر حزب اللہ کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے بعد کی کُچھ تصاویر بھی سامنے آرہی ہیں کہ جن میں اس راکٹ حملے کے بعد نقصانات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

  6. ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں پولیس کی فائرنگ سے چار کارکنان ہلاک: پی ٹی ایم کا دعویٰ

    پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) نے الزام عائد کیا ہے کہ ’پشتون قومی جرگہ‘ کے لیے جمع ہونے والے افراد پر پولیس کی فائرنگ سے ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    پی ٹی ایم کا کہنا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے خیبر گراؤنڈ میں تین جبکہ جنوبی وزیرستان میں ان کا ایک حامی ہلاک ہوا ہے۔

    پولیس کی جانب سے ان ہلاکتوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ تاہم جنوبی وزیرستان میں پولیس کا یہ ضرور کہنا ہے کہ ان کی ہوائی فائرنگ اور شیلنگ سے ایک شخص زخمی اور دوسرا بیہوش ہوا ہے۔

    دوسری جانب پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ پی ٹی ایم اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد ہسپتال میں تین لاشوں اور 10 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے پاکستانی حکومت کی جانب سے پی ٹی ایم کو کالعدم تنظیم قراد دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پشتونوں کے تحفظ کے لیے سرگرم تنظیم ضلع خیبر میں 11 اکتوبر کو گرینڈ جرگہ منعقد کرنے جا رہی ہے۔

  7. حزب اللہ کی اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی حمایت: کیا لبنانی تنظیم اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ رہی ہے؟, ہیوگو بچیگا، بی بی سی نیوز بیروت

    حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم لبنانی تنظیم کے ان چند سینیئر رہنماؤں سے ایک ہیں جو کہ اب بھی زندہ ہیں۔

    گذشتہ روز ایک نامعلوم مقام سے ان کی تقریر نشر کی گئی تھی۔ حزب اللہ نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ وہ غزہ میں موجود فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر حملے کر رہی ہے اور یہ حملے تب ہی رُکیں گے جب غزہ میں جنگ بندی ہو جائے گی۔

    لیکن اب حزب اللہ اپنے ہی گھر یعنی لبنان میں اسرائیل سے جنگ لڑ رہی ہے۔

    گذشتہ روز نشر ہونے والی نعیم قاسم کی تقریر میں مزاحمت کا رنگ واضح تھا لیکن اس مزاحمت سے زیادہ اہم وہ بات تھی جو انھوں نے صاف الفاظ میں نہیں کہی۔

    انھوں نے کہا تھا کہ وہ جنگ بندی کے لیے لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انھوں نے غزہ میں جنگ بندی کو بطور شرط بھی پیش نہیں کیا۔

    یہ واضح نہیں کہ حزب اللہ کی غزہ کے معاملے پر مؤقف میں تبدیلی آئی ہے یا نہیں۔ لکن یہ بات ضرور ہے کہ حزب اللہ اب ماضی کے معاملے میں کافی حد تک کمزور ہوگئی ہے، اس کا انفراسٹکچر تباہ ہو چکا ہے اور سینیئر قیادت بھی ماری جا چکی ہے۔

    گذشتہ ایک برس میں لبنان میں دو ہزار سے زیادہ لوگ مارے چکے ہیں اور حالیہ دنوں میں تقریباً 12 لاکھ لوگوں کو جنگ کے باعث اپنے گھر چھوڑنے پڑے ہیں۔

    گذشتہ کئی برسوں سے متعدد بحرانوں کا شکار لبنان کو اب جنگ کا دباؤ بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ اب لبنان میں جنگ بندی یقینی ہے کیونکہ اگر اسرائیل نقطہ نظر سے سوچا جائے تو انھیں جنگ بندی سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔

    حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی حملوں کی مہم انتہائی کامیاب رہی ہے اور اس سے لبنانی تنظیم غیرمؤثر ہوگئی ہے، اب تک وہ اسرائیل کو کوئی بڑا ردِعمل نہیں دے پائے ہیں۔

    اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ اسرائیل فوج حکام کہہ رہے ہوں کہ یہ وقت جنگ کو آگے بڑھانے کا ہے روکنے کا نہیں۔

  8. اسرائیلی فوج کا لبنان کے 25 فیصد حصے سے شہریوں کو انخلا کا حکم

    اسرائیلی فوج نے ابھی ابھی جنوبی لبنان میں لوگوں کو ایک نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے ’محتاط رہنے‘ کی ہدایت کی ہے کیونکہ فوجی اس علاقے میں اہداف پر حملہ کر رہے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’آپ کی حفاظت کے لیے آپ کو اگلے نوٹس تک اپنے گھروں کو واپس جانے سے روکا گیا ہے۔ جو بھی جنوب کی جانب جا رہا ہے وہ اپنی زندگی خطرے میں ڈال رہا ہے۔‘

    واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں پہلے ہی 100 سے زیادہ دیہات خالی کرنے کا حکم جاری کر رکھا ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی فوج اب تک لبنان کے ایک چوتھائی علاقے میں انخلا کے احکامات جاری کر چکی ہے۔

  9. امریکی صدر بائیڈن اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے درمیان آج بات چیت متوقع

    امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے درمیان آج بات چیت متوقع ہے کیونکہ واشنگٹن گزشتہ ہفتے ایران کے میزائل حملے پر اسرائیل کے ردعمل کو محدود کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ایران کی جانب سے اسرائیل پر تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کرنے کے بعد مشرق وسطیٰ جنگ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

    امریکہ نے اپنے قریبی اتحادی امریکہ کے جوابی کارروائی کرنے کے حق کا دفاع کیا ہے تو وہیں اس نے یہ پیغام بھی بھیجا ہے کہ اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات یا تیل کی پیداوار کے مقامات کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

    صدر بائیڈن اور نیتن یاہو نے کئی ہفتے سے براہ راست بات نہیں کی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات بد اعتمادی کا شکار ہونے لگے ہیں۔

  10. کیا لبنان کے عوام واقعی حزب اللہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے؟, کیرین توربے، بی بی سی نامہ نگار

    گذشتہ رات اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی تقریر سننے والے لبنان کے بہت سے لوگوں کے لیے خطرہ واضح ہے اور آپشنز انتہائی سنگین ہیں: یعنی یا تو غزہ جیسی صورتحال کا سمانا کریں یا پھر خانہ جنگی۔

    لبنان کے عوام کا حزب اللہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا ذکر اسرائیل کی تقریروں میں بار بار آتا ہے۔ یہ ملک میں حزب اللہ کے حامی اور مخالف گروپوں کے درمیان گہری تقسیم کی عکاسی کرتا ہے۔

    تو حزب اللہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا اصل مطلب کیا ہے؟

    لبنان میں ایسے بہت سے گروہ ہیں جو کھلے عام اور شدید انداز میں حزب اللہ کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہ ملک میں جاری سیاسی بحث کا حصہ ہے۔

    لیکن حزب اللہ کے مخالفین کے لیے اس گروپ کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی کرنے کا مطلب ایک ہی ملک کے لوگوں کے درمیان خونیں تصادم ہو سکتا ہے۔

    یہ ایک ایسے ملک کے لیے ایک اور خانہ جنگی جیسا ہے جو سنہ 1975 اور 1990 کے درمیان 15 سال تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے نتائج اب تک جھیل رہا ہے۔

    نیتن یاہو کی تقریر کے بعد آج بھی لبنان میں بہت سے لوگوں کے لیے ایسا ہے جیسے انھیں بدترین اور بدترین کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔

  11. ’محبت کی شادی‘ کے لیے خاندان کے 13 افراد کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے ملزمان تک پولیس کیسے پہنچی؟

    رواں برس 17 اگست کو سندھ کے علاقے کیٹی پیر پگارہ کے ایک گاؤں میں ایک ہی خاندان کے 13 سے زائد افراد کی اچانک کھانا کھانے کے بعد طبعیت بگڑی اور وہ ایک ایک کر کے بے ہوش ہو گئے۔

    عزیز رشتہ دار انھیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لے گئے کیونکہ ان کو یہ گمان گزرا کہ شاید باسی کھانا کھانے کے باعث انھیں فوڈ پوائزننگ ہوئی ہے۔

    یہ ان دنوں کی بات ہے جب مون سون کی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال تھی اور کیٹی پیر پاگارہ کا علاقہ زیر آب تھا اور گاؤں ہیبت بروہی بھی پانی کے گھیرے میں تھا۔

    ان تمام افراد کو ہسپتال لے جائے جانے کے باوجود دوران علاج 30 سالہ غلام اصغر اور دس سالہ دلدار فوت ہو گئے اور اگلے ہی روز مزید سات افراد دم توڑ گئے اور چند ہی دنوں میں یہ تعداد 13 تک پہنچ گئی۔

    13 افراد کی ہلاکت کے بعد ضلع خیرپور کی پولیس کو شک گزرا کہ یہ اموات طبی نہیں۔ اگرچہ ہلاک ہونے والے خاندان کے رشتہ داروں نے اس واقعے کا پولیس میں کوئی مقدمہ درج نہیں کروایا تھا لیکن پولیس نے سرکار کی مدعیت میں اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس نے جب ابتدائی چھان بین کی تو انھیں معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والے خاندان کے دو افراد ایک لڑکا اور لڑکی زندہ ہیں بلکہ انھیں کسی قسم کی کوئی طبی شکایت کا بھی سامنا نہیں ہوا جبکہ انھوں نے بھی اپنے خاندان کے ساتھ وہی کھانا کھایا تھا۔

    ڈی ایس پی پیر جو گوٹھ ملہیر پاتو کہتے ہیں کہ اگر گاؤں والوں کا موقف تسلیم کر لیتے کہ فوڈ پوائزنگ ہے تو سب متاثر ہوتے اس سے دو افراد کیسے محفوظ رہے اور اس صورتحال نے بھی سوالات پیدا کیے۔

    وہ بتاتے ہیں کہ ’پولیس نے پوری کوشش کی تھی کہ ہلاک ہونے والوں کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے لیکن خاندان والے راضی نہیں ہوتے تھے۔ پھر جب ہسپتال میں آخر میں دو ہلاکتیں ہوئیں تو ان کا پوسٹ مارٹم اور کیمیکل تجزیہ کرایا گیا۔‘

    پوسٹ مارٹم اور کیمیکل تجزیے کی رپورٹ آنے کے بعد پولیس کا شک یقین میں بدلا کیونکہ دونوں لاشوں کی رپورٹ میں دو کیمیکلز کی موجودگی پائی گئی، یہ کیمکلز نیند کی ادویات اور زرعی ادویات میں پائے جاتے ہیں

    اس رپورٹ کے فوراً بعد پولیس نے اپنی تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا۔ ڈی ایس پی ملیہر پاتو کے مطابق جب پوچھ گچھ کے لیے لڑکی کو پولیس کے حوالے کرنے کو کہا گیا تو رشتے داروں نے منع کیا جبکہ پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم لڑکا بھی اپنے والد کو ہسپتال چھوڑنے کے بعد سے فرار ہے۔

    وہ بتاتے ہیں کہ پولیس کا شک اس وقت اور بھی پختہ ہوا جب ملزم اپنے والد کی موت کے بعد تدفین کے لیے بھی نہیں آیا۔

    ڈی ایس پی پیر جو گوٹھ کے مطابق تحقیقات کے دوران انھیں علاقہ مخبروں کے ذریعے معلوم ہوا کہ ملزم اپنی کزن سے شادی کرنے کا خواہشمند تھا لیکن والدین راضی نہیں تھے۔

    ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے اپنی کزن کو کہا کہ ’میں تمہیں ایک ایسا زہر لاکر دیتا ہوں وہ اپنے اہل خانہ کو کھلاؤ تو مسئلہ حل ہو جائے گا اور ہماری شادی ہوجائیگی۔‘

    گرفتار ملزمہ نے خیرپور پولیس اور میڈیا کے سامنے دیے بیان میں کہا کہ ’میں اور میرا کزن (ملزم) پیار کرتے تھے اس نے کہا کہ تم گھر والوں کو زہر دے دو اس کے بعد مسئلہ حل ہو جائے گا اور ہم شادی کر لیں گے۔‘

    پولیس ایف آئی آر کے مطابق 17 اگست شام کو سات بجے ملزم نے اپنی کزن کو زہر لاکر دیا اور اس سے کہا کہ کھانے پینے کی چیز میں ڈال دینا۔

    ایف آئی آر کے مطابق کھانا کھانے کے بعد اہل خانہ کو چکر آنے گے اور وہ بے ہوش ہونے لگے۔

    پولیس نے دونوں ملزموں کا چار روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

    ڈی ایس پی کے مطابق ابھی اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے جس میں یہ بھی دیکھنا ہے کہ اس واردات میں یہ دونوں شامل ہیں یا انھیں کسی اور کی معاونت بھی حاصل ہے۔

  12. لبنان کے دارالحکومت بیروت میں گذشتہ رات کیا ہوا؟

    لبنانی میڈیا کے مطابق گذشتہ رات لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مضافات میں حزب اللہ کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے دحیہ میں متعدد فصائی حملے ہوئے ہیں۔

    شہر میں لوگوں نے بتایا کہ حالیہ راتوں کے مقابلے میں گذشتہ رات ہونے والی بمباری کی شدت کم تھی۔

    العربیہ ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت پر سمندر سے حملہ کیا اور تین میزائل داغے تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

    دوسری جانب حزب اللہ نے کہا ہے کہ گذشتہ رات جب اسرائیلی فوجیوں نے مشرق میں اسرائیل اور لبنان کی سرحد کے قریب بلیدہ قصبے کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو انھوں نے آئی ای ڈی (دیسی ساختہ بم) سے ان پر حملہ کیا۔

    اسرائیل نے اس واقعے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم اس سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ بدھ کے روز جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران اس کا ایک فوجی ’شدید زخمی‘ جبکہ دو فوجی منگل کے روز ’شدید زخمی‘ ہوئے تھے۔

  13. نیتن یاہو نے لبنان کو ’غزہ جیسی تباہی‘ کے بارے میں خبردار کر دیا

    اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کے عوام پر زور دیا ہے کہ اگر وہ غزہ جیسی تباہی سے بچنا چاہتے ہیں تو حزب اللہ کو ملک سے نکال دیں۔

    اپنے ایک ویڈیو خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ ’آپ کے پاس لبنان کو بچانے کا موقع ہے، اس سے پہلے کہ وہ ایک طویل جنگ کی کھائی میں گر جائے، جو عزہ جیسی تباہی کا باعث بنے گی۔‘

    ’میں لبنان کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ اپنے ملک کو حزب اللہ سے آزاد کرا لیں تاکہ یہ جنگ ختم ہو سکے۔‘

    واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ سوموار کے روز لبنان میں فضائی کارروائی کے نتیجےمیں حزب اللہ کے 50 رکن ہلاک ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب لبنان کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 36 افراد ہلاک جبکہ 150 زخمی ہوئے ہیں۔

  14. ’پی ٹی ایم ایک پر امن تنظیم ہے، جو پشتون کمیونٹی کے لیے کام کر رہی ہے‘: ترجمان پشتون قومی جرگہ

    پشتون قومی جرگہ کے ترجمان عبدالصمد نے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ ایک پر امن تنظیم ہے، جو پشتون کمیونٹی کی جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، نسلی بنیادوں پر امتیاز اور جبری بے دخلی کے لیے کام کر رہی ہے۔

    پشتون قومی جرگہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی ایم پر پابندی اس وقت لگائی گئی، جب 11 اکتوبر کو وہ قومی جرگے کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ کسی بھی تنظیم کو ثبوتوں کی بنیاد پر ہی کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی گزشتہ چھ ماہ کی سرگرمیاں ملک کے خلاف رہی ہیں۔

  15. ’پشتون قومی جرگہ‘: خیبر میں دفعہ 144 نافذ، جرگہ گراونڈ پر پولیس اور دیگر فورسز نے حملہ کیا: منظور پشتین کا دعویٰ

    پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

    خیبر کے ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 30 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کا اطلاق 9 اکتوبر سے 7 نومبر تک ہو گا۔

    یاد رہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ نے 11 اکتوبر کو ضلع خیبر میں صوبے بھر میں بدامنی کی لہر کے خلاف ’پشتون قومی جرگہ‘ کے نام سے ایک جرگہ منعقد کرنے جا رہی تھی۔

    اس جرگے کے لیے خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، قوم پرست اور دیگر مختلف رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ یہ جرگہ تین دن جاری رہنا تھا جس کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب پی ٹی ایم کے سربراہ منظور احمد پشتین نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع خیبر میں جرگہ گراونڈ پر بھاری تعداد میں پولیس اور دیگر فورسز نے حملہ کر دیا ہے۔

    بدھ کی رات ایکس پر اپنے پیغام میں منظور پشتین نے دعویٰ کیا کہ پولیس اور دیگر فورسز اپنے ساتھ ہیوی میشنری بھی لے کر آئے ہیں۔

    منظور پشتین کے مطابق علاقے میں موبائل سگنل بند ہونے کی وجہ سے ان کا اپنے ساتھیوں سے رابطہ بھی منقطع ہے۔

    اس سے قبل پی ٹی ایم نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ یکم اکتوبر کو پشاور پولیس نے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں ’پشتون قومی جرگے‘ کی جلسہ گاہ پر چھاپہ مارا جبکہ بعد میں پولیس اور پی ٹی ایم کارکنان کے مابین جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔

  16. خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے پی ٹی ایم کے جلسے میں جانے پر پابندی عائد کر دی

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے سرکاری ملازمین پر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے جلسے میں جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں سرکاری محکموں اور ملازمین سے کہا گیا ہے کہ کسی کالعدم تنظیم کے کسی پروگرام یا سرگرمی میں جسمانی، مالی یا دوسری صورت میں شرکت غیر قانونی ہے اور اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم کے حوالے سے ’صوبائی حکومت آئین و قانون کی پاسداری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔‘

    یاد رہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت نے چند روز پہلے ہی پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی ہے۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ پی ٹی ایم ملک میں امن و امان کے لیے خطرہ ہے۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ ’ٹھوس شواہد کی روشنی میں پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی ایم ملک دشمن بیانیے اور انارکی پھیلانے میں ملوث ہے۔‘

    پی ٹی ایم کی بنیاد کب پڑی؟

    جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نقیب اللہ محسود اور ان کے تین ساتھیوں کو 13 جنوری 2018 کی صبح کراچی میں پولیس اہلکاروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

    اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا تعلق شدّت پسند تنظیم داعش اور لشکرِ جھنگوی سے تھا۔

    نقیب اللہ کے والد اور اہلخانہ نے اس پولیس مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ کا کسی شدت پسند تنظیم سے تعلق نہیں تھا اور اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے بھی پولیس کے اس دعوے کو مسترد کیا تھا۔

    نقیب اللہ کے قتل کے نتیجے میں پشتون تحفظ موومنٹ ابھری جس کے بارے میں کہا گیا کہ اس نے کراچی سے لے کر کابل تک مظلوم پشتونوں کو یک آواز کر دیا تھا۔

  17. اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے مُمکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کو ہلاک کر دیا: نیتن یاہو

    اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ’وہ اپنے لوگوں کو بحفاظت وطن واپس لانے اور حزب اللہ کو ختم کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہو گا، کریں گے۔‘

    لبنان کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ایک ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ ’اسرائیل کامیاب ہو گا۔‘

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’آئی ڈی ایف نے حزب اللہ کے سابق رہنما حسن نصراللہ کے ممکنہ متبادل ہاشم صفی الدین کو ہلاک کر دیا ہے جس کے بعد اب حزب اللہ کی کمر ٹوٹ چُکی ہے۔‘

  18. لبنان کی صورتحال پر گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • لبنانی حکومت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے بچنے کے لیے چار لاکھ سے زیادہ لوگ لبنان سے سرحد پار شام نقل مکانی کر چکے ہیں۔
    • حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے تل ابیب کے مضافات میں ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
    • اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے ’انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر‘ پر میزائل داغے ہیں۔
    • اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار کلو میٹر دور یمن سے ایک زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغا گیا تھا جسے اس کی فضائیہ نے مار گرایا۔