نوبل انعام یافتہ محمد یونس نے بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا

جمعرات کو ڈھاکہ پہنچنے کے بعد 84 سالہ محمد یونس نے کہا کہ ’لوگ پرجوش ہیں اور ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔‘ واضح رہے کہ پروفیسر یونس کو عبوری حکومت کا چیف ایڈوائزر نامزد کرنے کا فیصلہ صدر محمد شہاب الدین، فوجی رہنماؤں اور طلبہ رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔

خلاصہ

  • نوبل انعام یافتہ پروفیسر محمد یونس نے بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ کے طور پر حلف اُٹھا لیا ہے۔
  • سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’جیل سے بیٹھ کر پیش گوئی کر رہا ہوں کہ حکومت کے پاس دو مہینے کا وقت ہے اور حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے۔
  • بلوچستان کے سرحدی شہرچمن میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان آمدورفت کے لیے پاسپورٹ کی شرط کے خلاف دوبارہ دھرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
  • وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ پر اسرائیلی بمباری اور وحشیانہ کارروائیوں کو ’نسل کشی‘ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اسرائیل سیز فائر کے قانونی مطالبے کو رد کرتا ہے تو او آئی سی ممالک جواباً اسرائیل پر تیل اور تجارت پر پابندیاں عائد کردیں۔

لائیو کوریج

  1. انسدادِ دہشت گردی عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر پی ٹی آئی کے رہنما عدالت سے فرار

    لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرحت عباس ضمانت خارج ہونے پر عدالت سے فرار ہوگئے۔

    لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی حافظ فرحت عباس اور شیخ امتیاز کی درخواست ضمانت خارج کردی تھیں۔ اس موقع پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما فرحت عباس اپنی گاڑی میں بیٹھ کر عدالت سے روانہ ہو گئے۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر حافظ فرحت عباس نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اس فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ جاؤں گا۔‘

    پی ٹی آئی کے دونوں رہنما انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے فیصلہ سُنتے ہی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا کہہ کر عدالت سے فرار ہو گئے۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے دونوں رہنما 9 مئی جلاؤ گھراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں مطلوب ہیں۔

  2. پاکستان نے کشیدہ حالات کے پیشِ نظر اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی

    پاکستان

    ،تصویر کا ذریعہAFP

    پاکستانی دفتر خارجہ نے لبنان میں موجود پاکستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ لبنان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان میں موجود تمام پاکستانی شہری لبنان چھوڑ دیں، لبنان میں رہنے والے پاکستانی احتیاط برتیں اور خطرے والی جگہوں پر نہ جائیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لبنان میں موجود پاکستانی بیروت میں پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

    خیال رہے کہ تہران میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت اور بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر کی ہلاکت کے بعد سے خطے میں حالات کشیدہ ہیں۔

    تاہم موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر امریکا، برطانیہ، اردن اور دیگر ممالک پہلے ہی اپنے شہریوں سے لبنان چھوڑنے کا کہہ چکے ہیں۔

  3. نوبل انعام یافتہ محمد یونس بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ مقرر

    MY

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بنگلہ دیش میں نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو مُلک کا عبوری سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ 84 سالہ محمد یونس کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کے طور پر تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک روز قبل حسینہ واجد کئی ہفتوں سے جاری بدامنی کے بعد ملک چھوڑ کر روانہ ہو گئی تھیں۔

    اگرچہ پروفیسر یونس کو مائیکرو لونز کے استعمال پر سراہا جاتا رہا ہے، لیکن حسینہ واجد نے انھیں عوام دشمن قرار دیا اور حال ہی میں ایک مقامی عدالت نے انھیں سیاسی محرکات پر مبنی کیس میں قید کی سزا سنائی۔

    مظاہروں کی قیادت کرنے والے طالب علموں کا کہنا تھا کہ وہ فوج کی قیادت والی حکومت کو قبول نہیں کریں گے اور انھوں نے پروفیسر یونس کو عبوری انتظامیہ کی قیادت کرنے پر زور دیا تھا۔

    پروفیسر یونس کو چیف ایڈوائزر نامزد کرنے کا فیصلہ صدر محمد شہاب الدین، فوجی رہنماؤں اور طلبہ رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا۔

    پروفیسر یونس کہ کہنا تھا کہ ’جب اتنی قربانیاں دینے والے طلبہ مجھ سے اس مشکل موڑ پر قدم رکھنے کی درخواست کر رہے ہیں، تو میں انکار کیسے کر سکتا ہوں؟

    ان کے ترجمان نے بتایا کہ وہ پیرس سے ڈھاکہ واپس آرہے ہیں جہاں ان کا معمولی طبی معائنہ کیا جائے گا۔

    MY

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پروفیسر محمد یونس کون ہیں؟

    83 سالہ نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو، جو عالمی سطح پر ’غریبوں کے بینکر‘ کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، مائیکرو فنانس قرضوں کا ایک ایسا نظام قائم کرنے کا کریڈٹ جاتا ہے جس کی مدد سے لاکھوں افراد کو غربت سے نکالنے میں مدد ملی ہے۔

    یہ بینک، جسے پروفیسر یونس نے 1983 میں شروع کیا تھا، غریب لوگوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے چھوٹے اور طویل مدتی قرضے فراہم کرتا ہے۔ 2006 میں اس کام پر پروفیسر یونس کو نوبل امن انعام سے نوازا گیا۔

    جہاں دنیا پروفیسر یونس کی مداح ہے وہیں پیر کو مستعفی ہونے والی بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد انھیں عوام دشمن سمجھتی رہی ہیں۔ انھوں نے پروفیسر یونس کو بار بار غریبوں کا ’خون چوسنے والا‘ قرار دیا اور ان کے گرامین بینک پر بہت زیادہ شرح سود وصول کرنے کا الزام لگایا۔

    حسینہ واجد کے دور میں رواں برس جنوری میں بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے محمد یونس کو ملک کے لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔

    پروفیسر یونس کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔

    بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ پروفیسر یونس کی جانب سے 2007 میں فوج کی حمایت یافتہ نگران حکومت کی بظاہر حمایت سے ایک سیاسی جماعت بنانے کی کوشش نے حسینہ واجد کو ناراض کر دیا تھا، خاص طور پر اس لیے کہ وہ اس وقت جیل میں تھیں۔

    محمد یونس نے بعدازاں سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ ترک کر دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ ان کے بس کی بات نہیں۔

  4. گزشتہ روز کی چند اہم خبروں کا خلاصہ

    • سابق وزیر خارجہ اور عوامی لیگ کے جوائنٹ جنرل سیکریٹری حسن محمود کو ملک سے باہر جانے کی کوشش کے دوران حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بی بی سی بنگلہ نے ہوائی اڈے کے ذرائع سے تصدیق کی ہے کہ انھیں منگل کی سہ پہر امیگریشن پولیس نے حراست میں لیا تھا۔
    • بنگلہ دیش کی معذول وزیر اعظم شیخ حسینہ ڈھاکہ سے فرار ہونے کے بعد دلی میں ہیں۔ وہ وہاں دلی کے نواح میں ہینڈن کے فضائی اڈے پر اتری تھیں۔ وہ کل سے وہیں فضائیہ کے گیسٹ ہاؤس میں مقیم ہیں۔
    • بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر اور دارالحکومت کوئٹہ سمیت پانچ علاقوں میں دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گوادر شہر میں 27 جولائی سے موبائل فون سروس بند ہے تاہم پسنی سمیت ضلع کے بعض دیگر علاقوں میں موبائل فون سروس کو بحال کردیا گیا ہے۔
    • بنگلہ دیش میں انصار یعنی نیم فوجی دستوں کو ڈھاکہ میں تھانے، ٹریفک اور ایئرپورٹ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کے مطابق ملک کی ٹریفک کا انتطام طلبہ تحریک نے سنبھال لیا ہے۔ میڈیا نے ڈھاکہ کے مختلف سڑکوں سے ان طلبہ کی تصاویر بھی شائع کی ہیں۔
    • انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ پیر کو بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے بہت مختصر نوٹس پر انڈیا آنے کی درخواست کی۔ وزیر خارجہ نے پہلی بار یہ بتایا ہے کہ استعفیٰ دینے کے بعد شیخ حسینہ واجد گذشتہ روز انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی آئیں۔
    • بنگلہ دیش کا انڈیا کے ساتھ ریل رابطہ پیر سے معطل ہے۔ ’ایئر انڈیا‘ اور ’انڈیگو‘ جیسی بڑی انڈین ایئر لائنز نے بنگلہ دیش کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جب تک سرحد پر سے حفاظت سے گزرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی تب تک ریل ٹریفک شروع نہیں ہوگی۔
    • بنگلہ دیش میں جاری کوٹہ مخالف طلبہ تحریک اور مُلک میں جاری سیاسی عدم استحکام پر انڈیا میں وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو بنگلہ دیش کی تازہ ترین صورتحال اور سیاسی عدم استحکام سے متعلق آگاہ کیا۔
  5. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    اس لائیو پیج میں پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال کے حوالے سے تازہ معلومات شامل کی جائیں گی۔

    6 اگست کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔