’مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں بڑھ رہے ہیں، امریکی ٹیم کو کہا ہے کہ معاہدے میں جلد بازی نہ کریں‘: ڈونلڈ ٹرمپ

ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں‘ اور انھوں نے امریکی ٹیم کو ’کسی معاہدے میں جلدی نہ کرنے‘ کا کہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’وقت ہمارے حق میں ہے۔‘

خلاصہ

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے مذاکرات کاروں کو کسی بھی معاہدے میں جلد بازی نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
  • اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور اُن کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ 'ایران کے ساتھ کسی بھی حتمی معاہدے میں جوہری خطرے کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے۔'
  • ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ’ان کا ملک دنیا کو اس بات کا یقین دلانے کے لیے تیار ہے' کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں‘
  • اگلے چند گھنٹوں میں دنیا کو ’اچھی خبر‘ ملے گی لیکن ’حتمی‘ نہیں: مارکو روبیو
  • اُمید ہے کہ مذاکرات سے ’ایک مثبت اور پائیدار نتیجہ دسترس میں ہے‘: اسحاق ڈار
  • ایک معاہدہ بڑی حد تک طے پا چکا ہے، جس کی حتمی تفصیلات اس وقت زیرِ غور ہیں اور جلد اس کا اعلان کیا جا سکتا ہے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

لائیو کوریج

  1. ایران صرف اپنے عوام کے قانونی حقوق کے حصول کا خواہاں ہے: مسعود پزشکیان

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہ@drpezeshkian2

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں کہا ہے کہ ’ایران صرف اپنے عوام کے قانونی حقوق کے حصول کا خواہاں ہے‘۔

    انھوں نے اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر شیئر کیں اور ساتھ مزید لکھا کہ ’امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا سابقہ تجربہ تقاضا کرتا ہے کہ انتہائی احتیاط سے کام لیا جائے۔‘

  2. اسلام آباد میں آوارہ کتوں کو مارنے پر پابندی عائد، ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں شہری انتظامیہ کو مزید کیا ہدایات دیں؟, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    IHC

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کے خلاف جاری سخت مہمات پر ایک فیصلہ سناتے ہوئے انھیں زہر دینے، گولی مارنے یا کسی بھی غیر انسانی طریقے سے ہلاک کرنے پر مستقل پابندی عائد کر دی ہے۔

    عدالت نے واضح کیا کہ کسی بھی کتے کو صرف اس صورت میں مارا جا سکتا ہے جب ایک مستند ویٹرنری ڈاکٹر یہ تصدیق کرے کہ وہ باؤلا یا لاعلاج بیماری میں مبتلا ہے، اور تب بھی اسے ایک باقاعدہ طبی طریقہ کار کے تحت تکلیف سے نجات دی جائے۔

    عدالت نے آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے سائنسی طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ’ٹریپ، سٹرلائز اور ویکسین‘ پالیسی اپنانے پر زور دیا۔ فیصلے میں ملائیشیا، ترکی، انڈونیشیا اور انڈیا سمیت کئی ممالک میں رائج قوانین کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

    یہ 24 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس خادم حسین سومرو نے آوارہ کتوں کی آبادی کے کنٹرول اور ان پر ہونے والے تشدد کے خلاف دائر درخواست پر جاری کیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ شہر میں موجود صحت مند اور ویکسین شدہ کتوں کو پکڑنے یا ہٹانے سے گریز کیا جائے، اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ، سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ ادارے طے شدہ پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

    Islamabad

    عدالتی فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ چیف کمشنر نے آوارہ کتوں کے مؤثر انتظام کے لیے سات رکنی پیشہ ورانہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کا باقاعدہ ڈیٹا بیس بنایا جائے۔

    ویکسینیشن کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ جانوروں پر ہونے والے ظلم کی ایک علیحدہ رجسٹری قائم کی جائے۔ مزید برآں، ترلائی میں قائم آوارہ کتوں کے کنٹرول سینٹر کے ریکارڈ اور ایس او پیز کو شفاف بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔

    عدالت نے اپنے ریمارکس میں اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ عدالتی کارروائی کے دوران سی ڈی اے کی ایک گاڑی میں مردہ کتوں کی تصاویر سامنے آئیں، جبکہ متعلقہ حکام اس عمل کی کوئی قانونی یا معقول وجہ پیش کرنے میں ناکام رہے۔

    فیصلے میں اس حقیقت پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان میں آوارہ جانوروں کے انتظام کے لیے کوئی یکساں قومی قانون موجود نہیں، اور صوبائی سطح پر نظام بکھرا ہوا ہے۔ عدالت نے پرانے جانوروں کے تحفظ کے قانون (1890) کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اس میں اصلاحات اور سخت سزاؤں کی ضرورت پر زور دیا۔

    اسلام آباد میں آوارہ کتوں کو مارنے پر پابندی عائد

    ،تصویر کا ذریعہHWO

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے واضح کیا کہ آوارہ اور جنگلی کتے بھی ایک جاندار اور حساس مخلوق ہیں، اور ان کے ساتھ بے رحمی کا کوئی جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ عدالت نے آئین کے تحت زندگی کے حق کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ماحولیاتی توازن اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ بھی شامل ہے۔

    فیصلے میں اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ قرآن و سنت میں جانوروں پر ظلم کی سختی سے ممانعت ہے اور ان کے ساتھ رحمدلی اور حسن سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔

    سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ آوارہ کتوں کی نس بندی اور ویکسینیشن پر فی کتا تقریباً 19 ہزار روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ یہ درخواست اسلام آباد کی شہری نیلوفر اور اجمل بلوچ سمیت دیگر افراد کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جبکہ کارروائی کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان بھی درخواست گزاروں کے ساتھ عدالت میں پیش ہوتی رہیں۔

  3. جنگ کے خاتمے کے لیے مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے کے مرحلے میں ہیں: اسماعیل بقائی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پاکستانی وفد کے دورہ تہران کے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دینے کے مرحلے میں ہیں۔ ان کے مطابق اس مرحلے پر زیرِ بحث نکات کا تعلق بنیادی طور پر جنگ کے خاتمے سے ہے۔‘

    ترجمان نے مزید کہا کہ ’امریکی بحری جارحیت جسے امریکہ ’بحری ناکہ بندی‘ قرار دیتا ہے کے خاتمے اور ایران کے منجمد مالی اثاثوں پر سے پابندیوں کے خاتمے جیسے معاملات اس یادداشت کا اہم حصہ ہیں۔‘

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اسماعیل بقائی نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں بتایا کہ ’پاکستانی وفد گزشتہ رات ایران پہنچا۔ اس سے قبل پاکستانی وزیرِ داخلہ بھی چند روز سے ایران میں موجود تھے۔ پاکستان، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کا مرکزی محور ہے اور گزشتہ چند ہفتوں میں اس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’اس دورے کا مقصد ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کے تبادلے کے سلسلے کو آگے بڑھانا تھا۔ بقائی کے مطابق اس وقت ایران کی توجہ ’مسلط کردہ جنگ کے خاتمے‘ پر ہے، جو کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی 14 نکاتی تجویز کی بنیاد پر آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ تجویز فریقین کے درمیان کئی بار تبادلے کے بعد اب حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔‘

    انھوں نے مزید بتایا کہ اس تجویز کی مختلف شقوں پر فریقین نے اپنے اپنے مؤقف کا تبادلہ کیا ہے اور گزشتہ چند دنوں میں بعض نکات اور الفاظ پر اختلافات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ’اس سلسلے میں نئی تجاویز پیش کی گئی ہیں، جن میں سے کچھ پر ابھی غور جاری ہے اور فریقین اپنی رائے دے رہے ہیں۔‘

  4. فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل: خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی، آئی ایس پی آر

    ISPR

    ،تصویر کا ذریعہISPR

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر نے ایران کا مختصر مگر انتہائی اہم اور نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔

    اس سے قبل ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک روزہ دورۂ تہران مکمل کرنے کے بعد ایران سے روانہ ہو گئے ہیں۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تہران سے روانہ ہوئے، جو گزشتہ ہفتے سے ایران میں موجود تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ’یہ دورہ 8 اپریل 2026 کی جنگ بندی کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کا حصہ تھا، جس کا مقصد تناؤ میں کمی اور تعمیری سفارتی پیش رفت کو آگے بڑھانا ہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایران کے دورے کے دوارن ملاقاتوں اور مذاکرات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے اور ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کے لیے عملی اقدامات پر بات چیت ہوئی۔‘

    آئی ایس پی آر کے مطابق ’فیلڈ مارشل کی ایران میں اہم شخصیات سے تمام ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی سفارتی سرگرمیوں کے نتیجے میں حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔‘

    بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ایرانی قیادت نے خطے میں امن کے فروغ اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔‘

    اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف، ایران کے صدر مسعود پزشکیان، وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی شامل تھے۔

    واضح رہے کہ یہ گزشتہ چند ہفتوں میں عاصم منیر کا ایران کا دوسرا دورہ تھا۔ واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور حالیہ سفارتی سرگرمیوں کو اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

    ISPR

    ،تصویر کا ذریعہISPR

  5. مارکو روبیو کا دورہ انڈیا: ایران سے رابطوں اور ممکنہ سفارتی پیش رفت کا عندیہ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور انڈیا کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی کے روزویلٹ ہاؤس میں استقبالیے سے قبل میڈیا سے مختصر گفتگو کی۔ روبیو نے کہا کہ انڈیا آنا ان کے لیے ’بہت خوشی‘ کی بات ہے اور نئی سفارتی عمارت کا افتتاح یہاں امریکی سرگرمیوں کو ’مزید مؤثر‘ بنائے گا۔ ان کے مطابق انڈیا امریکہ کی انڈو پیسیفک حکمتِ عملی کا مرکزی ستون ہے۔

    تقریب کی جانب بڑھتے ہوئے روبیو سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آج ایران کی جانب سے تازہ تجاویز پر کوئی جواب موصول ہوا ہے؟ روبیو نے جواب دیا کہ ’آج بعد میں کوئی خبر آ سکتی ہے۔۔۔ شاید کچھ ہو جائے، شاید کُچھ نہ ہو۔ اُمید تو ہے کہ ہو جائے، لیکن ابھی یقین سے نہیں کہہ سکتا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’کچھ پیش رفت ہوئی ہے‘ اور آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے ’بات کرنے کے لیے کچھ ہو سکتا ہے۔‘

    روبیو نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکی صدر کی ترجیح سفارت کاری اور مذاکرات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے اس دورے کے دوران ایران امریکہ سفارتی رابطوں سے متعلق کوئی پیش رفت سامنے آ جائے۔

  6. ایران کو عالمی توانائی مارکیٹ کو یرغمال بنانے نہیں دیا جائے گا: امریکی وزیرِ خارجہ

    Indian Government

    ،تصویر کا ذریعہIndian Government

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے انڈیا کے چار روزہ دورے کے دوران نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔

    وزیرِ خارجہ روبیو کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ’امریکہ ایران کو عالمی توانائی مارکیٹ کو یرغمال بنانے نہیں دے گا اور امریکی توانائی مصنوعات انڈیا کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور اسے مستحکم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔‘

    واضح رہے کہ روبیو سنیچر کی صبح مشرقی شہر کلکتہ پہنچے جہاں سے وہ دارالحکومت نئی دہلی روانہ ہوئے۔ اپنے دورے کے دوران وہ جئے پور اور آگرہ کا دورہ بھی کریں گے۔

    امریکی حکام کے مطابق ملاقات میں روبیو نے وزیراعظم مودی کو وائٹ ہاؤس کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ انڈین وزیراعظم نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

    یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات میں بہتری کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ ایران جنگ کے بعد پیدا ہونے والا عالمی توانائی بحران انڈیا کو بھی شدید متاثر کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا دورۂ انڈیا ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی مذاکرات اور گزشتہ سال کے انڈیا پاکستان تنازعے کے حل سے متعلق متضاد دعووں نے تعلقات میں کشیدگی پیدا کر رکھی ہے۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا دعویٰ کر چکے ہیں کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی کشیدگی ان کی ثالثی سے ختم ہوئی، تاہم انڈیا نے اس دعوے کی مسلسل تردید کی ہے اور اپنی پالیسی کے مطابق واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کی دو جوہری طاقتوں کے درمیان کسی تیسرے فریق کی ثالثی قبول نہیں۔

    انڈیا کو یہ بات بھی ناگوار گزری ہے کہ ٹرمپ نے پاکستانی فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر کے لیے کھل کر پسندیدگی کا اظہار کیا اور انھیں اپنا ’پسندیدہ فیلڈ مارشل‘ قرار دیا۔

    دوسری جانب ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی نے اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات کو مزید قریب کر دیا ہے، جسے خطے کی سفارتی ماحول میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

  7. وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورۂ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے

    PMO

    ،تصویر کا ذریعہPMO

    وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ دورۂ چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے چار روزہ سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچ گئے ہیں۔ ہانگژو کے شیاؤ شین ایئرپورٹ پر ژجیانگ صوبے کے نائب گورنر شو وینگوانگ، چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    وزیراعظم کے ہمراہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

    وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں اُن کی چین میں مصروفیات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہانگژو میں وزیراعظم کی ملاقات ژجیانگ صوبے کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہاؤ سے ہوگی۔

    بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے منعقدہ بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے، جہاں مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔

    وزیراعظم کے دفتر کے مطابق وزیراعظم کی معروف چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، جبکہ وہ چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کریں گے۔

    تاہم وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے چین کے چار روزہ سرکاری دورے کے حوالے سے وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چانگ سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک کے مشترکہ سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے۔

    وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ دورے کا بنیادی مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے تاہم موجودہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال بھی گفتگو کا اہم حصہ ہوگی۔

    وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کے مطابق خطے کے موجودہ بحران میں دونوں ممالک نے امن کے لیے تعاون جاری رکھا ہے اور اس پر بات بھی ہوتی رہی ہے اور وزیراعظم کے دورے میں یہ معاملہ بھی زیرِ بحث آئے گا۔

    دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ قطری وفد نے تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کئی ممالک جنگ کے خاتمے میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تاہم سرکاری سطح پر مذاکرات کا مرکزی کردار اب بھی پاکستان کے پاس ہے۔

    اسی سلسلے میں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر بھی گزشتہ روز تہران پہنچے، جہاں انھوں نے رات گئے تک ایرانی وزرائے خارجہ اور داخلہ، عباس عراقچی اور سکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔ اس سے قبل پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی تہران کا دورہ کر چکے ہیں۔

  8. چین کے شمالی حصے میں کوئلے کی کان میں دھماکہ، ہلاکتوں کی تعداد 90 ہو گئی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی چین میں واقع ایک کوئلے کی کان میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 90 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شانشی صوبے میں لیوشینیو کول مائن میں دھماکہ سنہ 2009 کے بعد چین میں پیش آنے والا بدترین کان کنی کا حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دھماکے کے وقت کان میں 247 کارکن موجود تھے۔ حادثہ جمعہ کی شام پیش آیا۔ امدادی ٹیموں نے اب تک 100 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر لیا ہے جبکہ سیکڑوں ریسکیو اہلکار موقع پر موجود ہیں۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کے علاج اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انھوں نے حکومت کو دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔

    سرکاری میڈیا کے مطابق27 افراد مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقیوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔ زیادہ تر افراد زہریلی گیس کے باعث متاثر ہوئے تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گیس کی نوعیت کیا تھی۔

    Xinhua

    ،تصویر کا ذریعہXinhua

  9. باقر قالیباف کی فیلڈ مارشل سے ملاقات میں گفتگو: ’ٹرمپ نے دوبارہ جنگ کا آغاز کیا تو یہ امریکہ کے لیے زیادہ تلخ اور تباہ کن ثابت ہو گی‘

    IRNA

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    پاکستان کے فیلڈ مارشل اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی ہے۔

    ایرانی میڈیا نے اس ملاقات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ قالیباف نے گفتگو کے دوران کہا کہ ’ہم اپنے ملک اور قوم کے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، خاص طور پر ایسے فریق کے سامنے جس نے کبھی صداقت سے کام نہیں لیا اور جس پر کسی بھی صورت میں اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ہماری مسلح افواج نے جنگ بندی کے دوران خود کو اس طرح مضبوط کیا ہے کہ اگر ٹرمپ نے دوبارہ حماقت کی اور جنگ کا آغاز کیا تو یہ جنگ امریکہ کے لیے پہلے دن سے زیادہ تلخ اور تباہ کن ثابت ہوگی۔‘

    اسی سلسلے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر گزشتہ روز تہران پہنچے تھے، جہاں انھوں نے ایرانی حکام کے ساتھ خطے کی صورتحال اور سکیورٹی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔

    FARS

    ،تصویر کا ذریعہFARS

    پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی، یہ گزشتہ چند ہفتوں میں ان کا ایران کا دوسرا دورہ ہے۔

    ایرانی حکام کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ شب ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی جو دیر رات تک جاری رہی۔

    اس سے قبل پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی چند روز کے اندر دوسری مرتبہ تہران کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں انھوں نے ایرانی حکام سے اہم مذاکرات کیے۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور حالیہ سفارتی سرگرمیوں کو اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

    FARS

    ،تصویر کا ذریعہFARS

  10. بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا آپریشن: آٹھ شدت پسند ہلاک، 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم برآمد، پولیس

    KP POLICE

    ،تصویر کا ذریعہKP POLICE

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تھانہ میریان کی حدود میں شدت پسندوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں آٹھ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

    بیان کے مطابق ’آپریشن کے دوران پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جبکہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ شدت پسند ہلاک ہوئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔‘

    ’اسی دوران میرانشاہ روڈ پر آزاد منڈی کے قریب 10 کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔‘

    خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی معلومات کے مطابق یہ بم آج ہونے والی روڈ اوپننگ ڈیوٹی کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا گیا تھا، تاہم پولیس اور سی ٹی ڈی کی بروقت حکمت عملی سے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔‘

    صوبائی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آپریشن علی الصبح شروع ہوا جس میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا، جیس کی نگرانی ایس پی رورل بنوں نے کی، جبکہ دو ایس ڈی پی اوز اور ایس پی سی ٹی ڈی بھی موقع پر موجود رہے۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’شدت پسندوں کی نقل و حرکت اور ممکنہ ٹھکانوں کی نشاندہی کے لیے جدید ڈرون سرویلنس اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کیا گیا۔‘

    صوبہ خیبر پختونخوا پولیس کے آئی جی ذوالفقار حمید نے بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’خیبر پختونخوا پولیس ہر محاذ پر دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ قوم کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔‘

    وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے شدت پسندوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انھیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

    وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ’آٹھ شدت پسندوں کو خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کے نتیجہ میں نشانہ بنایا گیا۔‘

    محسن نقوی نے آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اُن کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

  11. جنگ میں تقریباً 3 ہزار صنعتی یونٹس متاثر ہوئے، جن کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے: ایرانی وزارتِ داخلہ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرنی وزارتِ صنعت کان کنی و تجارت کے ترجمان عزت اللہ زارعی کا کہنا ہے کہ ایران میں جنگ کے دوران تقریباً تین ہزار صنعتی یونٹس کو نقصان پہنچا ہے۔

    ترجمان کی جانب ےس جاری ہونے والے ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بعض صوبوں میں ابھی اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ابھی یہ کام مکمل نہیں ہوا کہ نقصان کتنا ہوا، اس لیے حتمی اعداد و شمار سامنے نہیں آئے۔

    بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم ہوا ہے کہ تقریباً تین ہزار صنعتی یونٹس متاثر ہوئے ہیں۔

    ان کے مطابق مبارکہ سٹیل اور خوزستان سٹیل جیسے اہم صنعتی اداروں کی بحالی کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ وہ جلد از جلد دوبارہ پیداوار شروع کر سکیں۔

    وزارتِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ جنگ نے سپلائی چین کو شدید متاثر کیا ہے اور خام مال کی درآمد اب پہلے کی طرح آسان نہیں رہی۔

  12. چین کے شمالی صوبے میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم 82 افراد ہلاک

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہ@XHNews

    چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شمالی چین میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم 82 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شنہوا‘ کے مطابق یہ دھماکہ جمعے کی شب صوبے شانزی میں ٹونگ زو گروپ کی لیوشینیو کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں ہوا۔

    اطلاعات کے مطابق دھماکے وقت 247 کان کن ڈیوٹی پر موجود تھے، جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں٫

  13. فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہTasnim

    جمعے کو ایران پہنچنے والے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تہران میں ملاقات کی ہے۔

    بی بی سی فارسی نے مختلف ایرانی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کی شب رات دیر گئے تک جاری رہنے والی بات چیت میں فریقین نے جنگ کے خاتمے کے لیے تازہ ترین سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ مغربی ایشیائی خطے میں امن و سلامتی کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    گذشتہ چند ہفتوں میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

  14. انڈیا میں پیٹرول کی قیمت میں 87 پیسے کا اضافہ، ایک لیٹر پیٹرول 99 روپے 51 پیسے کا ہو گیا

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    انڈیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رواں مہینے کے دوران تیسری مرتبہ اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد نئی دہلی میں پیٹرول کی قیمت 87 پیسے اضافے سے 99 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت 91 پیسے اضافے کے بعد 92 روپے 49 پیسے ہو گئی ہے۔

    انڈیا میں سرکاری ایندھن کی تقسیم کار کمپنیوں نے ہفتے کے روز اس مہینے میں تیسری بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

    حکام کے مطابق یہ اقدام ایران جنگ کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔

    انڈیا اپنی زیادہ تر تیل کی ضروریات کو درآمد کرتا ہے اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے توانائی کی درآمد کی لاگت اور حکومتی بجٹ پر خاصا دباؤ ڈالا ہے۔

  15. ایران جنگ کے باعث باعث معاشی مشکلات، 27 ممالک کا مدد کے لیے عالمی بینک سے رُجوع

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کی طرف سے دیکھی گئی ایک اندرونی دستاویز کے مطابق، ایران جنگ کے آغاز کے بعد سے 27 ممالک نے عالمی بینک سے رُجوع کیا ہے تاکہ ایران جنگ کے اُن کی معیشتوں پر پڑنے والے اثرات کے باعث مدد لی جا سکے۔

    دستاویز میں ان ممالک کا نام نہیں دیا گیا ہے اور نہ ہی درخواست کی گئی فنڈنگ ​​کی صحیح رقم سامنے آ سکی ہے۔ ورلڈ بینک نے اس معاملے میں تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو تنازع شروع ہونے کے بعد توانائی کی عالمی منڈی میں اس کے نتیجے میں خلل نے سپلائی چین کو متاثر کیا ہے اور ترقی پذیر ممالک کو اہم کھاد کی ترسیل کو روک دیا ہے۔

    کینیا اور عراقی حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ جنگ کے نتائج سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک سے فوری مالی مدد کے خواہاں ہیں، جس میں کینیا میں ایندھن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور عراق کی تیل کی آمدنی میں بڑے پیمانے پر کمی شامل ہے۔

    یہ 27 ممالک ان 101 ممالک کا حصہ ہیں جنھیں عالمی بینک کے ہنگامی مالیاتی نظام کی کسی نہ کسی شکل تک رسائی حاصل ہے۔

    عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ بحران سے نمٹنے کے لیے ادارہ مختلف ممالک کو 20 سے 25 ارب ڈالرز کی فنانسنگ تک رسائی فراہم کرے گا۔

    اُنھوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک اپنے کچھ منصوبوں کو دوبارہ ترجیح دے کر چھ ماہ کے اندر اس تعداد کو 60 بلین ڈالر اور طویل مدت میں تقریباً 100 بلین ڈالر تک بڑھا سکتا ہے۔

    دوسری جانب آئی ایم کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسالینا جیورجیا کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کی وجہ سے اُنھیں تقریباً 12 ممالک کی جانب سے 20 ارب سے 50 ارب ڈالرز کی امداد کی درخواست کی توقع ہے۔ لیکن معاملے سے واقف تین ذرائع کے مطابق، ابھی تک چند درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

  16. سی ٹی ڈی کا پشین میں چار مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع پشین میں انسدادِ دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک کارروائی میں چار مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر یہ کاروائی ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ شدت پسندوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چار شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

    ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی لاشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی ہیں۔

  17. اسرائیل کی جنوبی لبنان کے شہر طائر کے دو علاقوں سے شہریوں کو نکلنے کی ہدایت

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images

    اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر طائر کے دو علاقوں کے رہائشیوں کے لیے ’انخلا کا حکم‘ جاری کیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان نے فوج کے اکاؤنٹ پر دو عمارتوں اور آس پاس کے رہائشیوں کو وہاں سے نکل جانے کا کہا اور کہا کہ فوجی آپریشن جلد شروع ہو جائے گا۔

    اسرائیلی فوج نے جن عمارتوں کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے ان میں سے ایک طائر کے مصروف علاقے کے بالکل قریب واقع ہے۔

    اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حزب اللہ دونوں عمارتوں کو استعمال کرتی ہے۔

    اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے باوجود طائر شہر کو بارہا اسرائیلی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

    آج طائر شہر میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے۔

    ادھر حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر ڈرون سے حملہ کیا ہے تاہم ابھی تک ممکنہ جانی نقصان کی کوئی رپورٹ جاری نہیں کی گئی ہے۔

  18. سفارتکاری کے دوران بھی امریکہ ممکنہ طور پر ایران پر نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے: امریکی ٹی وی

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ سفارتی کوششوں کے دوران بھی امریکہ ایران پر نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔

    سی بی ایس نیوز کے مطابق، منصوبہ بندی سے آگاہ ذرائع نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ جمعہ کو نئے حملوں کی تیاری کر رہی تھی، تاہم جمعہ کی شام تک حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔

    صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اعلان کیا کہ ’حکومتی معاملات‘ انھیں سنیچر کے روز اپنے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت سے روکیں گے۔

    وہ ویک اینڈ نیو جرسی میں اپنے گولف ریزورٹ میں گزارنے والے تھے، لیکن اب وہ وائٹ ہاؤس واپس آ رہے ہیں۔

    کئی ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکی فوج اور انٹیلی جنس کمیونٹی کے کچھ ارکان نے اپنے تعطیلات کے منصوبے منسوخ کر دیے ہیں، یہ اقدام نئے حملوں کے امکان کے پیش نظر اٹھایا گیا تھا۔

    ان ذرائع کے مطابق امریکی دفاعی اور انٹیلی جنس حکام خطے میں امریکی فوجی موجودگی کو کم کرنے کی کوششوں اور ممکنہ ایرانی ردعمل کے خدشات کے تحت مشرق وسطیٰ میں تعینات کچھ افواج کے انخلا کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اڈوں پر سٹینڈ بائی پر موجود فوجیوں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کر رہے ہیں۔

    اپریل کے اوائل میں عارضی جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے، ایران اور امریکہ نے بڑے پیمانے پر ایک دوسرے پر براہ راست حملہ کرنے سے گریز کیا ہے، جس سے طویل مدتی معاہدے پر بالواسطہ بات چیت کے لیے وقت دیا گیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے سی بی ایس کو بتایا کہ ’ٹرمپ نے اپنی سرخ لکیریں بالکل واضح کر دی ہیں کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہیے اور وہ اپنی افزودہ یورینیم کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔‘

  19. کوئٹہ کے قریب نامعلوم افراد کے حملے میں دو سرکاری اہلکار ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو/کوئٹہ

    بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو سرکاری اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    دونوں اہلکار، جو آپس میں سگے بھائی تھے، کو نامعلوم مسلح افراد نے جمعہ کی شام ضلع مستونگ کے علاقے غنجہ ڈوری میں نشانہ بنایا۔

    سرکاری حکام کے مطابق مارے جانے والے افراد کی شناخت فنانس آفیسر فرید اللہ شاہ اور ان کے بھائی انعام اللہ شاہ کے ناموں سے ہوئی۔ انعام اللہ شاہ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے ملازم تھے۔

    اس حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔

    دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔

    دریں اثنا بلوچستان کے ضلع پشین میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ایک کارروائی میں حکام کے مطابق چار مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر یہ کارروائی ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ شدت پسندوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چار شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

    ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

    ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی لاشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا۔

    تاحال ان افراد کی ہلاکت اور کسی کالعدم تنظیم سے تعلق کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

  20. پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی

    پاکستان میں پیٹرول

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستانی حکومت نے عید الاضحیٰ سے کچھ روز قبل پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے کی کمی کا اعلان کیا ہے۔

    وزارت توانائی میں پیٹرولیئم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر چھ روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر 6 روپے 80 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔

    اس کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 403 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    گذشتہ ہفتے پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پانچ، پانچ روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔