ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات مسلسل جاری، وقت آ گیا ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے معاہدہ کیا جائے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات معطل ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت مسلسل جاری ہے۔ انھوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ معاہدہ کرے اور کہا کہ یہ صورتحال مزید جاری نہیں رہ سکتی۔

خلاصہ

  • ایران کے ساتھ معاہدہ ممکنہ طور پر اگلے ہفتے طے پا جائے گا: ٹرمپ
  • اسرائیل اور حزب اللہ کی جانب سے امریکہ کا جزوی جنگ بندی منصوبہ قبول کرنے کے باوجود لبنان میں جھڑپیں جاری
  • اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا اجلاس، لبنان میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی پر اظہار تشویش
  • روس کے یوکرین میں کئی شہروں پر بڑے حملے

لائیو کوریج

  1. ایران نے عراقی کردستان میں واقع پارٹی کے ہیڈکوارٹر پر دو میزائل داغے: کوملہ ژامشکان پارٹی کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ،تصویر کا کیپشنعراق میں اسی سال 15 اپریل کو بھی ایرانی کرد جماعت کوملہ ژامشکان پارٹی کے کردستان میں واقع سورداش کیمپ پر ایران کی جانب سے ڈرون حملے کیے گئے تھے

    ایرانی کرد جماعت کوملہ ژامشکان پارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے گزشتہ شب مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے عراقی کردستان میں واقع پارٹی کے مرکزی ہیڈکوارٹر پر دو میزائل حملے کیے۔

    پارٹی کے رہنما امجد حسین پناہی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان حملوں میں خالدان کے علاقے میں واقع آلانہ وادی میں پارٹی کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسلامی جمہوریہ ایران عراقی کردستان میں موجود اس ایرانی کرد جماعت کے ٹھکانوں پر 81 سے زائد میزائل اور ڈرون حملے کر چکا ہے۔

    دوسری جانب اربیل میں قائم ایک اور ایرانی کرد تنظیم، کردستان فریڈم پارٹی نے بھی اعلان کیا ہے کہ گزشتہ روز علی الصبح ایران کا ایک میزائل شہر کے قریب واقع اس کے ایک اڈے سے ٹکرایا۔

    پارٹی کے ترجمان کے مطابق ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے آغاز کے بعد سے ان کی جماعت کے ٹھکانوں پر 50 سے 60 مرتبہ حملے کیے جا چکے ہیں۔

    ان دعوؤں کے حوالے سے ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

    واضح رہے کہ ایرانی کرد جماعت کوملہ ژامشکان پارٹی ایران کی ایک کرد سیاسی و مسلح تنظیم ہے جو کئی دہائیوں سے ایران کے کرد علاقوں میں سیاسی حقوق، خودمختاری اور سماجی آزادیوں کے مطالبات کرتی رہی ہے۔

    یہ تنظیم ایران کے اندر ممنوع ہے، اس لیے اس کی مرکزی قیادت اور کیمپ زیادہ تر عراقی کردستان میں موجود ہوتے ہیں۔

  2. رہبرِ اعلی کے جانشین کے انتخاب میں مجتبیٰ خامنہ ای کا نام ابتدائی فہرست میں شامل نہیں تھا: مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن کا دعویٰ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کی مجلسِ خبرگان رہبری کے ایک رکن نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ جب مجلسِ خبرگان کے اراکین نے آیت اللہ علی خامنہ ای کے ممکنہ جانشین کے انتخاب کے لیے اجلاس منعقد کیا تو مجتبیٰ خامنہ ای کا نام ابتدائی امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں تھا۔

    صوبہ خوزستان سے مجلسِ خبرگان کے نمائندے محسن حیدری آلکثیر نے گزشتہ ہفتے صوبے کے عرب قبائل کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس روز مجلسِ خبرگان کے اراکین کو سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت بسوں کے ذریعے جلدی میں اجلاس کے مقام تک پہنچایا گیا تھا۔

    ان کے مطابق اجلاس میں ابتدا میں آیت اللہ صادق لاریجانی اور آیت اللہ علیرضا اعرافی کے نام آیت اللہ علی خامنہ ای کے ممکنہ جانشینوں کے طور پر پیش کیے گئے۔

    BBC PERSIAN

    ،تصویر کا ذریعہBBC PERSIAN

    ،تصویر کا کیپشنصوبہ خوزستان سے مجلسِ خبرگان کے نمائندے محسن حیدری آلکثیر

    محسن حیدری آلکثیر کا کہنا تھا کہ جب انھوں نے اور بعض دیگر نمائندوں نے اس پر اعتراض کیا تو بعد ازاں مجتبیٰ خامنہ ای کا نام بھی زیرِ غور امیدواروں میں شامل کیا گیا۔

    انھوں نے اپنے خطاب میں گزشتہ سال آٹھ مارچ کو ہونے والے مجلسِ خبرگان کے اس اہم اجلاس کی تفصیلات بیان کیں، جسے انھوں نے ایرانی قیادت کے مستقبل کے حوالے سے ایک فیصلہ کن اور تاریخی نشست قرار دیا۔

  3. ایرانی حکام کی صدر مسعود پزشکیان کے استعفے کی خبروں کی سختی سے تردید

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کے متعدد سرکاری عہدیداروں، جن میں حکومتی ترجمان بھی شامل ہیں نے صدر مسعود پزشکیان کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انھیں ’مایوسی پھیلانے کے مترادف اور جھوٹی اطلاعات‘ قرار دیا ہے۔

    حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی، صدر پزشکیان کی حکومت کی اطلاعاتی کونسل کے ارکان الیاس حضرتی اور علی احمدنیا نے الگ الگ بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹس میں صدر کی مسلسل سرکاری سرگرمیوں اور ملک کے مسائل کے حل کے لیے ان کی کوششوں کا حوالہ دیا۔

    دوسری جانب ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے اتوار کے روز متعدد ویڈیو رپورٹس جاری کیں، جن میں صدر مسعود پزشکیان کو مختلف داخلی تقریبات میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ان رپورٹس میں صحافیوں سے ان کی گفتگو بھی شامل ہے، جس میں انھوں نے سنہ 2026 کے فٹبال ورلڈ کپ سمیت مختلف امور پر اظہارِ خیال کیا۔

    ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ صدر اپنے فرائض معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں اور استعفے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    واضح رہے کہ ایرانی خبر رساں ادارے ’ایران انٹرنیشنل‘ کی جانب سے سب سے پہلے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر دی گئی تھی کے ایرانی صدر نے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے حکومتی معاملات میں مداخلت کی بنیاد پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ جس کے بعد دُنیا بھر بشمول امریکی میڈیا کے متعدد خبر رساں اداروں کی جانب سے جاری کیا گیا تھا اور اس پر ایک بحث شروع ہو گئی تھی۔

  4. ٹرمپ کا ایران معاہدے میں آبنائے ہرمز اور افزودہ یورینیم سے متعلق تبدیلیوں کا مطالبہ

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے میں بعض ترامیم کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کا مقصد رواں سال کے آغاز میں شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مجوزہ تبدیلیاں آبنائے ہرمز اور ایران کے اعلیٰ سطح پر افزودہ یورینیم کے انخلا سے متعلق ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے مزید تبصرہ کرنے سے گُریز کیا ہے۔

    تاہم ایرانی چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے اتوار کے روز کہا کہ تہران کسی ایسے معاہدے پر رضامند نہیں ہوگا جس میں ایران کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی نہ بنایا گیا ہو۔

    صدر ٹرمپ اور ان کے سینئر معاونین نے جمعہ کے روز ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے لیے ایک فریم ورک پر ’حتمی فیصلہ‘ کرنے کے مقصد سے اجلاس منعقد کیا، تاہم ملاقات کسی واضح نتیجے یا آئندہ کے لائحۂ عمل کے بغیر ختم ہوگئی۔

    معاہدے کے تازہ ترین مسودے میں 60 روزہ جنگ بندی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی بحالی کے لیے ایک فریم ورک شامل ہے۔ یہ تفصیلات امریکہ میں بی بی سی کے شراکت دار خبر رساں ادارے سی بی ایس نیوز نے رپورٹ کی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اگر سفارتی پیش رفت جاری رہتی ہے تو معاہدے میں ایران کے لیے ممکنہ پابندیوں میں نرمی بھی شامل ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں تہران کو منجمد کیے گئے اربوں ڈالر کے اثاثوں تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔

    اتوار کو سامنے آنے والی یہ نئی ترامیم وائٹ ہاؤس اور تہران کے درمیان جاری کئی روزہ مذاکرات کا تازہ ترین مرحلہ ہیں، جن کا مقصد مہینوں سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے ایک جامع معاہدے کی بنیاد رکھنا ہے۔

    یاد رہے کہ جمعرات کو امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں ممالک ایک ابتدائی فریم ورک، جسے مفاہمتی یادداشت کہا جاتا ہے پر متفق ہو چکے ہیں تاہم اس کی حتمی منظوری صدر ٹرمپ اور ایرانی قیادت کی منظوری سے مشروط ہے۔

  5. امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت اور پیغامات کا تبادلہ اب بھی جاری: عباس عراقچی

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت اور پیغامات کا تبادلہ اب بھی جاری ہے اور جب تک کسی واضح نتیجے پر نہیں پہنچ جاتے اس کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔

    ایرانی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے پاکستان کی ثالثی سے جنگ کے خاتمے کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان مسلسل پیغامات کے تبادلے کا حوالہ دیا اور کہا کہ جب تک یہ اقدامات کسی خاص نتیجے تک نہیں پہنچ جاتے، اس حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیاں غیر متعلق ہیں۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق انھوں نے مزید کہا کہ ’مذاکرات کے بارے میں اس وقت میڈیا میں جو کچھ بھی زیر بحث ہے، وہ قیاس آرائیاں ہیں، اور میری رائے میں ان قیاس آرائیوں کو اس وقت تک اہمیت نہیں دی جانی چاہیے جب تک کہ معاملات یقینی کے مرحلے تک نہ پہنچ جائیں۔‘

  6. گذشتہ روز کی چند اہم خبریں

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    گذشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

    • اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ جنوبی لبنان میں بیفورٹ قلعے پر قبضہ حزب اللہ کے خلاف مہم میں ایک ’اہم موڑ‘ ہے۔ انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، ’آج ہم ایک مختلف انداز میں بیفورٹ واپس آئے ہیں، ہم متحد، پرعزم اور پہلے سے زیادہ مضبوط واپس آئے ہیں۔‘
    • پاکستان کے وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں بھی ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن سبسڈی یا رعایت کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایسے صارفین کے میٹرز کو کیو آر کوڈ سے منسلک کیا جائے گا۔
    • لبنان کی وزارت صحت کے مطابق جنوبی لبنان کے شہر طائر میں ایک ہسپتال کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں طبی عملے کے 13 ارکان زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی لبنانی سرزمین میں پیش قدمی جاری ہے۔
    • پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق کمانڈر حسین علائی کا کہنا ہے کہ 29 مارچ کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے سے تین دن پہلے انھوں نے علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی سے کہا تھا کہ ایران پر نیا حملہ رہبر اعلیٰ کے قتل سے شروع ہو گا، لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ رہبر انقلاب کو نہیں ڈھونڈ سکتے۔
  7. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔