ایرانی وزیرِ داخلہ کی دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد آمد

،تصویر کا ذریعہIRNA
ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی اپنے پاکستانی ہم منصب سید محسن نقوی کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر پیر کے روز اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرحدی سلامتی اور زرعی تعاون کے فروغ پر بات چیت کریں گے۔
نور خان ایئربیس پر وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایرانی وزیرِ داخلہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
ایرانی وفد میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، وزارتِ شہری ترقی، وزارتِ زراعت، ایران کی قانون نافذ کرنے والی فورس اور کسٹمز انتظامیہ کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
ایرانی وزارتِ داخلہ کے مطابق وفد میں وزارتِ پیٹرولیم، صنعت، معیشت و خزانہ کے نمائندے اور صوبہ سیستان و بلوچستان کے سینئر حکام بھی شامل ہیں۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، سرحدی تعاون کو مضبوط بنانے، اقتصادی، ٹرانزٹ اور زرعی شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
یہ دورہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اس ہدایت کے تحت کیا جا رہا ہے جس میں ایران اور پاکستان کے درمیان سالانہ تجارتی حجم کو تین ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔






















