آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں، پاکستان مخلص ثالث اور سہولت کار کا کردار جاری رکھے گا: وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی وزیر داخلہ سے گفتگو

ایران کے وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ قطر نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو بھیجے گئے خطوط میں اپنی سرزمین پر ہونے والے حملوں کی مکمل قانونی ذمہ داری ایران پر عائد کرتے ہوئے تمام نقصانات کے ازالے کے لیے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خلاصہ

  • انڈیا میں پولیس کریک ڈاؤن کے ایک دن بعد بھی کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج جاری
  • خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ سے 12 افراد ہلاک، 18 زخمی
  • پاکستان اور ایران میں تجارت بڑھا کر 10 ارب ڈالرز تک لے جانی چاہیے: ایرانی وزیر داخلہ
  • نئے برطانوی وزیر اعظم سے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی پر بات کی: ٹرمپ
  • امریکہ کا ایران پر مزید حملے کرنے کا دعویٰ، جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں امریکہ کے میزائل نظام اور متعدد ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اردن میں امریکی ایف 15 طیارہ تباہ کر دیا ہے
  • اس ماہ ایرانی حملوں میں تقریباً 100 امریکی فوجی اہلکار زخمی ہوئے: پینٹاگون

لائیو کوریج

  1. آبنائے ہرمز کے جنوب میں دو آئل ٹینکرز میں ’دھماکے‘ ہوئے ہیں: پاسداران انقلاب

    ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوب میں دو آئل ٹینکرز میں ’دھماکے‘ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل خلیج فارس میں عمان کے ساحل کے قریب ایک جہاز میں آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

    پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوب میں واقع غیر محفوظ اور خطرناک راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے والے دو آئل ٹینکرز میں ’دھماکے ہوئے ہیں اور وہ اپنی نقل و حرکت جاری نہ رکھ سکے۔‘ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ان ٹینکروں کو امریکہ نے یہ غیر محفوظ راستہ اپنانے پر ’اکسایا اور مجبور کیا تھا‘۔

    پاسدارانِ انقلاب نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ جب تک ’خطے میں امریکی شر انگیزیاں‘ جاری رہیں گی، ’یہ گزرگاہ کیمیائی کھادوں اور حتیٰ کہ تیل اور گیس کے ایک قطرے کی ترسیل کے لیے بھی محفوظ نہیں ہو گی۔‘

    عمان نے 23 جون کو اعلان کیا تھا کہ اس نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے تعاون سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے ایک عارضی راہداری قائم کی ہے۔ تاہم ایران کا کہنا ہے کہ یہ راستہ اس کے لیے قابلِ قبول نہیں اور تمام جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کے ساتھ پیشگی رابطہ کرنا اور ایران کی جانب سے مقرر کردہ راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

    اس سے قبل پیر کی علی الصبح برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا تھا کہ اسے عمان کے نزدیک خلیج فارس کے ساحل پر واقع بندرگاہ کمزار سے آٹھ سمندری میل کے فاصلے پر ایک جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

  2. مسلسل نویں رات امریکہ کے ایران پر حملے: تبریز، چابہار اور بوشہر سمیت مختلف علاقوں سے دھماکوں کی اطلاعات

    پیر کی صبح امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کی جانب سے مسلسل نویں روز ایران پر حملوں کے دعوے کے ساتھ ہی ایران کے مختلف علاقوں بشمول تبریز، صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک، چابہار اور بوشہر سے میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے تبریز سے خبر دی ہے کہ شہر کے مغربی حصے کی جانب سے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہے۔

    تبریز سے ہولناک آتش زدگی کے مناظر کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے اب تک اس واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

    بعض غیر سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تبریز میں میزائل اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان اڈوں کو اس سے پہلے ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے گذشتہ مرحلے میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

    دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے مقامی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ چابہار اور کنارک میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    وحید آن لائن نامی ایک بلاگر نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ صوبہ بوشہر کے شہر خورموج میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کی جانب سے ان حملوں کے مقامات کے بارے میں نے تاحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

  3. گذشتہ رات ایران پر کیے جانے والے حملے ہمارے تین فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

    آمریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات ایران پر کیے جانے والے حملے ہمارے تین فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ تھے۔

    فیفا ورلڈ کپ فائنل کے بعد واشنگٹن ڈی سی روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ ’عسکری لحاظ سے انھوں نے تقریباً سب کچھ کھو دیا ہے۔‘

    ٹرمپ نے کہا کہ ’ان کے پاس کچھ میزائل ہیں، ان کے پاس کچھ ڈرون ہیں، ان کے پاس کچھ پیداواری صلاحیت موجود ہے، لیکن یہ زیادہ نہیں۔‘

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر اب امریکہ کا کنٹرول ہے۔ امریکی صدر نے ایران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ کسی چیز پر کنٹرول نہیں رکھتے۔‘

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے آج رات پھر انھیں بہت سخت نشانہ بنایا، اور ہم نے یہ ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجیوں کے اعزاز میں کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم اس وقت جو کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم ان کے جوہری میزائل حاصل کرنے کے کسی بھی امکان کا خاتمہ کر رہے ہیں۔‘

    اس سے قبل امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’مشرقی امریکی وقت کے مطابق شام سات بجے (پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی صبح چار بجے) ایران کے خلاف حملوں کی ایک نئی لہر شروع کی، اور یہ مسلسل نویں رات ہے جب یہ حملے کیے جا رہے ہیں۔‘

    سینٹکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے ایران کی اُن عسکری صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنے کے لیے جاری رہیں گے جو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں پر حملوں میں استعمال ہوتی ہیں۔

  4. عراق میں ایرانی حملے کے بعد ایک امریکی فوجی اہلکار ہلاک، ایک زخمی

    امریکی فوج کا کہنا ہے کہ سنیچر کے روز شمالی عراق میں ایرانی حملے کے بعد ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ اردن میں ایک فوجی اڈے پر حملے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور ایک کے لاپتا ہونے کے ایک روز بعد پیش آیا ہے۔

    امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ امریکی اہلکار ایرانی حملہ آور ڈرون کے ملبے سے ملنے والے ایک نہ پھٹے ہوئے دھماکا خیز مواد کو ’کنٹرولڈ دھماکے‘ کے ذریعے ناکارہ بناتے ہوئے ہلاک ہوا۔ اس واقعے میں ایک اور فوجی اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔

    سینٹکام کی جانب سے جاری ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز اردن میں ہونے والے حملے کی جگہ کی تلاشی کے دوران ’نامعلوم انسانی باقیات‘ ملی ہیں۔ سینٹکام کا کہنا ہے کہ ان باقیات کی شناخت کے لیے جانچ کا عمل جاری ہے۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان حملوں اور جوابی حملوں کا سلسلہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

    حالیہ دنوں میں دونوں فریقوں پر شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    امریکی فوج نے کہا کہ اس کے تازہ حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو کمزور کرنا اور اردن حملے میں ملوث پاسدارانِ انقلاب کی ان فورسز کو ’فوری سزا‘ دینا تھا۔

    اردن میں واقع اڈے سے حاصل ہونے والی تصدیق شدہ ویڈیو میں کم از کم دو حملوں کے اثرات اور ایک دھماکا دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس ماہ کے آغاز میں لاپتا ہونے والے امریکی بحریہ کے ایک پائلٹ کو مردہ قرار دیے جانے کے بعد اس تنازع میں اب تک ہلاک ہونے والے امریکیوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

    دوسری جانب ایران کی وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ تین ہفتوں کے دوران امریکی حملوں میں کم از کم 50 افراد ہلاک اور 500 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

  5. قطری امیر اور عراقی وزیراعظم کی ملاقات، امریکہ ایران مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کا مطالبہ

    قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اتوار کے روز دوحہ میں عراق کے وزیراعظم علی زیدی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور امریکہ و ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    قطری امیر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ مذاکراتی عمل کی پاسداری کریں اور امریکہ و ایران کے درمیان طے شدہ مفاہمتی یادداشت کی شقوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

    ملاقات میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی برقرار رکھنے اور خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

  6. اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان میں کارروائیاں، ہارس پر ’ساؤنڈ بم‘ جبکہ متعدد علاقوں پر گولہ باری

    لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے ہارس پر ایک ساؤنڈ بم گرایا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبوں شمع، مجدل زون اور بیوت الصیاد بھی اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کی زد میں آئے۔

    تاحال ان کارروائیوں کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی سرکاری تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بھی اس حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

  7. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایران کے علاقے ڈارخوین میں زیرِ تعمیر مجوزہ جوہری بجلی گھر کی تعمیراتی سائٹ پر رات گئے ہونے والے مبینہ حملے کی رپورٹس کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
    • امریکی فوج کی مرکزی کمان (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ اس نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کمانڈر اِن چیف یعنی امریکی صدر کی ہدایت پر اردن میں امریکی فوجیوں پر حملے میں ملوث پاسدارانِ انقلاب کی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔
    • امریکی محکمہ خارجہ (سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ) نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سلامتی کی صورتِ حال کو بدستور پیچیدہ قرار دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کی حامی گروہ دنیا بھر میں امریکی مفادات اور شہریوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
    • روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیئو پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملے کیے جن میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 14 افراد زخمی ہو گئے۔
    • عراق کے وزیرِ تیل باسم محمد خضیر کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت بصرہ سے کرکوک اور وہاں سے ترکی کی بندرگاہ جیہان اور شام کی بندرگاہ بانیاس تک تیل کی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا جائزہ لے رہی ہے۔
    • ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت کے لیے تجویز کیے گئے جنوبی راستے کو ’کسی بھی صورت‘ قبول نہیں کرے گا اور اس آبی گذرگاہ پر اپنی خودمختاری کا ’ہر قیمت پر‘ دفاع کرے گا۔
  8. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان، ایران، مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔